Tag: انتخابی نتائج

  • وینزویلا کے عوام نے صدر نکولس مادورو کی جیت مسترد کر دی، عالمی سطح پر انتخابی نتائج پر شک کا اظہار

    وینزویلا کے عوام نے صدر نکولس مادورو کی جیت مسترد کر دی، عالمی سطح پر انتخابی نتائج پر شک کا اظہار

    کاراکاس: وینزویلا کے عوام نے صدر نکولس مادورو کی جیت مسترد کر دی، عالمی سطح پر بھی انتخابی نتائج پر شک و شبہہ کا اظہار کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں، عوام نے صدر نکولس مادورو کے تیسری مدت کے لیے انتخابات جیتنے کے نتائج کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

    عوام سڑکوں پر نکل آئی ہے، اور صدر مادورو کی کامیابی کے خلاف احتجاج شروع ہو گیا ہے، دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں عوام اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، کئی رہنماؤں کے مجسموں کو گرا دیا گیا، سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں استعمال کیں۔

    مظاہرین نے صدر مادورو کے پوسٹر پھاڑ کر جلا دیے جب کہ ٹائروں، کاروں اور کچرے کو بھی نذر آتش کیا۔

    پیر کے روز دارالحکومت کاراکاس کی سڑکوں پر ہزاروں افراد نے ’’آزادی، آزادی‘‘ اور ’’یہ حکومت گرنے والی ہے‘‘ کے نعرے لگائے، جب کہ اپوزیشن نے انتخابی کمیشن کی طرف سے اعلان کردہ سرکاری نتائج پر سوال اٹھایا ہے، اور دنیا بھر کے کئی ممالک نے بھی اس پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔

    ایتھوپیا میں مسافر کشتی حادثے کاشکار، 19 افراد ہلاک

    ادھر قومی انتخابی کونسل (CNE) نے 2031 تک تیسری چھ سالہ مدت کے لیے مادورو کے دوبارہ منتخب ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ عوام نے اس بات پر مشہور آنجہانی سوشلسٹ رہنما ہیوگو شاویز کے مجمسے گرائے کہ انھوں نے مادورو کو اپنا جانشین منتخب کیا تھا۔

    اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا ماچاڈو نے صحافیوں کو بتایا کہ اب تک دستیاب ووٹنگ ریکارڈز کے جائزے سے واضح طور پر ظاہر ہوتا ہے کہ اگلی صدر ’’ایڈمنڈو گونزالیز اُروتیا‘‘ ہی ہے، جن کے راستے میں مادورو کی عدالتوں نے روڑے اٹکائے۔

    دوسری طرف وینزویلا نے ارجنٹائن، کوسٹاریکا، پیرو، پاناما اور یوروگوئے سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے ہیں، اور لاطینی امریکی ممالک سے اپنے سفارت کاروں کو بھی واپس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مادورو نے بین الاقوامی تنقید اور نتائج کے بارے میں شکوک و شبہات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وینزویلا ایک ’’فاشسٹ ‘‘ نوعیت کی ’’بغاوت‘‘ کی کوشش کا ہدف تھا۔

  • سلمان اکرم راجہ کی انتخابی نتائج کیخلاف درخواست مسترد

    سلمان اکرم راجہ کی انتخابی نتائج کیخلاف درخواست مسترد

    لاہور : عدالت نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ کی انتخابی نتائج کیخلاف درخواست مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے اپنے حلقے میں کی جانے والی مبینہ دھاندلی سے متعلق درخواست دائر کی تھی۔

    درخواست کی سماعت کے موقع پر لاہورہائیکورٹ کے جج نے سلمان اکرم راجہ کو اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔

    اس کے علاوہ ن لیگ کے رہنماؤں مریم نواز، خواجہ آصف، عطا تارڑ اور آئی پی پی کے رہنما علیم خان کی کامیابی کیخلاف درخواستیں بھی مسترد کردیں۔

    اپنے ریمارکس میں معزز جج کا کہنا تھا کہ مذکورہ درخواستیں مسترد کرنے کی وجوہات تحریری فیصلے میں دی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ آج سندھ ہائیکورٹ نے صوبے میں انتخابی نتائج کے خلاف تمام درخواستوں کی فوری سماعت کی درخواست منظور کرلی۔

    مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی جانب سے مخالف امیدوار کی جیت کے نتائج کو عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے۔

    متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماؤں فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کی کامیابی کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی کے اُمیدوار نے کراچی سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 19حلقوں کے نتائج کو چینلج کیا ہے۔

     

     

