Tag: امریکی پیشکش

  • ترکی کے لیے پیٹریاٹ میزائل کی فروخت سے متعلق امریکی پیشکش ختم

    ترکی کے لیے پیٹریاٹ میزائل کی فروخت سے متعلق امریکی پیشکش ختم

    واشنگٹن:امریکی وزارت خارجہ کے ایک ذمے دار نے بتایاہے کہ انقرہ کی جانب سے روسی 400 میزائل سسٹم خریدے جانے کے بعد ترکی کے لیے پیٹریاٹ دفاعی میزائل سسٹم کی فروخت سے متعلق امریکی پیش کش ختم ہو چکی ہے، یہ میزائل ریتھیون کمپنی ترکی کے لئے تیار کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی اور نیٹو عہدیداروں نے کہاکہ روسی ایس 400 میزائل سسٹم نیٹو کے دفاعی نظام سے موافقت نہیں رکھتا ہے اور یہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کے زیر استعمال ایف 35 لڑاکا طیاروں کے لیے خطرہ ہے۔

    امریکا نے رواں سال اپریل میں ترکی کوایف 35 طیارے کی تیاری کے پروگرام سے علیحدہ کرنا شروع کر دیا تھا، اس سے قبل ترکی یہ باور کرا چکا تھا کہ وہ ایس 400میزائل سسٹم کی خریداری سے ہر گز پیچھے نہیں ہٹے گا۔

    امریکی وزارت خارجہ کے ذمے دار کے مطابق امریکا نے کئی بار ترکی کو آگاہ کیا کہ اگر اس نے روسی میزائلوں کی خریداری کی جانب سفر جاری رکھا تو پیٹریاٹ میزائلوں کی فروخت کی پیش کش ختم ہو جائے گی اور ہماری پیش کش اب ختم ہو چکی ہے۔

    ادھر پیٹریاٹ میزائل تیار کرنے والی کمپنی ریتھیون کے ترجمان نے امریکی وزارت خارجہ کے ذمے دار کے بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ ترجمان کے مطابق یہ ایک حکومتی مسئلہ ہے۔

  • کوئٹہ دھماکا: 27زخمی کراچی منتقل، امریکا کی تحقیقات کی پیشکش

    کوئٹہ دھماکا: 27زخمی کراچی منتقل، امریکا کی تحقیقات کی پیشکش

    کراچی: کوئٹہ بم دھماکے میں زخمی ہونے والے 27 افراد کو کراچی منتقل کردیا گیا جہاں نجی اسپتال میں انہیں داخل کرکے علاج شروع کردیا گیا، امریکا نے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں  تحقیقات کی پیش کش کردی۔

    اطلاعات کے مطابق کوئٹہ بم حملے کے 112 زخمیوں میں سے 27 یا 29 زخمیوں کو کراچی منتقل کردیا گیا، منتقل کردہ مریضوں میں ایسے افراد شامل ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے اور انہیں انتہائی اہم ٹریٹمنٹ کی ضرورت ہے اور یہ علاج کوئٹہ میں دستیاب نہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو پاک فضائیہ کے خصوصی طیارے میں کراچی لایا گیا،آغاخان اسپتال میں انہیں داخل کرکے فوری طور پر ان کا علاج شروع کردیا گیا ہے۔

     دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں تحقیقات کی پیش کش کردی اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مل کر جنگ لڑتے رہیں گے۔

    پریس بریفنگ میں محکمہ خارجہ کی رکن الزبتھ ٹروڈو کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دیں، دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں۔

    ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوجی امداد روکنے کے حوالے سے تبصرہ نہیں کروں گی اور امریکی شہری میتھیو کی گرفتاری کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ میتھیو بیرک کی گرفتاری سے آگاہ ہیں تاہم یہ نہیں معلوم امریکی شہری جاسوسی میں ملوث ہے یا نہیں، امریکی شہریوں کا پرائیویسی ایکٹ ہے اس لیے مزید بات نہیں کرسکتی۔

    پی ٹی آئی کا تین روز تک سرگرمیاں معطل رکھنے کا اعلان، عمران آج کوئٹہ پہنچیں گے

     کوئٹہ دھماکے پر پاکستان تحریک انصاف نے تین روز تک سرگرمیاں معطل رکھنے کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ عمران خان کل کوئٹہ پہنچ کر لواحقین کے اہل خانہ اور زخمیوں سے ملاقات کریں گے۔

    تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کے مطابق عمران خان کل کوئٹہ جا کر لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی عیادت کریں گے آج سے اگلے تین روز تک کوئی سیاسی سرگرمی نہیں ہوگی، مشکل وقت میں شہیدوں کے اہل خانہ اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