Tag: امریکی لائبریری

  • 74 سال بعد کتاب لائبریری لوٹ گئی

    74 سال بعد کتاب لائبریری لوٹ گئی

    کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا کی خاتون نے 74 سال بعد والدہ کی لی گئی کتاب لائبریری انتظامیہ کو واپس لوٹا دی، سات دہائیوں بعد ملنے والی کتاب کو دیکھ کر عملہ بھی حیران رہ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا میں واقع برکیلی پبلک لائبریری کا عملہ اس وقت ورطہ حیرت میں مبتلا ہوا جب ایک خاتون وہ کتاب واپس کرنے پہنچ گئی جو 1945 میں ان کی والدہ نے حاصل کی تھی اور پر واپس کی تاریخ‌ اسی سال 10 ستمبر کی درج تھی۔

    دُرہم نامی خاتون نے بتایا کہ تعلیم سے فراغت کے بعد وہ گھر کی صفائی کررہی تھیں کہ اس دوران انہیں مصنف سر والٹر اسکاٹس کی کتاب’لیڈی آف دی لیک‘ملی جسے کھولنے پر معلوم ہوا کہ یہ کتاب 74 سال قبل ان کی والدہ نے برکیلی پبلک لائبریری سے حاصل کی تھی اور واپس کرنا بھول گئی تھی۔

    خاتون نے بتایا کہ وہ بلا کسی خوف و خطر اور جرمانے کی پرواہ کیے بغیر لائبریئری آئیں اور کتاب واپس کردی۔ سات دہائیوں بعد ملنے والی کتاب کو دیکھ کر عملہ بھی حیران رہ گیا اور ان کی حیرت میں اس وقت مزید اضافہ ہوگیا جب پوری کتاب کی پڑتال کرنے بعد پتہ چلا کہ کتاب کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا بلکہ وہ اپنی اصلی حالت میں موجود ہے۔

    برکیلی پبلک لائبریری کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ سال تاخیر سے کتاب واپسی پر ہونے والے جرمانے کو ختم کردیا ہے تاکہ لوگ بلا جھجک برسوں پرانی کتابیں انہیں واپس کردیں۔

  • کراچی میں امریکی لائبریری’ لنکن کارنر‘ کا افتتاح

    کراچی میں امریکی لائبریری’ لنکن کارنر‘ کا افتتاح

    کراچی: امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے پاکستان امریکن کلچرل سینٹر (PACC)میں نئی امریکی لائبریری ’لنکن کارنر‘کا افتتاح کیا۔

    اس موقع پر PACCکے صدر فہیم من والا،ایگزیکٹوڈائریکٹرارشد ندیم اورثقافتی پروگرام ڈائریکٹرناصر سلیم بھی موجود تھے، امریکی قونصل خانے کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ مارک کینڈرک اور ثقافتی اتاشی لی پنگ لونے بھی تقریب میں شرکت کی۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل برائن ہیتھ نے کہا کہ PACCمیں قائم ہونے والی لنکن کارنر لائبریری کا افتتاح پاکستانی عوام کے ساتھ امریکی حکومت کے تعلق کو مزید مستحکم کرے گا۔اس لائبریری کے ذریعے پاکستانی عوام امریکی ثقافت اور معاشرت کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ امریکا میں تعلیم اور امریکی تبادلہ پروگراموں کے بارے میںبھی جان سکیں گے۔

    برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ لنکن کارنر لائبریری میں آنے والے افرادکو محفوظ اور صاف ستھرے ماحول میں جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔یہاں آنے والے افرادنا صرف کتابیں،جرائداور فلمیں حاصل کرسکیں گےبلکہ مفت کمپیوٹر اور وائی فائی بھی استعمال کر سکیںگے۔

    قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ہر عمر کے طلبا، اساتذہ اور معاشرے کے دیگر طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد لنکن کارنر آسکتے ہیںاورتمام سہولیات سے مفت استفادہ کر سکتےہیں۔

    PACCمیں لنکن کارنر لائبریری کے باقاعدہ آغاز سے پہلےہی یہاں دو کامیاب پروگرام منعقد کیے جا چکے ہیں جبکہ اس مہینے کے آخر میں گرافک ڈیزائننگ کے بارے میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا۔

    ’لنکن کارنر ز‘لائبریریاں امریکا کے 16ویں صدر ابراہم لنکن کے نام سے منسوب ہیں اور امریکا کے بارے میں مستند معلومات کا اہم ذریعہ ہیں۔دنیا بھر میں اس وقت700’لنکن کارنر ز‘ قائم ہیں جبکہ پاکستان میں ان کی تعداد 20ہے۔صوبہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، خیرپور اور لاڑکانہ میں یہ لائبریریاں موجود ہیں، طلبا اور اساتذہ ان لائبریریوں میں موجود سہولیات سےمفت فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