  • الیکشن کمیشن نے این اے 75 ضمنی  انتخاب پر فیصلہ سنا دیا

    الیکشن کمیشن نے این اے 75 ضمنی انتخاب پر فیصلہ سنا دیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے این اے75 کا ضمنی انتخاب کالعدم قرار دیتے ہوئے 18 مارچ کو تمام پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ری پولنگ کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں این اے 75انتخابات اور نتائج کیس سے متعلق سماعت ہوئی ، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

    ن لیگ کی امیدوار نے بیان حلفی اور تحریری جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا، جس میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے احکامات کے باوجود پولیس افسر ذوالفقار ورک کو نہیں ہٹایا گیا، 20پریزائڈنگ افسران کا غائب ہو جانا ایک شرمناک واقعہ ہے، حلقے کے عوام اور جمہوری عمل میں انتخابی فراڈ کیا گیا۔جو بھی

    جواب میں کہا گیا کہ انتخابی عمل کی سازش میں ملوث تھے انکو سرکاری عہدوں سےہٹایاجائے، انتخابی عمل میں ملوث لوگوں کو مثالی سزائیں دی جائیں، مثالی سزائیں دینے سے آئندہ انتخاب میں الیکشن کمیشن کی رٹ قائم رہے گی۔

    ن لیگ کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دستاویزات کمیشن پیش کیں اور دلائل میں کہا ایس ڈی پی او کے خلاف پہلے ہی درخواست دے چکے، تقرری وتبادلوں پر پابندی کے باوجود ڈی ایس پی ذولفقارتعینات کئےگئے، الیکشن کمیشن نے ڈی ایس پی کو نوٹس بھی جاری کئے۔

    سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ دھاندلی کی سازش پولنگ کےدن سےپہلے شروع ہوچکی تھی، الیکشن کمیشن نے تقرریوں و تبادلوں پر پابندی لگائی تھی، پابندی کے باوجود ذوالفقار ورک کو ڈی ایس پی لگایاگیا،الیکشن کمیشن نے ذوالفقار ورک کو ہٹانے کا حکم دیا۔

    ن لیگ کے وکیل نے کہا کہ پی ٹی آئی امیدوار اپنے طور پرایسی دھاندلی کامنصوبہ نہیں بنا سکتے، ذوالفقار ورک کو ایس پی بناکرالیکشن کاسکیورٹی انچارج لگایاگیا، نئے نوٹیفکیشن میں ذوالفقار ورک کا نام ذوالفقار علی لکھا گیا ، الیکشن کمیشن اور انتخابی عمل کیساتھ فراڈ کیا گیا، یہ باقاعدہ منصوبہ بندی کےتحت کیا گیا۔

    چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کیاآپ کویقین ہے ذوالفقارعلی ،ذوالفقار ورک ایک ہی شخص ہیں؟ جس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا نوشین افتخار نے ذوالفقار علی کے حوالے سے بیان حلفی دیا ، کس نے تعین کیاتھا ذوالفقار ورک کے بغیر الیکشن نہیں ہوسکتا، آئی جی پنجاب کوبھی ذوالفقار ورک میں دلچسپی نہیں ہوگی، لگتا ہے دھاندلی کی منظم سازش کہیں اور تیارہوئی، پولنگ اسٹیشنز کو ٹارگٹ کرکے ووٹنگ 22فیصدسے بھی کم ہونے دی گئی۔

    سلمان اکرم راجہ سے استفسار کیا گیا کہ پی اوزاور آپ کے فارم ایک ہی جیسے ہیں؟ جس پر سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا کہ پی ٹی آئی والوں نےکہا یہ ڈنڈے سوٹےکا الیکشن ہے ، چیف الیکشن کمشنر نے کہا گاؤں میں ویسے بھی ڈنڈے سوٹے چلتے ہیں۔

    دوران سماعت پی ٹی آئی امیدوار کی دوران مہم کی تقاریرکی ویڈیو چلائی گئیں، وکیل ن لیگ نے کہا پی ٹی آئی امیدوار بار بار کہہ رہے ہیں یہ حکومتی الیکشن ہیں، خودچیف الیکشن کمشنرکیساتھ کوئی سرکاری افسر رابطے میں نہیں آیا، لاپتہ پی اوزکےپولنگ سٹیشن آر او دفترسے15 سے39 کلومیٹردور تھے۔

    چیف الیکشن کمشنر سوال کیا کیا پی ٹی آئی کون لیگ کے پیش کردہ فارم 45 پر اعتراض ہے؟علی ظفر کا کہنا تھا کہ اپنے دلائل میں ن لیگ کے فارم 45 پر اعتراض کرونگا، چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کیا 20کے علاوہ باقی پولنگ سٹیشنز پر ن لیگ جیتی ہے؟ جس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا بقیہ پولنگ سٹیشنز میں ن لیگ کی کامیابی کابہت کم مارجن سے ہے۔

