Tag: انتخابات کی خبریں

  • ڈپٹی کمشنر کا کفن تیار کروانے کا بیان، نگراں وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا

    ڈپٹی کمشنر کا کفن تیار کروانے کا بیان، نگراں وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا

    پشاور: ڈپٹی کمشنر پشاور کے الیکشن کے روز کے لیے 1 ہزار کفن تیار کروانے کے بیان پر نگراں وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ کا مذکورہ بیان گزشتہ روز سامنے آیا تھا جب انہوں نے میڈیا کو بریفنگ دی۔

    ڈی سی کا کہنا تھا کہ الیکشن کے دن کے لیے ہم پوری طرح تیار ہیں اور اس حد تک منصوبہ بندی کی گئی ہے کہ اگر الیکشن کے دن کوئی سانحہ رونما ہوتا ہے تو اس کے لیے ہم نے 1 ہزار کفن بھی تیار کر رکھے ہیں۔

    ڈی سی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت تیزی سے وائرل ہوگئی جس کے بعد نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان نے بھی نوٹس لے لیا۔

    ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ڈی سی کا بیان خوف و ہراس پھیلانے کا بھونڈا مذاق ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈی سی پشاور کو غیر ذمہ دارانہ بیان پر شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ ووٹرز کی مکمل سیکیورٹی کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: الیکشن کے دن سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن کی حتمی تیاریاں، ووٹرز کے لیے ضروری ہدایات جاری

    الیکشن کی حتمی تیاریاں، ووٹرز کے لیے ضروری ہدایات جاری

    اسلام آباد: انتخابات 2018 سے ایک روز قبل الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز کی حتمی تعداد اور ووٹرز کے لیے ضروری ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 85 ہزار 3 سو 7 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

    سب سے زیادہ پولنگ اسٹیشنز صوبہ پنجاب میں ہیں جن کی تعداد 47 ہزار 8 سو 13 ہے۔ سندھ میں 17 ہزار 7 سو 47 اور خیبر پختونخواہ میں 12 ہزار 6 سو 34 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے۔

    صوبہ بلوچستان میں 4 ہزار 4 سو 20، فاٹا میں 1 ہزار 7 سو 36، سرحدی علاقوں یعنی ایف آر 1 سو 60 اور اسلام آباد میں 7 سو 97 پولنگ اسٹینز بنائے گئے ہیں۔

    ملک بھر میں 17 ہزار 7 پولنگ اسٹیشنز کو نہایت حساس قرار دیا گیا ہے۔

    سندھ میں حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 5 ہزار 8 سو 78، پنجاب اور اسلام آباد میں 5 ہزار 4 سو 87، پختونخواہ میں 3 ہزار 8 سو 74 جبکہ بلوچستان کے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعدا 17 سو 68 ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب کر دیے گئے جبکہ ان پر پاک فوج اور پولیس بھی تعینات کی گئی ہے۔


    خواتین پولنگ عملے کے لیے سہولت

    دوسری جانب ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خواتین پریزائیڈنگ افسر سمیت خواتین عملے کا پولنگ اسٹیشن پر رات رکنا لازمی نہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین عملے کو پولنگ اسٹیشن روکنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ زبردستی روکنے کی شکایت پر کارروائی کی جائے گی۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ کل صبح 6 بجے خواتین عملہ پولنگ اسٹیشن پر موجود ہوگا۔


    انتخابی سامان کی ترسیل کا کام جاری

    ملک بھر میں قائم پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی سامان کی ترسیل کا کام فوج کی نگرانی میں جاری ہے۔

    10 لاکھ کے قریب انک پیڈز اور انمٹ سیاہی پولنگ اسٹیشنز پر پہنچائی جارہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے بھی سینٹرل مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم قائم کردیے۔

    رزلٹ وصول کرنے کے لیے 6 اسکرینز نصب کی گئی ہے ہیں۔ اسکرینز پر آر ایم ایس اور آر ٹی ایس کے ذریعے رزلٹ موصول ہوں گے۔

