Tag: انتخابات 2018

  • اکرام اللہ گنڈاپور کے حلقہ پی کے 99 ڈی آئی خان میں انتخابات ملتوی

    اکرام اللہ گنڈاپور کے حلقہ پی کے 99 ڈی آئی خان میں انتخابات ملتوی

    اسلام آباد: ڈی آئی خان خودکش حملے میں پی ٹی آئی کے امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور کے جاں بحق ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے پی کے 99 ڈی آئی خان میں انتخابات ملتوی کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان خودکش حملے میں اکرام اللہ گنڈا پور کے جاں بحق ہونے کے بعد پی کے 99 ڈی آئی خان میں انتخابات ملتوی کردئیے گئے ہیں، الیکشن کمیشن کے مطابق پی کے 99 میں الیکشن کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔

    دوسری جانب اکرام اللہ گنڈاپور پر خودکش حملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، سربراہ محکمہ انسداد دہشت گردی تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔

    نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کمیٹی کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی، ایس پی، ایس ایس پی ہیڈکوارٹرز، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن کمیٹی کے رکن ہوں گے، آئی بی، آئی ایس آئی اور ایم آئی کے نمائندے بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

    نگراں وزیر داخلہ اعظم خان نے ڈی آٗی خان دھماکے کی شدید مذمت کی اور اکرام اللہ گنڈاپور کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔

    نگراں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کے پرامن انعقاد کو ہر حال میں یقینی بنائیں گے، دشمن ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے، دشمنوں کے عزائم کو پوری قوم مل کر ناکام بنائے گی۔

    واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کولاچی میں پی ٹی آئی امیدوار اکرام خان گنڈا پورکی گاڑی پرخودکش حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ان کا ڈرائیورموقع پرہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ اکرام خان گنڈا پور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پشاور میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • موجودہ الیکشن کمیشن قانونی طور پر سب سے زیادہ طاقتور ہے، بیرسٹر علی ظفر

    موجودہ الیکشن کمیشن قانونی طور پر سب سے زیادہ طاقتور ہے، بیرسٹر علی ظفر

    لاہور: نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن قانونی طور پر سب سے زیادہ طاقتور ہے، الیکشن کمیشن کی ہدایات پر من و عن عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ووٹر بہتر جانتا ہے کہ اس نے ووٹ کس کو دینا ہے، نگراں حکومت غیر جانبدار انداز میں ذمہ داریاں ادا کررہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی بھرپور معاونت کررہے ہیں، تین سال کی محنت سے الیکشن ایکٹ 2017 منظور کرایا گیا، نگراں حکومت طویل مدتی فیصلے نہیں کرسکتی، الیکشن نتائج کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔

    نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے پاک فوج کو آئین کے تحت طلب کیا گیا، ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ ہونے سے بچانے کے لیے اقدامات کیے۔

    واضح رہے کہ بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے آپ کو غیرجانبدار رکھنا ہے، سرکاری ٹی وی پر تمام پارٹیوں کو یکساں وقت دیا جارہا ہے، عوام اپنے آئینی حقوق کا صحیح اور بھرپور استعمال کریں، وقت آگیا ہے کہ ووٹرز کو بھی ایجوکیٹ کیا جائے، میڈیا بھی شفاف انتخابات کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

    بیرسٹرعلی ظفر کا کہنا تھا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے اور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرانا ہے ، نیب کی ٹیم سزا یافتہ افراد کی گرفتاری کےلئے سرگرم ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • سیہون میں دھاندلی پر اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی گرفتاری کا حکم، پنجاب کے چار افسران بھی معطل

    سیہون میں دھاندلی پر اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی گرفتاری کا حکم، پنجاب کے چار افسران بھی معطل

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ کے شہر سیہون شریف اور سانگھڑ میں پوسٹل بیلٹ پیپرز کے ذریعے دھاندلی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری سندھ سے رابطہ کر کے کہا کہ سیہون کے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کو گرفتار کیا جائے۔

    قبل ازیں الیکشن کمیشن نے ڈی ایس پی سمیت پنجاب کے چار افسران کو بھی سرکاری حیثیت کا ناجائز استعمال کرنے کے الزام میں معطل کر دیا ہے۔

    سرکاری افسران پر اپنے اختیارات کے نا جائز استعمال کا الزام ہے، مذکورہ چار افسران نے سیاسی مہم میں حصہ لیا۔

    معطل افسران میں ڈی ایس پی پنجاب پولیس شبہاز احمد ڈھکو، ڈپٹی سیکریٹری پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب اللہ یار ڈھکو شامل ہیں۔

