Tag: انتخابات

  • کینیڈا میں انتخابات، جسٹن ٹروڈو کو واضح برتری حاصل

    کینیڈا میں انتخابات، جسٹن ٹروڈو کو واضح برتری حاصل

    اٹاوا: کینیڈا میں ہونے والے عام انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے، ابتدائی نتائج میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی پارٹی کو واضح برتری حاصل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا انتخابات میں ووٹوں کی گنتی اور ابتدائی نتائج کا سلسلہ جاری ہے، اب تک جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی کو برتر ی حاصل ہے، اور پارٹی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے ایوان زیریں ہاؤس آف کامنز کی تین سواڑتیس نشستوں کے لیے پولنگ ہوئی اور اب ووٹوں کی گنتی کی جارہی ہے۔

    ابتدائی نتائج کے مطابق جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی کو برتری حاصل ہے، 338 میں سے 157 سیٹیں حاصل کرلی ہیں جبکہ کنزرویٹوپارٹی صرف 121 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

    وزیراعظم کا انتخاب براہ راست نہیں ہوگا بلکہ الیکشن جیتنے والی پارٹی کا سربراہ وزیراعظم کا منصب سنبھالے گا، جبکہ کنزرویٹوپارٹی اور لبرل پارٹی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔

    انتخابی مہم کے دوران معیشت اور روزگارکی فراہمی انتخابی امیدواروں کے منشور کا بنیادی نکتہ رہی۔ دوہزار پندرہ کے انتخابات میں لبرل پارٹی نے ایک سوچوراسی نشستیں جیت کر حکومت بنائی تھی اور جسٹن ٹروڈووزیراعظم بنے تھے۔

    یاد رہے کہ اکتوبر 2015 میں کینیڈا کے پارلیمانی انتخابات میں جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی نے حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کو بھاری اکثریت سے شکست دی تھی۔

    مذکورہ انتخابات میں سات پاکستانی نژاد امیدواروں نے بھی انتخابات میں حصہ لیا تھا، جن میں مسی ساگا سے لبرل پارٹی کی امیدوار اقراء خالد اور اسکاربورو سے سلمی زاہد نے بھی میدان مارا۔

  • پاکستان کی افغانستان کو انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد

    پاکستان کی افغانستان کو انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کو انتخابات کے کام یاب انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے پاکستان نے افغانستان کو انتخابات کے کام یاب انعقاد پر مبارک باد پیش کی، صدارتی انتخابات پر افغان عوام مبارک باد کے مستحق ہیں۔

    انھوں نے کہا افغان عوام نے جمہوری عمل کو جاری رکھنے کے حق میں فیصلہ کیا، توقع ہے نئی افغان حکومت جلد وجود میں آ جائے گی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا نئی حکومت مکمل مینڈیٹ کے ساتھ امن کے عمل کو آگے بڑھائے گی، افغان مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا ضروری ہے، پاکستان نئی حکومت کے ساتھ دیرپا امن کے لیے مکمل تعاون کرے گا۔

    تازہ ترین:  افغان صدارتی انتخابات، پولنگ اسٹیشن کے باہر دھماکا، متعدد افراد زخمی

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستا ن میں دیرپا امن کا خواہاں ہے، افغانستان میں دیرپا امن خطے میں دیرپا امن کی کنجی ہے۔

    واضح رہے کہ آج خانہ جنگی کے شکار افغانستان میں طالبان کی دھمکیوں کے باوجود صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل مکمل کیا گیا، پولنگ کے دوران ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

    خدشات کے مطابق آج پولنگ کا عمل شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں پولنگ اسٹیشن پر زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوئے۔

    صدارتی انتخابات سے قبل طالبان نے افغانستان میں پولنگ کے دن حملے کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ عوام انتخابات کے دن گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

  • جولوگ انضمام کے خلاف تھے پُرامن انتخابات ان کے منہ پرطمانچہ ہے، محمود خان

    جولوگ انضمام کے خلاف تھے پُرامن انتخابات ان کے منہ پرطمانچہ ہے، محمود خان

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں میں سب سے زیادہ نشستیں پاکستان تحریک انصاف نے جیتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ الیکشن میں بھرپورحصہ لینے پر سب کومبارکباد دیتا ہوں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے کہا کہ جولوگ انضمام کے خلاف تھے پرامن انتخابات ان کے منہ پرطمانچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ٹاسک ہمیں ملا تھا اللہ کا شکرہے وہ مکمل ہوگیا ہے۔

