Tag: انتخابی سرگرمیاں

  • پی ایس 114: پی پی کا جلسہ، بدترین ٹریفک جام

    پی ایس 114: پی پی کا جلسہ، بدترین ٹریفک جام

    کراچی: شہر قائد کے حلقہ پی ایس 114 میں پی پی کے جلسے اور دیگر سیاسی شخصیات کی آمد کے سبب محمود آباد اور شاہراہ فیصل پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، لوگ گھنٹوں پھنسے رہے، گاڑیاں چھوڑ کر پیدل سفر عبور کیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے حلقہ پی ایس 114 میں انتخابی مہم جاری ہے، پیپلز پارٹی نے جلسے کا اعلان کیا جس میں خطاب کے لیے بلاول بھٹو زرداری جب پہنچے تو وی آئی پی موومنٹ کے سبب سڑکیں بند کردی گئیں جس سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا جو شاہراہ فیصل تک پہنچ گیا۔

    آج یہاں صرف پی پی کے رہنماؤں کی آمد نہیں ہوئی بلکہ دیگر سیاسی شخصیات بھی انتخابی مہم چلاتی نظر آئیں جس کے باعث راستے بند رہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، لوگ ٹریفک جام کی وجہ سے طویل فاصلہ پیدل طے کرنے پر مجبور ہوگئے، وی وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے جگہ جگہ پولیس نفری تعینات رہی۔

    اطلاعات ہیں کہ ٹریفک جام بڑھتے بڑھتے شاہراہ فیصل اور ڈرگ روڈ اور کالونی گیٹ تک پہنچ گیا جس کے باعث لاکھوں شہری متاثر ہوئے، لسبیلہ اور جہانگیر روڈ پرسیوریج کے پانی کی وجہ سے پہلے ہی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی محمود آباد پہنچے اور پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ ریلی نکالی۔

    مزید براں پیپلز پارٹی کے جلسے میں صحافیوں کے لیے بھی کوئی انتظامات نہیں کیے گئے، مختلف ٹی وی چینلز کی 10 ڈی ایس این جیز کو کوریج سے روک دیاگیا۔

    جلسہ گاہ میں کارکنان سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات نظر آئے، صحافیوں کو بیٹھنے کی بھی جگہ نہیں ملی، ان کے لیے کرسیاں کم پڑگئیں تو وہ احتجاجاً سڑک پر بیٹھ گئے۔

  • برطانوی عوام کل عام انتخابات میں ووٹ ڈالیں گے

    برطانوی عوام کل عام انتخابات میں ووٹ ڈالیں گے

    لندن : برطانیہ میں انتخابی سرگرمیاں زوروشور سے جاری ہیں، برطانوی عوام کل عام انتخابات میں حق راہے دہی استعمال کریں گے، کنزرویٹو اور لیبر پارٹیوں میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔

    برطانیہ میں عام انتخابات کی گہما گہمی عروج پر ہے، سیاسی رہنماوں کی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، کل ہونے والے عام انتخابات میں دارالعوام کی چھ سو پچاس نشستوں پر حق رائے دہی استعمال کیا جائے گا۔

    چھ سو پچاس نشستوں میں انگلینڈ کی پانچ سو تینتس، اسکاٹ لینڈ کی انسٹھ، ویلز کی چالیس اور شمالی آئر لینڈ کی اٹھارہ نشستیں شامل ہیں۔

    انتخابات میں کُل تین ہزار نو سو اکہتر امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جن میں سےایک ہزار بیس خواتین ہیں، سب سے زیادہ امیدوار کنزرویٹو پارٹی کے چھ سو اڑتالیس ہیں جبکہ لیبر اور لب ڈیم کے امیدواروں کی تعداد چھ سو اکتیس ہے۔

    چھ سو پچاس میں سے تین سو چھبیس نشستیں لینے والی جماعت حکومت بنا سکےگی ، فیصلہ کن اکثریت نہ ملنے کی صورت میں انتخابات دوبارہ ہونگے۔

