Tag: امین الحق

  • وزارت آئی ٹی کی جانب سے چاروں صوبوں کے رہائشیوں کے لیے اچھی خبر

    وزارت آئی ٹی کی جانب سے چاروں صوبوں کے رہائشیوں کے لیے اچھی خبر

    اسلام آباد: انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے براڈ بینڈ اور آپٹیکل فائبر کے 8 ارب روپے کے منصوبے منظور کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری آئی ٹی و چیئرمین بورڈ شعیب صدیقی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں آج اہم ترین فیصلے کیے گئے، یونیورسل سروس فنڈ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں 9 اہم پراجیکٹس پیش کیے گیے۔

    ان منصوبوں کی تکمیل سے چاروں صوبوں کے مختلف اضلاع کے 75 لاکھ رہائشیوں کو سہولیات کی فراہمی ہوں گی، اضلاع میں براڈ بینڈ سروسز پر 2 ارب 60 کروڑ، جب کہ آپٹیکل فائبر کے لیے 4 ارب 98 کروڑ خرچ ہوں گے۔

    منصوبوں سے 37 ہزار 730 مربع کلو میٹر کے علاقے مستفید ہوں گے اور ان کے تحت 16 سو 32 کلو میٹر فائبر بچھائی جائے گی، شمالی علاقہ جات اور اہم سیاحتی مقامات کے لیے خصوصی منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔

    وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے اس سلسلے میں کہا کہ بابوسر ٹاپ، جھیل سیف الملوک، کمراٹ ویلی میں کنیکٹویٹی فراہم ہوگی، وزیر اعظم کے سیاحت کے فروغ اور ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کی جانب یہ اہم قدم ہوگا۔

    انھوں نے کہا نئے منصوبوں سے سیاحتی مقامات پر ہنگامی بنیادوں پر موبائل رابطوں اور ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی ہوگی۔

    امین الحق کا کہنا تھا کہ یو ایس ایف کے تحت 31 ماہ میں 30 ارب کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں، ان تمام منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو ان کی دہلیز پر ڈیجیٹل سہولیات فراہم ہوں گی۔

  • ہونہار نوجوان نبیل حیدر کو بہترین تربیت کی فراہمی کے لیے وزیر آئی ٹی کا بڑا قدم

    ہونہار نوجوان نبیل حیدر کو بہترین تربیت کی فراہمی کے لیے وزیر آئی ٹی کا بڑا قدم

    کراچی: سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ہونہار لڑکے نبیل حیدر کو بہترین سافٹ ویئر انجینئر بنانے کے لیے وفاقی وزیر آئی ٹی نے اہم اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد سے تعلق رکھنے والے 15 سالہ نبیل حیدر نے واٹس ایپ کی طرز پر ایپلی کیشن بنائی، سوشل میڈیا کی خبروں پر سید امین الحق نے نبیل حیدر کی حوصلہ افزائی کے لیے فوری اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

    وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے اس سلسلے میں نبیل حیدر سے ملاقات بھی کی، ملاقات میں سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، انکیوبیشن سینٹر حکام، اور ٹیلو ٹاک کے ڈائریکٹر بھی شریک ہوئے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ نبیل حیدر کو نیشنل انکیوبیشن سینٹر میں وزارت کے تحت تربیت فراہم کی جائے گی، اور ٹیکنیکل ٹریننگ سے کم سن نبیل حیدر کے ٹیلنٹ کو مستحکم کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ تربیت کے علاوہ ٹیلو ٹاک کی جانب سے نبیل حیدر کو معقول معاوضہ اور ضروری معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

    امین الحق کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ کی طرز پر ایپلی کیشن کی کوشش اچھی ہے، مناسب تربیت اسے بہترین سافٹ ویئر انجینئر بنا دے گی، مقامی ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لیے وزارت آئی ٹی اپنی بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والا یہ باصلاحیت نوجوان نویں جماعت کا طالب علم ہے، جنھوں نے ’ایف ایف میٹنگ‘ کے نام سے واٹس ایپ طرز کی ایپلی کیشن بنائی ہے، جس پر انکرپٹڈ کالز کی سہولت، مختلف رنگ کے تھیمز، بہ یک وقت 5 لاکھ سے زائد افراد کو میسج کرنے کی سہولت سمیت کئی ایڈوانس فیچرز موجود ہیں۔

