Tag: امیر محمد خان جوگیزئی

  • گورنرکا عہدہ  قبول کرنے سے معذرت نہیں کی ‘ امیر محمد خان جوگیزئی

    گورنرکا عہدہ قبول کرنے سے معذرت نہیں کی ‘ امیر محمد خان جوگیزئی

    کوئٹہ: ڈاکٹرامیرمحمد خان جوگیزئی کا کہنا ہے کہ گورنر کا عہدہ قبول کرنے سے معذرت نہیں کی ہے، میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نامزد گورنربلوچستان امیرمحمد خان جوگیزئی نے گورنر کا عہدہ قبول نہ کرنے سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔

    ڈاکٹرامیرمحمد خان جوگیزئی نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر کا عہدہ قبول کرنے سے معذرت نہیں کی، میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔

    نامزد گورنر بلوچستان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے بیان میں نیب کی جانب سے کلیئرنس ملنے تک انتظار کرنے کا کہا تھا۔

    ڈاکٹرامیرمحمد خان جوگیزئی کا کہنا تھا کہ نیب کی طرف سے وضاحت آنے تک حلف ملتوی کرنے کی بات کی تھی، حلف نیب کی جانب سے وضاحت آنے پراٹھاؤں گا۔

    نامزد گورنر بلوچستان امیر محمد خان جوگیزئی کی عہدہ قبول کرنے سے معذرت

    خیال رہے کہ اس سے قبل نامزد گورنربلوچستان کا ایک ویڈیو بیان منظرعام پرآیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں ایک بڑا سیاسی پس منظر رکھنے والا شخص ہوں، میرے بھائی، بھتیجے سب گورنر اور وزرا رہ چکے ہیں، لہٰذا میں نہیں چاہتا کہ میری وجہ سے پارٹی یا کسی کے اوپر کوئی حرف آئے ۔

    انہوں نے ویڈیو پیغام میں مزید کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعتماد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ان کا احترام میرے لیے ہرچیز سے بالاتر ہے، تاہم میرے لیے اس عہدے کی کوئی اہمیت نہیں۔

    ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کا کہنا تھا کہ مجھ پرکسی قسم کا کوئی کیس یا کوئی ایف آئی آر نہیں ہے، جس کیس کی بات ہورہی ہے وہ 2005ء کا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے گورنربلوچستان کے عہدے کے لیے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کو نامزد کیا گیا تھا۔

  • نامزد گورنر بلوچستان امیر محمد خان جوگیزئی کی عہدہ قبول کرنے سے معذرت

    نامزد گورنر بلوچستان امیر محمد خان جوگیزئی کی عہدہ قبول کرنے سے معذرت

    کوئٹہ : ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی نے گورنر بلوچستان کا عہدہ قبول کرنے سے معذرت کرلی ہے، ان کا کہنا ہے کہ مجھ پرکسی قسم کا کوئی کیس اور کوئی ایف آئی آر نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چند گھنٹے قبل وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نامزد کیے گئے گورنر بلوچستان ڈاکٹرامیر محمد خان جوگیزئی نے عہدہ قبول کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

    یہ بات انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہی۔ ان کا کہنا ہے کہ میرے بھائی اور بھتیجے سب گورنراور وزرا رہ چکے ہیں، لہٰذا میں نہیں چاہتا کہ میری وجہ سے پارٹی یا کسی کے اوپر کوئی حرف آئے ۔

    ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی نے ویڈیو پیغام میں مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعتماد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، عمران خان کا احترام میرے لئےہرچیز سے بالاتر ہے، تاہم یہ عہدہ قبول کرنے پر ان سے معذرت کرتا ہوں۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم نے ڈاکٹرامیر محمد جوگزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کردیا

    ڈاکٹرامیرمحمدخان جوگیزئی نے واضح کیا کہ مجھ پر نیب کا یا کسی قسم کا کوئی کیس اور کوئی ایف آئی آر نہیں ہے۔ میڈیا میں میرے خلاف جس کیس کا ذکر ہورہا ہے وہ 2005کا ہے۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے امیرمحمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کرنے کی منظوری دی تھی۔