    رکن الیکشن کمیشن نے کہا ویڈیو سے لگتا ہے ڈنڈے سوٹے کالفظ محاورےکے طور پر بولا گیا، جس پر سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ پورے حلقے میں فائرنگ جس نے بھی کی،ووٹرہراساں ہوئے۔

    وکیل پی ٹی آئی علی ظفر نے اپنے دلائل میں کہا بہتر تھا ریٹرننگ افسر نتائج کا اعلان کرتے، نتائج اعلان ہونےکےبعد ٹربیونل سے رجوع کیا جا سکتا تھا، جس پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ علی اسجد کےپارٹی سربراہ نے20 پولنگ اسٹیشنز پرپھرپولنگ کابیان دیا۔

    بیرسٹر علی ظفر نے کہا کسی پریزائیڈنگ افسر نےاغواہونے یا نتیجہ تبدیل کرنے کانہیں کہا، انکوائری کرناالیکشن کمیشن نہیں ٹربیونل کا کام ہے، چیف الیکشن کمشنر نے سوال کیا ووٹرز کیلئےخوف و ہراس کی فضاہوتوکیاہوگا؟ رکن الیکشن کمیشن سندھ نے پوچھا 10پریذائڈنگ افسران کا لاپتہ ہوناقانون کی خلاف ورزی نہیں؟

    بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ کمیشن کوپہلے قرار دینا ہوگا کہ پریزائیڈنگ افسران نے جھوٹ بولا، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا عام انتخابات میں بھی فارم 45 کا مسئلہ سامنے آیا تھا، الیکشن کمیشن کو فارم 45 نہ ملنے کی شکایت نہیں آئی۔

    الیکشن کمیشن نے پی ٹی ائی کے امیدوار علی اسجد ملہی کو روسٹرم سے ہٹا دیا، رکن الیکشن کمیشن پنجاب نے کہا آپ نے گلے میں جو جرسی لٹکائی ہوئی ہے اسکو اتاریں، باہر جا کر جرسی اتاریں پھر آپکی بات سنیں گے۔

    پی ٹی آئی نے این اے 75 کا انتخابی نتیجہ جاری کرنے کی استدعا کردی علی اسجد ملہی نے الیکشن کمیشن میں بتایا مریم نواز نے رات ساڑھے12بجے ہی فتح کا اعلان کر دیاتھا، آر او کے پاس 500گز فاصلے سے نتیجہ بھی رات پونے 2 بجے پہنچا، فائرنگ ہر الیکشن میں ہوتی ہے اس لئے شکایت نہیں کی، پسرور کے ڈی ایس پی کوڈسکہ کااضافی چارج دیا گیا تھا۔

    وکیل پی ٹی آئی علی ظفر کا کہنا تھا کہ الزام لگایا گیا عوام کو پولنگ اسٹیشنزسے دور رکھنے کی سازش کی گئی، کل کوہر الیکشن میں 4پستول چلا کر بعد میں ری پول کاکہا جائے گا، ووٹنگ کی شرح پوری دنیامیں مختلف ہوتی ہے، ہر علاقےکے ووٹرز کی مرضی ہے ووٹ ڈالیں یا نہ ڈالیں،بڑے پیمانے پر بےضابطگی ہوئی نہ خواتین کوووٹ ڈالنے سے روکا گیا۔

    علی اسجد ملہی نے مزید کہا ریٹرننگ افسر کو بار بار نتیجہ جاری کرنے کی درخواست کی، پولنگ ایجنٹس کے ذریعے نتیجہ مل چکا تھا، بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ عمران خان نےبطور لیڈرکہا20پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ الیکشن پراعتراض نہیں، بطور امیدوار علی اسجد ملہی کو دوبارہ پولنگ پر اعتراض ہے۔

    مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے دلائل کے بعد سماعت کچھ دیر کیلئے ملتوی کرتے ہوئے کہا گیا کہ دوبارہ سماعت دوپہر 3بجے ہوگی ،

    بعد ازاں لیکشن کمیشن نےاین اے75ضمنی الیکشن پر فیصلہ سناتے ہوئے ن لیگ کی درخواست منظور کرلی اور حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کا حکم دے دیا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ تمام شواہد دیکھ کر اس نتیجے پر پہنچے کہ انتخابی ماحول فراہم نہیں کیاگیا، حلقے میں انتخابات آزادانہ اور ایمانداری سے نہیں کرائے گئے ، ضمنی الیکشن کےدوران لڑائی جھگڑے کے واقعات ہوئے اور ووٹرز کو ان کا حق مکمل طور پر فراہم نہیں کیاجاسکا۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ حلقے میں شفافیت کو مدنظر نہیں رکھا گیا، فائرنگ،ہلاکتوں کیساتھ امن وامان کی خراب صورتحال رہی، خراب صورتحال کے باعث ووٹرز کیلئے ہراسمنٹ کا ماحول پیداہوا، جس سے نتائج کےعمل کومشکوک اورمشتبہ بنایا گیا۔

