Tag: انتخابی نتیجہ کیسے جاری ہوا

  • این اے 71: نتیجہ کیسے جاری ہوا معاملہ الیکشن کمیشن نے حل کرنا ہے، عدالت

    این اے 71: نتیجہ کیسے جاری ہوا معاملہ الیکشن کمیشن نے حل کرنا ہے، عدالت

    آزاد امیدوار ریحانہ ڈار اور سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر عدالت کی جانب سے تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی کامیابی کیخلاف تحریک انصاف کی حمایت یافتہ امیدوار ریحانہ ڈار کی درخواست کو لاہور ہائی کورٹ نے ناقابل سماعت قرار دے دیا ہے۔

    خواجہ آصف کی کامیابی کیخلاف ریحانہ ڈار کی درخواست پرتحریری فیصلے میں لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ نتیجہ کیسے جاری ہوا اس کا معاملہ الیکشن کمیشن نے حل کرنا ہے۔

    خیال رہے کہ تحریک انصاف کی حمایت یافتہ امیدوار ریحانہ ڈار نے این اے 71 سیالکوٹ میں دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کی تھی۔ حلقے سے ن لیگ کے خواجہ آصف کو فاتح قرار دیا گیا تھا۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ این اے 71 سیالکوٹ سے خواجہ آصف کو فاتح قرار دیا گیا۔ وہ فارم 45 کے مطابق ہار چکے ہیں، مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں انھیں فاتح قرار دیا گیا۔

    دریں اثنا عدالت نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ کی انتخابی نتائج کیخلاف درخواست کو بھی مسترد کردیا ہے۔

    درخواست کی سماعت کے موقع پر لاہورہائیکورٹ کے جج نے سلمان اکرم راجہ کو اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔

    اس کے علاوہ ن لیگ کے رہنماؤں مریم نواز، عطا تارڑ اور آئی پی پی کے رہنما علیم خان کی کامیابی کیخلاف درخواستیں بھی مسترد کردی گئی ہیں۔