Tag: انتخابات

  • پنجاب اور کے پی اسمبلیوں کا انتخابات کھٹائی میں پڑنے کا خدشہ

    اسلام آباد : حکومت نے نئی مردم شماری کے نتائج تک پنجاب اور کے پی میں انتخابات نہ کرانے پر غور شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اور کے پی اسمبلیوں کا انتخابات کھٹائی میں پڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت نے نئی مردم شماری کے نتائج تک انتخابات نہ کرانے پر غور شروع کردیا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ نئی مردم شماری یکم فروری سے 31مارچ تک جاری رہے گی اور مردم شماری کے نتائج اپریل میں جاری ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت نئی مردم شماری تک انتخابات کے التوا کیلئے عدالت سے رجوع کرے گی۔

    یاد رہے اس سے قبل پی ڈی ایم نے قانونی ماہرین سے الیکشن کو التوا میں ڈالنے سے متعلق مشاورت شروع کی تھی، ذرائع نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم کی قیادت نے قانونی ماہرین سےآئینی پہلوؤں پرغور کرنے کا کہہ دیا ہے۔

    پی ڈی ایم نے خواہش ظاہر کی تھی کہ قانونی ماہرین الیکشن آگے کرنے کی آئینی شقوں کو تلاش کریں اور رائے طلب کی کہ صوبوں میں نگران سیٹ اپ کتنالمباعرصہ کھینچا جاسکتا ہے؟

    ذرائع کا کہنا تھا کہ آئینی ماہرین نے ابتدائی طور پر آرٹیکل 232 اور 158 کی شقوں سے آگاہ کیا، جس پر پی ڈی ایم قیادت نے قانونی ماہرین کومزید آئینی شقوں پرغورو خوض کی ہدایت کی تھی۔

  • ضمنی انتخابات کیلیے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی شروع

    ضمنی انتخابات کیلیے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی شروع

    قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے صبح 8 بجے سے شروع ہونے والا پولنگ کا وقت 5 بجتے ہی ختم ہوگیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کر دی گئی۔

    حلقں میں پولنگ کا وقت ختم ہونے پر پولنگ اسٹیشنز کے دروازے بند کر دیے گئے۔ اے آر وائی نیوز کو غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع گئے جسے الیکشن قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے 6 بجے سے نشر کیا جائے گا۔

    ادھر ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ضمنی انتخابات میں مجموعی طور پر ماحول پُرامن رہا، الیکشن کمیشن کنٹرول روم کو 15 شکایتیں موصول ہوئیں، زیادہ ترکارکنوں کے آپس کے جھگڑے کی شکایات آئیں جسے فوری حل کیا گیا۔

    ضمنی انتخابات والے حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 44 لاکھ سے زائد ہے۔ ان حلقوں میں پی ٹی آئی اور 13 جماعتی حکومتی اتحاد کے امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ قومی اسمبلی کے 8 میں سے 7 حلقوں پر عمران خان خود امیدوار ہیں۔

    الیکشن کمیشن اسلام آباد میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، امن و امان کے قیام کے لیے سخت سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں، پاک فوج کے جوان اور رینجرز اہل کار فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکریٹریز، آئی جیز کو مراسلہ بھیج کر ہدایت کی ہے کہ ضمنی الیکشن کا شفاف اور غیر جانب دارانہ انعقاد یقینی بنایا جائے۔

    اے این پی تحریک انصاف تصادم

    این اے 31 پشاور میں تحریک انصاف کے ایم پی اے کی میونسپل انٹر گرلز کالج آمد پر عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن مشتعل ہو گئے، تلخ کلامی ہوئی، پولیس نے دونوں جماعتوں کے حمایتوں کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکال دیا۔

    فرخ حبیب، غلام بلور و دیگر نے ووٹ ڈال دیا

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے فیصل آباد میں‌ اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا، انھوں نے پولنگ اسٹیشن 227 میں ووٹ کاسٹ کیا، ننکانہ صاحب این اے 118 میں لیگی امیدوار شذرہ منصب علی نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔ پشاور میں غلام بلور نے میونسپل انٹر کالج میں اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔

     امیدوار پیپلز پارٹی علی موسیٰ گیلانی نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا ہے۔ خانیوال پی پی 209 پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل اکرم نیازی نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔

    بزرگ خاتون اور معذور شخص

    کراچی میں این اے 237 میں بزرگ خاتون وہیل چیئر پر ووٹ ڈالنے پہنچ گئی، شرقپور شریف میں پی پی 139 میں معذور شخص بھی ووٹ ڈالنے پہنچ گیا، انھوں نے کہا ووٹ ایک امانت ہے اس لیے آیا ہوں۔

    ضمنی انتخاب میں معمر اور معذور افراد کی ووٹ کاسٹ کرنے میں دل چسپی کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے تمام ریٹرننگ افسران کو انھیں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، الیکشن کمیشن نے خواتین، اقلیتوں اور خواجہ سرا کے حق رائے دہی کے استعمال میں بھی سہولت کی ہدایات جاری کیں۔

    ووٹنگ میں تاخیر

    مردان کے حلقے این اے 22 تخت بائی کے پولنگ اسٹیشن 260 میں پولنگ تاخیر کا شکار ہوئی، مردان کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد بھی کم نظر آئی۔

    موبائل استعمال پر شہری گرفتار

    ملتان میں خواتین پولنگ اسٹیشن نمبر 72 میں موبائل کے استعمال پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا، پریذائیڈنگ آفیسر نے غیر متعلقہ شخص کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

    ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی

    کراچی میں ایک ووٹر نے میوزک لگا کر ووٹ کاسٹ کیا، ووٹر کی جانب سے ویڈیو میں پولنگ عملے کو بھی دکھایا گیا، کمرے کے اندر کسی نے ووٹر کو ویڈیو بنانے سے نہیں روکا، ووٹر نے ووٹ کاسٹ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔

    فیصل آباد میں این اے 108 میں ن لیگی ووٹر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، ن لیگ کے ووٹر کو پولنگ بوتھ پر موبائل فون ساتھ لے جانے کی اجازت دے دی گئی، ووٹر نے شیر کے نشان پر مہر لگا کر بیلٹ پیپر کی تصویروائرل کر دی، پریذائیڈنگ افسر کی جانب داری پر ووٹرز میں غم و غصہ پیدا ہو گیا، اور کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

    مردان میں بھی این اے 22 میں ووٹر نے الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، ووٹر نے بیلٹ پیپر پر مہر لگانے کی ویڈیو بنا کر سوشل  میڈیا پر ڈال دی۔ اے این پی ترجمان اور ایم پی اے ثمر ہارون بلور نے ووٹ کاسٹ کیا، اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی۔

    کانٹے کا مقابلہ

    این اے31 پشاور میں عمران خان اور اے این پی کے غلام احمد بلور مد مقابل ہیں، جماعت اسلامی کے محمد اسلم سمیت دیگر 6 امیدوار بھی میدان میں ہیں، حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 73 ہزار 180 ہے، جب کہ پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 265 ہے۔

    این اے157 ملتان میں پی ٹی آئی کی مہر بانو قریشی اور پیپلز پارٹی کے موسیٰ گیلانی میں مقابلہ ہے، حلقے میں تحریک لبیک سمیت مجموعی طور پر 8 امیدوار میدان میں ہیں، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 62 ہزار 205 ہے، حلقے میں 264 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، حلقے میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، مسلح گارڈ لے کر چلنے اور اسلحے کی نمائش پر پابندی ہے، یہ نشست پی ٹی آئی کے زین قریشی کے مستعفیٰ ہونے پر خالی ہوئی تھی۔

    این اے 22 مردان میں عمران خان اور جے یو آئی کے مولانا محمد قاسم مد مقابل ہیں، حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 50 ہزار 647 ہے، پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 330 ہے، یہاں 4 ہزار سے زائد پولیس اہل کار و افسران سیکیورٹی پر مامور ہیں۔

    این اے 239 کراچیم میں عمران خان اور ایم کیو ایم کے سید نیئر رضا مدمقابل ہیں، کل ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 29 ہزار 855 ہے، پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 340 ہے، اس حلقے میں مہاجر قومی موومنٹ کے خرم مقصود میدان میں ہیں، پی پی، پی ایس پی، اور ٹی ایل پی امیدوار بھی میدان میں ہیں، یہاں مجموعی طور پر 22 امیدواروں میں مقابلہ ہے، یہ نشست پی ٹی آئی کے اکرم چیمہ کے استعفے سے خالی ہوئی تھی۔

