Tag: انتخابات کی خبریں، الیکشن کی خبریں،

  • الیکشن 2018: ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے ایم کیو ایم کی درخواست دائر

    الیکشن 2018: ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے ایم کیو ایم کی درخواست دائر

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے شہر کے مختلف حلقوں میں ڈالے جانے والے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے صوبائی الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادی۔

    ایم کیو ایم کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ’ووٹوں کی گنتی کے وقت پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالنے پر شدید تحفظات ہیں، انتخابات میں ہونے والی الیکشن کمیشن کے ضوابط کی خلاف ورزی پر تشویش ہے‘۔

    متحدہ پاکستان نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ کراچی کے  مختلف قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کی دوبارہ گنتی کی جائے اور جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے انتخابی نتائج روکے جائیں۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے ہم سندھ اسمبلی کی 3 نشستیں جیت جائیں گے: علی رضاعابدی

    واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی 272 نشتوں میں سے 115 اپنے نام کیں، کراچی سے پی ٹی آئی 12 نشستیں حاصل کرنے کے بعد شہر کی سب سے بڑی جماعت بن گئی۔

    پولنگ کے روز جب گنتی کا عمل شروع ہوا تھا تو ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن، متحدہ مجلس عمل سمیت دیگر آزاد امیدواروں نے اعتراض اٹھایا تھا کہ ان کے پولنگ ایجنٹس کو گنتی کے وقت باہر نکال دیا گیا اور نتائج فارم 45 کے بجائے سادہ کاغذ پر دیے گئے تھے۔

    صوبائی الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدوار کی جانب سے عائد ہونے والے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ گنتی کے وقت تمام امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس موجود تھے اور فارم 45 بھی جلد جاری کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم کا وزارت عظمیٰ کے لئے عمران خان کی حمایت کا اعلان

    خیال رہے کہ ایم کیو ایم نے گزشتہ روز وفاق میں تحریک انصاف کی حمایت اعلان کیا اور انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے معذرت کی تھی، دلچسپ امر یہ ہے کہ جن حلقوں پر متحدہ دوبارہ گنتی کروانے کا مطالبہ کررہی ہے وہاں سے پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • الیکشن 2018: ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرکٹر کی عمران خان کو مبارک باد

    الیکشن 2018: ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرکٹر کی عمران خان کو مبارک باد

    اسلام آباد: ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرکٹر سر ووین رچرڈ نے عمران خان کو عام انتخابات میں ملنے والی کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے مستقبل میں نیک خواہشات کا استعمال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2018 میں تحریک انصاف کے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر واضح اکثریت حاصل کیں، جس کے بعد پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں پہلی سندھ اور بلوچستان کی دوسری بڑی جماعت بن گئی۔

    عمران خان نے قومی اسمبلی میں اکثریت ملنے کے بعد قوم سے خطاب کیا جسے نہ صرف پاکستانیوں بلکہ غیر ملکیوں نے بھی بہت زیادہ سراہا اور اسے پاکستان کے روشن مستقبل کا عکاس قرار دیا۔

    مزید پڑھیں: ترک صدر کا عمران خان کو فون، جیت پر مبارک باد

    تحریک انصاف کے چیئرمین کو دنیا بھر سے نامور شخصیات اور کرکٹرز کی جانب سے مبارک باد اور نیک خواہشات کے پیغامات موصول ہوئے، سعودی عرب، چین، بھارت، افغانستان، ترکی، کینیڈا کے سربراہان نے بھی کپتان کو مبارک باد دی۔

    عمران خان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے والے یا دنیائے کھیل سے وابستہ افراد نے بھی ممکنہ وزیراعظم بننے پر چیئرمین پی ٹی آئی کو مبارک باد پیش کررہے ہیں، اس ضمن میں ویسٹ انڈین ٹیم کے لیجنڈ کرکٹر نے بھی کپتان کو واضح اکثریت حاصل کرنے پر مبارک باد کا پیغام شیئر کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ووین رچرڈ نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُن کا آڈیو پیغام ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: سرفراز کی قیادت میں‌ کھلاڑیوں‌ کی بنی گالہ آمد، مبارکباد

