Tag: امریکی ویزا

  • امریکی ویزا ہولڈرز کے لیے نئی شرط عائد

    امریکی ویزا ہولڈرز کے لیے نئی شرط عائد

    واشنگٹن : امریکا نے سیاحتی و کاروباری ویزوں کے لیے 15ہزار ڈالر تک بانڈ کی شرط عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے امریکی ویزا بانڈ کا منصوبہ دو ہفتے میں نافذ العمل ہوگا۔

    اس اقدام کا مقصد اُن غیرملکیوں کے خلاف کارروائی کرنا ہے جو امریکی ویزا ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی قیام کرتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت ایک نیا پائلٹ پروگرام شروع کرنے جارہی ہے جس کے تحت کچھ ممالک کے سیاحتی اور کاروباری ویزہ درخواست گزاروں سے 15 ہزار ڈالر تک کی ضمانتی رقم (بانڈ) وصول کی جائے گی۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سیاحتی اور کاروباری ویزوں پر نئی پالیسی کا آغاز 20اگست سے ہوگا، مذکورہ پائلٹ پروگرام ویزا مدت سے زیادہ قیام کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کیلئے ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بی ون اور بی ٹو ویزا کیلئے مخصوص ممالک سے امریکا آئے ہوئے افراد کو بانڈ دینا ہوگا، جن ممالک میں ویزا اوور اسٹے کی شرح زیادہ ہے ان پر یہ پابندی لاگو ہوگی۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے تحت ایک سال میں 2 کروڑ ڈالرآمدنی متوقع ہے۔

    بچوں کا پاسپورٹ بنوانے کی پالیسی میں بڑی تبدیلی کا اعلان

    خبر ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سال 2020میں بھی ٹرمپ حکومت نے افریقی ممالک پر مبنی ایسا ہی منصوبہ متعارف کرایا تھا اور 2023میں 5 لاکھ افراد پر امریکا میں ویزا سے زیادہ قیام کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : امریکہ جانے کے خواہشمد افراد کیلیے اہم خبر

    یاد رہے کہ اس سے قبل جولائی 2025 میں امریکی کانگریس نے ایک قانون منظور کیا ہے جس کے تحت ہر نان امیگرنٹ ویزہ رکھنے والے کو 250 ڈالر”ویزا انٹیگریٹی فیس” ادا کرنا ہوگی۔ مذکورہ فیس یکم اکتوبر 2025 سے نافذ العمل ہوگی اور اگر مسافر ویزہ قوانین کی پابندی کرے تو یہ فیس واپس بھی کی جاسکتی ہے۔

     

  • امریکی ویزا رکھنے والے ہوشیار، محکمہ خارجہ کا اہم بیان

    امریکی ویزا رکھنے والے ہوشیار، محکمہ خارجہ کا اہم بیان

    واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ  نے امریکی ویزے جاری کرنے سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ امریکی ویزا ہولڈرز تمام قوانین پر لازمی عمل کریں بصورت دیگر انہیں ملک بدر کردیا جائے گا۔

    اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں ویزا ہولڈرز کو متنبہ کیا ہے کہ ویزا جاری ہونے کا ہرگز یہ مطلب یہ نہیں کہ جانچ پڑتال ختم ہوگئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی ویزا رکھنے والوں کی مسلسل جانچ پڑتال کرتے ہیں، جس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ویزا ہولڈرز امریکی قوانین اور امیگریشن قوانین پر مکمل عمل کریں۔

    محکمہ خارجہ کے بیان کے مطابق امریکی قوانین پر عمل نہ کرنے والے ویزا ہولڈرز کے ویزے منسوخ کرکے انہیں ملک بدر کردیا جائے گا۔

    قبل ازیں امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ’گولڈ کارڈ‘ نامی امیگریشن اسکیم متعارف کرائی ہے جس کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس اسکیم کے تحت 5 ملین ڈالر کی خطیر رقم کے عوض دولت مند غیر ملکی افراد امریکی شہریت بھی حاصل کرسکیں گے۔

    صدر ٹرمپ کی جانب سے یہ اقدام موجودہ ای بی فائیو ویزا پروگرام کو تبدیل کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جس پر دھوکہ دہی اور غلط استعمال کے الزامات لگتے رہے ہیں۔،

    مزید پڑھیں : امریکی قونصلیٹ کی شکایت پر جعلی دستاویزات تیار کرنے والا ملزم گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی قونصلیٹ کی شکایت پر کراچی میں جعلی دستاویزات کی تیاری میں ملوث ایک ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی۔

    ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے ایک کارروائی میں جعلی دستاویزات کی تیاری میں ملوث ملزم محمد مشتاق راجپوت کو گرفتار کیا تھا۔