    الیکشن کمیشن نے کہا آرٹیکل218(3)کے تحت ضمنی انتخاب کالعدم قرار دیاجاتاہے، این اے 75میں دوبارہ انتخابات 18مارچ 2021کوہوگا اور تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

  • لاڑکانہ میں شکست: بلاول بھٹو کا انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان

    لاڑکانہ میں شکست: بلاول بھٹو کا انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان

    کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ پی ایس 11 میں ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کی شکست پر انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی شکست پر انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سچ کو چھپایا نہیں جا سکتا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ مجھے اپنے جیالوں پرفخر ہے، دباؤ کے باوجود جیالوں نے قابل عزت انتخاب کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیب نے پی پی ورکرز، ان کے خاندانوں کو نوٹسز بھیج کرقبل از الیکشن دھاندلی کی۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہماری خواتین ووٹرز کو ہراساں کیا، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا اور پی پی کی حمایت والے پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ پیلزپارٹی کے نامزد امیدوار کو پولنگ اسٹیشنوں کے اندر داخل نہیں ہونے دیا گیا، ہم مسلسل صورت حال سنبھالنے کا کہتے رہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہم اس دھاندلی کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے، سچائی چھپ نہیں سکتی، ہم دوبارہ انتخاب کرائیں گے اور اس نشست کو واپس لیں گے۔

    لاڑکانہ ضمنی انتخابات، پی پی کو ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 11 کے ضمنی انتخابات میں پی پی کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار نے ساڑھے پانچ ہزار ووٹوں سے میدان مارا۔

    غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ضمنی انتخابات کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جی ڈی اے کے معظم علی 31 ہزار 557 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

  • فاروق ستار کا این اے 245  کے انتخابی نتائج  چیلنج کرنے کا اعلان

    فاروق ستار کا این اے 245 کے انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان

    کراچی: ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے این اے دو سو پیتنالیس کے انتخابی نتائج کوالیکشن کمیشن میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا اور کہا فیصلہ آنے تک عامرلیاقت کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق میں ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے این اے دو سو پیتنالیس کے انتخابی نتائج کوالیکشن کمیشن میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے لیے ان کی قانونی ٹیم نے 850 صفحات کی درخواست تیارکرلی ہے۔

    درخواست میں عامرلیاقت کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا بھی کی جائے گی جبکہ درخواست کے ساتھ بے ضابطگیوں کےشواہدبھی منسلک کیے گئے ہیں۔

    درخواست گزارفاروق ستار نے مؤقف اختیار کیا کہ این اے 245میں بے ضابطگیوں کے ناقابل تردید شواہد ہیں، صرف این اے245 میں 22ہزار بیلٹ پیپرزغائب ہیں، 22 ہزار بیلٹ پیپرز غائب ہونے کے شواہد فارم 46 میں موجود ہیں۔

    فاروق ستار کی جانب سے درخواست میں ہمارے پولنگ ایجنٹس کو باہرنکال دیاگیا، کسی پولنگ ایجنٹ کو فارم 45 فراہم نہیں کیا گیا اور استدعا کی فیصلہ ہونے تک عامرلیاقت کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔

    کراچی سٹی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے کہا این اے 245 کے نتائج چیلنج کرنے جا رہا ہوں ، میرے پاس شواہد موجود ہیں امید ہے الیکشن ٹربیونل سنے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میری زندگی کا مشن عوام کی خدمت ہے، عوام ہی ان کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے، جو فیصلہ کریں قبول ہوگا۔

    اس سے پہلے سٹی کورٹ میں لاوٴڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار عدالت میں پیش ہوئے۔

    عدالت نے سولجر بازار تھانے میں درج مقدمے میں پولیس فائل طلب کرتے ہوئے سماعت تین اکتوبر تک ملتوی کردی، فاروق ستار کے خلاف تھانہ نیوٹاوٴن اور تھانہ سولجر بازار میں دو مقدمات زیر سماعت ہیں۔

    خیال رہے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں کراچی کے حلقے این اے 245 سے  تحریک انصا ف کے عامر لیاقت حسین کامیاب ہوئے جبکہ ایم کیو ایم کے فاروق ستار  دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

    واضح رہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار ملک بھر میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات کے بعد سے پارٹی میں غیر فعال تھے انہوں نے گزشتہ دنوں اشارہ دیا تھا کہ تحریک انصاف کے کچھ دوستوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔

    چند روز قبل  ایم کیو ایم پاکستان کے سابق کنونیئر اور رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم  رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کے استعفیٰ کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے اسے کسی بھی صورت قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