    ویسٹ انڈین کرکٹر کا کہنا تھا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ میں نے کئی عرصے سے آپ کے خلاف میچز نہیں کھیلے مگر یہ جانتا ہوں کہ آپ ہی وہ واحد سبقت رکھنے والے لوگوں میں سے ایک ہیں جس سے میرا سامنا ہوتا‘۔

    ’جیسے کرکٹ کے میدان میں آپ کے اندر جذبہ دیکھا یہی خاصیت آپ کی سیاسی میدان میں بھی نظر آئی، امید ہے کہ آپ کی قیادت میں ملک اور شہریوں کی مشکلات کو دور کرے گی اور خدا آپ کی مدد بھی کرے گا! انشاء اللہ‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کینیڈین وزیر نے عمران خان کے خطاب اور الیکشن 2018 کو بہترین قراردے دیا

    کینیڈین وزیر نے عمران خان کے خطاب اور الیکشن 2018 کو بہترین قراردے دیا

    ٹورنٹو: کینڈا کے امیگریشن وزیر احمد حسین نے پاکستان میں ہونے والے حالیہ انتخابات اور ممکنہ وزیراعظم عمران خان کے فاتحانہ خطاب کو سراہا اور اُس کی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کی رات کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں نجی چینل کی جانب سے ایوارڈ شو کا انعقاد کیا گیا جس میں سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہترین الیکشن ہوئے اور میں نے خود عمران خان کی تقریر سنی جس میں انہوں نے زبردست باتیں کیں۔

    احمد حسین کا کہنا تھا کہ عمران خان کی وجہ سے کینیڈا پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا کیونکہ ہم عمران خان کی تقریر اور اُن کے وژن سے متاثر ہوئے جسے انہوں نے تقریر میں بیان کیا۔

    انہوں نے اعتراف کیا کہ ملکی ترقی میں کینڈا کی ترقی میں یہاں بسنے والے پاکستانیوں کی خدمات بھی قابل تعریف ہیں، ہم پاکستان کے ساتھ مستقبل میں اپنے ثقافتی تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے کیونکہ دونوں ممالک کا اتحاد ہی اصل طاقت ہے۔

    کینڈا کے امیگریشن وزیر نے اپنی تقریر کا اختتام پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ کیا۔ پاکستان تحریک انصاف نے ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کی۔

    واضح رہے کہ عمران خان نے الیکشن 2018 میں پاکستان تحریک انصاف کی واضح اکثریت کے بعد قوم سے پہلا خطاب کیا تھا جس میں انہوں نے خارجہ پالیسی اور بالخصوص پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی تھی۔

    پی ٹی آئی چیئرمین اور پاکستان کے ممکنہ وزیراعظم کی تقریر کو نہ صرف پاکستانیوں سے قابلِ تعریف قرار دیا بلکہ افغانستان، چین، بھارت، سعودی عرب، آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک نے بھی سراہا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی ٹی آئی کے نومنتخب رکن اسمبلی کا سرکاری مراعات اور تنخواہ نہ لینے کا اعلان

    پی ٹی آئی کے نومنتخب رکن اسمبلی کا سرکاری مراعات اور تنخواہ نہ لینے کا اعلان

    لاہور: تحریک انصاف کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی بیرسٹر حماد اظہر نے عمران خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سادگی اختیار کرنے اور سرکاری مراعات و تنخواہ نہ لینے کا اعلان کردیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تحریک انصاف کے حلقہ این اے 126 سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی نے اعلان کیا کہ ’میں اپنے قائد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے سادگی اختیار کروں گا اور تنخواہ یا مراعات نہیں لوں گا‘۔