    ملزم کو خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کے بعد گرفتار کیا گیا تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے ایک شہری کو 2 لاکھ روپے روپے کے عوض جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹر جاری کیا تھا۔

  • امریکی ویزے کے حصول کے خواہش مند جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹرز سے ہوشیار

    امریکی ویزے کے حصول کے خواہش مند جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹرز سے ہوشیار

    کراچی: ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے ایک کارروائی میں امریکی ویزے کے حصول کے لیے شہریوں کو جعلی دستاویزات فراہم کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق کراچی میں چھاپا مار کارروائی میں عمیر اسلم نامی ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، جس کے خلاف امریکی قونصلیٹ کراچی کی جانب سے شکایت کی گئی تھی۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے 2 خواتین کو جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹر جاری کیا تھا، ملزم نے خواتین کو ویزا پراسس فیس کی جعلی بینک ٹرانزیکشنز سلپ بھی جاری کی۔

    امریکی ویزے عمیر اسلم جعلی دستاویزات

    گرفتار ملزم نارتھ ناظم آباد میں واقع العمران ایویشن نامی ٹریول ایجنسی میں ملازمت کر رہا تھا، اس نے خواتین سے مجموعی طور پر 1 لاکھ 34000 روپے ہتھیائے، اور بھاری رقوم وصول کر کے متاثرین کو جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹر اور جعل بینک سلپ جاری کیں۔

    متاثرہ شہریوں نے پوچھ گچھ پر انکشاف کیا کہ ملزم نے رقوم نقد وصول کر کے واٹس ایپ کے ذریعے جعلی دستاویزات بھیجی، تاہم نجی بینک کی جانب سے مذکورہ ٹرانزیکشن سلپ کو جعلی قرار دیا گیا۔

    امریکی قونصلیٹ حکام نے مذکورہ ایجنٹ کے خلاف تحریری شکایت درج کرائی، جس پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا، ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • امریکا نے نئی ویزا پالیسی آزاد و شفاف الیکشن سے جوڑ دی

    امریکا نے نئی ویزا پالیسی آزاد و شفاف الیکشن سے جوڑ دی

    واشنگٹن: امریکا نے نئی ویزا پالیسی ممالک میں آزاد اور شفاف الیکشن سے جوڑ دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شفاف انتخابات کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کر رہے ہیں۔

    انھوں نے لکھا ’’آج، میں نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو فروغ دینے کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کیا ہے، اس پالیسی کے تحت بنگلادیش میں جمہوری عمل میں رخنہ ڈالنے والوں پر ویزا پابندی لگائی جا سکتی ہے، جو لوگ رخنہ ڈال رہے ہیں ان کی فیملی ارکان پر بھی پابندی لگ سکتی ہے۔‘‘

    انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ جو لوگ بنگلادیش میں جمہوری انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے کے ذمہ دار ہیں یا اس میں ملوث ہیں، ان پر ویزا پابندیاں لگ سکتی ہیں۔

  • امریکی ویزا کیلئے انٹرویو : پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

    امریکی ویزا کیلئے انٹرویو : پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

    اسلام آباد : امریکی ویزا کے حامل پاکستانی شہریوں کیلئے انٹرویو کی شرط سے چھوٹ کی اہلیت میں توسیع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سفارتخانے کے ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی ویزا کے حامل پاکستانی شہریوں کیلئے انٹرویو کی شرط سے چھوٹ کی اہلیت میں توسیع کردی ہے۔

    ترجمان امریکی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ امریکا کے بی ون بی ٹو سیاحتی اور کاروباری ویزوں کی تجدید کیلئے پاکستانیوں کی اہلیت میں مزید توسیع کی گئی اور کہا کہ جن کے پاس امریکہ کا بی ون بی ٹو ویزا موجود ہے، وہ پروگرام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ جن کے ویزے کی مدت45 مہینوں میں ختم ہوگئی، وہ بھی پروگرام میں شرکت کیلئے اہل ہیں، ماضی میں صرف 45 برس یا اس سے زیادہ عمر کے پاکستانی شہری پروگرام سے مستفید ہونے کے اہل تھے۔

    امریکی ترجمان نے بتایا کہ ویزاانٹرویوسےاستثنامیں توسیع کی انتظامی تبدیلی کا مقصد صارفین کیلئے خدمات کی فراہمی میں بہتری ہے۔

  • امریکی ویزے کے سلسلے میں سفارت خانے کا اہم اعلان

    امریکی ویزے کے سلسلے میں سفارت خانے کا اہم اعلان

    اسلام آباد: امریکی سفارت خانے نے ویزوں کے سلسلے میں انٹرویو کی چھوٹ میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سفارت خانے نے پاکستانی شہریوں کے لیے انٹرویو کی چھوٹ میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔

    امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ امریکی بی ون، بی ٹو ویزوں کی تجدید کرانے والوں کو توسیع دی جائے گی، 60 سال یا زائد عمر والوں کو بی 1، بی 2 ویزے بغیر انٹریو ملیں گے۔

    امریکی سفارت خانے کے مطابق جو ویزے 48 ماہ میں ختم ہو چکے ہیں، وہ بھی شرکت کے اہل ہیں، اہل درخواست گزار نئے طریقہ کار پر درخواستیں دے سکتے ہیں۔

    تاہم سفارت خانے کا کہنا ہے کہ امریکی قانوں کے مطابق کچھ اہل ویزا ہولڈرز کو انٹرویو کے لیے بلایا جا سکتا ہے۔

  • امریکی ویزا رکھنے والوں‌ کے لیے بڑی خوش خبری

    امریکی ویزا رکھنے والوں‌ کے لیے بڑی خوش خبری

    واشنگٹن: امریکی امیگریشن حکام نے ایچ ون بی (H-1B) ویزا رکھنے والوں‌ کو خوش خبری سنا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایچ ون بی ویزے سے متعلق امریکا نے اہم قدم اٹھا لیا ہے، جو بائیڈن انتظامیہ نے امیگریشن کے حوالے سے مثبت قدم اٹھاتے ہوئے ایچ ون بی ویزا ہولڈر کے شریک حیات کو بھی کام کرنے کا پرمٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق حالیہ برسوں میں L-1 یا H-1B ویزا ہولڈرز کے شریک حیات کے لیے اچھی خبریں نایاب رہی ہیں، یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز نے کام کی اجازت کے لیے طویل پروسیسنگ میں تاخیر کے سبب ملازمت پر مبنی گرین کارڈز کے انتظار کو مزید سخت بنا دیا تھا، جس کے نتیجے میں امریکا میں کام کرنے والوں کو اپنے اعلیٰ ہنر والے شریک حیات کی وجہ سے کام روکنا پڑا اور یوں انھوں نے ملازمتیں کھو دیں۔

    اب امریکا نے H-1B ویزا رکھنے والوں کے شریک حیات کو خودکار کام کا اجازت نامہ فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، اس فیصلے سے ہزاروں ہندوستانی نژاد امریکی خواتین کو فائدہ پہنچے گا۔

    واضح رہے کہ بارک اوباما انتظامیہ نے ایچ-1 ویزا رکھنے والوں کو میاں بیوی کے مخصوص زمروں میں کام کرنے کا حق فراہم کیا تھا۔ اب تک 90 ہزار سے زیادہ ایچ-4 ویزا ہولڈرز، جن میں بڑی تعداد میں ہندوستانی نژاد امریکی خواتین بھی شامل ہیں، کو کام کی اجازت مل چکی ہے۔

  • امریکی ویزا کے لیے شرائط مزید سخت کردی گئیں

    امریکی ویزا کے لیے شرائط مزید سخت کردی گئیں

    واشنگٹن: امریکی ویزوں کے خواہش مند افراد کو اب درخواست کے ساتھ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔

    امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق امریکی ویزوں کے خواہش مند درخواست گزاروں کو سوشل میڈیا پر موجود اپنے نام اور پانچ برسوں میں استعمال کردہ ای میل ایڈریس اور فون نمبرز بھی جمع کرانا ہوں گے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سفارتی اور سرکاری ویزا کے لیے درخواست جمع کرانے والوں کو یہ تفصیلات جمع نہیں کرانا ہوں گی۔

    نئے قوانین کے تحت سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متعلق جھوٹ بولنے والوں کو سنگین امیگریشن نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ اقدامات کا مقصد اسکریننگ کے عمل کو بہتر کرنا اور امریکی شہریوں کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔

    مزید پڑھیں: امریکی حکومت نے ویزا شرائط مزید سخت کرنے کی تیاری کرلی

    نئے قوانین کے اطلاق سے قبل گزشتہ برس تخمینہ لگایا گیا تھا کہ اس اقدام سے ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل یہ تمام معلومات ان افراد کو فراہم کرنا پڑتی تھیں جہاں دہشت گرد تنظیمیں سرگرم تھیں تاہم اب ہر درخواست گزار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں درج اپنے اکاؤنٹس کی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔

    یاد رہے کہ امریکا آنے والے مسافروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی معلومات سے متعلق سفارشات گزشتہ برس مارچ میں پیش کی گئی تھیں تاہم اس وقت شہری حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپ کا کہنا تھا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ سوشل میڈیا مانیٹرنگ فائدہ مند ثابت ہوگی۔