Tag: اناج

  • سعودی عرب: اناج ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ

    سعودی عرب: اناج ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں اناج ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 40 فیصد اضافہ ہوگیا، ملک میں اناج ذخیرہ کرنے کے مخصوص اسٹورز مشرق وسطیٰ کی سطح پر سب سے بڑے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت پانی، ماحولیات اور زراعت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مملکت میں اناج ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 40 فیصد اضافہ کرنے میں کامیابی حاصل کر لی۔

    فوڈ سیکیورٹی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سال 2016 میں مملکت میں اناج ذخیرہ کرنے کے مخصوص ٹاورز کی گنجائش 2.5 ملین ٹن ہوا کرتی تھی جس میں مزید اضافہ کرتے ہوئے اسے 3.5 ملین ٹن تک پہنچا دیا گیا ہے۔

    اس وقت مملکت میں اناج ذخیرہ کرنے کے مخصوص اسٹورز مشرق وسطیٰ کی سطح پر سب سے بڑے ہیں۔

    اتھارٹی کی فوڈ سیکیورٹی (غذائی تحفظ) کی پالیسی بھی کامیاب رہی جس کے تحت جو کی درآمدات کو کم کیا گیا جس سے چارے کی گنجائش میں 50 فیصد اضافہ کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

    فلور ملز کی بھی تنظیم نو کرتے ہوئے اسے نجی شعبے کے حوالے کیا گیا، اس شعبے کو 4 مستقل کمپنیوں میں تقسیم کر دیا گیا جس کی مجموعی مالیت تقریباً 5.7 بلین ریال ہے۔

  • اناج برآمدگی معاہدہ: ’مثبت صورت حال کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے‘

    اناج برآمدگی معاہدہ: ’مثبت صورت حال کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے‘

    کیف: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اناج برآمدگی معاہدے سے پیدا ہونے والی مثبت صورت حال کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز رجب طیب اردوان یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کی دعوت پر دارالحکومت کیف پہنچے تھے، یہ روس یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد ترک صدر کا پہلا دورہ یوکرین تھا۔

    ترک صدر رجب طیب اردوان نے یوکرینی ہم منصب اور یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس سے ملاقاتیں کیں۔

    یوکرین جنگ: زیلنسکی، اردوان اور گوتریس کی اہم ملاقات

    ترک صدر نے کہا کہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ہم اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے، اناج برآمدگی کے حوالے سے جو معاہدہ کیا گیا ہے، اس سے پیدا ہونے والی مثبت صورت حال کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

    یوکرین سے اناج کے 5 بحری جہاز روانہ، عالمی مارکیٹ میں گندم سستی ہو گئی

    واضح رہے کہ پانچ ماہ قبل روس کی جانب سے یوکرین پر حملہ کرنے کے بعد بحیرۂ اسود کے ذریعے اناج لے جانے والے یوکرینی جہاز رک گئے تھے، جس کی ترسیل کے لیے ترکی اور اقوام متحدہ نے کئی ماہ کی کوششوں کے بعد یوکرین اور روس کے درمیان ایک معاہدہ کروایا۔

  • پنجاب میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف اہم اقدام

    پنجاب میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف اہم اقدام

    لاہور: پنجاب حکومت نے ذخیرہ اندوزی پر گوداموں کے قواعد تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے گوداموں کے نئے قواعد پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امور قانون سازی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ذخیرہ اندوزی پر گوداموں کے قواعد تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے گوداموں کے نئے قواعد پر غور کیا گیا۔

    وزیر قانون کا کہنا تھا کہ نئے قواعد میں اشیا کے ذخیرے کی مقدار کا لازمی تعین کیا جائے، ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کے لیے سخت قوانین کی ضرورت ہے۔

    صوبائی کابینہ کمیٹی نے نئے قواعد میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں مائننگ بورڈ کی تشکیل کی منظور بھی دے دی گئی۔

    علاوہ ازیں محکمہ ماحولیات کے کنسلٹنٹس کی رجسٹریشن کے قواعد میں ترمیم اور پنجاب کرسچن میرج رولز 2021 کی توثیق کی بھی منظوری دے دی گئی۔

  • ڈبل روٹی اور میکرونی کا امراض قلب سے کیا تعلق ہے؟

    ڈبل روٹی اور میکرونی کا امراض قلب سے کیا تعلق ہے؟

    اوٹاوا: امریکی طبی محققین نے خبردار کیا ہے کہ سفید ڈبل روٹی اور پاستا (میکرونی) کی زیادتی امراض قلب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا میں ہونے والی ایک تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ وائٹ بریڈ (سفید ڈبل روٹی)، پاستا (میکرونی) اور دیگر خالص زرعی اجناس کے وافر استعمال سے سنگین خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

    مطالعے کے مطابق ان اشیا کے کھانے میں زیادتی جلد اموات کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

    ادھر یو ایس فُل گرین کونسل کا کہنا ہے کہ اناج کی صفائی کے نتیجے میں اناج میں سے ایک چوتھائی پروٹین زائل ہو جاتا ہے، اس کے علاوہ نصف سے لے کر دو تہائی غذائی عناصر برباد ہو جاتے ہیں۔

    میک ماسٹر یونی ورسٹی کے تحقیقی مطالعے میں 9 سال کے دوران میں دنیا کے 21 ممالک کے 1.37 لاکھ افراد کو شامل کیا گیا، نتائج میں کہا گیا کہ جو لوگ ’خالص اجناس‘ (یعنی صاف کی ہوئی) کا بہ کثرت استعمال کرتے ہیں ان میں ’پوری اجناس‘ (بغیر صاف کی ہوئی) استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں دل کے دورے اور فالج کے حملے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

    صاف کی ہوئی اجناس کی مصنوعات میں ڈبل روٹی، غلے کی اجناس، میٹھی اشیا اور پیسٹریز اہم ترین ہیں، اناج کو ’مکمل‘ اس وقت شمار کیا جاتا ہے جب وہ تین حقیقی اجزا یعنی بھوسی چھلکا، تخم اور جرثومہ پر مشتمل ہو، اگر ان میں سے کوئی ایک یا زیادہ اجزا نکال دیے جائیں تو یہ ’خالص‘ (یعنی چھنا ہوا) اناج بن جاتا ہے۔

    ریسرچ میں دیکھا گیا کہ جن افراد نے ایک دن میں صاف اور چھنے ہوئے اناج کے 7 سے زیادہ ٹکڑے کھائے ان میں جلد اموات کا تناسب 27 فی صد بڑھ گیا، ان میں امراض قلب کا تناسب 33 فی صد اور فالج کے حملے کا امکان 47 فی صد زیادہ ہوتا ہے۔

    محققین نے ان نتائج کی بنیاد پر ہدایت کی ہے کہ چھنے ہوئے اناج کو دیگر دستیاب متبادل سے تبدیل کیا جائے، جن میں مکمل اناج (بغیر چھنا) مثلاً براؤن رائس اور جو شامل ہیں۔