  • این اے 246، سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کی ریلی

    این اے 246، سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کی ریلی

    کراچی: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے دو سوچھیالیس پر ایم کیو ایم کو شکست سے کوئی نہیں بچا سکتا، عوام کو بتایا جائےالطاف حسین اسٹیبلشمنٹ سے کس بات کی معافی مانگ رہے ہیں۔

    حلقہ این اے دوسو چھیالیس میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر ہیں، امیرِ جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کی ریلی نصیرآباد سے شروع ہو کر کریم آباد پر اختتام پزیر ہوئی۔

    ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اس دفعہ ایم کیوایم کو حلوہ کھانے نہیں دیں گے، عوام کو بتایا جائے کہ الطاف حسین اسٹیبلشمنٹ سے کس بات کی معافی مانگ رہے ہیں۔

    ریلی سے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار راشد نسیم سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔

  • این اے 246: انتخابی سرگرمیاں عروج پر، الیکشن کمیشن حرکت میں آ گیا

    این اے 246: انتخابی سرگرمیاں عروج پر، الیکشن کمیشن حرکت میں آ گیا

    کراچی : این اے 246 میں انتخابی گہما گہمی تیز سے تیز ترہوتی جا رہی ہے۔ تحریک انصاف انیس اپریل کو شاہراہ پاکستان پر میدان سجائے گی۔

    کراچی سینٹرل میں این اے دو سو چھیالیس کے ضمنی انتخاب کا دنگل تیئس اپریل کو ہوگا۔ تحریک انصاف کو پولنگ سے دو روز پہلے جناح گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت نہیں ملی۔

    ایم کیوایم ، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے امیدوار میدان میں ہیں۔ اس حلقے میں کارکنوں کے آمنے سامنے آنےکے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں۔

    پولیس نے الزام لگایا ہے کہ سیاسی جماعتیں ضابطہ اخلاق پر عمل نہیں کر رہیں۔ انتخابی امیدوار پابند ہیں کہ وہ جلوس اور ریلیاں نکالنے سے تین دن پہلے پولیس کو آگاہ کریں لیکن ایسا نہیں کیا جارہا ہے۔

    تمام تر صورتحال پر الیکشن کمیشن حرکت میں آ گیا ہے۔ این اے دو سو چھیالیس کے تمام پندرہ امیدواروں کو ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے جس میں ضابطہ اخلاق کی پاسداری کی ہدایت کی گئی ہے۔

    این اے246کے دو سو تیرہ پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا جا چکا ہے۔ این اے 246میں بیلٹ پیپرز فوج کی نگرانی میں ریٹرننگ افسران تک پہنچائے جائیں گے۔

    بیلٹ پیپرز کی چھپائی بھی سخت حفاظتی انتظامات میں کرائی گئی ہے۔ ایسا کاغذ اور رنگ استعمال کیا گیا ہے جو عام مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔ الیکشن کمیشن نے نینشل بینک اور ایف بی آر سے پولنگ کا عملہ مانگ لیا ہے۔

  • حلقہ این اے 246: ایم کیو ایم کی انتخابی سرگرمیاں عروج پر

    حلقہ این اے 246: ایم کیو ایم کی انتخابی سرگرمیاں عروج پر

    کراچی : این اے دو سو چھیالیس کی نشست پرتئیس اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ کے نامزد امیدوار کنو رنوید جمیل ایڈووکیٹ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں حلقہ انتخاب میں کارنر میٹنگوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔

    انتخابی مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز حلقہ انتخاب کے علاقوں میں کارنر میٹنگوں کا انعقاد کیا گیا جن میں حق پرست سینیٹر ز، رکن صوبائی و قومی اسمبلی نے علیحدہ علیحدہ شرکت کی اور انتخابی کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے خطاب کیا ۔

    دریں اثناء حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں فیڈرل بی ایریا میں واقع عباس ہوٹل پر الیکشن آفس کا افتتاح کیا گیا۔

    ایم کیوایم کے مرکزی الیکشن سیل ، ایلڈرزونگ اور شعبہ خواتین کی اراکین نے حلقہ انتخاب کے مختلف علاقوں میں گھر گھر جاکر نوجوانوں ، بزرگوں اور خواتین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے حق پرست امید وار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