    محمود خان نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات کا انضمام ہوگیا اور وہاں پرامن انتخابات بھی ہوگئے، قبائلی علاقوں میں سب سے زیادہ نشستیں پی ٹی آئی نے جیتی ہیں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے آزاد کھڑے ہونے والے امیدواروں نے پارٹی کو نقصان پہنچایا، پارٹی کے آزاد کھڑے ہونے والے امیدواروں کے خلاف انضباطی کارروائی ہوگی۔

    فاٹا الیکشن : غیرحتمی نتائج جاری، چھ آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا

    واضح رہے کہ خیبرپختونخواہ میں ضم ہونے والے 7 قبائلی اضلاع کی 16 صوبائی نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں آزاد امیدواروں نے 6، تحریک انصاف نے 5 اور جمعیت علمائے اسلام نے 3 نشستوں پرکامیابی حاصل کی۔

  • قبائلی علاقوں میں انتخابات کا کامیابی سے انعقاد امن اور جمہوریت کی فتح ہے، فردوس عاشق اعوان

    قبائلی علاقوں میں انتخابات کا کامیابی سے انعقاد امن اور جمہوریت کی فتح ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی سے متاثرہ قبائلی علاقوں میں انتخابات کا کامیابی سے انعقاد امن اور جمہوریت کی فتح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قبائلی عوام کی بڑی تعداد نے اپنے ووٹ کا آئینی اور جمہوری حق استعمال کیا جو قابل تعریف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ان قبائلی علاقوں میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے امید ظاہر کی کہ علاقے کے نئے منتخب نمائندے علاقے کی ترقی کے عمل میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن وامان کی بحالی کے لیے مسلح افواج اور سول اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔

    قبائلی اضلاع میں الیکشن: غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ جاری

    واضح رہے کہ خیبرپختونخواہ میں ضم ہونے والے 7 قبائلی اضلاع کی 16 صوبائی نشستوں پر پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    غیرسرکاری وغیر حتمی نتائج کے مطابق آزاد امیدواروں کو 7، تحریک انصاف کو 5، جے یو آئی ف 2 جبکہ اے این پی اور جماعت اسلامی کو ایک ایک نشست پر برتری حاصل ہے۔

  • قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کل ہوگی

    قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کل ہوگی

    پشاور: قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات کے لیے پولنگ کل (20 جولائی کو) ہوگی۔ 28 لاکھ 1 ہزار 837 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق فاٹا (وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے) کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں انضمام کے بعد قبائلی اضلاع کے عوام کل پہلی بار اپنے صوبائی ارکان اسمبلی کا انتخاب کریں گے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر 16 صوبائی نشستوں پر 285 امیدوار میدان میں ہیں،جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ 28 لاکھ 1 ہزار 837 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع میں 1 ہزار 897 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے ہیں جس میں 554 کو انتہائی حساس اور 461 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

    شمالی اور جنوبی وزیرستان کے تمام پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور حساس کیٹگریزمیں شامل ہیں جن پر فوج تعینات ہوگی۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر شام پانچ بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گی۔

    خیال رہے کہ فاٹا کا صوبہ خیبر پختونخواہ میں انضمام گزشتہ برس کیا گیا تھا، وزیر اعظم عمران خان نے جلد سے جلد فاٹا میں صوبائی اور بلدیاتی انتخابات کروانے کا اعلان کیا تھا۔

    وزیراعظم نے کہا تھا کہ تمام صوبے این ایف سی میں 3 فیصد فاٹا کو دیں گے، فاٹا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث بہت نقصان ہوا۔ رواں مال سال کے بجٹ میں فاٹا کے لیے 73 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ بھی رکھا گیا ہے۔

  • یورپی پارلیمنٹ میں پہلی مرتبہ کشمیری نژاد برطانوی شہری منتخب

    یورپی پارلیمنٹ میں پہلی مرتبہ کشمیری نژاد برطانوی شہری منتخب

    برسلز: یورپی پارلیمنٹ میں پہلی مرتبہ کشمیری نژاد برطانوی شہری شفاق محمد منتخب ہوگئے، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کشمیری نژاد سیاستدان کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہا ہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ ایک کشمیری نژاد برطانوی شہری رکن یورپی پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں جو تمام کشمیریوں کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے برطانیہ سے نومنتخب رکن یورپی پارلیمنٹ کشمیری نژاد سیاستدان شفاق محمد کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شفاق محمد کا بنیادی طور پر تعلق آزاد کشمیر سے ہے اور ہمیں امید ہے کہ ان کے منتخب ہونے سے کشمیرکاز کو یورپ میں مزید اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

