Tag: امیر جماعت اسلامی

  • ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

    ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

    کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ 26 اپریل کو پورے ملک میں شٹر ڈاؤن ہوگا لوگوں سے اپیل ہے اپنا کاروبار بند رکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی منعم ظفر نے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی دہشت گردی روزبروز بڑھتی جا رہی ہے، امریکا اسرائیل کو اسلحہ فراہم کررہا ہے۔

    منعم ظفر کا کہنا تھا کہ 26 اپریل کو پورے ملک میں شٹر ڈاؤن ہوگا، ہڑتال بے ضمیر حکمرانوں کو جگانے کا ذریعہ ثابت ہوگی، قبلہ اول سے ہمارا روحانی تعلق ہے ایک خاص تعلق ہے۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لوگوں سے اپیل ہے اپنا کاروبار بند رکھیں، اپیل کرتے ہیں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں، سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی آواز بلند کریں، سوشل میڈیا انہی لوگوں کا آلہ ہے، ان ہی کے خلاف استعمال کرنا ہے۔

    تمام مسلمان فلسطین کے مجرم ہیں

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں مرمتی کام کےنام پر ہفتہ ہفتہ 10 دن تک پانی نہیں آتا ، ٹینکر مافیاشہر میں دندناتا پھر رہاہے، ساڑھے 3ماہ میں 290 افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ ایم کیو ایم ساری حکومتوں کاحصہ رہی مگرکراچی میں پانی تک نہیں دیا، وفاق میں ان جماعتوں کا گٹھ جوڑ ہے، جنہوں نے کراچی کو یہاں تک پہنچایا۔

    کے الیکٹرک کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کا فرانزک آڈٹ ہونا چاہیے، کے الیکٹرک مافیاہے اوور بلنگ کے ذریعے ڈاکا ڈالتے ہیں، کے الیکٹرک کو ایس ایس جی سی کے 200ارب ادا کرنے ہیں۔

  • حافظ نعیم الرحمان کا ڈی چوک واقعے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

    حافظ نعیم الرحمان کا ڈی چوک واقعے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

    امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ڈی چوک واقعے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس میں گورنر راج کی مخالفت کردی اور کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کی قرارداد بھی قابل مذمت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مالک اس کے عوام ہیں، عوام کی آواز نہ دبائی جائے، احتجاجی مظاہرین پرشیلنگ اورلاٹھی چارج کیوں کیا گیا، وزیرداخلہ محسن نقوی مستعفیٰ ہوں۔

    امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ ڈی چوک احتجاج کے معاملے پر بااختیار جوڈیشل کمیشن بننا چاہئے، لیڈرز سیاسی کارکنان کو چھوڑ کر خود سائیڈ پکڑ لیتے ہیں، سیاسی ورکرز کسی ایک جماعت کا نہیں قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں۔

    حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ سیاسی ورکرز اتنی آسانی سے تیار نہیں ہوتے، سیاسی کارکن سڑک پرنکلتا ہے تو وہ قوم کے ماتھے کا جھومر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو کچھ  کیا اس پر سب کو ملکر آواز اٹھانی چاہئے، افسوس ہے بلوچستان اسمبلی نے پی ٹی آئی پر پابندی کی قرارداد منظور کی۔

    حافظ نعیم نے مزید کہا کہ یہ آمرانہ طرزعمل ہے جمہوریت نہیں ہے، ایک زمانے میں جماعت اسلامی پر بھی پابندی لگائی گئی تھی، عوام کی آواز بند کرنے کا عمل قابل مذمت ہے۔

     امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہ کہ 26 نومبر کو ہونے والے واقعات کی تحقیقات ہونی چاہئیں، پارٹیاں بھی خاندانوں سے آزاد ہونی چاہئیں۔

  • آج کے بعد انشاء اللہ اسرائیل دوبارہ اٹھ نہیں سکے گا، سراج الحق

    آج کے بعد انشاء اللہ اسرائیل دوبارہ اٹھ نہیں سکے گا، سراج الحق

    کراچی : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسرائیل میں ہونے والی حماس کی کارروائی کے بعد انشاءاللہ اسرائیل دوبارہ کھڑا نہیں ہوگا۔

    بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف گورنرہاؤس کراچی پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام حق پر ہے، جماعت اسلامی فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کرتی ہے، آج صلاح الدین ایوبی خوش ہوں گے، آج کے بعد انشاءاللہ اسرائیل دوبارہ کھڑا نہیں ہوگا۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ یہودیوں نے گریٹر اسرائیل کا نقشہ جاری کیا تھا لیکن حماس کے مجاہدین کی اسرائیل میں کی گئی کامیاب کارروائی سے یہودیوں کے خواب چکنا چور ہوگئے۔

    انہوں نے کہا کہ حملے میں 700 سے زائد یہودی جہنم واصل ہوئے، عالم اسلام 58 ممالک پر مشتمل ہے، 74 لاکھ سے زائد افواج اور 9 سمندروں پر حکمرانی ہے، میں سمجھ رہا تھا کہ سب مل کر حمایت کا اعلان کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو آباد کرنے کیلئے کئی یہودی روس، فرانس، امریکا سے بھی آئے تھے، ،مختلف ممالک سے یہودیوں کو جمع کرکے اسرائیل بنایا گیا، قائداعظم نے جب ہی کہہ دیا تھا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، پاکستان کبھی بھی اس ناجائز ریاست کو قبول نہیں کرے گا۔

    سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کہا تھا کہ ہم تین دن کا دھرنا دیں گے لیکن غزہ میں ہمارے بھائی زخمی ہیں، شہید ہورہے ہیں، جنگ کا ماحول ہے، ہم اپنے ملک میں کھڑے ہوکر فلسطین کا ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک جاری رہے گی، تاہم یہ لمحات کچھ واجب اور سنت ادا کرنے کے ہیں، اس لیے اس وقت کو ہم فلسطینی عوام کے نام کرتے ہیں، حکومت سے کہتا ہوں کہ ہم آپ کی خاموشی کو یہودی اور امریکا کی حمایت سمجھتے ہیں لہٰذا آپ کھل کر فلسطین کی حمایت کا اعلان کریں۔

  • امیر جماعت اسلامی نے پاناما کیس میں عدالتی سوالات کے جواب جمع کرا دیے

    امیر جماعت اسلامی نے پاناما کیس میں عدالتی سوالات کے جواب جمع کرا دیے

    اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پاناما کیس میں عدالتی سوالات کے جواب جمع کرا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی نے پاناما پیپرز میں شامل افراد کے خلاف تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کی استدعا کر دی ہے، اس سلسلے میں سراج الحق نے عدالتی سوالات کے جواب جمع کرائے۔

    جماعت اسلامی نے کہا کہ جے آئی ٹی میں ایف آئی اے، نیب، ایف بی آر سمیت متعلقہ اداروں کے افسران شامل کیے جائیں، دنیا بھر میں پاناما پیپرز لیک ہونے کے بعد کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

    عدالت کو جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ درخواست کو مرکزی پاناما کیس سے عدالتی آبزرویشن پر الگ کیا گیا تھا، جب کہ پاناما کیس میں دیگر درخواستیں صرف پبلک آفس ہولڈر کے خلاف کارروائی کے لیے تھیں، پاناما کیس ایف بی آر کا معاملہ ہونے کے حوالے سے سپریم کورٹ فیصلہ دے چکی۔

    جمع کرائے گئے جواب میں جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر نے عدالت کو کہا تھا کہ حسن اور حسین نواز پاکستان میں مقیم نہیں ہیں، ہم نے نیب اور ایف آئی اے سے بھی رجوع کیا لیکن اس سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    جماعت اسلامی نے استدعا کی کہ پاناما پیپرز میں شامل افراد کے خلاف تحقیقات کے لیے کمیشن یا جے آئی ٹی تشکیل دی جائے، اس سے کسی متعلقہ ادارے کا کام متاثر نہیں ہوگا، اور نواز شریف کے ساتھ باقیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

  • جماعت اسلامی کا عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

    جماعت اسلامی کا عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

    لاہور: جماعت اسلامی نے عید الفطر کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، سیاسی جماعتوں کو الیکشن کی ایک تاریخ پر متفق کرنے کے مشن کے دوران امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی وزیر اعظم شہباز شریف اور عمران خان سے ملاقاتیں مثبت رہیں۔

