اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے کامیاب دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زادد کے دورے پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، امریکی سفارت خانے کے مطابق زلمے خلیل زاد نے 17 سے 20 جنوری تک پاکستان کا دورہ کیا۔
ترجمان امریکی سفارت خانہ نے کہا کہ یہ دورہ دسمبر میں کیے گئے دورہ پاکستان کا تسلسل تھا، زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
اعلامیہ کے مطابق زلمے خلیل زاد نے سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، سفارتی عملے سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ترجمان امریکی سفارت خانہ کے مطابق دونوں جانب سے افغان امن عمل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن سے خطے کے ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔
مزید پڑھیں: واضح کرنا چاہتا ہوں امریکا صرف امن چاہتا ہے: زلمے خلیل زاد کا ٹویٹ
واضح رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا گزشتہ روز اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ امریکا صرف امن چاہتا ہے، لوگوں کو اس حوالے سے تحفظات ہیں کہ امریکا ایک طرف افغانستان میں لڑنا بھی چاہتا ہے اور دوسری طرف مذاکرات بھی کرنا چاہتا ہے مگر ایسا نہیں ہے۔
امریکی نمائندہ خصوصی نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ امریکا صرف امن چاہتا ہے، امن کے قیام کے لیے تمام افغانیوں کے تحفظات دیکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں تمام فریقین، افغانستان کی آزادی اور خود مختاری اور خطے کی ریاستوں کے مفادات کا خیال رکھا جائے گا۔