    یاد رہے کہ تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر محمد حماد اظہر نے لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 126 سے الیکشن لڑا اور 1 لاکھ 5 ہزار 434 ووٹوں حاصل کر کے فتح اپنے نام کی جبکہ اس نشست سے اُن کے مدمقابل مسلم لیگ ن کی مہر اشتیاق تھیں جنہوں نے 1 لاکھ 2 ہزار 667 ووٹ حاصل کیے تھے۔

    مزید پڑھیں: نجیب ہارون کا بطوررکن اسمبلی تمام مراعات وتنخواہ نہ لینے کا اعلان

    قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون نے بھی بطور رکن اسمبلی تمام مراعات و تنخواہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب امیدوار نجیب ہارون کا بطور رکن اسمبلی تمام مراعات وتنخواہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرا مقصدعوام کی خدمت اورعمران خان کے مشن کو بڑھانا ہے۔

    یاد رہے کہ عمران خان نے کامیابی کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ وعدہ کرتا ہوں، عوام کےٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کروں گا، عوام ٹیکس اس لیےنہیں دیتے، کیوں کہ وہ دیکھتےہیں کہ حکمران ان پیسوں سے عیاشی کرتے ہیں۔

    پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم اپنے سارے خرچے کم کریں گے، وزیراعظم ہاؤس کو ایجوکیشن سسٹم کے لئے دینا ہے یاہوٹل بنانا ہے، ہماری حکومت فیصلہ کرے گی، وزیراعظم ہاؤس کےذریعےکمایاگیا سارا پیسہ عوام پرخرچ کریں گے۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نےقومی اسمبلی کےدو سو ستر حلقوں کےمکمل نتائج جاری کردئیے، جس کے تحریک انصاف ایک سو پندرہ نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے ، ن لیگ چونسٹھ سیٹوں کے ساتھ دوسری اور پیپلزپارٹی تینتالیس سیٹوں کےساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں.

  • عمران خان کو وزیراعظم بنا کر گھر چلا جاؤں گا، جہانگیر ترین

    عمران خان کو وزیراعظم بنا کر گھر چلا جاؤں گا، جہانگیر ترین

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ عمران خان کو وزیراعظم بنا کر گھر چلا جاؤں گا، نظر ثانی اپیل دائر کروں گا اگر فیصلہ حق میں آیا تو بہتر ورنہ گھر ہی بیٹھوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ’پنجاب میں ہمارے 131 اراکین اسمبلی ہوچکے آج رات تک مزید ایم پی ایز بھی شامل ہوجائیں گے‘۔

    پی ٹی آئی کے رہنما نے بڑااعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’ نااہلی کے فیصلے پر میرے پاس اپیل کا حق موجود ہے، عدالت میں درخواست دائر کروں گا اگر حق میں فیصلہ آیا تو بہتر ورنہ گھر بیٹھوں گا‘۔

    مزید پڑھیں: عمران خان کو ڈی چوک پر حلف اٹھانے کا مشورہ

    دوسری جانب وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے آزاد امیدوار تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کررہے ہیں، کچھ دیر قبل ملتان سے کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار شیخ سلمان نعیم نے جہانگیر ترین اور علیم خان سے ملاقات کر کے عمران خان کی حمایت کا اعلان کیا۔

    واضح رہے کہ الیکشن 2018 میں عمران خان ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کو بڑی شکست دے کر وفاق میں حکومت سازی کی پوزیشن میں آگئے ہیں جس کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔

    کابینہ میں کن لوگوں کو شامل نہیں کیا جائے گا؟

    علاوہ ازیں تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے نیب زدہ منتخب امیدواروں کو کابینہ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جب تک مذکورہ ممبران کے خلاف تحقیقات ہیں وہ کسی وزارت یا مرکزی و صوبائی کابینہ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: افغان صدر کا عمران خان کو ٹیلی فون، انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد

    اس ضمن میں عمران خان نے منتخب ممبران کی نیب میں جاری کیسز کی تفصیلات بھی طلب کرلیں جبکہ پارٹی ذرائع نے اس بات کی تصدیق بھی کی ہے کہ کابینہ کی تشکیل میں تاخیر کی اہم وجہ امیدواروں کی چھان بین ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن میں‌ فتح، عمران خان کے مداح نے حرم شریف جیت کی خوشی کیسے منائی؟‌ ویڈیو دیکھیں

    الیکشن میں‌ فتح، عمران خان کے مداح نے حرم شریف جیت کی خوشی کیسے منائی؟‌ ویڈیو دیکھیں

    ریاض: عام انتخابات 2018 میں عمران خان اور تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد پی ٹی آئی کارکن نے حرم شریف میں زائرین کو مٹھائی تقسیم کی۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں تحریک انصاف کی واضح برتری اور عمران خان کے ممکنہ وزیراعظم بننے کے بعد دنیا بھر میں بسنے والے پی ٹی آئی کارکنان نے اپنے اپنے طور پر جشن منایا۔

    سمندر پار پاکستانیوں نے عام انتخابات میں آنے والی تبدیلی پر مسرت کا اظہار کیا، اس ضمن میں تحریک انصاف کے آسٹریلیا، برطانیہ، امریکا اور جرمنی سمیت دیگر علاقوں میں بسنے والے کارکنان نے ریلیاں بھی نکالیں جس میں کپتان کے حق میں نعرے لگائے گئے۔

    مزید پڑھیں: عمران خان جسے چاہیں گے وہی وزیرِ اعلیٰ پنجاب بنے گا، علیم خان

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حرم کعبہ کے صحن میں ایک شخص زائرین کو مٹھائی تقسیم کررہا ہے۔

    ویڈیو شیئر کرنے والے نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ شخص پاکستانی اور عمران خان کا ہمدرد ہے جس نے عام انتخابات میں کپتان کی کامیابی اور تحریک انصاف کی واضح اکثریت کا سُن کر زائرین میں مٹھائی تقسیم کر کے خوشی کا جشن منایا۔

    واضح رہے کہ 25 جولائی کو ملک بھر میں عام انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی 272 نشستوں میں سے 115 سیٹوں پر واضح اکثریت حاصل کی علاوہ ازیں چاروں صوبوں کی صوبائی نشستوں پر بھی پی ٹی آئی نے واضح اکثریت حاصل کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • الیکشن 2018: عائشہ گلالئی انتخابی میدان میں بری طرح ناکام

    الیکشن 2018: عائشہ گلالئی انتخابی میدان میں بری طرح ناکام

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رہنما اور عمران خان پر مبینہ الزامات لگانے والی عائشہ گلالئی کا سیاسی کیریئر شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سے باغی ہوکر اپنی علیحدہ جماعت تحریک انصاف گلالئی بنانے والی خاتون رہنما نے الیکشن 2018 سے قبل اپنی کامیابی کے بلند و بانگ دعویٰ کیے تاہم انتخابی میدان میں وہ بری طرح سے ناکام ہوگئیں۔

    عائشہ گلالئی نے قومی اسمبلی کے چار حلقوں سے الیکشن لڑا، انہوں نے این اے 53 سے عمران خان کے خلاف انتخاب لڑا جس میں وہ صرف 138 ووٹ حاصل کرسکیں علاوہ ازیں منحرف رہنما پرویز خٹک کے خلاف این اے 25 اور سید ایاز علی شاہ کے مدمقابل این اے 231 کھڑی ہوئیں جہاں وہ بالترتیب 959 اور 827 ووٹ حاصل کرسکیں اس کے علاوہ لودھراں سے بھی انہیں صرف 614 ووٹ ملے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان کے لیڈر غریبوں کے ہمدرد ہوتے تواپنی آدھی جائیداد غریبوں کے نام کر دیتے، عائشہ گلالئی