    الیکشن سے قبل بڑی دھاندلی: سیہون میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ٹھپہ مافیا سرگرم، 5 افراد گرفتار

    چنیوٹ کے سرجن ڈی ایچ کیو ڈاکٹر محمد علی اور اسکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سپروائزر بی ایچ یو چنیوٹ عمران خان کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پی ایس 80 سیہون کے ایجوکیشن آفس میں ٹھپے لگانے کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، اس انتخابی حلقے سے سابق وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • صوابی میں 15 پوسٹل بیلٹ پُر اسرار طور پر غائب

    صوابی میں 15 پوسٹل بیلٹ پُر اسرار طور پر غائب

    صوابی: انتخابات سے قبل دھاندلی کا سلسلہ زور و شور سے شروع ہو چکا ہے، صوابی میں 15 پوسٹل بیلٹ پُر اسرار طور پر غائب کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پوسٹل بیلٹ خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کے علاقے ادینہ میں حلقہ پی کے 47 میں غائب کیے گئے ہیں۔

    صوابی پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹل بیلٹ غائب کرنے کے الزام میں ادینہ سے ایک پوسٹ مین اور تین اساتذہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    مبینہ طور پر دھاندلی کے لیے غائب کیے جانے والے پوسٹل بیلٹ معاملے پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے ڈی سی اور پوسٹ ماسٹر کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    ڈپٹی ریٹرننگ افسر صوابی عادل خان نے کہا ہے کہ پوسٹل بیلٹ غائب کرنے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    الیکشن سے پہلے دھاندلی کا منصوبہ، اے آر وائی نیوز نے ثبوت حاصل کر لیے

    واضح رہے کہ آج اے آر وائی نیوز کی رپورٹر نے لاہور میں عمران خان کے حلقے میں ووٹر لسٹوں میں الیکشن سے قبل دھاندلی کے منصوبے کا انکشاف کیا ہے۔

    الیکشن سے قبل بڑی دھاندلی: سیہون میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ٹھپہ مافیا سرگرم، 5 افراد گرفتار

    دوسری طرف سندھ کے شہر سیہون شریف میں بھی سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے حلقے میں پی پی کے کارکن کو بیلٹ پیپر پر ٹھپے لگاتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پرویز مشرف کو اقتدار چھوڑنے پر مجبور کیا، آصف زرداری

    پرویز مشرف کو اقتدار چھوڑنے پر مجبور کیا، آصف زرداری

    نوابشاہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کے لیے پیپلزپارٹی کی لازوال قربانیاں ہیں، پرویز مشرف کو اقتدار چھوڑنے پر مجبور کیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہداد پور میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، آصف علی زرداری نے کہا کہ پی پی قیادت، کارکنان اپنی جانیں دے کر سرخرو ہوئے ہیں، قیادت، کارکنوں نے جمہوریت کے لیے آگ کے دریا عبور کیے۔

    سابق صدر نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں روٹی، کپڑا، مکان کا وعدہ پورا نہیں کیا، پی پی جب اقتدار میں آتی ہے تو نوجوانوں کو نوکریاں دیتی ہے، روزگار ہو تو روٹی اور کپڑا میسر ہوتا ہے، مکان بھی بن جاتا ہے۔

    آصف زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اپنے نانا اور والدہ شہید کا علم سنبھال لیا ہے، یقیناً بلاول بھٹو اپنی والدہ کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ہر نوجوان کو روزگار ملے گا، ریاست کے ثمرات ہر شہری کو ملیں گے، ملک کے تمام شہریوں کے ساتھ سماجی انصاف ہوگا۔

    واضح رہے کہ سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ عوام کی طاقت اور مخالفین چور دروازے سے اقتدار میں آتے ہیں، مخالفین الزام تراشیوں کے علاوہ کچھ نہیں کرسکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک اور عوام کی خدمت کی ہے، بینظیر بھٹو شہید کا فلسفہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے، پیپلزپارٹی کا ہر کارکن عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • الیکشن سے قبل بڑی دھاندلی: سیہون میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ٹھپہ مافیا سرگرم، 5 افراد گرفتار

    الیکشن سے قبل بڑی دھاندلی: سیہون میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ٹھپہ مافیا سرگرم، 5 افراد گرفتار

