Tag: امریکی ویزے

  • فلسطینی حکام کے ویزے منسوخ، محمود عباس کا شدید رد عمل

    فلسطینی حکام کے ویزے منسوخ، محمود عباس کا شدید رد عمل

    واشنگٹن (30 اگست 2025): امریکا نے محمود عباس سمیت 80 فلسطینی حکام کے ویزے منسوخ کر دیے ہیں جس پر فلسطینی اتھارٹی کے صدر نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے محمود عباس سمیت 80 فلسطینی نمائندوں کو ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ آج ٹرمپ انتظامیہ اعلان کر رہی ہے کہ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن اور فلسطین اتھارٹی کے اراکین کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے قانون کے مطابق ویزے نہیں دیے جائیں گے۔

    ترجمان نے کہا کہ امن میں سنجیدہ شراکت دار تصور کرنے سے پہلے فلسطین لبریشن آرگنائزیشن اور فلسطین اتھارٹی کو مکمل طور پر دہشت گردی کو مسترد کرنا ہوگا اور یک طرفہ طور پر ریاست تسلیم کرنے کے لیے کوششیں ترک کرنی ہوں گی۔

    ترکیہ کا اسرائیل سے تجارتی تعلقات منقطع کرنے اور فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ

    فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے امریکی فیصلے کی شدید مذمت کی، اور کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ کا فیصلہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    روئٹرز کے مطابق امریکا فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کو اگلے ماہ اقوام متحدہ کے عالمی رہنماؤں کے اجتماع کے لیے نیویارک جانے کی اجازت نہیں دے گا، جہاں کئی امریکی اتحادی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ محمود عباس مین ہٹن میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں سالانہ اعلیٰ سطحی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے لیے نیویارک جانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ وہ وہاں ایک سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کرنے والے تھے جس کی میزبانی فرانس اور سعودی عرب کریں گے، جہاں برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا اور کینیڈا نے فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا عہد کیا ہے۔

  • امریکی ویزے کے خواہشمند سوشل میڈیا صارفین خبردار

    امریکی ویزے کے خواہشمند سوشل میڈیا صارفین خبردار

    واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ نے طلبہ و طالبات اور دیگر ویزے کے خواہشمندوں کے لیے ان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔

    اس حوالے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ویزے کے خواہشمند غیر ملکی نوجوانوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی چھان بین کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بیرون ملک تعینات اپنے سفیروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان طلبہ و طالبات جنہوں نے ویزے کے حصول کیلیے درخواست دی ہوئی ہے ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی سختی سے جانچ پڑتال کریں تاکہ امریکہ اور اسرائیل کے ناقدین کو ملک میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔

    اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ملازم نے میڈیا کو بتایا کہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ اس قدام کا ہدف وہ لوگ ہیں جو حالیہ دنوں میں فلسطین کے حق میں مظاہروں میں شامل ہوئے تھے۔

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایک ہدایت جاری کی تھی جس میں یہ وضاحت کی گئی کہ بیرون ملک خدمات انجام دینے والے امریکی افسران کو ویزا درخواستوں کا جائزہ لیتے وقت کن کن شرائط کا جائزہ لینا ہوگا۔

    یاد رہے کہ مارکو روبیو نے جنوری میں اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد کم از کم 300 ویزے منسوخ کیے ہیں۔

    انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ وہ روزانہ اسی قسم کی درخواستوں پر ترجیحی بنیادوں پر دستخط کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا اگر کوئی ویزا ہولڈر امریکہ کی خارجہ پالیسی یا قومی مفادات کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو فوری طور پر اس کا ویزا منسوخ کردیا جائے گا۔”

  • جعل ساز نے امریکی ویزے کا جھانسا دے کر بچپن کے دوستوں سے لاکھوں لوٹ لیے

    جعل ساز نے امریکی ویزے کا جھانسا دے کر بچپن کے دوستوں سے لاکھوں لوٹ لیے

    کراچی: شہر قائد میں ایک جعل ساز نے امریکی ویزے کا جھانسا دے کر اپنے بچپن کے دوستوں سے لاکھوں لوٹ لیے، جس پر امریکی قونصل خانے نے ایف آئی اے میں شکایت درج کرا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے امریکی قونصل خانے کی تحریری شکایت پر جعلی ویزا فراہمی میں ملوث شہری شیخ محمد حذیفہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، حذیفہ امریکا میں ملازمت کا جعلی ویزا فراہم کرنے کے ایک واقعے میں ملوث تھا۔