    عمران خان پر بے بنیاد الزامات لگانے والی عائشہ گلالئی کی چاروں حلقوں سے ضمانت ضبط ہوئی اس کے علاوہ اُن کی جماعت سیاسی میدان کے پہلے ہی معرکے میں بری طرح سے ناکام ہوگئی۔

    واضح رہے کہ پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین، پرویز مشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان تحریک انصاف کا حصہ رہنے والی عائشہ گلالئی نے فروری 2018 میں اپنی علیحدہ سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف گلالئی بنانے کا اعلان کیا تھا۔

    خیال رہے کہ عائشہ گلالئی نے مسلم لیگ ن کی سابق حکومت اور قیادت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ لیگی قیادت نے فوج مخالف بیان دینے کی شرط پر سینیٹ کے ٹکٹ کی پیشکش کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: نواز شریف مکار اور عمران خان سے زیادہ خطرناک ہیں، عائشہ گلالئی

    تحریک انصاف کی منحرف رہنماء اس سے قبل بھی مسلم لیگ (ن) کے متعدد سینئر رہنماؤں کے خلاف بیان دے چکی ہیں جن کی زد میں سابق ناااہل وزیر اعظم نواز شریف بھی آچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ عائشہ گلا لئی تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ممبر اسمبلی منتخب ہوئی تھیں اور اس سے قبل وہ عمران خان پر نامناسب پیغامات بھیجنے کا الزام بھی لگا چکی ہیں تاہم کئی ماہ گزر جانے کے باوجود انہوں نے اس حوالے کوئی ثبوت یا شواہد پیش نہیں کئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • انتخابات مسترد، بلاول کا ڈٹ کر اپوزیشن کرنے کا اعلان

    انتخابات مسترد، بلاول کا ڈٹ کر اپوزیشن کرنے کا اعلان

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی مگر وہ اس میں ناکام رہا، ہم انتخابات کو مسترد کرتے ہیں مگر پارلیمنٹ جاکر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی الیکشن 2018 کو مستردکرتی ہے، اس ضمن میں ہم نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی جو دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کر کے رپورٹ مرتب کرے گی اور پھر ہم اگلا لائحہ عمل دیں گے۔

    پیپلزپارٹی کےچیئرمین کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت پسندہے، ہم پارلیمنٹ جاکر اس مسئلے پر بھرپور آواز اٹھائیں گے اور دیگر جماعتوں کو بھی مشورہ ہے کہ وہ جمہوری اور پارلیمانی فارم کو کسی صورت نہ چھوڑیں۔

    مزید پڑھیں: آل پارٹیز کانفرنس، دوبارہ انتخابات کے لیے تحریک چلانے کا اعلان

    اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کے انعقاد میں ناکام ہوگیا لہذا چیف الیکشن کمیشنر فوری طور پر مستعفیٰ ہوں، ہم شفاف انتخابات پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے البتہ پیپلزپارٹی ڈٹ کر اپوزیشن کرے گی اور ہم بتائیں گے کہ حزب اختلاف کا کردار کیسے ادا کیا جاتا ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کوسلام پیش کرتاہوں، ہم نے 2013 کے مقابلے میں 2018 کے انتخابات میں بہتر کاکردگی دکھائی اور پہلے کے مقابلے میں تعداد کے حساب سے اچھی نشستیں حاصل کی۔

    آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی پی اجلاس کی وجہ سے اےپی سی میں شرکت نہیں کرسکی، دیگر جماعتوں کے بھی الیکشن پر سخت تحفظات ہیں ہم سب سے بات کریں گے۔

    حلقہ این اے 246 کی نشست پر شکست کے حوالے سے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ لیاری والے میرے لاڈلے ہیں اُن کی خدمت کرتا رہوں گا، پیپلزپارٹی نے کارکردگی کی بنیاد پر وزیراعلیٰ سندھ کا منصب دوبارہ مراد علی شاہ کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • مغرب کے بعد سے فجر تک صورتحال تبدیل ہوئی، علی رضا عابدی