    مانیٹرنگ سیل میں 12 ٹیمیں ہوں گی، ہر ٹیم میں 3 افراد جبکہ ٹیم کے سربراہ ایڈیشنل ڈی جی ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ اسیٹشن میں پولنگ سامان کی حفاظت کے ذمہ دار پریزائڈانگ افسران ہوں گے۔

    پولنگ صبح 8 بجے سے بلا تعطل شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔


    ووٹرز کے لیے ضروری ہدایات

    الیکشن کمیشن نے ووٹرز کے لیے بھی ضروری ہدایات جاری کردیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کے دوران غیر جانبدار، پریزائیڈنگ افسر کے قانونی حکم کی تعمیل کریں۔ انتخابی عملہ یا سیکیورٹی اسٹاف کسی کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب نہیں دے سکتے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ووٹ ڈالنے کے لیے اصل قومی شناختی کارڈ ہمراہ لائیں۔ زائد المیعاد قومی شناختی کارڈ قابل قبول ہے، فوٹو کاپی قابل قبول نہیں ہوگی۔

    ووٹرز اور انتخابی عملہ ووٹ کی رازداری کا خیال رکھیں۔ بیلٹ پیپر پر نشان لگانے کے لیے پولنگ حکام کی فراہم کردہ مہر استعمال کریں۔ پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون اور کیمرہ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • میری 22 سالہ جہد مسلسل آج ایک فیصلہ کن موڑ پر آپہنچی ہے: عمران خان

    میری 22 سالہ جہد مسلسل آج ایک فیصلہ کن موڑ پر آپہنچی ہے: عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میری 22 سالہ جہد مسلسل آج ایک فیصلہ کن موڑ پر آپہنچی ہے، گرم موسم اور دہشت گردی کے منڈلاتے بادلوں کے سائے میں ہم نے مہم چلائی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کی انتخابی مہم سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ دیانتداری سے سمجھتا ہوں میں نے تعمیر وطن کے لیے صلاحیتیں اور توانائیاں صرف کیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں اپنے رب سے اس محنت کے ثمر کا خواستگار ہوں، ملک بھر سے نکلنے والے پاکستانیوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں، الیکشن مہم کے دوران ہم نے بڑی محنت کی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ دوران مہم پیر کی رات تک مختلف علاقوں میں 60 جلسے مکمل کیے، ان اجتماعات کی زینت بڑھانے کے لیے لاکھوں پاکستانی نکلے، میں ان کا مشکور ہوں۔


    الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات: انتخابی مہم کا وقت ختم


    خیال رہے کہ آج 24 جولائی سے الیکشن 2018 کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا ہے، ایک دن بعد قوم اپنے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔

    واضح رہے کہ رات کے بارہ بجتے ہی ملک بھر میں ووٹرز کو مائل اور قائل کرنے کا وقت ختم ہو گیا، سیاسی شخصیات نے انتخابی مہم روک لی ہے۔

    یاد رہے کہ ملک میں جاری الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملکی جمہوری تاریخ کا ایک اور سنگ میل عبور ہونے میں ایک دن رہ گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں جمہوریت برقرار رہے: خورشید شاہ

    ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں جمہوریت برقرار رہے: خورشید شاہ

    سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں ملک میں جمہوریت برقرار رہے، ہماری جماعت کسی سازش کا حصہ نہیں بنی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سازش میں پڑنے کے بجائے ہم نے جمہوریت بچانے کو اہم سمجھا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پارلیمنٹ اپنا کام کرے، ماضی میں جنتی میں سازشیں ہوئیں انہیں ناکام بنانے میں ہم نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

    رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ کسی کو برا نہیں کہیں گے، گالی کی سیاست نہیں کرتے، ہم نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا، ملک میں جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں۔