    ذرائع کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے الیکشن کی کسی ایک تاریخ پر اتفاق رائے کے سلسلے میں شہباز شریف اور پی ٹی آئی چیئرمین سے ملاقاتیں کی ہیں جن کا نتیجہ مثبت نکلا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عید الفطر کے بعد انتخابات پر سیاسی جماعتوں کی مشاورت کو عملی شکل دی جائے گی، اور جماعت اسلامی ہر جماعت سے انفرادی طور پر ملاقاتیں کرے گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ عید الفطر کے بعد فیصلے حالات کے مطابق کیے جائیں گے، اے پی سی میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن سب کو دعوت دی جائے گی۔

    جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ مشاورتی عمل میں پارلیمان میں موجود تمام جماعتیں شامل ہوں گی، اور آل پارٹیز کانفرنس کی میزبانی جماعت اسلامی کرے گی۔

  • الیکشن کمیشن کا فیصلہ کراچی، حیدرآباد کے عوام کی کامیابی ہے، حافظ نعیم

    امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا 15 جنوری کو ہی الیکشن کرانے کا فیصلہ کراچی، حیدرآباد کے عوام کی کامیابی ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، کراچی کیخلاف بہت سازشیں ہورہی ہیں کراچی کے عوام الیکشن کو سنجیدہ لیں۔

    حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ کراچی، حیدرآباد کے عوام اب الیکشن کو سنجیدہ لیں، الیکشن کمیشن کو اب کراچی، حیدرآباد میں الیکشن کروانے ہیں۔

    کراچی، حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے، الیکشن کمیشن

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آرڈیننس آئےگا تو عدالتوں میں اور سڑکوں پر بھی مقابلہ کرینگے، یہ لےآئیں آرڈیننس اسے بھی انشااللہ دیکھ لیں گے، آرڈیننس آیا تو عدالت کا راستہ موجود ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اسلام  آبادمیں آرڈیننس لائے تھے جس عدالت نے ختم کیا، الیکشن کے شیڈول کے بعد آرڈیننس کی کوئی وجہ نہیں ہے، اب بھی  انھیں ایم کیوایم سے محبت ہوگئی تو گورنر راج لگا دیں۔

  • حافظ نعیم کا وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان

    حافظ نعیم کا وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان

    امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کل 5جنوری کو وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہمیشہ جعلی ووٹر لسٹیں بنانے والے اب الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، فیس سیونگ دینے کیلئے الیکشن نہ کرانا قابل قبول نہیں ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا الیکشن ہونے کیلئے ہے، اگر پیپلز پارٹی الیکشن چاہتی ہے تو  کل دھرنے میں آکر اعلان کردے، پہلے کی طرح اس بار بھی ہمارا دھرنا پر امن ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ گورنر ہاوس کو سازشوں کا اڈا نہ بنائیں ایم کیوایم ماضی کی طرح موجودہ حکومت میں بھی شامل رہی، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نورا کشتی کررہے ہیں، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے شہرکا بیڑہ غرق کیا ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں کابرا حال ہے، ہمیں مل کر اس شہر کو چلانا ہے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ شہر کے حق، امن کیلئےہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔

  • کرونا وائرس کے ساتھ سیاسی وائرس بھی ختم ہوگا: سراج الحق

    کرونا وائرس کے ساتھ سیاسی وائرس بھی ختم ہوگا: سراج الحق

    گوجرانوالہ: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم بند گلی میں داخل ہو گئی ہے، کرونا وائرس کے ساتھ سیاسی وائرس بھی ختم ہوگا۔

    گوجرانوالہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا 11جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے کئی جلسے کیے لیکن ان کے ایک جلسے میں بھی اسلامی تعلیمات کا مطالبہ نہیں ہوا۔

    سراج الحق کا کہنا تھا مجھ سے پوچھتے ہیں کہ پی ڈی ایم میں شرکت کیو ں نہیں کی، ہم اس سیاسی بریانی کاحصہ نہیں بن سکتے جس کا کوئی منشور اور لیڈر نہیں، اس ملک میں نظام مصطفیٰﷺ ہونا چاہیے۔

    انھوں نے کہا پی پی کی تو سندھ میں حکومت ہے لیکن وہاں غریب آدمی سسکتا ہے، تو یہ لاہور اور دیگر علاقوں کا کیا حال کریں گے، کرونا وائرس بھی ختم ہوگا اور سیاسی وائرس بھی ختم ہوگا، یہ ساری پارٹیاں بندگلی میں داخل ہوگئی ہیں۔