    علی رضا سید نے کہا کہ یورپ کے انسانیت دوست حلقے انسانی حقوق کے مسائل کو نظر انداز نہیں کرتے اور یہ ایک اہم موقع ہے کہ نومنتخب اراکین یورپی پارلیمنٹرینز کے ساتھ مل کر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم لوگوں کے حقوق کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کیا جاسکے۔

    دوسری جانب یورپی یونین کے انتخابات میں مرکزی جماعتیں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہوگئیں، یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات کے نتائج میں یوروسیپٹک اور گرین پارٹی نے زیادہ ووٹ حاصل کرلیے۔

    یورپی یونین انتخابات، مرکزی جماعتیں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام

    خیال رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق 1979 میں یورپی یونین کے پہلے انتخاب سے لے کر اب تک ٹرن آؤٹ میں کمی آتی رہی ہے لیکن یونین میں شامل 28 ممالک کے اعدادو شمار کے مطابق 51 فیصد ٹرن آؤٹ 20 سال کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔

  • جیا پرادا خود کو جنسی ہراساں کرنے والے سیاستدان سے ہار گئیں

    جیا پرادا خود کو جنسی ہراساں کرنے والے سیاستدان سے ہار گئیں

    نئی دہلی : بھارتی انتخابات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ ارمیلا ماٹونڈکر کی شہرت بھی انہیں الیکشن میں کامیابی سے ہمکنار نہ کروا سکی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے انتخابات کے نتائج نے کئی افراد کو حیران کردیا، کیوں کہ اس بار کئی نامور سیاستدان اور شخصیات کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    بھارتی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ لوک سبھا انتخابات میں جہاں سابق ٹی وی اداکارہ سمرتی ایرانی نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو شکست دی، وہیں اداکارہ ارمیلا ماٹونڈکر کو بھی اپنی شہرت کام نہ آئی اور وہ حریف سے پیچھے رہیں۔

    اسی طرح ریاست اترپردیش کے شہر رامپور سے بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ٹکٹ سے خود کو مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے والے سیاستدان اعظم خان کے خلاف الیکشن لڑنے والی سابق اداکارہ جیا پرادا کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    ابتدائی طور پر یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ جیا پرادا خود کو مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے والے سماج وادی پارٹی کے رہنما اعظم خان کے خلاف الیکشن جیت جائیں گی لیکن انتخابی نتائج نے جہاں تجزیہ نگاروں کے اندازوں کو غلط ثابت کیا، وہیں جیا پرادا کی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا۔

    واضح رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کے 17ویں انتخابات کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے جس کے مطابق نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) واضح برتری حاصل کررہی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی اتحاد کو 342 نشستوں پر  برتری حاصل ہوگئی جس کے تحت بھارتیہ جنتا پارٹی دوبارہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی۔

    مزید پڑھیں : ایک بار پھر مودی سرکار، بھارتی انتخابات میں بی جے پی کی واضح برتری

    اگر صرف بی جے پی کی بات کی جائے تو گزشتہ انتخابات کی نسبت انہوں نے 222 کے مقابلے میں 224 یعنی دو نشستیں زیادہ حاصل کیں، اسی طرح عام آدمی پارٹی کا بھی صفایا ہوگیا۔

    لوک سبھا کی 542 نشستوں پر ڈالے جانے والے ووٹ کی گنتی کا عمل بھی مکمل ہوگیا، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں بتایا گیا کہ مودی اتحاد این ڈی اے کو 342 نشستوں پر برتری مل گئی جبکہ وزاعظم لانے کے لیے 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔

  • آسٹریلیا کے عام انتخابات میں حکمران جماعت کامیاب

    آسٹریلیا کے عام انتخابات میں حکمران جماعت کامیاب

    سڈنی: آسٹریلیا کے عام انتخابات میں وزیراعظم اسکاٹ ماریسن کے لبرل نیشنل اتحاد نے واضح اکثریت حاصل کرلی، حزب اختلاف کے رہنما بل شارٹن نے شکست تسلیم کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے ان کی اتحادی حکومت کو ایک بار پھر منتخب کیا۔

    آسٹریلیا کے عام انتخانات میں اسکاٹ موریسن کی پارٹی اور ان کے اتحادیوں کی فتح ایک غیر یقینی کے طور دیکھی جا رہی ہے۔

    اسکاٹ موریسن نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ معجزات پریقین رکھتےہیں۔ اس سے پہلے رائےعامہ کے جائزوں کے مطابق حزب اختلاف کی جماعت لیبر پارٹی کی فتح یقینی تھی۔

