ممبئی میں بھی حالیہ شدید بارشوں نے تباہی مچادی ہے، بارش کے باعث متعدد گھروں میں پانی داخل ہو گیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نچلے علاقوں جیسے کہ کُرلا، سیون، باندرہ، اور واڈالہ میں گھروں میں بارش کا پانی داخل ہو گیا، خاص طور پر گراؤنڈ فلور پر واقع رہائشی علاقوں میں جس سے بالی ووڈ کے سپر اسٹار کا گھر بھی متاثر ہوا ہے۔
ممبئی میں ہونے والی حالیہ موسلا دھار بارشوں سے سپر اسٹار امیتابھ بچن کا مشہور زمانہ جوہو بنگلہ ”پرتیکشا“ بھی زیرِ آب آ گیا ہے گھر کے اندر تک پانی بھر جانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو ہورہی ہے۔
وائرل ویڈیو میں مبینہ طور پر میگا اسٹار امیتابھ بچن کے بنگلوں میں سے ایک پرتیکشا کو بارش کے پانی سے بھرا ہوا دکھایا گیا ہے، 44 سیکنڈ کے کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ پرتیکشا کے مین گیٹ تک جانے والا علاقہ کس طرح پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔
#AmitabhBachchan #MumbaiRains #viralvideo pic.twitter.com/ilP1ddf5bA
— Diksha Sharma (@DikshaS17150327) August 19, 2025
ویڈیو بنانے والے شخص کو ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ”دیکھو یہاں کتنا پانی جمع ہو گیا ہے، وہ مزید دعویٰ کرتا ہے کہ امیتابھ بچن خود وائپر لے کر باہر نکلے اور پانی صاف باہر نکالنے میں مدد دی۔
ویڈیو بنانے والے شخص نے یہ بھی کہا، ”چاہے آپ کے پاس کتنی ہی دولت ہو، چاہے آپ ہزاروں کروڑ کے مالک ہوں، ممبئی کی بارش سے کوئی نہیں بچ سکتا۔نہ امبانی، نہ امیتابھ بچن!“
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ بنگلہ امیتابھ بچن اور جیا بچن کو معروف فلمساز رمیش سپی نے فلم ”شعلے“ کی شاندار کامیابی کے بعد تحفے میں دیا تھا، امیتابھ بچن نے یہ گھر 1976 میں خریدا تھا، اور آج اس کی مالیت 200 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