Tag: امر بالمعروف جلسہ

  • حکومت پسند نہیں آ رہی تو استعفے دو اور دوبارہ الیکشن لڑو: وزیر اعظم

    حکومت پسند نہیں آ رہی تو استعفے دو اور دوبارہ الیکشن لڑو: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے منحرف اراکین کو ‘پیغام’ دیا ہے کہ اگر انھیں حکومت پسند نہیں آ رہی ہے تو وہ استعفیٰ دے کر دوبارہ الیکشن لڑیں۔

    تفصیلات کے مطابق پریڈ گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کے تاریخی جلسے امر بالمعروف سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے منحرف اراکین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ‘حکومت پسند نہیں آ رہی تو استعفے دو اور دوبارہ الیکشن لڑو۔’

    انھوں نے کہا جب تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوگی تو قوم دیکھ لے گی، یہ کہتے ہیں ضمیر جاگ گیا، 25 کروڑ سامنے رکھ کر کہتے ہیں ضمیر جاگ گیا، ن لیگی اور پی پی ایم این ایز کو پتا ہے کہ ملک کے خلاف سازش ہو رہی ہے، ان کے بھی ضمیر جاگ جائیں گے۔

    عمران خان نے کہا ہماری طرف سے جو ووٹ ڈالنے جائے گا انھیں کہتا ہوں قوم انھیں معاف نہیں کرے گی، اس لیے ایسا نہ کریں، وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ‘یہ بھی نہ کہنا کہ حکومت نے کام نہیں کیا، ترقیاتی کام نہیں کرائے، اور اگر حکومت پسند نہیں آ رہی ہے تو استعفے دو اور دوبارہ الیکشن لڑو۔

    ‘تحریری دھمکی دی گئی ثبوت موجود ہیں’

    واضح رہے کہ وزیر اعظم نے جلسے سے خطاب میں پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی کے خلاف عالمی سازش ہونے کا بھی دعویٰ کیا، انھوں نے اسٹیج سے ایک خط لہراتے ہوئے کہا کہ بیرونی پیسوں سے پاکستان میں حکومت تبدیل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، پیسا باہر سے آ رہا ہے اور لوگ ہمارے استعمال ہو رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا زیادہ تر انجانے میں کچھ جان بوجھ کر استعمال ہو رہے ہیں، مجھے پتا ہے باہر سے کن جگہوں سے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم نے کہا فارن پالیسی ہمارے ملک کے مفاد میں ہے، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی ہے لیکن ملکی مفاد پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے، میرے پاس ایک خط ہے جو ثبوت ہے، جس کو بھی خط پر شک ہے اسے آف دی ریکارڈ دکھا سکتا ہوں۔

  • گلوکار ابرارالحق کے سوال پر عوام کے ایبسولوٹلی ناٹ کے نعرے

    گلوکار ابرارالحق کے سوال پر عوام کے ایبسولوٹلی ناٹ کے نعرے

    اسلام آباد: پی ٹی آئی جلسے میں گلوکار ابرارالحق کے سوال پر عوام نے ایبسولوٹلی ناٹ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف کے امر بالمعروف جلسے میں گلوکار اور پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق نے بھی شرکا سے نعرے لگوائے۔

    اسٹیج پر موجود ابرار الحق نے شرکا سے سوال کیا ’کیا تم چوروں کے ساتھ ہو؟‘ عوام نے اس پر نعرہ لگا کر جواب دیا ’ایبسولوٹلی ناٹ‘۔

    ابرار الحق نے کئی نعرے لگوائے اور پنڈال میں موجود پی ٹی آئی شرکا کا جوش و جذبہ بیدار کیا، گلوکار نے سوال کیا ’ کیا تم مکاروں کے ساتھ ہو؟‘ جلسے کے شرکا نے ہم آواز ہو کر جواب دیا ’ایبسولوٹلی ناٹ۔‘

    ابرار الحق نے ایک اور نعرے میں سوال کیا ’کیا تم لوٹوں کے ساتھ ہو؟‘ عوام نے فلک شگاف نعروں میں جواب دیا ’ایبسولوٹلی ناٹ۔‘