Tag: امیگریشن

  • 10 ماہ میں ایک کروڑ 60 لاکھ مسافروں کا امیگریشن

    10 ماہ میں ایک کروڑ 60 لاکھ مسافروں کا امیگریشن

    کراچی: ایف آئی اے امیگریشن نے 10 ماہ کے دوران ملکی و غیر ملکی مسافروں کی آمد و روانگی سے متعلق اعداد و شمار جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال ایف آئی اے امیگریشن نے بین الاقوامی آمد اور روانگی کی چیک پوسٹوں پر 16 ملین مسافروں کا امیگریشن کا عمل مکمل کیا۔

    رواں سال کے دوران اسٹاپ لسٹ میں شامل 2878 ملزمان کو مختلف ایئر پورٹس سے گرفتار کیا گیا، 2449 مسافروں نے گم شدہ، چوری شدہ اور بلیک لسٹڈ پاسپورٹس پر بیرون ملک جانے کی کوشش کی، جسے ناکام بنا دیا گیا۔

    ایف آئی اے امیگریشن نے رواں سال کے دوران 118 ملزمان کو ریڈ نوٹسز کی بنیاد پر گرفتار کیا، دیگر ملزمان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے، 117 مسافروں کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آف لوڈ کیا گیا۔

    رواں سال کے دوران 5.7 ملین پاکستانیوں اور 1.7 ملین غیر ملکیوں کی پاکستان آمد ہوئی، 67 لاکھ سے زائد پاکستانی بیرون ملک روانہ ہوئے، جب کہ 1.8 ملین غیر ملکی پاکستان سے روانہ ہوئے۔

  • کینیڈا جانے والے غیرملکیوں کیلئے بڑی خبر

    کینیڈا جانے والے غیرملکیوں کیلئے بڑی خبر

    اوٹاوا : کینیڈا کی حکومت نے دنیا بھر سے لاکھوں غیرملکیوں کو خوش آمدید کہنے کا عندیہ دیا ہے جنہیں ملک میں مستقل رہائشی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کینیڈا نے آئندہ تین سال تک تارکین وطن کی تعداد میں اضافے کے اپنے ہدف کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امیگریشن کے وزیر مارک ملر نے پارلیمنٹ میں اگلے تین سال کے لیے نئے اہداف پیش کیے ہیں جس کے مطابق سال 2026تک 5لاکھ تارکین وطن ملک میں مستقل رہائش اختیار کرسکیں گے۔

    کینیڈا کے وزیر برائے امیگریشن مارک ملر نے مستقبل کے امیگریشن پلان کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ تین سال تک نئے تارکین وطن کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا تاہم ان کی تعلیم اور مہارت کے حوالے سے کچھ تبدیلیاں متوقع ہیں۔

    مارک ملر

    مارک ملر کا کہنا ہے کہ کینیڈا 2026 تک 500,000 تارکین وطن کو خوش آمدید کہے گا، حکومت سال2023میں 465,000 اور 2024 میں 485,000 افراد کو مستقل رہائش دینے کا ارادہ رکھتی ہے جن کی تعداد 2025 تک 500,000 تک پہنچانے کا منصوبہ ہے، یاد رہے کہ 2015 میں امیگریشن کا ہدف تین لاکھ سے کم تھا۔

    کینیڈا کے امیگریشن کے وزیر مارک ملر نے یہ بھی اعتراف کیا کہ حالیہ برسوں میں کینیڈا کے امیگریشن سسٹم میں کچھ خامیاں ہیں اور وہ اسے بہتر کریں گے۔

    دوسری جانب موجودہ حکومت تنقید کی زد میں ہے کہ تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد سے رہائش کی فراہمی اور صحت کی دیکھ بھال کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔

  • پنجاب پولیس کو مطلوب 6 ملزمان یو اے ای سے گرفتار

    پنجاب پولیس کو مطلوب 6 ملزمان یو اے ای سے گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے انٹرپول پاکستان نے پنجاب پولیس کو مطلوب 6 ملزمان کو یو اے ای سے گرفتار کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے انٹرپول پاکستان نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان نے پنجاب پولیس کو مطلوب 6 ملزمان کو یو اے ای سے گرفتار کر لیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کا بتانا ہے کہ ملزمان کویواے ای سے گرفتار کر کے سیالکوٹ ائیرپورٹ منتقل کر دیاگیا، گرفتار ملزمان میں قمر شہزاد، توقیر بٹ، بوستان حسن، صائم زیب،  وقار عظیم اور نسیم عباس شامل ہیں۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قتل، ڈکیتی کی دفعات کے تحت مقدمات درج تھے، گرفتار ملزمان اٹک، وہاڑی، گوجرانوالہ، پاکپتن اور ٹوبہ ٹیکسنگ  پولیس کو مطلوب تھے۔