    جعل ساز نے خود کو امریکا میں ملازمت پیشہ ظاہر کر کے بچپن کے دوستوں سید معظم اور محمد معیز سے 15 لاکھ روپے آن لائن وصول کیے تھے، ملزم نے خود کو فوڈ چین کا ملازم ظاہر کر کے کمپنی مالک کے نام سے جعلی ای میلز بھی دوستوں کو ارسال کیں۔

    ملزم نے متاثرہ سگے بھائیوں سے پاسپورٹ وصول کر کے واٹس ایپ پر امریکی جعلی ویزے ارسال کیے، اور متاثرہ بھائیوں کو کراچی میں امریکی قونصلیٹ سے جلد انٹرویو کی کال آنے کا بھی کہا، معلوم ہوا کہ ملزم پاکستان بھی آیا اور متاثرین سے رابطے میں رہا، لیکن پھر غائب ہو گیا اور رابطہ نمبر بھی بند کر دیے۔

    کال نہ آنے پر سید معظم اور محمد معیز نامی متاثرہ بھائی از خود امریکی قونصلیٹ کراچی پہنچ گئے، تاہم امریکی قونصلیٹ کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد معلوم ہوا کہ ایچ ون بی ملازمت ویزا اور ای میلز جعلی تھیں۔

  • امریکی ویزے کیلئے جعلسازی کرنے والی خاتون گرفتار

    امریکی ویزے کیلئے جعلسازی کرنے والی خاتون گرفتار

    کراچی: امریکی قونصل خانے کی شکایت پر ایف آئی اے نے اسٹوڈنٹ ویزے کے لیے جعل سازی کرنے والی خاتون کوگرفتار کرلیا،ملزمہ مریم گلوبل سٹیپ پرائیویٹ کے نام سے کنسلٹینسی چلارہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے ویزے کے حصول کیلئے جعلی دستاویزات میں ملوث خاتون ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزمہ کیخلاف کارروائی امریکی قونصل خانےکی درخواست پر کی گئی اور کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے گرفتار کیا گیا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ملزمہ مریم گلوبل سٹیپ پرائیویٹ کے نام سے کنسلٹینسی چلارہی تھی، ملزمہ نے کلائنٹ کے ویزے حصول کیلئے جعلی تعلیمی دستاویزات دیں، دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے جعلی ڈگری بنوائی۔

  • امریکی ویزے کی تجدید کیلئے پروگرام کا آغاز

    امریکی ویزے کی تجدید کیلئے پروگرام کا آغاز

    امریکا نے ایچ ون بی فارن ورک ویزا کی تجدید کے لیے ایک پائلٹ پروگرام کا آغاز کیا ہے جس سے ہزاروں بھارتی ٹیک پروفیشنلز کو فائدہ پہنچنے کا قوی امکان ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایچ ون بی ویزا ایک نان امیگرنٹ ویزا ہے جو امریکی کمپنیوں کو خصوصی شعبوں میں غیر ملکی کارکنوں کو ملازمت دینے کی اجازت دیتا ہے، اس کے لیے تکنیکی مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔

    ٹیکنالوجی کمپنیاں ہر سال بھارت اور چین جیسے ممالک سے ہزاروں ملازمین کی خدمات حاصل کرنے کے لیے اس ویزہ پر انحصار کرتی ہیں۔

    29 جنوری کو شروع ہونے والا پائلٹ تجدید پروگرام یکم اپریل تک جاری رہے گا۔ اس کے تحت ایچ ون بی ویزا ہولڈرز جنہیں اپنے ویزے کی تجدید کی ضرورت ہے، وہ عارضی طور پر بیرون ملک سفر سے قبل امریکا میں اپنے ویزے کی تجدید کر سکتے ہیں۔

    visa

    اس حوالے سے اعلان گزشتہ سال جون میں وزیر اعظم نریندر مودی کے سرکاری دورہ امریکا کے دوران کیا گیا تھا۔