    نبیل کے والد کراچی کے علاقے دستگیر میں چھولے اور ڈونٹس فروخت کرتے ہیں، نبیل نے 3 سال کی ان تھک محنت کے بعد یہ ایپلی کیشن تیار کی ہے، جس کے لیے ان کے والد نے لیپ ٹاپ اور دیگر سامان خرید کر دیا، یہ ایپلی کیشن اب تک پلے اسٹور پر 1 لاکھ سے زائد افراد ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔

  • بڑی خوش خبری، پاکستان میں فائیو جی سروس کے لیے ہدف مقرر

    بڑی خوش خبری، پاکستان میں فائیو جی سروس کے لیے ہدف مقرر

    اسلام آباد: وزیر آئی ٹی ڈاکٹر امین الحق نے فائیو جی نیٹ ورک کے لیے دسمبر 2022 کا ہدف مقرر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق سے ہواوے کمپنی کے اعلیٰ سطح کے وفد نے آج ملاقات کی، جس کی قیادت ہواوے کے مشرق وسطیٰ ریجن کے صدر چارلس یانگ کر رہے تھے۔

    وفد نے پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق وفاقی وزیر آئی ٹی کی کاوشوں کو قابل تعریف قرار دیا۔ چارلس یانگ نے کہا ہواوے کا مکمل فوکس خطے میں فائیو جی نیٹ ورکنگ کا استعمال اور اس کے فروغ پر ہے۔

    امین الحق نے کہا ہم تمام لوگوں تک موبائل رابطوں اور انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کے لیے کام کر رہے ہیں، فائیو جی نیٹ ورک کے لیے دسمبر 2022 کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔

    پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ

    ان کا کہنا تھا کہ سافٹ ویئر بورڈ اور اسٹاک ایکسچینج کے درمیان کی گئی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کا مقصد پی ایس ایکس مین بورڈ اینڈ جی ای ایم بورڈ میں درج ٹیکنالوجی کمپنیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔

    انھوں نے کہا اس کے نتیجے میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے لیے مالیاتی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کا مضبوط برانڈ امیج بنانے کی کوششوں میں مدد ملے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پی ٹی سی ایل گروپ نے فائیو جی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا تھا، اس موقع پر موجود سفیر یو اے ای نے فائیو جی ٹیسٹ خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یو اے ای آئی ٹی ٹیلی کام میں سرمایہ کاری میں دل چسپی رکھتا ہے۔

    پی ٹی سی ایل گروپ نے فائیو جی ٹیکنالوجی کا یہ تجربہ غیر تجارتی بنیاد پر محدود ماحول میں کیا تھا، فائیو جی ٹیکنالوجی کے ذریعے ریموٹ سرجری کا بھی عملی مظاہرہ کیا گیا تھا۔

  • پاکستان کے لیے عالمی سطح پر ایک اور اعزاز

    پاکستان کے لیے عالمی سطح پر ایک اور اعزاز

    کراچی: وفاقی وزیر ٹیلی کمیونی کیشن امین الحق جی 20 ممالک کے ورلڈ بزنس اینجل انویسٹمنٹ فورم کی ایک اہم کمیٹی کے صدر منتخب ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امین الحق جی 20 ڈبلیو بی اے ایف کی ٹیکنالوجی و انوویشن کمیٹی کے صدر منتخب ہو گئے، اس عہدے کے لیے بھارت بھی امیدوار تھا تاہم یہ اعزاز پاکستان کے حصے میں آیا۔

    ورلڈ بزنس اینجل انویسٹمنٹ فورم نے پاکستان کا انتخاب 127 ممالک میں کیا۔ اس تنظیم میں ہالینڈ کی ملکہ میکسیما، ترکی کے نائب وزیر اعظم سمیت متعدد عالمی رہنما رکن ہیں۔

