Tag: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو

  • شاہ محمود کی امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات: تعلقات از سرِ نو استوار کرنے پر گفتگو

    شاہ محمود کی امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات: تعلقات از سرِ نو استوار کرنے پر گفتگو

    واشنگٹن: وفاقی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو از سرِ نو استوار کرنے کے سلسلے میں گفتگو کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ میں شاہ محمود قریشی اور ان کے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خطے کی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    [bs-quote quote=”پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ہونے والی ترقی خود دیکھی: امریکی سینیٹر” style=”style-7″ align=”right” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    امریکی وزیرِ خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو دورے کی دعوت دی تھی، امریکی وزیرِ خارجہ نے بھی ستمبر کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

     

    قبل ازیں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن اور امریکی سینیٹر کوری بوکر سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

    امریکی سینیٹر لینڈ سے گراہم سے ملاقات

    وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹر لینڈ سے گراہم سے بھی واشنگٹن میں ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور افغان صورتِ حال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    امریکی سینیٹر نے اس موقع پر کہا کہ میں جب پچھلی بار پاکستان دورے پر گیا تھا تو خود قبائلی علاقوں میں ترقی کا مشاہدہ کیا، جلد ایک وفد کے ہم راہ پاکستان کا دورہ کروں گا۔


    اے پی ایس اور مستونگ حملوں کے دہشت گردوں کو بھارت کی پشت پناہی حاصل تھی: شاہ محمود قریشی


    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قومی زبان میں‌ خطاب کیا تھا۔ انھوں نے عالمی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے متنازع خاکوں کا مسئلہ اٹھایا۔ وزیرِ خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ایک مختصر ملاقات کی۔

  • آرمی چیف سے امریکی وزیرِ خارجہ کی ملاقات، مل کر کام کرنے پر اتفاق

    آرمی چیف سے امریکی وزیرِ خارجہ کی ملاقات، مل کر کام کرنے پر اتفاق

    اسلام آباد: امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ علیحدہ ملاقات کی، ملاقات میں خطے میں امن کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ کی سربراہی میں امریکی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا، مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ سے علیحدگی میں بھی ملاقات کی، جس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن کے لیے مل کر کام کریں گے۔

    امریکی وزیرِ خارجہ دہشت گردی کے خلاف امریکا کے سب سے اہم پارٹنر پاکستان کے دورے پر آئے تو انھوں نے پاک فوج کے سربراہ سے ملاقات میں دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے ملاقات میں دونوں ممالک کے رشتوں کو مزید استحکام دینے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا عزم بھی کیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  امریکا سےعزت واحترام پرمبنی تعلقات چاہتے ہیں: وزیراعظم عمران خان


    خیال رہے کہ آج وزیرِ اعظم ہاؤس میں عمران خان سے بھی امریکی وزیرِ خارجہ نے ملاقات کی، جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال ہوا۔

    اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پاکستان امریکا سے مل کر قیام امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں، امریکا سےعزت و احترام پرمبنی تعلقات چاہتے ہیں۔

  • امریکا کو ایک پیج پر ہونے کا پیغام دیا گیا: شاہ محمود کی صحافیوں سے گفتگو

    امریکا کو ایک پیج پر ہونے کا پیغام دیا گیا: شاہ محمود کی صحافیوں سے گفتگو

     امریکی سیکریٹری مائیکل رچرڈ پومپیو سے دارالحکومت میں ہونے والی اہم ترین ملاقات سے متعلق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس کے بعد انھوں نے صحافیوں کے ساتھ سوالات کے سیشن میں کہا کہ امریکا کو اس ملاقات کے ذریعے پیغام دیا گیا کہ ’ہم سب ایک پیج پر ہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ امریکی وفد کے ساتھ ملاقات میں آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل خصوصی طور پر شریک ہوئے، اس مشترکہ نشست سے امریکا کو واضح پیغام گیا کہ ہم سب ایک پیج پر ہیں۔ خیال رہے کہ اس ملاقات میں امریکی جنرل جوزف ڈنفورڈ بھی شریک تھے۔

    انھوں نے ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا تعلقات میں تعطل ٹوٹ گیا ہے یہ اچھی پیش رفت ہے، تاہم چیلنجز کا سامنا اب بھی ہے، ہوسکتا ہے کئی معاملات پر ہماری سوچ مختلف ہو، دوسری طرف ہمارے ایک دوسرے کے ساتھ مفادات بھی وابستہ ہیں۔

    [bs-quote quote=”پاک امریکا تعلقات میں تعطل ٹوٹ گیا ہے” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ایک اور صحافی کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے ہی فیصلہ کیا تھا کہ امداد روکنے کا معاملہ زیرِ بحث نہیں لایا جائے گا، ہمارا رشتہ لین دین کا نہیں، خود دار قوموں کی سوچ مختلف ہوتی ہے، ہم اصولوں اور مستقبل کے سمت کی بات کرنا چاہتے تھے اس لحاظ سے یہ نشست مفید رہی، یہ تاثر دیا گیا تھا کہ نئی حکومت کے آنے سے قبل امریکا نے ایک قسط روکی، لیکن 300 ملین ڈالر روکنے کا فیصلہ نئی حکومت سے پہلے کا ہے۔

    ایک اور سوال پر وزیرِ خارجہ نے سارا زور خواہشات پر ڈالتے ہوئے کہا ’آج کی نشست میں سننے، سمجھنے اور آگے بڑھنے کی خواہش تھی، ہماری خواہش ہے کہ آج امریکا کے ساتھ تعلقات کو پُر امن انداز میں آگے بڑھائیں، سیکریٹری پومپیو سے کہا کہ الزام تراشیوں سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، آج کی نشست میں کوئی منفی پہلو دکھائی نہیں دیا۔‘