    ترجمان کے مطابق ایف آئی اے این سی بی انٹرپول پاکستان نےملزمان کی گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹس جاری کئے تھے، بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن نے ملزمان کو متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول یو اےای کیساتھ رابطہ کاری سے ممکن ہوئی، این سی بی انٹرپول پاکستان نےگزشتہ سال ملزمان کی گرفتاری کیلئے117 ریڈ نوٹسسز بھی جاری کئے۔

    ترجمان نے یہ بھی کہا کہ گرفتار ملزمان کی بروقت حوالگی کے لئے ایف آئی اے امیگریشن کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

  • عازمین حج کی امیگریشن کارروائی کتنی دیر میں ہوگی؟

    عازمین حج کی امیگریشن کارروائی کتنی دیر میں ہوگی؟

    ریاض: سعودی عرب میں رواں برس حج کے لیے آنے والے عازمین کی امیگریشن کارروائی صرف 20 منٹ میں مکمل کی جارہی ہے، جدہ کے ایئر پورٹ پر 15 سے زیادہ زبانیں جاننے والے اہلکار تعینات ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق جدہ حج ٹرمنل حکام نے کہا ہے کہ عازمین حج کی امیگریشن کارروائی 20 منٹ میں مکمل کی جارہی ہے۔

    جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مختلف ممالک سے 90 حج پروازیں پہنچیں جن سے آنے والے عازمین حج کی سفری کارروائی 20 منٹ میں مکمل کردی گئی۔

    اس سے قبل محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل سلیمان الیحییٰ نے حج ٹرمینل پر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا تھا۔

    الیحییٰ نے محکمہ پاسپورٹ کے اہلکاروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ عازمین حج کو معیاری اور اعلیٰ درجے کی سہولیات فراہم کریں، ایئر پورٹ پر 15 سے زیادہ زبانیں جاننے والے اہلکار تعینات ہیں۔

    وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اس سال صنعا ایئرپورٹ سے جدہ کے کنگ عبد العزیزانٹرنیشنل ایئرپورٹ آنے والے یمنی عازمین حج کا بھی خیر مقدم کیا جارہا ہے۔

  • امریکا میں امیگریشن بحران سنگین شکل اختیار کر گیا

    امریکا میں امیگریشن بحران سنگین شکل اختیار کر گیا

    واشنگٹن: امریکا میں سرحدی پالیسی ختم ہوتے ہی امیگریشن بحران سنگین شکل اختیار کر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں گزشتہ روز کرونا وبا کے دوران عائد سرحدی پالیسی ٹائٹل 42 کی مدت ختم ہو گئی ہے، اس ٹائٹل 42 پالیسی کے تحت مہاجرین کو کسی سماعت کے بغیر ملک بدر کر دیا جاتا تھا۔

    تاہم اب اس پالیسی کی مدت ختم ہوتے ہی امیگریشن بحران سنگین شکل اختیار کر گیا ہے، کیوں کہ لاکھوں غیر قانونی تارکین میکسیکو سے امریکا میں داخلے کے منتظر ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کو امیگریشن بحران سے نمٹنے کے لیے قانونی چیلنجز کا سامنا ہے۔

  • کینیڈا کی امیگریشن لاٹری کے ذریعے؟

    کینیڈا کی امیگریشن لاٹری کے ذریعے؟

    انٹرنیٹ پر اکثر کسی نہ کسی ملک میں امیگریشن کے اشتہارات دکھائی دیتے ہیں، لیکن ان میں سے اکثر فراڈ ہوتے ہیں، لاٹری کے ذریعے کینیڈا کی امیگریشن کا بھی ایک ایسا ہی اشتہار وائرل ہورہا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق کینیڈا کی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ لوگ امیگریشن لاٹری کے جھانسے میں نہ آئیں۔

    کینیڈا کی امیگریشن کمیٹی کے پاکستانی نژاد رکن شفقت علی کا کہنا ہے کہ کینیڈا کو لاٹری فراڈ کے حوالے سے پاکستان سے شکایات موصول ہورہی ہیں جبکہ کینیڈا نے کوئی لاٹری سسٹم شروع نہیں کیا۔

    انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں امیگریشن بہت ہونی ہے لیکن اس کے لیے کوئی لاٹری سسٹم نہیں، مجاز کنسلٹنٹس اور وکیلوں کی لسٹ ویب سائٹ پر موجود ہے۔