    پی پی 139 شیخوپورہ میں پی ٹی آئی کے ابوبکر اور ن لیگ کے افتحار بھنگر میں مقابلہ ہے، حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 27 ہزار 541، اور پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 153 ہے، یہ نشست میاں جلیل شرقپوری کے مستعفی ہونے سے خالی ہوئی تھی۔

  • بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواستیں مسترد : ایم کیو ایم نے بڑا فیصلہ کرلیا

    بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواستیں مسترد : ایم کیو ایم نے بڑا فیصلہ کرلیا

    کراچی  : سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق تمام درخواستیں مسترد کیے جانے کے فیصلے کیخلاف ایم کیوایم نے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کرلیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کرنے کے لیے تیاری شروع کردی۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیوایم کو حلقہ بندیوں پر شدید تحفظات ہیں، اس کا مؤقف ہے کہ حلقہ بندیاں ایک فریق کو فائدہ پہنچانے کیلئےکی گئی ہیں۔

    ذرائع ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ ووٹرز لسٹوں کا کام تاحال مکمل نہیں ہوسکا ہے، ووٹرز لسٹوں پر شدید تحفظات جس میں کئی غلطیاں اور بےضابطگیاں موجود ہیں۔

    ایم کیو ایم کے مطابق بلدیاتی قانون کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوا، عمل نہ ہونا سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت اختیارات منتقل نہیں کیے گئے، ایسی صورتحال میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد سوالیہ نشان پیدا کرے گا۔

    واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق تمام درخواستیں مسترد کردیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات وقت پر ہوں گے، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

  • کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا

    کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا

    اسلام آباد: ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکمران جماعت تحریک انصاف نے میدان مار لیا ہے.

    اے آر وائی نیوز کو موصول غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ملک بھر سے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف 46 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر ہے جب کہ 44 آزاد امیدوار کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں.

    پاکستان مسلم لیگ (ن) 283، ایم کیو ایم 10، پیپلز پارٹی نے 10 نشستیں حاصل کیں، اسی طرح بلوچستان عوامی پارٹی 3، جماعت اسلامی 3، عوامی نیشنل پارٹی دو نشستوں پر کامیاب ہوچکی، جمعیت علمائےاسلام نےایک نشست پرکامیابی حاصل کی۔

    اے آر وائی نیوز کو حاصل معلومات کے مطابق صوبہ سندھ سے حاصل غیر سرکاری وغیر حتمی نتائج کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان 10 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر ہے، پاکستان پیپلز پارٹی 10، پی ٹی آئی،2 نون لیگ ایک ، جماعت اسلامی ایک اور ایک ہی آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔

    Image

    پنجاب میں پی ٹی آئی نے13،ن لیگ نے12نشستیں حاصل کیں، تیسرے نمبر پر آزاد امیدوار ہیں جنہوں نے دس نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جماعت اسلامی ایک نشست حاصل کرپائی۔

    اسی طرح خیبرپختونخوامیں پی ٹی آئی نے11،آزادامیدواروں نے7نشستیں حاصل کیں، ن لیگ 5، اور پیپلزپارٹی 3نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

    غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق بلوچستان میں بلوچستان عوامی پارٹی نے 3 نشستیں حاصل کیں۔

    Image

    غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج

    ایبٹ آباد: وارڈ نمبر2 کامرس کالج پولنگ اسٹیشن کا غیرحتمی غیرسرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوارواجد خان 114ووٹ لیکر آگے جبکہ پی ٹی آئی کےتیمورخالد104ووٹ لیکردوسرے نمبرپر ہیں۔

    ژوب  :وارڈ نمبر1 کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق بی اے پی کے امیدواراختر گل115ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کی امیدوارشیرین بی بی 44ووٹ لیکر دوسرے نمبرپر ہیں۔