    ملک بدترین حالات سے گزر رہا ہے، معیشت تباہ ہوچکی ہے: خورشید شاہ


    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اللہ پاک کا شکر ہے ہمیں عوام نے ہمیشہ سرخرو کیا، مستقبل میں بھی سرخرو ہوں گے، عام انتخابات میں عوام ہمیں کامیاب بنائیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ 30 سال سے ووٹ لینے کی لڑائی چلی ہے، حالات جیسے بھی ہوں پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا، ہم چاہتے ہیں ملک میں جمہوریت قائم رہے۔

    خیال ہے کہ خورشید شاہ نے گذشتہ دنوں سکھر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کی معیشت تباہ ہوچکی ہے، ملک بدترین حالات سے گزر رہا ہے، ایسے موقع پر ہمیں ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات: انتخابی مہم کا وقت ختم

    الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات: انتخابی مہم کا وقت ختم

    اسلام آباد: الیکشن 2018 کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا ہے، ایک دن بعد قوم اپنے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق رات کے بارہ بجتے ہی ملک بھر میں ووٹرز کو مائل اور قائل کرنے کا وقت ختم ہو گیا، سیاسی شخصیات نے انتخابی مہم روک لی ہیں۔

    ملک میں جاری الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملکی جمہوری تاریخ کا ایک اور سنگ میل عبور ہونے میں ایک دن رہ گیا۔

    انتخابی مہم کے آخری دن لاہور، ڈی جی خان، راولپنڈی، جیکب آباد اور کراچی میں بڑے جلسے منعقد کیے گئے، ووٹرز کو لبھانے کے لیے بڑی سیاسی جماعتوں کی کوششیں عروج پر نظر آئیں۔

    25 جولائی کو بڑی تبدیلی آئے گی یا ملک اپنے معمول کی ڈگر پر یوں ہی چلتا رہے گا، قوم کیا فیصلہ کرے گی، یہ معلوم ہونے میں ایک ہی دن رہ گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے پُر امن اور شفاف انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں، فوجی جوان بھی ملک بھر میں تعینات کیے جا چکے ہیں۔

    25 جولائی کو کون سے کام ’جرائم‘ میں شمار ہوں گے؟


    الیکشن کمیشن نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ محفوظ ماحول میں ووٹ کاسٹ کر سکیں گے چناں چہ وہ بے خوف ہو کر 25 جولائی کو گھروں سے نکل کر ووٹ ڈال کر اپنا جمہوری حق ادا کریں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق آج رات بارہ بجے کے بعد سے کوئی امیدوار یا سیاسی جماعت انتخابی مہم نہیں چلا سکتی، جلسے، ریلی یا کارنر میٹنگز اور میڈیا تشہیری مہم انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی سمجھی جائے گی، جس کی سزا ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دو سال قید یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • الیکشن ڈیوٹی کے لیے فوجی جوان تعینات کردیے گئے، آئی ایس پی آر

    الیکشن ڈیوٹی کے لیے فوجی جوان تعینات کردیے گئے، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ انتخابات میں ڈیوٹی کے لیے فوجی جوان تعینات کر دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن سے تعاون کے لیے فوجی دستوں کی تعیناتی مکمل ہوگئی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملک میں شفاف الیکشن کے انعقاد کے لیے فوجی دستے الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے، تاکہ پُر امن ماحول میں انتخابات ہوں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ فوجی دستے مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطوں کو یقینی بنائیں گے، محفوظ اور پُر امن ماحول میں انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ دو دن قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئین کے آرٹیکل 220 اور 245 کے تحت مسلح افواج سے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تعاون طلب کیا تھا۔

    شہریوں کو جمہوری فرض ادا کرنے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کریں‌ گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ پاک فوج کی جانب سے شہریوں کو جمہوری فرض ادا کرنے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ووٹرز کو مائل اور قائل کرنے کے لیے سیاست دانوں نے دل چسپ انداز اپنا لیا