    غیرحتمی نتائج کے مطابق وزیرا عظم کی لبرل نیشنل اتحادی جما عت کوچوہتر نشستیں حاصل ہوئیں، جبکہ بل شارٹن کے حصے میں چھیاسٹھ نشستیں آئیں۔

    دوسری جانب لیبر پارٹی اور خزب اختلاف کے سربراہ بل شورٹن نے انتخابات میں ہار مانتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا میں ہرتین سال بعد الیکشن ہوتے ہیں تاہم ملک کے مشکل سیاسی حالات کے پیش نظر 2007 سے اب تک کوئی بھی وزیراعظم اپنے عہدے کی مدت پوری نہیں کرپایا۔

  • عوام مودی کے خلاف شدید غصے میں‌ ہیں: بھارتی وزیر اعظم کے ہم شکل کا دعویٰ

    عوام مودی کے خلاف شدید غصے میں‌ ہیں: بھارتی وزیر اعظم کے ہم شکل کا دعویٰ

    دہلی: بھارتی وزیر اعطم کے ہم شکل شخص نے کہا ہے کہ عوام مودی کے خلاف غصے سے بھرے ہوئے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار ابھی نندن پارٹھک نے کیا، جو لکھنو سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)  کے خلاف الیکشن لڑ رہے ہیں.

    ابھی نندن پارٹھک خود کو نریندر مودی کا ہم شکل نہیں مانتے. ان کا کہنا تھا میں میں اصلی ہوں، نریندر مودی میرے جیسا دکھائی دیتے ہیں.

    انھوں نے مزید کہا کہ میں اپنا حلیہ کیوں نہیں بدلوں گا، میں 1990 کی دہائی سے سیاست کر رہا ہوں، ہمیشہ کرتا پہنا، داڑھی رکھی، آگے بھی یہی کروں گا. آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اترنے والے ابھی نندن کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے.

    اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے خلاف عوام کا غصہ حقیقی ہے، جہاں بھی گیا، اس غصے کو محسوس کیا۔

    مزید پڑھیں: ایئر اسٹرائیک کی اجازت اس لیے دی کہ طیارے بادلوں میں چھپ جائیں گے، مودی کا مضحکہ خیز دعویٰ

    انھوں کہا کہ جب 2014 میں نریندر مودی بھارتی وزیراعظم بنے، تو اس وقت میں ان کا بہت بڑا حمایتی تھا، مشابہت کی وجہ سے عوام مجھ سے محبت کرتے تھے، میرے ساتھ سیلفی بنواتے تھے، مگر اب وہ گرم جوشی نہیں‌ رہی.

    ابھی نندن پاٹھک نے کہاکہ لوگ اب ان سے پوچھتے ہیں کہ بھارتی وزیراعظم نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ اچھے دن آئیں گے‘ تو کہاں ہیں وہ اچھے دن؟

  • پیپلز پارٹی کا قبائلی علاقوں کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ

    پیپلز پارٹی کا قبائلی علاقوں کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابی دنگل کی تیاری کر لی، پارٹی خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقوں کے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی نے قبائلوں علاقوں کے انتخابات میں بھرپور  انداز میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں حکمت عملی پر کام شروع کر دیا گیا۔

    اسلام آباد میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں اہم فیصلہ کیے گئے.

    پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیاسی حکمت عملی اور  انتخابی مہم کے معاملات زیر غور آئے، ساتھ فاٹا انضمام کی عملی شکل میں حائل مشکلات پر بھی تبادلہ خیال ہوا.

    اس اجلاس میں‌ فرحت اللہ بابر، نیئر بخاری، راجا پرویز اشرف اور خورشید شاہ نے شرکت کی. ہمایوں خان، اخوندزادہ چٹان، فیصل کریم کنڈی ،ساجد طوری، رضاربانی، نویدقمر اور شیری رحمان بھی اس اجلاس میں شریک ہوئیں.

    مزید پڑھیں: قبائلی علاقوں کی تاریخ میں پہلی بار انتخابات کا شیڈول جاری، پولنگ 2 جولائی کو ہوگی

    خیال رہے کہ کے پی میں ضم ہونے والے قبائلی علاقوں میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہورہے ہیں.

    صوبائی اسمبلی کی سولہ نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، ان سولہ حلقوں میں پولنگ دوجولائی کو ہوگی۔ اس ضمن میں‌ریٹرننگ افسر 7 مئی کو پبلک نوٹس جاری کرےگا۔