    سید امین الحق کا انتخاب پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کام شعبے میں نمایاں کردار کی بنیاد پر کیا گیا ہے، یہ تنظیم دنیا بھر میں اسٹارٹ اپس، SMEs، کی حوصلہ افزائی اور سرمایہ کاری میں معاونت فراہم کرتی ہے، اور سائنس ٹیکنالوجی و انوویشن کے فروغ کے لیے عملی اقدامات بھی یقینی بناتی ہے۔

    وفاقی وزیر نے اعزاز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عالمی تنظیم کی جانب سے کمیٹی صدر کا انتخاب ایک اعزاز ہے، جس سے جنوبی ایشیا میں پاکستان کے لیے ٹیکنالوجی حب بننے کے لیے راہ ہموار ہوگی۔

    امین الحق نے امید ظاہر کی کہ کمیٹی کی صدارت ملنے کے بعد کاروبار کے فروغ، بیرونی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔

    انھوں نے کہا وزیر اعظم کے عزم کے تحت بین الاقوامی سطح پر پاکستانی ہنرمندوں کی رسائی ہو سکے گی، اسٹارٹ اپس، چھوٹے کاروباری افراد اور کمپنیوں کو عالمی سرمایہ کاروں تک رسائی ہوگی، پاکستان کے آئی ٹی، سائنس و ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکشن کے شعبے کے لیے دنیا بھر کے دروازے کھلیں گے۔

  • شاہد کلیم کا اغوا اور پراسرار موت، وزیر اعظم نے نوٹس لے لیا

    شاہد کلیم کا اغوا اور پراسرار موت، وزیر اعظم نے نوٹس لے لیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کارکن کی لاش ملنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں لاپتا افراد کا معاملہ ایک بار پھر زیر بحث آیا۔

    کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم کے سامنے لاپتا افراد کا معاملہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفاقی وزیر امین الحق نے اٹھایا، امین الحق نے کہا 2016 میں اغوا ہونے والے کارکن شاہد کلیم کی پراسرار موت ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کارکن کی لاش ملنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت کی۔

    اپوزیشن جلسوں کے ذریعے کرونا پھیلا رہی ہے: وزیر اعظم

    اجلاس میں ایم کیو ایم نے کراچی ٹرانسفارمیشن اجلاس میں نہ بلائے جانے پر بھی اعتراض کیا، امین الحق کا کہنا تھا اتحادی جماعت کو کراچی ٹرانسفارمیشن اجلاس میں بلایا جانا چاہیے تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آپ ٹھیک کہہ رہے ہیں، آپ کی شرکت ہونی چاہیے تھی، وزیر اعظم نے آئندہ اجلاس میں ایم کیو ایم کو دعوت دینے کی یقین دہانی کرائی۔

  • گوگل کا پاکستانی طالب علموں کے لیے اہم قدم

    گوگل کا پاکستانی طالب علموں کے لیے اہم قدم

    کراچی: وزارتِ آئی ٹی کی کاوشوں سے گوگل نے پاکستانی طالب علموں کے لیے ایک اہم کمپیوٹر پروگرام متعارف کرا دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گوگل کے تعاون سے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے اہم پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، سی ایس فرسٹ نامی اس پروگرام کے تحت اسکول کی سطح پر کمپیوٹر ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائے گی۔

    اس پروگرام CS First کا آغاز وزارت آئی ٹی، ٹیلی کام فاؤنڈیشن، ورچوئل یونی ورسٹی اور ٹیک ویلی کی شراکت سے کیا گیا ہے، ابتدائی طور پر ٹیلی کام فاؤنڈیشن کے 3 اسکولوں میں اس پروگرام کی شروعات کر دی گئی ہے۔

    وفاقی وزیر سید امین الحق کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کو جلد ہی تمام اسکولوں تک توسیع دی جائے گی، پروگرام کا مقصد بچوں کو ابتدائی کلاسز ہی سے کمپیوٹر پروگرامز سے آگاہی دینا ہے۔