    ووٹرز کو مائل اور قائل کرنے کے لیے سیاست دانوں نے دل چسپ انداز اپنا لیا

    کراچی: ووٹرز کو مائل اور قائل کرنے کے لیے سیاست دانوں نے دل چسپ انداز اپنالیا ہے، مختلف سیاست دانوں نے دل چسپ کام کرکے ووٹرز کو اپنی جانب مائل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیاست دانوں کی انتخابی مہم کے خاتمے میں صرف دو گھنٹے رہ گئے ہیں، بارہ بجے رات کے بعد ہر قسم کے انتخابی مہم پر الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق پابندی ہوگی۔

    انتخابی مہم کے سلسلے میں سیاسی جلسوں اور ریلیوں کی گہما گہمی کے دوران عمران خان اور بلاول بھٹو زرداری نے بھرپور انداز میں اپنی مہمات چلائیں، شہباز شریف نے بھی طوفانی دورے کیے۔

    دوسری طرف متحدہ مجلس عمل، عوامی نیشنل پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور پاک سرزمین پارٹی نے بھی جلسے اور کارنر میٹنگوں کے ذریعے عوام کو اپنی جانب متوجہ کیا۔

    کراچی میں ایم کیو ایم کی انتخابی مہم پہلے جیسی جان دار نظر نہ آئی، تاہم ملک کی بڑی جماعتوں نے بھرپور انتخابی مہم چلائی، کچھ امیدواروں نے دل چسپ مہمیں چلائیں۔

    25 جولائی کو کون سے کام ’جرائم‘ میں شمار ہوں گے؟


    ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں کلیجی بھونی اور پراٹھے تلے، فیصل واوڈا بن کباب والے بنے اور انھوں نے برگر بنایا، شیخ رشید نے تندور پر کھڑے ہو کر روٹیاں لگائیں اور حلقے میں موٹرسائیکل پر گھومتے پھرے۔

    عارف علوی نے بھی دل چسپ مہم کا راستہ اختیار کرتے ہوئے رکشا چلایا، خورشید شاہ بھی موٹر سائیکل پر بیٹھ مہم چلاتے رہے، کراچی سے آزاد حثیت میں کھڑے امیدوار ایاز میمن موتی والا نے حد ہی کردی، گندے پانی میں لیٹ گئے اور منہ بھی دھویا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بلوچستان کے بڑے ناموں سے ٹکرانے والی خواتین امیدوار

    بلوچستان کے بڑے ناموں سے ٹکرانے والی خواتین امیدوار

    کوئٹہ: الیکشن 2018 میں صوبہ بلوچستان میں پاکستان کی پہلی اسپیکر صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید درانی اور سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال سمیت 4 خواتین جنرل نشستوں پر بڑے ناموں سے مقابلہ کر رہی ہیں۔

    رواں ماہ 25 جولائی کو عام انتخابات منعقد ہونے جارہے ہیں جس کے لیے ملک بھر سے لاکھوں امیدوار میدان میں ہیں۔

    عام روایات کی برعکس رواں برس کئی ایسے علاقوں سے خواتین بھی انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں جہاں سے پہلے ان کا حصہ لینا ناممکن نظر آتا تھا۔

    ان خواتین کے مدمقابل بھاری بھرکم نام ہیں جو گزشتہ کئی انتخابات میں فتحیاب ہوتے آرہے ہیں تاہم وہ عوام کو ڈیلیور کرنے میں ناکام ہیں۔

    مزید پڑھیں: صحرا کی قسمت بدلنے کے لیے تھر کی خواتین اٹھ کھڑی ہوئیں

    صوبہ بلوچستان سے بھی اس وقت کچھ خواتین فتح یا شکست سے بے نیاز ہو کر کئی بڑے بڑے ناموں کے مدمقابل کھڑی ہیں۔

    کوئٹہ سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 265 پر راحیلہ حمید خان درانی مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہی ہیں۔

    یہ وہ حلقہ ہے جہاں سے محمود خان اچکزئی اور نوابزادہ لشکری رئیسانی جیسی بڑی شخصیات کے علاوہ تحریک انصاف کے قاسم سوری، ایم ایم اے کے حافظ حمد اللہ اور پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ سمیت کل 25 امیدوار میدان میں ہیں۔

