Tag: امیر جماعتہ الدعوہ حافظ سعید

  • لاہور ہائیکورٹ: حافظ سعید کی نظربندی پر حکومت سے جواب طلب

    لاہور ہائیکورٹ: حافظ سعید کی نظربندی پر حکومت سے جواب طلب

    لاہور: ہائی کورٹ نے  جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید  کی نظربندی کے خلاف  دائر درخواست پر سماعت کے بعد پنجاب حکومت سے 7 مارچ کو جواب طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جماعت الدعوۃ کے امیر کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت جسٹس سردار  شمیم خان کی سبراہی میں دو رکنی بینچ نےکی۔

    درخواست گزار کے وکیل  نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا  کہ حکومت نے بیرونی  دباؤ میں آکر حافظ سعید کو نظر بند کیا، اُن کی نظر بندی کے احکامات غیر آئینی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    پڑھیں: ’’ حافظ سعید کی نظر بندی ریاستی پالیسی کا حصہ ہے،آئی ایس پی آر ‘‘

    درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ  حافظ سعید فلاحی ادارے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے سربراہ بھی ہیں، یہ تنظیم ملک میں عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے اور حادثات و آفات میں ان کا کردار لائق تحسین ہے۔

    مزید پڑھیں: ’’ حافظ سعید نظر بند، گھر سب جیل قرار، جماعت الدعوۃ و ایف آئی ایف واچ لسٹ‌ میں‌ شامل ‘‘

    وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ حافظ سعید پر آج تک ملک میں انتشار یا بدامنی پھیلانے کا الزام تک نہیں لگایا گیا  لہذا عدالت حافظ سعید کی نظر بندی کو کالعدم قرار دے، عدالت نے درخواست پر کاروائی کرتے ہوئے پنجاب  حکومت سے 7 مارچ کو جواب طلب کر لیا۔

  • حافظ سعید کی نظربندی، پاکستان کو بھارتی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، وزارتِ داخلہ

    حافظ سعید کی نظربندی، پاکستان کو بھارتی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، وزارتِ داخلہ

    اسلام آباد: وزاتِ داخلہ نے کہا ہے کہ بھارت حافظ سعید کے نام کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے، عالمی برادری کو اس بات کا نوٹس لینا چاہیے، عالمی برادری کی قرار داد کی روشنی میں حافظ سعید کے خلاف کارروائی کی گئی، اگر بھارت سنجیدہ ہے تو حافظ سعید کے خلاف ٹھوس ثبوت فراہم کرے۔

    حافظ سعید کی نظر بندی کے حوالے سے بھارتی میڈیا پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے وزارتِ داخلہ نے کہا کہ حافظ سعید کے حوالے سے کسی بھارتی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، بھارت اگر سنجیدہ ہے تو اُن کے خلاف ثبوت پیش کرے۔

    وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جماعت الدعوۃ کے خلاف کارروائی اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں کی ، جماعت کے قائدین پر سفری پابندیاں عائد کرتے ہوئے اثاثے بھی منجمند کردیے گئے۔

    وزاتِ داخلہ نے کہا کہ عالمی برادری کو اس بات کا نوٹس لینا چاہیے بھارت حافظ سعید کے نام کو صرف سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے اور کبھی کو شواہد پیش نہیں کرتا جبکہ  پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے کی خاطر کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرتا۔

    پڑھیں: ’’ حافظ سعید کیخلاف کارروائی سے مطمئن نہیں ہیں، بھارت ‘‘

     وزا رت داخلہ نے مزید کہا کہ سمجھوتا ایکسپریس میں ملوث ملزمان کی آزادی اور تحقیقات کے جواب کا تاحال انتظار ہے، سمجھوتا ایکسرپیس میں ملوث ملزمان کیسے آزاد ہوئے؟ اور سانحے میں ملوث بھارتی لیفٹیننٹ کرنل اور انتہاء پسندوں کے خلاف بھارت نے کیا اقدامات کیے؟۔

    یاد رہے کہ جماعت الدعوۃ کے امیر کو دو روز قبل لاہور میں اُن کی رہائش گاہ پر نظر بند کردیا گیا، گرفتاری سے قبل حافظ سعید نے کارکنان کے نام پیغام جاری کیا کہ کارکنان پر امن رہیں اور 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پروگرام کی تیاریاں کریں۔

    مزید پڑھیں: ’’ حافظ سعید کی نظر بندی ریاستی پالیسی کا حصہ ہے،آئی ایس پی آر ‘‘

    حافظ سعید پر لگائی جانے والی پابندی کے حوالے سے پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں نے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ گزشتہ روز ڈی جی  آئی ایس پی آر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حافظ سعید کی نظر بندی کا معاملہ ریاستی پالیسی کا حصہ ہے تاہم بھارت کسی دھوکے میں نہ رہے اُسے ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

  • اسلام آباد میں کشیدگی کا مقصد مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانا ہے،حافظ سعید

    اسلام آباد میں کشیدگی کا مقصد مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانا ہے،حافظ سعید

    کراچی : جماعت الدعوہ کے امیرحافظ سعید نے اسلام آباد میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کوبین الاقوامی سازش قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی کشیدگی کا مقصد کشمیر کے تنازعے سے توجہ ہٹانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امیر جماعت الدعوہ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جاری کشیدہ صورت حال پر تشویش ہے،نہ حکومت تشدد کرے نہ عمران خان اسلام آباد بند کرے ،تماش بینی اور تماشے ختم کئے جائیں اور سنجیدگی اختیار کی جائے۔

    اس کشیدگی کا سب سے زیادہ نقصان کشمیر کاز کو ہوگا،بھارت کو ہمارے اندرونی خلفشار سے فائدہ اُٹھانے کا موقع ملے گا اور وہ اپنا گھناؤنا کھیل جاری رکھے گا۔

    امیر الدعوہ حافظ سعید نے کہا کہ کشمیریوں کی مدد ہمارا فرض ہے حکومت کے مسائل اللہ کی طرف سے سزا ہے،نوازشریف کو چاہئے تھا کہ اپنے وزیروں کو اجناس سے بھرے ٹرک لے کر کشمیر بھیجتے،نہتے کشمیریوں کو مدد کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہاکہ انڈیا نے کوئٹہ میں را کے ذریعے اپناکام کردکھایا اور تاہم ہماری سیاسی حکومت اس افسوس ناک واقعہ کو عالمی سطح پر موثر طریقے سے اٹھانے میں ناکام رہی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان دھرنے کی دعوت دیں گے تو پھر سوچیں گے،اسلام آباد میں جلسہ اہلسنت والجماعت کا تھا دفاع پاکستان کا نہیں تھا اور جلسے کی انتظامیہ نے اس جلسے کے لیے باقاعدہ منظوری حاصل کی تھی۔

    حافظ سعید نے کہا کہ کشمیری چار ماہ سے سڑکوں پر ہیں اب ہمیں بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا فوج اپنی ذمہ داری ادا کر رہی ہے تا ہم سیاسی حکومت کو بھی چاہیے کہ اپنا فرض احسن طریقے سے ادا کرے۔

    انہوں نے حوثیوں کی جانب سے مکہ پر حملے کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اگرمسلمانوں کے قبلہ پر حملہ ہوتوا دنیا میں امن وامان نہیں رہے گا۔