    مغرب کے بعد سے فجر تک صورتحال تبدیل ہوئی، علی رضا عابدی

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حریف علی رضا عابدی نے کہا ہے کہ میرے 864 پولنگ ایجنٹس نے پوچھا مجھے کیوں نکالا؟ مغرب کے بعد سے فجر تک صورتحال تبدیل ہوئی۔

    اے آر وائی کی خصوصی الیکشن ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے علی رضا عابدی کا کہنا تھا کہ کراچی میں تحریک انصاف کی کامیابی پر سب کو حیرت ہوئی۔

    ایم کیو ایم کے امیدوار کا کہنا تھا کہ آرٹی ایس سسٹم آراو اور الیکشن کمیشن میں رابطے کے لیے تھا، پولنگ ایجنٹس کو اسٹیشنز سے نکال دیا گیا، یہ شکایت صرف میری نہیں بلکہ دیگر جماعتوں کے امیدوران نے بھی کی۔

    علی رضا عابدی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سادے پرچے پرنتیجہ لکھ کردےدیا گیا اور کہا گیا کہ فارم بعدمیں ملےگا، صرف ایک جماعت ایجنٹس کو اندر بیٹھنے کی اجازت دی گئی۔

    ووٹر کی تقسیم کے حوالے سے متحدہ پاکستان امیدوار کا کہنا تھا کہ اگر ایم کیو ایم کا ووٹر تقسیم تھا تو پاک سرزمین پارٹی کو ووٹ بھی ملنا چاہیے تھا مگر ایسا دیکھنے میں نہیں آیا، الیکشن کمیشن میں ممکنہ دھاندلی اور نتائج تبدیل کرنے کے خلاف درخواست دائر کردی۔

    خیال رہے کہ علی رضا عابدی قومی اسمبلی کے حلقے این اے 243 سے تحریک انصاف کے مدمقابل تھے جنہیں عمران خان نے بڑے ووٹوں کے شکست دی۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اُن کے پولنگ ایجنٹس کو اسٹیشنز سے باہر نکال کر نتائج تبدیل کیے گئے جبکہ الیکشن کمیشن کے ترجمان نے الزامات کو مسترد کردیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پیپلزپارٹی نے تحریک انصاف سے بات چیت کا اشارہ دے دیا

    پیپلزپارٹی نے تحریک انصاف سے بات چیت کا اشارہ دے دیا

    کراچی: پیپلزپارٹی کے ترجمان اور رہنما مولا بخش چانڈیو نے تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا اشارہ دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ہماری دشمنی کسی بھی جماعت سےنہیں، پاکستان کو بحران سے نکالنے کے لیے سب کے ساتھ بات اور کام کرنے کو تیار ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو ضرورت ہوگی تو وہ ہم سے خود بات کرلے گی، الیکشن نتائج اور دھاندلی سے متعلق اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے متعلق بات کرنا میرے اختیار کی بات نہیں ہے۔

    مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے پیپلزپارٹی کسی کا کاندھا نہیں بنے گی، ملک میں استحکام کی خاطر آج بھی سب کے لیے دروازے کھولے ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، قومی اسمبلی کے 272 حلقوں میں سے تحریک انصاف کو واضح اکثریت حاصل ہے جبکہ مسلم لیگ ن دوسرے اور پیپلزپارٹی تیسرے نمبر پر ہے۔

    یاد رہے کہ انتخابی مہم کے دوران عمران خان دو ٹوک مؤقف اختیار کرچکے ہیں کہ کسی بھی کرپٹ جماعت سے کوئی الحاق نہیں ہوگی اور اگر مخلوط حکومت بنانے کی صورتحال ہوئی تو تحریک انصاف اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک’پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