    راحیلہ درانی بلوچستان اسمبلی کی پہلی خاتون اسپیکر رہی ہیں۔

    انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز مسلم لیگ ق سے کیا اور 2002 کے عام انتخابات میں مخصوص نشست پر بلوچستان صوبائی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی۔

    مزید پڑھیں: دیر بالا سے عام انتخابات میں حصہ لینے والی پہلی خاتون

    سنہ 2013 کے عام انتخابات میں ن لیگ کی خصوصی نشست پر رکن اسمبلی منتخب ہوئیں اور بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار خاتون اسپیکر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

    دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی نے سابق وفاقی وزیر تعلیم زبیدہ جلال کو ضلع کیچ سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 70پر نامزد کیا ہے۔

    زبیدہ جلال بی این پی کے جان محمد دشتی جیسے مضبوط امیدوار کے مدمقابل ہیں۔

    زبیدہ جلال سنہ 2002 سے 2007 تک وفاقی وزیر کے عہدے پر فائز رہیں۔

    ان دونوں کے علاوہ صوبائی اسمبلی کے لیے حلقہ پی بی 13 جعفر آباد سے راحت جمالی اور پی بی 32 کوئٹہ سے نیشنل پارٹی کی یاسمین لہڑی الیکشن لڑ رہی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اقوام متحدہ کی واچ لسٹ میں شامل 3 امیدوار الیکشن کمیشن میں پیش

    اقوام متحدہ کی واچ لسٹ میں شامل 3 امیدوار الیکشن کمیشن میں پیش

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کی واچ لسٹ میں نام ہونے پر الیکشن میں حصہ لینے والے 3 امیدوار الیکشن کمیشن میں پیش ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی واچ لسٹ میں شامل امیدواروں کے کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔

    وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار اقوام متحدہ کی پابندی میں نہیں آتے، ناموں کی مماثلت کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کیے۔

    وکیل نے کہا کہ بیان حلفی دیتے ہیں امیدواروں کا کسی کالعدم جماعت سے تعلق نہیں۔

    الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ سے تینوں امیدواروں کے شناختی کارڈ کی تفصیلات طلب جبکہ تینوں امیدواروں کو آئندہ سماعت پر دوبارہ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

    الیکشن کمیشن میں مزید سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چیف جسٹس  این اے 60 میں انتخاب ملتوی کرنے کا نوٹس لیں، شیخ رشید

    چیف جسٹس این اے 60 میں انتخاب ملتوی کرنے کا نوٹس لیں، شیخ رشید

    راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار سے اپیل کی ہے کہ وہ این اے 60 میں انتخاب ملتوی کیے جانے کا نوٹس لیں۔

    تفصیلات کے مطابق شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الیکشن ملتوی کیے جانے کو سازش قرار دیا اور کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، وہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف کل ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے۔

    شیخ رشید نے کہا ’الیکشن کمیشن نے اختیارات کا غیر آئینی استعمال کیا ہے، میں الیکشن کمیشن گیا تو مجھ سے کہا گیا کہ کل آپ کو فیصلے کی کاپی دی جائے گی۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ قانون کے تحت صرف امیدوار کی موت پر الیکشن ملتوی ہوتا ہے، الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ 2017 کا غلط استعمال کیا۔

    ایفی ڈرین کوٹہ کیس، حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا

    سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ہائی کورٹ میں اپنے اقدام کا جواب دینا ہوگا، الیکشن کے لیے ہماری تیاری مکمل تھی، اب ہمیں خوف زدہ کیا جا رہا ہے۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے حلقوں میں الیکشن ملتوی کیوں نہیں کیے گئے، آئین کے تحت کوئی طاقت الیکشن روک نہیں سکتی، مجھے امید ہے الیکشن کمیشن آئینی راستہ اختیار کرے گا۔

    واضح رہے کہ انسداد منشیات عدالت نے ایفی ڈرین کوٹا کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور امیدوار حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا دی ہے، ان پر 500 کلو ایفی ڈرین منشیات اسمگلروں کو فروخت کرنے کا الزام تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