    ژوب :وارڈ نمبر2 کا غیرحتمی غیرسرکاری نتیجہ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوا ہے، جس کے مطابق بی اے پی کے امیدوار جمعہ خان 59ووٹ لیکرآگے جبکہ پیپلزپارٹی کےامیدوار عمران خان 37 ووٹ لیکردوسرے نمبرپر ہیں۔

    ڈی آئی خان  : وارڈ نمبر1کا غیرحتمی غیرسرکاری نتیجہ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیا ہے، نتائج کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار انورعلی75ووٹ لیکرآگے جبکہ ن لیگ امیدوار غلام سرورخان 34ووٹ لیکردوسرے نمبرپر ہیں۔

    بنوں :کینٹ وارڈ نمبر1کاغیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی امیدوارسمیع اللہ 366ووٹ لیکر آگے ہیں، جےیوآئی کےامیدوارظران213ووٹ لیکر دوسرے اور جماعت اسلامی کےامیدوارنصیراللہ109ووٹ لیکرتیسرےنمبرپرموجود ہیں۔

    راولپنڈی : چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کا پہلا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیا ہے، نتائج کے مطابق ن لیگ امیدوار راجہ عرفان 75ووٹ لیکر آگے ہیں، پی ٹی آئی امیدوارعمران علی37ووٹ لیکر دوسرے نمبرپر موجود ہیں۔

    ملتان:وارڈنمبر9 پولنگ اسٹیشن ایف جی ڈگری کالج کے غیرحتمی غیرسرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار محمد صادق ضیغم121ووٹ لیکرآگے، ق لیگ کی امیدواربیگم طاہرہ نسیم 46ووٹ لیکردوسرےنمبرپر موجود ہیں۔

    پشاور:وارڈ نمبر5پولنگ اسٹیشن نمبر2 کاغیر ختمی غیر سرکاری نتیجہ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیا ہے، جہاں سے پی ٹی آئی کےامیدواراسید سیٹھی 49ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کےشبیرحسین 29ووٹ لیکردوسرےنمبرپر رہے۔

    کراچی: وارڈ نمبر8،پولنگ اسٹیشن نمبر22کاغیرحتمی غیرسرکاری نتیجہ موصول ہوا ہے، نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے امیدوار109ووٹ لیکرآگے ہیں، پی ٹی آئی کےامیدوارعلی اکبر97ووٹ لیکر دوسرے نمبرپر رہے۔

    کراچی:منوڑا کینٹ ون میں پی پی امیدوار کامیاب، غیرسرکاری نتیجے کے مطابق محمدطیب نے 391ووٹ حاصل کئے، اسی طرح منوڑا وارڈ ٹو میں بھی پی پی کےفضل خان550ووٹ لےکرکامیاب ہوئے ہیں۔

    ملتان وارڈ نمبر2سےآزاد امیدوارغلام جیلانی کامیاب۔

    ملتان وارڈنمبر 3میں ن لیگی امیدواراختررسول کامیاب۔

    ملتان وارڈنمبر9 میں آزادامیدوارمحمد صادق کامیاب۔

    ملتان وارڈ نمبر10 میں آزادامیدوارخورشیدخان کامیاب۔

    بنوں وارڈ نمبر2 کے غیر سرکاریو غیر حتمی نتائج کے مطابق آزاد امیدوارجمشید محب خان کامیاب

    اس سے قبل ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں پولنگ ختم ہوئی، پولنگ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی تھی، ملک بھر میں 219 وارڈز کے لیے 16 سو 44 پولنگ اسٹیشنز اور 5 ہزار 80 پولنگ بوتھ قائم کیے گئےتھے ۔ 42 بورڈز کے 206 وارڈز میں 1500 سے زائد امیدوار میدان میں تھے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈز میں 21 لاکھ 97 ہزار 741 رجسٹرڈ ووٹرز تھے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 54 ہزار 551 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 10 لاکھ 43 ہزار 190 تھی۔

    کنٹونمنٹ بورڈز کے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے، باقی پولنگ اسٹیشنز کے باہر پولیس اور رینجرز پولنگ اسٹیشن کی حدود سے باہر موجود رہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق اپنے وارڈ سے کامیاب ہونے والا امیدوار ممبر کنٹونمنٹ بورڈ کا ممبر بنے گا، نو منتخب کنٹونمنٹ بورڈ کے ممبران نائب صدر کا انتخاب کریں گے۔

