کراچی: شہر قائد میں امریکی اور ایرانی قونصل خانوں کی سیکورٹی کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے پیش نظر کراچی سمیت سندھ میں سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے، محکمہ داخلہ سندھ نے امریکی و ایرانی قونصل خانوں کے تحفظ کے لیے پولیس، رینجرز اور دیگر اداروں کو خط لکھ دیا۔
ایرانی جنرل پر امریکی حملے کے خلاف کراچی میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر امریکی قونصلیٹ جانے والے راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں، پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی، ایم ٹی خان روڈ، مائی کولاچی روڈ، ایوان صدر اور ضیا الدین روڈ عام ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی، جب کہ ٹاور سے بوٹ بیسن جانے والوں کو آئی آئی چندریگر روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایران نے مسجد کے گنبد پر سرخ جھنڈا لہرا دیا، امریکا ایران جنگ خطرہ بڑھ گیا
خیال رہے کہ مذہبی جماعت نے کراچی پریس کلب پر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کے خلاف ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا نے عراق کے شہر بغداد میں ایک ڈرون راکٹ حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کر دیا تھا، جس کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے، امریکی صدر نے آج ایران کو بڑے حملے کی دھمکی بھی دے دی ہے۔