    انھوں نے کہا ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے تحت یہ پروگرام پاکستانی بچوں کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا، ڈیجیٹل ورلڈ کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اس طرح کے پروگرامز وقت کی ضرورت ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا ہماری خواہش ہے کہ اس طرز کے پروگرامز کو پس ماندہ اور دور دراز علاقوں تک توسیع دی جائے۔

    آئی ٹی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ سی ایس فرسٹ پروگرام میں کھیل ہی کھیل میں بچوں کو ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جا سکے گی، بہتر مستقبل کے لیے ابتدا ہی سے ٹیکنالوجی اور ہنر مندی کی بنیاد ڈالنا ضروری ہے۔

  • وزیر آئی ٹی نے ٹک ٹاک سے پابندی اٹھانے کا عندیہ دے دیا

    وزیر آئی ٹی نے ٹک ٹاک سے پابندی اٹھانے کا عندیہ دے دیا

    اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق بھی ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں الیکٹرک شیئرنگ بائیک کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا کہ وزارت آئی ٹی ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف ہے،پابندی کے بعد ٹک ٹاک انتظامیہ کو کچھ گائیڈ لائنز دی ہے،انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے،مکینزم طے ہونے کے بعد ٹک ٹاک سے پابندی اٹھالی جائے گی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا کہ ہرروز نئی ٹیکنالوجی اورنئی ایجادات ہورہی ہیں،الیکٹرک شیئرنگ بائیک پاکستان میں گیم چینجرثابت ہوگا،الیکٹرک شیئرنگ منصوبےسے پاکستان میں سرمایہ کاری بھی آئےگی۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ الیکٹرک شیئرنگ بائیک ماحول دوست ہوں گے، منصوبے کے بعد خواتین خودالیکٹرک بائیک چلائیں گی، جس سےوومن ایمپاورمنٹ ہوگی۔

  • نیٹ ورکنگ مسائل، امین الحق کا موبائل کمپنیوں کے سربراہان سے رابطہ

    نیٹ ورکنگ مسائل، امین الحق کا موبائل کمپنیوں کے سربراہان سے رابطہ

    کراچی: شہر قائد میں موبائل نیٹ ورکنگ کے مسائل پر وفاقی وزیر ٹیلی کمیونی کیشن امین الحق نے موبائل کمپنیوں کے سربراہان سے رابطہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں موبائل نیٹ ورکنگ کے مسائل پر وفاقی وزیر ٹیلی کمیونی کیشن نے نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی اے) اور موبائل کمپنیوں کے سربراہان سے رابطہ کر لیا۔

    وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ کراچی میں موبائل نیٹ ورکنگ کی فوری بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں، شہری بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے پہلے ہی پریشان ہیں، نیٹ ورکنگ مسائل نے اذیت اور بڑھا دی۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ چیئرمین پی ٹی اے فوری طور پر متعلقہ حکام کو نیٹ ورکنگ مسائل کے حل کے لیے فعال کریں، اس طرح کی صورت حال سے مستقبل میں نمٹنے کے لیے مربوط منصوبہ بندی کی بھی ضرورت ہے۔

    کراچی میں طوفانی بارش،   موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بھی متاثر

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کسی ہنگامی حالات کی صورت میں نیٹ ورکنگ کے ایسے مسائل صورت حال کو گھمبیر کر سکتے ہیں، صارفین سے مسلسل رابطوں کو یقینی بناتے ہوئے مسائل کا تدارک کیا جائے۔

    دریں اثنا، وفاقی وزیر امین الحق نے شہر میں مسلسل لوڈ شیڈنگ پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا، انھوں نے کہا کیا کے الیکٹرک انتظامیہ عوام کی اذیت سے آگاہ ہے؟ کیا مصلحتوں اور مسائل کا خمیازہ عوام ہی بھگتنے کے لیے رہ گئے ہیں؟

    امین الحق کا کہنا تھا کے الیکٹرک کو اپنے ترسیلی نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق بنانا ہوگا، بجلی کے مسائل حل نہیں کر سکتے تو وفاق کو مجبوری سے آگاہ کر دیں۔