    کنٹونمنٹ بورڈ کا سربراہ اسٹیشن کمانڈر ہوتا ہے، نائب صدر اور ممبرز اسی کے ماتحت کام کرتے ہیں۔

  • انتخابات: گلگت بلتستان میں عام تعطیل کا اعلان

    انتخابات: گلگت بلتستان میں عام تعطیل کا اعلان

    گلگت: انتخابات کے باعث گلگت بلتستان میں 14 تا 16 نومبر تک تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، جب کہ انتخابی معرکے میں 2 روز باقی ہیں، 23 نشستوں پر پولنگ 15 نومبر کو ہوگی۔

    انتخابات کے سلسلے میں گلگت بلتستان میں 14 سے 16 نومبر تک عام تعطیل ہوگی، الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیا۔

    حلقہ گلگت 3 کے ووٹرز 22 نومبر کو حق رائے دہی استعمال کریں گے، جب کہ گلگت 3 میں الیکشن پی ٹی آئی امیدوار کے انتقال کی وجہ سے مؤخر کر دیاگیا ہے۔

    ادھر گزشتہ روز جی بی اپیلٹ کورٹ نے چیف کورٹ کا ارکان پارلیمنٹ کو انتخابی سرگرمیوں سے روکنے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزرا اور ارکان اسمبلی کوگلگت بلتستان بدر نہیں کیا جائے گا، تاہم گلگت بلتستان میں الیکشن مہم میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

    گلگت بلتستان چیف کورٹ فیصلے کے خلاف پیپلز پارٹی کی نظر ثانی کی اپیل مسترد کر دی گئی، اپیلٹ کورٹ نے حکم دیا کہ بلاول بھٹو سمیت منتخب نمائندے گلگت بلتستان میں انتخابی مہم نہیں چلا سکتے۔

    واضح رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا گزشتہ روز گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کا 24 واں دن تھا، اور آج وہ گلگت شہر میں انتخابی مہم کے آخری جلسے سے خطاب کرنے والے ہیں، وہ اب تک جی بی کے 3 ڈویژنز، 10 اضلاع میں 40 کارنر میٹنگز کر چکے ہیں۔

  • انتخابات سے قبل صدر ٹرمپ کو بڑا جھٹکا

    انتخابات سے قبل صدر ٹرمپ کو بڑا جھٹکا

    سان فرانسسکو: سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے معاون سمیت 4 افراد کے فیس بک اکاؤنٹ بند کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابات سے قبل لگا بڑا جھٹکا، فیس بک نے کمپنی کے پالیسیوں کی خلاف ورزی کرنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کے معاون راجر اسٹون سمیت 4 افراد کے اکاؤنٹ بند کر دیے۔

    اس حوالے سے فیس بک انتظامیہ نے بتایا کہ بند کیے گئے اکاؤنٹس کو کنیڈا، برازیل، اکواڈور، یوکرین اور جنوبی امریکی ممالک اور امریکا میں بنایا گیا تھا۔کمپنی کا کہنا تھا کہ ان اکاؤنٹ کو فرضی، غیرملکی مداخلت اور غیر معتبر مواد شائع کرنے سے متعلق پالیسیوں کے تحت بند کیا گیا ہے۔

    فیس بک کے مطابق اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث لوگ فرضی اکاؤنٹ کا استعمال کرتے ہیں جن میں سے کچھ کو ہمارے خودکار نظام نے پتہ لگا کر بند بھی کر دہا ہے۔

    کمپنی نے بتایا کہ ہماری جانچ کے مطابق راجر اسٹون اور ان کے معاون ایسی سرگرمیوں کو انجام دینے والے نیٹ ورک سے جڑے ہوئے تھے۔

  • مشہور اداکار قوی خان کی عام انتخابات میں ناکامی کا قصّہ

    مشہور اداکار قوی خان کی عام انتخابات میں ناکامی کا قصّہ

    بہت کم لوگ اس بات سے واقف ہوں گے کہ معروف فن کار قوی خان آزاد حیثیت میں الیکشن بھی لڑ چکے ہیں۔

