Tag: امیگریشن عملہ

  • ایف آئی اے عملے نے کھانسنے پر پاکستانی سائنس دان کا پاسپورٹ پھاڑ دیا

    ایف آئی اے عملے نے کھانسنے پر پاکستانی سائنس دان کا پاسپورٹ پھاڑ دیا

    ملتان: پنجاب کے شہر ملتان میں ایئر پورٹ پر امیگریشن کاؤنٹر پر عملے نے کھانسنے پر پاکستانی سائنس دان کا پاسپورٹ پھاڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان ایئر پورٹ پر امیگریشن کاؤنٹر پر نوجوان سائنس دان ڈاکٹر فیصل کو ڈیوٹی عملے کی شان میں گستاخی کی بھاری سزا بھگتنی پڑی، کھانستے وقت منہ پر ہاتھ کیوں نہیں رکھا، یہ بات عملے کو اتنی ناگوار گزری کہ ایف آئی اے عملے نے مسافر کا پاسپورٹ ہی پھاڑ دیا۔

    نوجوان سائنس دان ڈاکٹر فیصل حال ہی میں جرمنی سے پی ایچ ڈی مکمل کر کے وطن لوٹا تھا، اس سے قبل انھوں نے فیملی کے ساتھ عمرے کی سعادت بھی حاصل کی، گزشتہ روز ملتان ایئر پورٹ پر اترنے کے بعد عملے کے ساتھ معمولی بات پر تلخ کلامی ہوئی جس کا نتیجہ پاسپورٹ پھاڑے جانے کی صورت میں نکلا۔

    تازہ ترین:  سی اے اے نے پاکستانی سائنس دان کا پاسپورٹ پھاڑے جانے کا نوٹس لے لیا

    ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ وہ بخار کی حالت میں تھے، کھانسی آئی تو منہ پر ہاتھ نہ رکھ سکے، جس پر امیگریشن کاؤنٹر پر موجود اہل کار نے پہلے پاسپورٹ ان کے منہ پر مارا، جب اس رویے پر احتجاج کیا گیا تو مزید اہل کار آگے بڑھے اور ان پر تشدد کی بھی کوشش کی، اس کے بعد ایف آئی اے اہل کاروں نے پاسپورٹ چھین کر ویزے والا صفحہ پھاڑ دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے امریکا میں حال ہی میں ریسرچ سائنٹسٹ کی پوزیشن حاصل کی ہے، اور انھیں امریکا جانا ہے لیکن یہاں ایئرپورٹ عملے نے ان کا پاسپورٹ ہی پھاڑ دیا ہے۔

  • ایف آئی اے امیگریشن عملے کو خوش اخلاقی سے پیش آنے کا حکم

    ایف آئی اے امیگریشن عملے کو خوش اخلاقی سے پیش آنے کا حکم

    اسلام آباد: ایف آئی اے امیگریشن عملے کو بیرون ملک جانے والے مسافروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن عملے کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے، عملے کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ بیرون ملک جانے والے مسافروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امیگریشن عملے لیے احکامات ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد ایئرپورٹ کی طرف سے جاری کیے گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایف آئی اے عملے کی کمی، کراچی ایئر پورٹ پر مسافروں کا رش لگ گیا

    ضابطہ اخلاق سے متعلق جاری کردہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے امیگریشن عملے کا مسافروں سے بد تمیزی اور نا مناسب رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، بیرون ملک جانے والے مسافروں سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔

    عملے کو کہا گیا ہے کہ ایمی گریشن کاؤنٹر پر آنے والے مسافر کو عملہ پہلے سلام کرے اور پھر بات کی جائے، اس سلسلے میں مسافروں کو گڈ مار ننگ اور گڈ ایوننگ کہا جائے، مسافروں سے بدتمیزی اور نامناسب رویہ کسی صورت اختیار نہ کیا جائے، ایسے رویے پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    احکامات میں یہ بھی شامل ہے کہ تمام امیگریشن کا عملہ صاف یونیفارم پہنے اور صفائی کا خاص خیال رکھے۔

  • ایف آئی اے عملے کی کمی، کراچی ایئر پورٹ پر مسافروں کا رش لگ گیا

    ایف آئی اے عملے کی کمی، کراچی ایئر پورٹ پر مسافروں کا رش لگ گیا

    کراچی: ایف آئی اے امیگریشن کاؤنٹر پر عملے کی کمی کے باعث کراچی ایئرپورٹ کے امیگریشن کاؤنٹر پر مسافروں کی قطاریں لگ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کاؤنٹر پر عملے کی کمی کی وجہ سے ایئر پورٹ پر مسافروں کا رش لگ گیا ہے، عملے کی کمی کے باعث پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہو رہی ہے۔

    بیرون ملک جانے والوں کو رش لگنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بوڑھے، بچے اور خواتین قطاروں میں کھڑے ہونے پر مجبور ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کو شکایت کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی ایئر پورٹ منیجر کا کچرا کنڈیوں کے خاتمے کے لیے کمشنر کو خط

    ذرایع کا کہنا ہے کہ عملے کی کمی کی وجہ سے رش لگنے سے پروازوں کی روانگی میں تین گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہوئی ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق امیگریشن کاؤنٹر پر کینیڈا، لندن، سعودی عرب، دبئی اور خلیجی ممالک جانے والے مسافروں کا رش ہے۔

    امیگریشن کاؤنٹر پر ایف آئی اے کا عملہ ایک مسافر کی امیگریشن کرنے میں پانچ سے دس منٹ لگا رہا ہے، ایف آئی اے امیگریشن عملے کی سست روی کی وجہ سے مسافروں کی طویل قطاروں کو انتظار کرنا پڑ رہا ہے، بورڈنگ کا عمل بھی متاثر ہو گیا ہے۔

    ذرایع نے بتایا کہ پی آئی اے سمیت دیگر ایئرلائنز متعدد بار ایف آئی اے کو شکایت کر چکی ہیں لیکن اس کے تدارک کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