Tag: امریکی نژاد

  • امریکی شہریت کا معلوم ہوتے ہی کراچی پولیس نے اقدام قتل کے مبینہ ملزم کو چھوڑ دیا

    امریکی شہریت کا معلوم ہوتے ہی کراچی پولیس نے اقدام قتل کے مبینہ ملزم کو چھوڑ دیا

    کراچی: شہر قائد میں پولیس کے دہرے معیار کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، مبینہ طور پر امریکی شہریت کا معلوم ہوتے ہی کراچی پولیس نے اقدام قتل کے ملزم کو چھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس میں مقامی اور غیر ملکی شہریت رکھنے والوں کے لیے سزا اور جزا کے معاملے پر دہرا معیار سامنے آ گیا ہے، درخشاں پولیس نے مبینہ اقدام قتل کا ملزم پکڑا، لاک اپ کیا اور پھر چھوڑ دیا۔

    ملزم کون تھا؟ بغیر قانونی کارروائی کیسے چھوڑ دیا گیا؟ اے آر وائی نیوز نے مصدقہ تفصیلات حاصل کر لی ہیں، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات ڈیفنس خیابان شہباز میں واٹر ٹینکر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں مبینہ پاکستانی نژاد امریکی شہری نے ٹینکر ڈرائیور پر گولیاں چلائیں۔

    ایک گولی ٹرک کے دروازے اور دوسری ٹائر پر لگی تھی، اور خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی زخمی یا جانی نقصان نہیں ہوا، جب ٹرک ڈرائیور کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی تو درخشاں پولیس نے با اثر شخصیت دیکھ کر معاملہ ہی دبا دیا۔

    ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم کی فیملی امریکی شہریت رکھتی ہے، اور فائرنگ کرنے والے نوجوان کی عمر 22 سال معلوم ہوئی ہے، پولیس نے ملزم کو لاک اپ سے نکال کر پستول بھی حوالے کر دی تھی۔

  • سنتھیا رچی نے ہوش میں آ کر سنسنی خیز بیان دے دیا

    سنتھیا رچی نے ہوش میں آ کر سنسنی خیز بیان دے دیا

    اسلام آباد: امریکی نژاد سنتھیا رچی نے ہوش میں آ کر سنسنی خیز بیان دے دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ دو بھارتی شہریوں نے انھیں نشہ آور چیز دی تھی۔

    ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ایک فلیٹ میں مقیم امریکی نژاد فلم ساز اور بلاگر سنتھیا رچی نے ہوش میں آنے کے بعد پولیس کو بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سنتھیا نے بتایا دو بھارتی شہری ان کے اپارٹمنٹ میں آئے تھے، انھوں نے کہا کہ میں پاکستان میں کام نہ کروں، اس کے بعد بھارتی شہریوں نے انھیں کوئی نشہ آور چیز دی۔

    ادھر پولی کلینک کے ذرائع نے بتایا کہ سنتھیا رچی کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، انھیں آج دوپہر بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سنتھیا کی حالت تسلی بخش ہے تاہم غنودگی طاری ہے۔

    امریکی نژاد سنتھیا رچی فلیٹ میں‌ پُراسرار طور پر بے ہوش

    ذرائع پولی کلینک کے مطابق ڈاکٹرز کی تجویز پر سنتھیا رچی کے ابتدائی ٹیسٹ کر لیےگئے ہیں، ٹیسٹ رپورٹس کی بنیاد پر گھر بھجوانے کا فیصلہ ہوگا، ڈاکٹرز نے سنتھیا کی ٹاکسیکالوجی کرانے کا بھی فیصلہ کیا تھا، جس میں زہر کی تصدیق کی جائے گی، اس مقصد کے لیے ڈاکٹرز نے سیمپلز بھی حاصل کیے، جو فرانزک ایجنسی لاہور بھجوائے جائیں گے۔

    قبل ازیں، آج امریکی نژاد سنتھیا ڈان رچی اپنے فلیٹ میں بے ہوش پائی گئی تھیں، پولیس کا کہنا تھا کہ ان کو ہمسائے نے فلیٹ میں بے ہوش پایا، اور انھیں اسپتال پہنچایا۔