    قومی اسمبلی کی نشست پر انھوں نے لگ بھگ دس ہزار ووٹ لیے تھے۔ ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے اس باکمال آرٹسٹ کی سیاست کے میدان سے اسمبلی تک پہنچنے کی اس کوشش کا مقصد عوام کی خدمت کرنا تھا، مگر ان کا یہ خواب پورا نہ ہوا۔

    یہ 1985 کے انتخابات تھے جس میں قوی خان نے حصّہ لیا۔ قوی خان کے مطابق وہ دیگر سیاست دانوں کی طرح ووٹ مانگنے کے لیے کسی کے دروازے پر نہیں گئے اور اس سلسلے میں ملاقات کرنے والے اپنے کسی حامی کو چائے کی ایک پیالی تک نہیں پلائی، مگر پھر بھی لوگوں نے ووٹ دیے۔

    محمد قوی خان کا تعلق پشاور سے ہے۔ انھوں نے فنی زندگی کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا اور لاہور میں پاکستان ٹیلی وژن نے اپنی نشریات شروع کیں تو قوی خان اس سینٹر سے وہ اداکار تھے جنھیں اس کے پہلے ڈرامے میں کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس کے بعد ان کی شہرت اور کام یابیوں کا سلسلہ دراز ہوتا چلا گیا۔

    اندھیرا اجالا تو سبھی کو یاد ہوگا۔ ایک ایمان دار اور فرض شناس پولیس افسر کے روپ میں قوی خان نے دیکھنے والوں کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔ فشار، من چلے، داستان، ایک نئی سنڈریلا اور ڈاکٹر دعاگو جیسے ڈراموں میں اپنی اداکاری سے رنگ بھرنے والے قوی خان پاکستان ٹیلی وژن کی پہلے اداکار بھی ہیں جنھیں صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی دیا گیا تھا۔ ٹیلی ویژن ڈراموں کے علاوہ انھوں نے کئی فلموں میں بھی کام کیا۔

  • گوٹابایا راجاپکسے سری لنکا کے نئے صدر منتخب، پاکستان کی مبارکباد

    گوٹابایا راجاپکسے سری لنکا کے نئے صدر منتخب، پاکستان کی مبارکباد

    کولمبو: سری لنکا کے سابق وزیر دفاع گوٹابایا راجاپکسے نے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی، گوٹابایا راجاپکسے نئے صدر منتخب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق گوٹابایا راجاپکسے کی صدارتی انتخابات میں کامیابی پر پاکستان نے بھی مبارکباد پیش کی، نومنتخب صدر سابق صدر مہندا راجا پاکسے کے بھائی ہیں، انہیں انتخابات میں یونائیٹڈ نیشنل پارٹی کے ساجتھ پریماداسا نے ٹف ٹائم دیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدارتی انتخابات کے لیے پورے سری لنکا میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے، گوٹابایا راجاپکسے کو انتخابات میں 54 فیصد ووٹ پڑے ہیں۔

    البتہ سرکاری سطح پر گوٹابایا راجا پکسے کی جیت کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے لیکن گوٹابایا راجا پکسے کے ترجمان نے انتخابات میں جیت کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ پاکستان نے بھی ان کی جیت پر مبارکباد دی۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا امید ہے نومنتخب صدر راجاپکسے کی قیادت میں سری لنکا ترقی کرے گا، پاکستانی حکومت نئی سری لنکن قیادت کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہے، امید ہے نومنتخب صدر کی قیادت میں سری لنکا خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا۔

    پاکستان سری لنکن حکومت کو منصفانہ انتخابات پر مبارکباد دیتا ہے، پاکستان سری لنکا سے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پرامید ہے، پاکستان کا سری لنکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم رکھتا ہے۔

    سری لنکا میں صدارتی انتخابات، مسلم ووٹرز کی بسوں پر فائرنگ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سری لنکا میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کے دوران ملک کے شمال مغربی علاقے میں مسلم ووٹرز کی بسوں پر اندھا دھند فائرنگ کا بھی واقعہ پیش آیا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سری لنکا میں اقلیتی مسلم ووٹرز سو سے زائد بسوں کے ایک کانوائے کی صورت میں قریبی قصبے میں ووٹ ڈالنے جا رہے تھے۔ مسلح افراد نے سڑک پر ٹائر جلا کر راستہ بند کر دیا تھا۔ کانوائے پہنچنے پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے دو بسیں متاثر ہوئیں، بسوں پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔

  • دادو میں پی ایس 86 پر ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری

    دادو میں پی ایس 86 پر ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری

    دادو: پی ایس86 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت شروع ہوگیا، پیپلزپارٹی کے صالح شاہ جیلانی اور پاکستان تحریک انصاف کے امداد علی کے درمیان مقابلہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حلقے میں پولنگ کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے، ضمنی انتخاب کے سلسلے حلقے میں عام تعطیل ہے، مقامی اپنا ووٹ کاسٹ کررہے ہیں۔

    سید غلام شاہ جیلانی کے انتقال کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی، پی پی اور پی ٹی آئی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے، البتہ تجزیہ کاروں نے صالح شاہ جیلانی کی جیت کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    حلقے میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 99 ہزار 858 ہے، ضمنی الیکشن کے لیے پی ایس 86 میں 158 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

    حلقے کے 10پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس جبکہ 61 حساس قرار دیے گئے ہیں، جبکہ سیکیوٹی کے سخت انتظامات میں سندھ رینجرز کی بھی مدد حاصل ہے۔

    خیال رہے کہ پی ایس 86 کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کا امیدوار سید صالح شاہ وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کا قریبی عزیز ہے، سندھ سرکار نے پی پی امیدوار کے الیکشن مہم میں بھی بھرپور ساتھ دیا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضمنی انتخاب کو پرامن اور غیرجانبدارانہ بنیادوں پر منعقد کرانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کرلیے گئے ہیں۔

    تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ سندھ پر الیکشن مہم کے دوران مداخلت کا الزام عائد کیا تھا، ان کے مطابق مراد علی شاہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے منافی کام کررہے ہیں۔

  • برطانیہ میں 12 دسمبر کو انتخابات ہوں گے

    برطانیہ میں 12 دسمبر کو انتخابات ہوں گے

    لندن: برطانوی وزیراعظم بورس جونسن کا مطالبہ بلآخر مان لیا گیا، برطانیہ میں 12 دسمبر کو انتخابات ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بورس جونسن 12 دسمبر کو انتخابات کرانا چاہتے تھے جس پر گذشتہ روز مخالفت کا بھی سامنا رہا تاہم اب یہ مطالبہ منظور کرلیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ نے قبل ازوقت انتخابات کا بل منظور کرلیا، بل کے حق میں 438 جبکہ مخالفت میں 20 ووٹ پڑے، برطانیہ میں 12 دسمبر کو انتخابات ہوں گے۔

    12 دسمبر کو انتخابات کے مطالبے کو برطانوی پارلیمنٹ نے گذشتہ روز مسترد کردیا تھا، حکومت کو جلد انتخابات کے لیے دو تہائی اکثریت مطلوب تھی، تاہم اب یہ مطالبہ مان لیا گیا ہے۔

    برطانوی وزیراعظم کو ایک اور شکست

    اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن کا کہنا تھا کہ قبل از وقت انتخابات کے لیے تیار ہیں، برطانیہ میں اب تبدیلی کا وقت آگیا ہے۔

    سابقہ برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے بعد اب موجودہ وزیراعظم بورس جونسن بھی بریگزٹ سے متعلق شدید دباؤ کا شکار ہیں۔

    دوسری جانب یورپی یونین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے یورپی یونین سے انخلا کے لیے 31 جنوری تک توسیع کرنے کی برطانوی درخواست کی منظوری دے دی ہے۔

    ڈونلڈ ٹسک کا دو روز قبل کہنا تھا کہ اگر آئندہ سال 31 جنوری سے قبل برطانوی پارلیمنٹ یورپی یونین سے بریگزٹ ڈیل کی منظوری دے دیتی ہے تو برطانیہ ڈیڈ لائن سے قبل بھی یورپی یونین سے نکل سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کو 31 اکتوبر تک یورپی یونین سے نکل جانا تھا تاہم ڈیڈ لائن سے تین روز قبل برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی درخواست پر تین ماہ کی توسیع کی منظوری دی گئی ہے۔