  • دبئی ایئرپورٹ پر سہولیات کی آسان فراہمی، بچوں نے پاسپورٹ پر امیگریشن خود کرلی

    دبئی ایئرپورٹ پر سہولیات کی آسان فراہمی، بچوں نے پاسپورٹ پر امیگریشن خود کرلی

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے آسان عمل کی بدولت دبئی ایئرپورٹ پر دو بچوں نے اپنے پاسپورٹ پر امیگریشن کی مہر خود لگائی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دبئی میں اقامہ اور غیر ملکیوں کے امور کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل محمد المری نے 2 برطانوی بچوں کو امیگریشن کاؤنٹر پر اپنے پاسپورٹ پر خود مہر لگانے کا موقع دیا۔

    بچے یہ سن کر خوش ہوگئے کہ وہ امیگریشن کی مہر اپنے پاسپورٹ پر خود لگائیں گے۔

    9 سالہ ازابیل اور 6 سالہ چارلس کے والد تھامس ولیمز نے بتایا کہ ہم لوگ برطانیہ میں چھٹیاں گزار کر دبئی پہنچے تھے جب امیگریشن کی لائن میں نمبر قریب آیا تو میرے دونوں بچوں کو تجسس ہوا کہ آخر کاؤنٹرز کے اندر موجود افسران کیا کرتے ہیں۔

    اسی دوران اقامہ اور غیر ملکیوں کے امور کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل محمد المری تفتیشی دورے پر وہاں پہنچے، انہوں نے دونوں بچوں سے خوشگوار ماحول میں خیریت دریافت کی اور پھر وہ انہیں اپنے ہمراہ کاؤنٹر کے اندر لے گئے۔

    ڈائریکٹر نے بچوں کو پاسپورٹ افسران کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا، اتنا ہی نہیں بلکہ انہوں نے دونوں بچوں سے کہا کہ اپنے پاسپورٹ پر امیگریشن کی مہر وہ خود لگا سکتے ہیں۔

    برطانوی شہری تھامس ولیمز کا کہنا ہے کہ دبئی میں یہ سب کچھ کوئی اچنبھے کی بات نہیں وہ 18 برس سے اپنی فیملی کے ساتھ یہاں مقیم ہیں، دونوں بچے دبئی میں پیدا ہوئے ہیں۔

  • جاپان کے حراستی مرکز میں سری لنکن خاتون کی موت، وجہ سامنے آ گئی

    جاپان کے حراستی مرکز میں سری لنکن خاتون کی موت، وجہ سامنے آ گئی

    ٹوکیو: مارچ میں جاپان کے ایک حراستی مرکز میں سری لنکن خاتون کی موت واقع ہو گئی تھی، حکام نے تحقیقات میں وجہ جاننے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کے امیگریشن حکام نے مارچ میں سری لنکا کی ایک خاتون کی حراستی مرکز میں موت واقع ہونے پر علاقائی بیورو کے چار اہل کاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی ہے۔

    امیگریشن سروسز ایجنسی نے وسطی جاپان میں واقع ناگویا کے ایک حراستی مرکز میں وشما سندامالی کے کیس میں اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق چھان بین کی حتمی رپورٹ منگل کے روز جاری کر دی۔

    33 سالہ خاتون کو ویزے کی میعاد گزرنے کے باوجود جاپان میں قیام کرنے پر حراست میں لیا گیا تھا، انھوں نے حراستی مرکز میں جنوری میں طبیعت خراب ہونے کی شکایت کرنا شروع کی تھی اور دو ماہ بعد مرکز ہی میں انتقال کر گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ خاتون نے ڈاکٹر سے معائنہ کرائے جانے اور کسی کلینک میں ڈرپ لگائے جانے کی استدعا کی تھی، لیکن مرکز کے عملے نے علاقائی بیورو کے ڈائریکٹر سے مشورہ کیے بغیر خاتون کی درخواست رد کر دی تھی۔

    چھان بین میں کسی بھی کُل وقتی ڈاکٹر یا نرس کی عدم موجودگی سے مرکز میں طبی دیکھ بھال کے لیے مناسب نظام کے فقدان کا بھی پتا چلا ہے، جب کہ موت سے قبل وشما کی طبیعت مزید بگڑنے پر مرکز کے غیر طبی عملے نے ضروری اقدامات کیے تھے، رپورٹ کے مطابق بگڑتی ہوئی صحت کے تناظر میں مرکز سے عارضی طور پر جانے کی اجازت دینے کے لیے وشما کی درخواست کو اہل کار بروقت منظور کرنے میں ناکام رہے۔

    ایجنسی نے بیورو کے ڈائریکٹر اور ایک سابق ڈپٹی ڈائریکٹر کی سرزنش کی ہے اور دو دیگر سینئر عہدے داروں کو بھی سخت تنبیہ کی گئی ہے، رپورٹ میں اس طرز عمل کو بیورو کے محکمانہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

