Tag: امریکی ڈرون حملے

  • ڈرون حملے پاک امریکا تعلقات کےلیے خطرہ ہیں، دفتر خارجہ

    ڈرون حملے پاک امریکا تعلقات کےلیے خطرہ ہیں، دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نے امریکی ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرون حملے پاک امریکا تعلقات کےلیے خطرے کا باعث ہیں، دہشت گردی روکنی ہے تو افغان مہاجرین کی پرامن واپسی یقینی بنانا ہوگی۔

    یہ بات انہوں نے اپنے ایک جاری بیان میں کہی، ڈاکٹر فیصل نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملے میں افغان مہاجرین کیمپ کو نشانہ بنایا گیا، مزید حملے برداشت نہیں کریں گے، ڈرون جیسے یکطرفہ ایکشن دونوں ملکوں میں تعاون کیلئے خطرہ ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کے پاس انٹیلی جنس اطلاع ہو تو پاکستان سے شیئرکرے، اپنی سرزمین میں کارروائی پاکستان خود کرےگا، پاکستان افغان مہاجرین کی جلد واپسی کا بھی مطالبہ کرتا رہا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مہاجرین کی موجودگی سےافغان دہشت گرد فائدہ اٹھاتے ہیں اور انہیں در آنے کا موقع ملتا ہے، دہشت گردوں کے سہولت کار بھی ان ہی لوگوں میں شامل ہوجاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گرد افغان مہاجرین کی آڑ میں کارروائیاں کرتے ہیں۔ امریکہ اگر دہشت گردی روکنا چاہتا ہے تو اسے افغان مہاجرین کی پرامن واپسی یقینی بنانا ہوگی۔

    واضح رہے کہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) کی اورکزئی ایجنسی میں ایک گھر پر امریکی ڈرون حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں دو مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    اس سے قبل17جنوری کو بھی پاک افغان سرحدی پر کرم ایجنسی کے علاقے لوئر کرم پر ڈرون حملہ کیا گیا تھا جس میں دو مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ1زخمی ہوا تھا۔


    مزید پڑھیں: اورکزئی ایجنسی میں ڈرون حملہ، 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

     

  • امریکی ڈرون حملوں کے خلاف بلوچستان میں احتجاجی مظاہرے

    امریکی ڈرون حملوں کے خلاف بلوچستان میں احتجاجی مظاہرے

    کوئٹہ : امریکی ڈرون حملے کے خلاف بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالنے کے علاوہ کئی مقامات پر امریکی جھنڈا نذرآتش کیا گیا۔

    کوئٹہ میں مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے پریس کلب کے باہر کئے گئے مظاہرے میں تحریک منہاج القرآن، السادات قومی موومنٹ ،پاکستان ورکرز پارٹی نظریاتی اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں نے شرکت کی۔

    مظاہرین نے امریکہ کے خلاف زبردست نعرے بازی کی ،مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سید حبیب اللہ شاہ ،سید فقیر آغا،خدائے دوست خان کاکڑ اور دیگر کا کہنا تھا کہ امریکی ڈرون حملے ملکی خود مختاری اور سالمیت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امریکی حربے برداشت نہیں کئے جائیں گے ،اس موقع پر مظاہرین نے امریکی جھنڈا بھی نذرآتش کیا۔

    کوئٹہ کے علاوہ چمن ،لورالائی ،نوکنڈی،نوشکی اور صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی ڈرون حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

    نوکنڈی میں نکالی گئی احتجاجی ریلی میں نوشکی ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور محمد اعظم کے بچوں اور ورثاء نے بھی شرکت کی۔

     

  • وزیر اعظم کا ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب غیر قانونی نہیں، یوسف رضا گیلانی

    وزیر اعظم کا ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب غیر قانونی نہیں، یوسف رضا گیلانی

    ملتان : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کا بجٹ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب غیرقانونی نہیں ہے، کیونکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار کوئی موجودہ وزیراعظم اسپتال داخل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے، اس پر قابو پانے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرنی ہوگی۔

    اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ علی حیدر گیلانی کو اغواء کرنے کے بعد دہشت گردوں نے مجھے پیغام بھیجا کہ یہ انہوں نے سوات آپریشن کا بدلہ لیا ہے۔