  • وفاقی حکومت کی آئی ٹی کے شعبے میں بڑی کامیابی

    وفاقی حکومت کی آئی ٹی کے شعبے میں بڑی کامیابی

    اسلام آباد: وفاقی وزارت آئی ٹی کے ماتحت پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے تاریخی کامیابی حاصل کر لی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی ٹی سروسز کی برآمدات کی مد میں پاکستان کو 1 ارب 11 کروڑ ڈالرز کی ترسیلات حاصل ہوئی ہیں، یہ وفاقی وزارت آئی ٹی کے ماتحت پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کی بڑی کامیابی ہے۔

    گزشتہ مالی سال کے 11 ماہ میں 20 اعشاریہ 75 فی صد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، گزشہ سال میں آئی ٹی برآمدات کی مد میں حاصل ترسیلات کا حجم 91 کروڑ 78 لاکھ 75 ہزار ڈالرز تھا۔

    وزراتِ آئی ٹی کے تحت یہ ترسیلات کال سینٹرز اور کمپیوٹر سروسز کی مد میں حاصل کی گئی ہیں، اس سلسلے میں وفاقی وزیر امین الحق نے بتایا کہ برآمدی ترسیلات میں نمایاں اضافہ آئی ٹی انڈسٹری سے متعلق تمام شعبہ جات کو سہولیات دینے کا نتیجہ ہے۔

    آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر، چین کا پاکستان کیلے بڑا اعلان

    وفاقی وزیر آئی ٹی کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے موجودہ حکومت کے تحت ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، جون 2025 تک آئی ٹی اور متعلقہ سروسز کے لیے صفر انکم ٹیکس کی سہولت دی گئی ہے۔

    امین الحق کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت نے 100 فی صد مالکانہ حقوق اور منافع لے جانے کی سہولت دی ہے۔

    انھوں نے کہا بین الاقوامی مارکیٹ میں آئی ٹی سروسز کے فروغ کے لیے تجربہ کار اور قابل پاکستانی کمرشل اتاشیز کی خدمات اہم ہیں، سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ ان کمرشل اتاشیز کے ذریعے اوورسیز مارکیٹ تک مزید رسائی حاصل کرے گی۔

  • ایم کیو ایم کے ممبر قومی اسمبلی امین الحق نے بطور وفاقی وزیر حلف اٹھالیا

    ایم کیو ایم کے ممبر قومی اسمبلی امین الحق نے بطور وفاقی وزیر حلف اٹھالیا

    اسلام آباد : ایم کیو ایم کے ممبر قومی اسمبلی امین الحق نے بطور وفاقی وزیر حلف اٹھا لیا، مین الحق کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں امین الحق کی بطور وفاقی وزیر تقریب حلف برداری ہوئی، جس میں ایم کیو ایم کے ممبر قومی اسمبلی امین الحق نے بطور وفاقی وزیر حلف اٹھا لیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے امین الحق سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

    امین الحق کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے، یہ قلمدان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوا تھا، امین الحق کے حلف اٹھانے کے بعد ایم کیو ایم کی دوبارہ وفاقی کابینہ کا حصہ بن گئی ہے۔

    یاد رہےوزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی تھیں، فخرامام کو وزارت فوڈ سیکیورٹی اور خسروبختیار کو اکنامک افیئر کا قلمدان سونپا تھا جبکہ حماد اظہر کو وزارت صنعت کا وزیربنا دیا تھا۔

    وزیراعظم کے مشیر ارباب شہزاد اور سیکریٹری خوراک ہاشم پوپلزئی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا جبکہ خسرو بختیار نے وزارت فوڈ اینڈ سیکیورٹی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    وزیراعظم نے خالد مقبول صدیقی کا استعفیٰ بھی منظور کرلیا تھا اور اور ان کی جگہ ایم کیوایم کے امین الحق کو ٹیلی کمیونی کیشن کا قلمدان دیا۔