    سیہون: انتخابات 2018 سے قبل بڑی دھاندلی کی خبر آگئی ہے، سیہون میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ٹھپہ مافیا سرگرم ہو گیا، پولیس نے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے قدیم شہر سیہون شریف میں ٹھپہ مافیا سرگرم ہو گیا ہے، پی ایس 80 کے انتخابی حلقے میں ابھی سے دھاندلی شروع ہوگئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس 80 سیہون کے ایجوکیشن آفس میں ٹھپے مارے جا رہے تھے، اس انتخابی حلقے سے سابق وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔

    پولیس نے قربان علی کے دفتر سے پری پول رِگنگ کے الزام میں ایک شخص عزیز راہو پوٹو سمیت پانچ افراد کو گرفتار کرلیا ہے، ذرائع کے مطابق عزیز راہو کا تعلق پیپلز پارٹی سے بتایا جاتا ہے۔

    الیکشن سے پہلے دھاندلی کا منصوبہ، اے آر وائی نیوز نے ثبوت حاصل کر لیے

    ذرائع نے بتایا کہ عزیز راہو پوٹو ایجوکیشن آفس میں بیٹھ کر امیدوار مراد علی شاہ کے انتخابی نشان پر ٹھپے لگا رہا تھا، ملزم سے 200 سے زائد ٹھپے لگے پوسٹل بیلٹ پیپرز بر آمد کر لیے گئے ہیں۔

    ڈی آئی جی حیدر آباد سلطان خواجہ نے کہا ہے کہ ایس ایس پی جام شورو کو سیہون روانہ کر دیا گیا ہے جو واقعے کی انکوائری کریں گے۔

    دوسری طرف نگراں وزیرِ اعلیٰ نے سیہون میں بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگانے کی خبر کا نوٹس لے لیا ہے، انھوں نے ڈی سی جام شورو اور ایس ایس پی جام شورو سے رات 9 بجے تک رپوٹ طلب کرلی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • الیکشن سے پہلے دھاندلی کا منصوبہ، اے آر وائی نیوز نے ثبوت حاصل کر لیے

    الیکشن سے پہلے دھاندلی کا منصوبہ، اے آر وائی نیوز نے ثبوت حاصل کر لیے

    لاہور: این اے 131 لاہور میں الیکشن سے پہلے دھاندلی کے منصوبے کا انکشاف ہوا ہے، اے آر وائی نیوز نے دھاندلی کے ثبوت بھی حاصل کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے انتخابی حلقے این اے 131 میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق آمنے سامنے ہیں۔

    عمران خان کے انتخابی حلقے میں دھاندلی کی نشان دہی اے آر وائی نیوز کی رپورٹر نے کی، متعدد گھرانوں میں افراد کی تعداد سے زائد ووٹوں کا اندراج کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز رپورٹر کے مطابق کسی گھر کے شجرے میں 11 جعلی ووٹ درج ہیں تو کسی گھرانے میں 2 جعلی ووٹرز بنا دیے گئے ہیں۔

    الیکشن سے قبل بڑی دھاندلی: سیہون میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ٹھپہ مافیا سرگرم، ایک شخص گرفتار

    ایک گھرانے میں 5 افراد موجود ہیں لیکن 16 ووٹرز کے نام لسٹ میں شامل ہیں، ووٹرز لسٹ میں مردے بھی زندہ کر دیے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن انتخابات 2018 کے نتائج نادرا سے منسلک موبائل سے وصول کرے گا

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ملک میں 25 جولائی کو محفوظ، پُر امن اور شفاف انتخابات کے سلسلے میں ہر ممکن کارروائی جاری ہے تاہم عمران خان کے انتخابی حلقے میں جعلی ووٹرز کی نشان دہی کے بعد دھاندلی سے پاک الیکشن پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • یوٹرن کے نشان پرعمران خان کی تصویر لگنی چاہئے، شہباز شریف

    یوٹرن کے نشان پرعمران خان کی تصویر لگنی چاہئے، شہباز شریف

    سرگودھا: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان ہر بات پر یوٹرن لیتے ہیں، جہاں یوٹرن کا نشان ہو وہاں عمران خان کی تصویر لگنی چاہئے، تصویر لگنے سے لوگ سمجھ جائیں گے یوٹرن ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شہباز شریف نے کہا کہ پشاور میٹرو میں عمران خان نے بیڑہ غرق کیا ہے، عدالت نے فیصلہ دیا میٹرو کا ٹھیکا بلیک لسٹ کمپنی کو دیا گیا، عمران خان نے پشاور میٹرو کو 14 سے 68 ارب پر پہنچادیا، وہ لاہور میٹرو میں کرپشن کا ایک ثبوت بھی نہیں لائے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے اسپتالوں کی شکل اور حالات بدل دی، پنجاب میں اسکول اور یونیورسٹیاں بنائیں، میں نے جیسے پچھلے دس سال آپ کی خدمت کی آئندہ بھی کروں گا، مسلم لیگ ن کو موقع دیا تو پاکستان کو ملائیشیا اور ترکی بنادوں گا اگر نہ بنایا تو میرا نام بدل دیجئے گا۔

    سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر موقع دیا تو بھارت کو کئی محاذوں پر شکست دے کر بدلہ لیں گے، ن لیگ نے ملک بھر میں موٹرویز کا جال بچھایا ہے، 25 جولائی کو الیکشن کے دن شیر دھاڑے گا، سرگودھا والوں اگر حکومت میں آیا تو یونیورسٹی بناؤں گا، الیکشن میں کامیاب ہوکر سرگودھا کو لاہور بنادوں گا۔

    مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ اسے گرفتار کیا گیا جس نے ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو عظیم قوت بنایا، دونوں باپ بیٹی کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا، نواز شریف کو بیمار والدہ سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی گئی، 25 جولائی کو آپ نے ووٹ کی طاقت سے نواز شریف ان کی بیٹی کو باہر لانا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • ہم صرف 6 مہینوں میں کراچی کو ٹھیک کر دیں گے: مصطفیٰ کمال

    ہم صرف 6 مہینوں میں کراچی کو ٹھیک کر دیں گے: مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہم صرف 6 مہینوں میں کراچی کو ٹھیک کردیں گے، یہاں کے شہریوں کے پاس ہمارے سوا کوئی آپشن ہی نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آخری بار کراچی ہمارے ہاتھوں سے بنا،آئندہ بھی ہم بنائیں گے، یہ ہم ہی کو پتہ ہے کہ اس شہر کو فکس کیسے کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نظریاتی اختلافات کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، ہم دشمن کو بھی گلے لگانا چاہتےہیں، ڈولفن کو اللہ نے انسان دوست بنایا ہے۔


    ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کچرے پر کھڑے ہو کر ووٹ مانگ رہی ہیں، مصطفیٰ کمال


    چیئرمین پاک سرزمین پارٹی کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں ایم کیو ایم کی وجہ سے مصطفیٰ کمال نے کام کرائے، ایم کیو ایم تو حیدر آباد میں بھی تھی، وہاں کام کیوں نہ ہوئے؟

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کے لیے پاک سرزمین واحد امید ہے، کراچی کے مسائل کا حل ہمارے پاس ہے، لوگ واضح اکثریت سے ہمیں کامیاب بنائیں گے، ہم نفرت کی سیاست ختم کرنا چاہتے ہیں۔

    ان کا مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چودہ سال گورنر رہنے والا ہٹنے کے بعد 5 دن بھی شہر میں نہ رکا، اپنے آپ کو شہر کا وارث کہنے والی جماعت نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شکست سے خوفزدہ عناصر الیکشن کو مشکوک بنارہے ہیں، شیخ رشید

    شکست سے خوفزدہ عناصر الیکشن کو مشکوک بنارہے ہیں، شیخ رشید

    راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین الیکشن ہے، شکست سے خوفزدہ عناصر الیکشن کو مشکوک بنارہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈھوک کالا خان میں کارنر میٹںگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید نے کہا کہ 22 جولائی کو لیاقت باغ میں تاریخی جلسہ ہوگا، میرا ووٹ عمران خان کی کامیابی کے لیے ہے۔

    سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار دوں گا، سب سے زیادہ خواتین کے لیے تعلیمی ادارے راولپنڈی میں قائم کیے، عوام نے فیصلہ کرنا ہے چوروں کے ساتھ ہیں یا چوکیداروں کے ساتھ، ایفیڈرین کیس میں میرا کردار نہیں، خواہش ہے مقابلہ کروں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کریں گے، پنڈی والوں سے کہتا ہوں کہ قبضہ گروپ کو ووٹ نہ دینا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ والے وقت پڑنے پر لوگوں کے پاؤں پڑتے ہیں بعد میں گلے پڑتے ہیں، شریف خاندان نے ملک کو لوٹ کر اپنی جائیدادیں بنائی۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا تھا کہ ملک میں خوش اسلوبی سے انتخابات چاہتے ہیں، بیرونی قوتیں سازشیں کررہی ہیں، الیکشن میں التوا چاہتی ہیں، قوم کے لیے 10 دن اہم ہیں، سیکیورٹی مزید بہتر کی جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