    [bs-quote quote=”پہلے ہی فیصلہ کیا تھا کہ امداد روکنے کا معاملہ زیرِ بحث نہیں لایا جائے گا” style=”style-7″ align=”right” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    افغانستان کے ساتھ تعلقات کی نزاکت پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کے پاس افغانستان سے ڈائیلاگ کے لیے بنیادی ڈھانچا موجود ہے، مغربی سرحد پر چیلنج سے نمٹنے کے لیے بہت سے اقدامات کیے جا چکے، پاک فوج نے بھی بارڈر مینجمنٹ کے لیے اپنا کردار ادا کیا، امریکا سے کہا مغربی جانب (افغانستان) توجہ دینی ہے تو مشرقی جانب (بھارت) سے ہمیں سہولت درکار ہے۔


    امریکی وفد نے ڈو مور کا کوئی مطالبہ نہیں کیا، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی


    انھوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی ہوتی ہے جس سے معصوم لوگ متاثر ہوتے ہیں، ہم ایل او سی کی صورتِ حال کو نظر انداز نہیں کر سکتے، ہم دیکھیں گے کہ اس کی بہتری کے لیے کون کیا کر سکتا ہے، یہ واضح ہے کہ تالی دو ہاتھوں ہی سے بجتی ہے۔

    [bs-quote quote=”وزیرِ خارجہ شاہ محمود نے امریکا کے ساتھ اختلافات کے خاتمے کے تاثر کو مسترد کر دیا” style=”style-7″ align=”center” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ایک سوال کے جواب میں وزیرِ خارجہ نے امریکا کے ساتھ اختلافات کے خاتمے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ’میں نہیں کہہ سکتا کہ امریکا کے ساتھ ہمارا کسی بھی معاملے پر اختلاف نہیں، امریکا سے بھی کہا تالی دو ہاتھوں سے بجتی ہے، ماحول ساز گار بنائیں۔‘

    ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے اس تاثر سے بھی انکار کیا کہ وہ اس ملاقات کے ذریعے کسی چیز کا کریڈٹ لینا چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ابھی مستقبل کا لائحۂ عمل بھی طے کرنا ہے جس کے لیے واشنگٹن میں اگلی نشت ہوگی، تاہم انھوں نے حیرت انگیز طور پر وزیرِ اعظم عمران خان اور امریکی وزیرِ خارجہ کی ٹیلی فونک گفتگو کو مثبت قرار دیا۔

  • امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو آج ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے

    امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو آج ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے

    اسلام آباد: امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو آج ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، اپنے پاکستانی ہم منصب سمیت کئی اہم افراد سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو آج پاکستان کے دورے پر آ رہے ہیں، ایک روزہ دورے کے دوران وہ کئی اہم ملاقاتیں کریں گے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مائیک پومپیو پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے خصوصی ملاقات کریں گے، دفترِ خارجہ میں پاک امریکا وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ کے ہم راہ امریکی فوج کے چیف آف اسٹاف بھی ہوں گے، مائیک پومپیو پاکستان کے دورے کے بعد آج ہی نئی دہلی روانہ ہوجائیں گے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ کی وزیرِ اعظم عمران خان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان نے مائیک پومپیو اور وزیراعظم کی گفتگو سے متعلق امریکی بیان مسترد کردیا


    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ مائیک پومپیو نے وزیرِ اعظم عمران خان کو فون کرتے ہوئے وزیرِ اعظم بننے پر مبارک باد دی تھی اور نئی حکومت سے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاہم بعد میں فون کی گفتگو متنازعہ رخ اختیار کر گئی تھی۔

    امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا تھا کہ فون پر پاکستانی وزیرِ اعظم کے ساتھ پاکستان میں سرگرم دہشت گردوں کے خاتمے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، تاہم وزارتِ خارجہ نے اس دعوے کی تردید کی کہ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔

  • واشنگٹن اپنے مؤقف پر قائم ہے، ترجمان امریکی حکومت

    واشنگٹن اپنے مؤقف پر قائم ہے، ترجمان امریکی حکومت

    واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وزیر اعظم عمران خان کی ٹیلی فونک گفتگو کے سلسلے میں امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا اپنے مؤقف پر قائم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان فون کال کا تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے، آج ایک پریس کانفرنس میں امریکی ترجمان نے کہا امریکہ اپنے مؤقف پر قائم ہے۔

    پریس کانفرنس کے دوران امریکی ترجمان سے جب پوچھا گیا کہ کیا ٹیلی فون میں دہشت گردی زیرِبحث آئی تھی یا نہیں، تو ترجمان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اپنے ابتدائی بیان پر قائم ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے وزیرِ اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا، بعد ازاں امریکی حکومت سے بیان جاری ہوا کہ پاکستانی وزیر اعظم کے ساتھ پاکستان میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے سلسلے میں بھی بات ہوئی۔


    مزید پڑھیں:  پاکستان نے مائیک پومپیو اور وزیراعظم کی گفتگو سے متعلق امریکی بیان مسترد کردیا


    تاہم پاکستانی دفترِ خارجہ نے امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کے ٹیلی فون سے متعلق امریکی انتظامیہ کا بیان مسترد کردیا، ترجمان محمد فیصل نے اپنے ٹویٹ میں‌ واضح کیا کہ امریکی انتظامیہ نے مائیک پومپیو کی ٹیلی فون کال کوغلط رنگ دینی کی کوشش کی۔