    پیر کے روز ایک بیان میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ پائلٹ پروگرام 29 جنوری 2024 سے یکم اپریل 2024 تک درخواستیں قبول کرے گا۔

    تقریبا دو دہائیوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ محدود تعداد میں ایچ ون بی غیر تارکین وطن امریکا کے اندر سے اپنے ویزوں کی تجدید کرسکیں گے۔

    اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ پائلٹ پروگرام رضاکارانہ ہے اور یہ ہر ہفتے تقریبا 4ہزار درخواستوں کی اجازت دے گا، جن میں سے 2ہزار درخواست دہندگان کے لیے ہیں جن کے پہلے ایچ ون بی ویزا کینیڈا کے سفارتی مشنوں نے جاری کیے تھے۔

    اس کے علاوہ مزید 2ہزار ایسے درخواست دہندگان کے لئے جن کے پہلے ایچ ون بی ویزا بھارت میں امریکی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کی طرف سے جاری کیے گئے تھے۔

    درخواستیں 29 جنوری، 5 فروری، 12 فروری، 19 فروری اور 26 فروری کو جاری کی جائیں گی۔ خواہشمند مندرجہ بالا مخصوص تاریخوں کے دوران صرف لنک کردہ پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکیں گے ۔

    درخواست دہندگان جو ایک درخواست کی تاریخ پر درخواست دینے سے قاصر ہیں وہ داخلے کی مدت کے دوران بقیہ درخواست کی تاریخوں میں سے کسی پر بھی دوبارہ درخواست دینے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ یہ مدت اس وقت ختم ہوجائے گی جب یکم اپریل تک یا اس سے پہلے تمام درخواستیں پوری ہوجائیں گی۔

    محکمہ خارجہ کو درخواست دہندہ کا پاسپورٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات موصول ہونے کی تاریخ سے دیگر پروسیسنگ تک چھ سے آٹھ ہفتے کا وقت لگے گا۔

    اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ تمام درخواستوں کو پہلے موصول اور پہلے کارروائی کی بنیاد پر نمٹا جائے گا۔

    امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق وہ افراد جو پائلٹ پروگرام میں شرکت کی شرائط پر پورا نہیں اترتے یا جو پائلٹ پروگرام میں حصہ نہ لینے کا انتخاب کرتے ہیں، وہ بیرون ملک امریکی سفارت خانے یا قونصل خانے میں ویزا کی تجدید کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

  • امریکی ویزے کے لیے انٹرویو،   پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

    امریکی ویزے کے لیے انٹرویو، پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

    اسلام آباد : امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور امریکی قونصل خانہ کراچی میں انٹرویو کی شرط سے چُھوٹ میں توسیع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی سفارت خانہ کے ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور امریکی قونصل خانہ کراچی میں انٹرویو کی شرط سے چُھوٹ میں توسیع کردی ہے۔

    امریکہ کے بی ون بی ٹو سیاحتی اور کاروباری ویزا کی تجدید کے لیے مزید توسیع کر دی گئی ہے۔

    ترجمان نے بتایا لپ 45سال سے زیادہ عمر کے وہ پاکستانی شہری، جن کے پاس امریکہ کا درست اور قابل قبول بی ون بی ٹو ویزا موجود ہے یا اُس ویزے کی مدت گزشتہ 48 مہینوں کے دوران ختم ہو گئی ہے تو وہ اس پروگرام میں شرکت کے لیے اہل ہیں۔

    اس عمل سے پاکستانی شہریوں کے سیاحتی اور کاروباری ویزوں کی تجدید کے عمل میں بھی تیزی واقع ہوگی۔

    واضح رہے کہ ویزا رکھنے والے بعض اہل شہریوں کو امریکی قانون کے تقاضوں کے تحت امریکی سفارتخانہ یا قونصل خانہ میں انٹرویو کے لیے پیش ہونا پڑ سکتا ہے۔