    علی حیدر گیلانی کی کتاب کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’’یہ فیصلہ علی حیدر کو کرنا ہے کہ دورانِ اغوا پیش آنے والے واقعات کی کہانی کتابی صورت میں محفوظ کریں گے یا اُس کو اسکرپٹ کی صورت میں بالی ووڈ ہدایتکاروں کو ارسال کریں گے‘‘۔

    ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ’’ڈرون حملے ملکی سالمیت کے خلاف ہیں، اس حوالے سے آرمی چیف اور حکومت کا امریکہ سے احتجاج بالکل جائز ہے‘‘۔

    پانامہ لیکس کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ہر صورت کامیاب ہونے چاہئیں ورنہ یہ معاملہ بند گلی میں داخل ہوجائے گا۔

    مزید پڑھیں : بلاول بھٹو بالکل اپنی ماں جیسے لگتے ہیں، ہیلری کلنٹن

    دوسری جانب انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کو دیکھ کر سابق امریکی خاتون اول ہلیری کلنٹن نے آج میرے موبائل پر پیغام بھیجا ہے کہ ’’ انہیں بلاول بھٹو زرداری میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی جھلک دکھائی دی دیتی ہے، ساتھ ہی انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بلاول بھٹو سیاسی میدان میں اپنی والدہ کے نامکمل اہداف کو آسانی سے حاصل کرلیں گے‘‘۔

     

  • شمالی وزیرستان:امریکی ڈرون حملے میں  6ہلاک، 3 زخمی

    شمالی وزیرستان:امریکی ڈرون حملے میں 6ہلاک، 3 زخمی

    شمالی وزیرستان:تحصیل رزمک میں امریکی ڈرون حملےسےچھ افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں۔

    سرکاری ذرائع کےمطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل رزمک میں امریکی جاسوس طیارے نے ایک مکان اور گاڑی پر 2 میزائل داغے، جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ حملے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری اپنے اپنے گھروں میں محصور ہوگئے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ علاقے میں ڈرون طیاروں کی نچلی پروازیں بھی جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا نے افغانستان اور پاکستان کی سرحد ڈیورنڈ لائن کے قریب ایک مکان پر ڈرون طیارے کے ذریعے 2 میزائل داغے تھے، جس میں کالعدم تحریکِ طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ کو نشانہ بنایا گیا تاہم ڈرون حملے سے کچھ دیر قبل ہی ملا فضل اللہ اس مقام سے روانہ ہونے کے باعث بال بال بچ گئے تھے۔

  • دتہ خیل میں ڈرون حملہ، پانچ افراد جاں بحق، 3زخمی

    دتہ خیل میں ڈرون حملہ، پانچ افراد جاں بحق، 3زخمی

    دتہ خیل: شمالی وزیرستان کےعلاقے دتہ خیل میں ڈرون حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

    ابتدائی تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں امریکی جاسوس طیاروں کی جانب سے ایک گھر پر دو میزائل داغے گئے۔ جس کے نتیجے میں پانچ افراد کے مارے جانے کی اطلاع ہے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

  • شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ 4افراد جاں بحق

    شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ 4افراد جاں بحق

    میرالی: شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

    شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں امریکی ڈرون طیارے نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے، سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون طیارے نے ایک مکان اور ایک گاڑی پر دو میزائل داغے ہیں، ڈرون حملے کے بعد علاقے میں شدید خوف ہراس پھیل گیا، شمالی وزیرستان کی مختلف تحصیلوں میں چار دنوں میں یہ پانچواں ڈرون حملہ ہے ۔

  • جنوبی وزیر ستان میں ڈرون حملہ،چار ہلاک

    جنوبی وزیر ستان میں ڈرون حملہ،چار ہلاک

    وانا: جنوبی وزیر ستان کے علاقے وانا میں امریکی جاسوس طیارے نے ایک مکان پر دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کے مطابق امریکی جاسوس طیارے گزشتہ 24گھنٹے سے علا قے کی نگرانی کر رہے تھے اور اسی دوران امریکی جاسوس طیاروں کی جانب سے وانا سے بیس کلو میٹر دور ایک علا قے اعظم ورسک میں ایک مکان پر دومزائل داغے گئے جس میں چار افراد ہلاک ہو گئے اور متعدد زخمی ہو گئے۔

    نمائندے کے مطابق ہلاک ہو نے والوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے کہ وہ عام شہری تھے یا کہ دہشت گرد تھے۔

    حملے کے بعد بھی امریکی جاسوس طیاروں کی جانب سے نگرانی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے وہاں لوگوں میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے۔