    سراج الحق نے کہا آج قائد اعظم کے احسان مند ہونے کا دن ہے، پوری قوم آج شرمندہ ہے، ان غلاموں نے پاکستان کے نظریے کے ساتھ غداری کی، ہم اپنا آخری خون کا قطرہ دے کر حقیقی پاکستان بنائیں گے، محمدعلی جناح نے اسلامیہ کالج پشاور میں خطاب میں اعلان کیا تھا کہ پاکستان زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ اسلام گاہ ہوگا۔

  • میئر کراچی جماعت اسلامی سے ہوگا، سراج الحق

    میئر کراچی جماعت اسلامی سے ہوگا، سراج الحق

    کراچی: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ شفاف الیکشن ہوئے تو کراچی میں جماعت اسلامی کا میئر ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حقوق کراچی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی تباہی پاکستان کی تباہی ہے، صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے کراچی والوں کو مایوس کیا ہے۔

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کراچی کے نوجوان بے روزگار ہیں، شہریوں کو میرٹ کی بنیاد پر ملازمتیں دی جائیں، جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو مردم شماری پر شک ہے، آج کراچی میں پانی نہیں ہے، گٹر ابل رہے ہیں، جب کراچی کے لوگ خوشحال ہوتے ہیں تو پاکستان خوشحال ہوتا ہے، کراچی جب پریشان ہوتا ہے تو دیگر صوبے بھی پریشان ہوتے ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی میں صرف مہاجر ہی نہیں ہے تمام قومیت کے لوگ بستے ہیں، کراچی کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، ہم ملک بھر میں عوام کی ترجمانی کریں گے۔

    سراج الحق نے کہا کہ نیب نے بھی احتساب کو انتقام کی طرح اپنایا ہوا ہے، ملک میں اخلاقی، مالی دہشت گردی بھی جاری ہے، حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے، وزیراعظم یوٹرن لینے کے بجائے رائٹ ٹرن لے لیں تو بہتر ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ رونے دھونے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے کراچی کو نکلنا پڑے گا، 14 اکتوبر پورے ملک میں کراچی کے عوام کے لیے نکلیں گے، سینیٹ میں ہر مسئلے کو اجاگر کرنے کی کوشش کرتا ہوں، چاہتے ہیں کراچی کے بچوں کو انصاف ملے۔

  • امیر جماعت اسلامی کا اوورسیز پاکستانیوں کے سلسلے میں وزیر خارجہ کو فون

    امیر جماعت اسلامی کا اوورسیز پاکستانیوں کے سلسلے میں وزیر خارجہ کو فون

    لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے سلسلے میں صدر مملکت، وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خارجہ سے اپیلیں کی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امیر جماعت سراج الحق نے گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کر کے انھیں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور امارات میں لاکھوں پاکستانی پھنسے ہیں اور مدد کے منتظر ہیں۔

    سراج الحق نے کہا کہ روزگار نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی فاقوں کا شکار ہو گئے ہیں، سعودی عرب اور دیگر بڑے ممالک میں سفارت خانے ہیلپ لائن کا اعلان کریں۔

    وزیر خارجہ نے امیر جماعت اسلامی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ سفارت خانوں سے رابطہ کر کے انھیں مزید فعال کریں گے، اوورسیز پاکستانیوں کی واپسی پر انھیں مکمل علاج کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتیں بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

    قبل ازیں امیر جماعت اسلامی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے بھی اپیلیں کی تھیں، انھوں نے اپیل میں کہا کہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی مدد کرے، وہ مشکلات کا شکار ہیں۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ سعودی عرب و دیگر ممالک میں پاکستانی اپنے کمروں میں بند ہیں، انھیں کرونا اور کئی دیگر بیماریوں کا بھی سامنا ہے، جو لوگ جاں بحق ہو گئے ہیں ان کی لاشیں سرد خانوں میں پڑی ہیں، ان لوگوں کی سفارت خانوں تک رسائی بھی مشکل ہے، اس لیے ریاض اور دیگر شہروں میں ہیلپ سینٹرز قائم کیے جائیں۔