Tag: امین علی گنڈا پور

  • پی ٹی آئی عہدیدار کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان، نو مئی کی مذمت

    پی ٹی آئی عہدیدار کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان، نو مئی کی مذمت

    ڈی آئی خان : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر علی امین گنڈا پور کے پرسنل سیکریٹری لطیف نیازی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

    ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لطیف نیازی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور سے اعلان لاتعلقی اور 9مئی کے واقعات کی بھر پور مذمت کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی کوئی بے نامی جائیداد میرے نام پر نہیں ہے، ہم اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان سے ہر ممکن تعاون بھی کرینگے۔

    لطیف نیازی کا کہنا تھا کہ میرا پورا خاندان پاکستان اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑا ہے، میں افغانی نہیں پاکستانی شہری ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مشورے کے بعد دوسری پارٹی میں شمولیت اختیار کروں گا، 9مئی کے بعد سے میرا علی امین گنڈاپور سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔

    پی ٹی آئی رہنماؤں کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم

    علاوہ ازیں فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نو مئی کے مقدمات میں ملوث تحریک انصاف کے چار مفرور رہنماؤں کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔

    انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد حسین نے مقدمے کی سماعت کی، عدالت نے چاروں نامزد پی ٹی آئی رہنماؤں کو اشتہاری بھی قرار دیا ہے۔

    عدالت نے حکم جاری کیا کہ صدر ویسٹ پنجاب فیض اللہ کموکا اور بھائی کلیم کی جائیداد ضبط کی جائے، ٹکٹ ہولڈر اسد معظم اور سابق ایم پی اے حبقوق گل کی جائیداد بھی ضبط کرکے اس کی رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کی جائے۔

  • امین علی گنڈا پورایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    امین علی گنڈا پورایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    ڈی آئی خان : خیبرپختونخوا کے وزیرمالیات امین علی گنڈاپورکا پولیس نے ایک روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے کے وزیر مالیات امین علی گنڈاپور کو پولیس نے ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا، جہاں بیلٹ باکس چوری کےالزام کی تفتیش کےلئےپولیس کوایک روزہ ریمانڈمل گیا۔

    علی امین گنڈاپور کو بلدیاتی انتخابات میں بیلٹ بکس چھیننے اورپریزائیڈنگ افسر سمیت ایس ایچ او کوتشدد کا نشانہ بنانے پرگزشتہ روز گرفتارکیاگیا تھا۔

    علی امین گنڈاپور ہتھکڑیاں پہنے ڈیرہ اسماعیل خان میں حامیوں کے ہمراہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

    عدالت نے مقدمہ دوسو پچیس اوردوسوچھبیس کی سماعت کے دوران صوبائی وزیر کو ایک روزہ جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    وکٹری کا نشان بناتے ہوئےعلی امین گنڈاپور عدالت سے باہر آئے اور کہا کہ دھاندلی کے خلاف وہ ہرقسم کی سزا بھگتنے کے لئے تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر کے خلاف بلدیاتی انتخابات کے دوران بیلٹ باکس چھیننے، سرکاری کام میں مداخلت اور پولیس افسران سے بدتمیزی کرنے کے الزامات کے تحت 3 مقدمات درج ہیں۔

    گزشتہ روز صوبائی وزیر علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرنے کے لیے ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان صادق بلوچ نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ان کی رہائشگاہ کو پانچ گھنٹے تک گھیرے رکھا۔

    پولیس کی جانب سے صوبائی وزیر کے گھر کے گھیراؤ پرتحریک انصاف کے کارکنوں نے شدید احتجاج بھی کیا۔