  • سابق برطانوی وزیر اعظم کو قتل کی دھمکیاں، واجد شاہ کو قید کی سزا

    سابق برطانوی وزیر اعظم کو قتل کی دھمکیاں، واجد شاہ کو قید کی سزا

    لندن: برطانیہ میں مقیم تارک وطن واجد شاہ کو امیگریشن ٹیسٹ میں ماں کی ناکامی کے ڈر کی وجہ سے سابق برطانوی وزیر اعظم کو قتل کی دھمکیاں دینے کے جرم میں قید کی سزا سنا دی گئی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق سلاؤ کے 27 سالہ شخص واجد شاہ کو، جس نے سابق وزیر اعظم تھریسا مے سمیت دیگر سیاست دانوں کو ای میل کے ذریعے موت کی دھمکیاں بھیجیں کیوں کہ اسے خدشہ تھا کہ اس کی والدہ برطانیہ امیگریشن ٹیسٹ میں ناکام ہو جائیں گی، 2 سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق واجد شاہ نے سابق وزیر اعظم تھریسامے سمیت کئی ممبران پارلیمنٹ کو ای میلز کے ذریعے قتل کی دھمکی دی تھی، واجد شاہ کو خوف تھا کہ اس کی والدہ نورین انگلش امیگریشن امتحان پاس نہیں کر سکے گی۔

    عدالت میں جج بارٹل کا کہنا تھا کہ واجد شاہ نے ایسے ہی میسجز موجودہ وزیر اعظم بورس جانسن اور دیگر اہم افراد کو بھیجے ہیں لیکن انھوں نے یہ وصول ہی نہیں کیے۔

    جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ واجد شاہ کو بولنے کے شدید مسائل کا سامنا ہے تاہم وہ کسی ذہنی بیماری میں مبتلا نہیں ہے، اور رپورٹ کہتی ہے کہ اس کا آئی کیو لیول 58 ہے جو بہت ہی کم سطح پر ہے، جج نے نوٹ کیا کہ واجد شاہ کو سیکھنے کے مسائل کا سامنا ہونے کے باوجود اس نے امیگریشن اور جغرافیائی شعبوں سے وابستہ اراکین پارلیمان کو ہدف بنایا۔

    واجد شاہ نے دھمکیوں پر مشتمل ای میلز میں یا تو اپنے والد عظمت شاہ کا نام لکھا یا پھر ایک سکھ خاتون جسمندر بدیال کا نام لکھا۔عدالت کو بتایا گیا کہ واجد شاہ کی فیملی گھر کے اندر بھی تقسیم ہو چکی ہے، بڑ ا بھائی واجد، چھوٹے بھائی عابد کے ساتھ اپنی ماں نورین کے ساتھ ایک ہی کمرے میں سوتے جاگتے، کھانا پکاتے ہیں، جب کہ والد ایک اور بیٹے کے ساتھ دوسرے کمرے میں رہتے ہیں۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ واجد شاہ کے والدین علیحدہ ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے بچے بھی تقسیم ہو گئے، جب کہ واجد اور اس کا بھائی عابد اپنی والدہ پر انحصار کرتے ہیں۔

  • سعودی حکام کی امیگریشن قوانین کے تحت بلیک لسٹ کیے جانے کے حوالے سے وضاحت

    سعودی حکام کی امیگریشن قوانین کے تحت بلیک لسٹ کیے جانے کے حوالے سے وضاحت

    ریاض: سعودی حکام نے مملکت میں غیر ملکی شہریوں کے کسی صورت میں بلیک لسٹ ہوجانے کے حوالے سے وضاحت جاری کی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مملکت میں امیگریشن قوانین کے تحت بلیک لسٹ کیے جانے والوں کی مختلف کیٹگریز ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ خروج و عودہ یعنی ایگزٹ ری انٹری ویزے کی خلاف ورزی کرنے پر بلیک لسٹ کی مدت 3 برس ہے تاہم اس دوران اگر سابق کفیل چاہے تو وہ بلیک لسٹ کی مدت کے دوران یعنی 3 برس گزرنے سے قبل دوسرے ویزے پر بلا سکتا ہے۔

    حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی شخص عدالتی سزا کی وجہ سے بلیک لسٹ ہوتا ہے یعنی کسی جرم وغیرہ کی وجہ سے تو اس میں مدت مختلف ہوتی ہے جو ہر کیس کی نوعیت کے اعتبار سے مقرر کی جاتی ہے۔

    ایسی صورت میں مدت 3 برس سے لے کر 5 اور 10 برس تک ہوسکتی ہے۔

    دوسری جانب ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اب تک کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا، جیسے ہی حکام کی جانب سے اس بارے میں احکامات جاری ہوں گے مطلع کر دیا جائے گا۔