Tag: امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر

  • پانی دو… بجلی دو… کراچی والے سراپا احتجاج

    پانی دو… بجلی دو… کراچی والے سراپا احتجاج

    کراچی میں ان دنوں شدید گرمی پڑرہی ہے، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں پانی نہ ہونے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث لوگ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

    امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کا احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بل بم بن کر کراچی والوں پر برس رہے ہیں، لوگ بجلی کے بل دیکھ کرپریشان ہورہے ہیں، فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر لوگوں پر ظلم جاری ہے۔

    منعم ظفر خان نے کہا کہ شہر میں 12، 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، رات کو لوگ گھروں کو جائیں تو بجلی اور پانی نہیں ہوتا۔

    انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے سوائے کرپشن کے کچھ نہیں کیا، 19 سال ہوگئے کے فور پراجیکٹ نہیں بن کر دے رہا، کراچی ملک کا معاشی انجن ہے، کراچی کو وفاق اور صوبائی حکومت دونوں نے نظرانداز کیا۔

    منعم ظفر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت 16 سال سے براجمان ہے، سندھ حکومت شہر سے وصولنا جانتی ہے، لگانا نہیں۔

    امیرجماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کراچی میں کےالیکٹرک قاتل بنی ہوئی ہے، سینکڑوں لوگ ہیٹ ویو کی نذر ہورہے ہیں۔

    دریں اثنا جماعت اسلامی کے دھرنے کے شرکا نے شارع فیصل کو بند کرنے کی کوشش کی، پولیس نےجماعت اسلامی کے کارکنان کو شارع فیصل پرجانےسےروک دیا۔

    جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کارکنوں کو فٹ پاتھ پر دھرنا دینے کی ہدایت کی، انتظامیہ نے پولیس کی بھاری نفری کو شارع فیصل پر طلب کرلیا ہے۔

    ڈنڈا بردار پولیس اور واٹر کینن بھی دھرنے کے مقام پر پہنچ گئی، پولیس کے دھرنے کے قریب پہنچنے پر کارکنان مشتعل ہوگے اور نعرے بازی کی، کشیدگی کے باعث شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

  • حکومت سندھ نوجوان طالبعلم اتقاء کے قتل کا نوٹس لے، امیرجماعت اسلامی کراچی

    حکومت سندھ نوجوان طالبعلم اتقاء کے قتل کا نوٹس لے، امیرجماعت اسلامی کراچی

    جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نوجوان طالبعلم اتقاء کے قتل کا نوٹس لے، 5 ماہ کے دوران 80 لوگ قتل ہوئے.

    گزشتہ دنوں اسٹریٹ کرائم کا نشانہ بننے والے نوجوان اتقاء کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ اس شہر کے لوگ کب تک لاشیں اٹھاتے رہیں گے۔

    منعم ظفر نے کہا کہ کراچی میں 5 ماہ کے دوران 80 لوگوں کو قتل کیا گیا۔ کچے اور پکے کے علاقے دونوں محفوظ نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 7 میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر نوجوان کو گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق گلشن اقبال بلاک سات میں موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ڈکیتوں نے دوسری موٹر سائیکل روک کر شہری سے واردات کرنے کی کوشش کی اس دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے اتقاء نامی نوجوان پر گولی چلا دی۔

    گولی لگنے سے اتقاء زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    پولیس کے مطابق ڈکیت شہری سے رقم موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فٹیج بھی سامنے آئی جس میں ملزمان کو موٹر سائیکل لے کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

    پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی، مقتول نوجوان مکینیکل انجینئر اور گولڈ میڈلسٹ تھا۔ اتقاء معین کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی، پورٹ قاسم پر کیمیکل فیکٹری میں اسسٹنٹ منیجر تھا۔