Tag: انتظامیہ

  • ایلون مسک جلد ٹرمپ انتظامیہ سے نکل جائیں گے، امریکی اخبار کا دعویٰ

    ایلون مسک جلد ٹرمپ انتظامیہ سے نکل جائیں گے، امریکی اخبار کا دعویٰ

    دنیاکے امیر ترین شخص اور ٹیسلا و اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ میں قائم کردہ ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی سے جلد دستبردار ہونگے۔

    امریکی اخبار پولیٹیکو نے ایلون مسک کے حکومتی کردار سے دستبردار ہونے سے متعلق دعویٰ کیا اور کہا کہ ٹرمپ نے کابینہ اور قریبی افراد کو مسک کے دستبردار ہونے سے متعلق آگاہ کردیا۔

    دی پولیٹیکو نے لکھا کہ ایلون مسک جلد سرکاری عہدہ چھوڑدیں گے، صدر ٹرمپ نے کابینہ ارکان کو کہا وقت آگیا ہے مسک اپنا کاروبار سنبھالیں۔

    رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ ارکان ایلون مسک کو سیاسی بوجھ سمجھنے لگے تھے، ارب پتی بزنس مین سوشل میڈیا پر بلاتصدیق بیانات دیتے رہے، جو ٹرمپ انتظامیہ کیلیے مشکلات کا باعث بنے۔

    اخبار کے مطابق ایلون مسک کا استعفیٰ چند دنوں میں متوقع ہے، دوسری جانب حکومتی کردار سے دستبرداری کی مسک کی ٹیم یا وائٹ ہاوس نے تصدیق نہیں کی۔

    واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے ایلون مسک کو حکومتی اخراجات میں کمی لانے کی ذمے داری سونپی تھی اور ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی” (DOGE) کے سربراہ تھے۔

  • انتظامیہ نے بجلی چوروں کیخلاف رینجرز کی مدد مانگ لی

    انتظامیہ نے بجلی چوروں کیخلاف رینجرز کی مدد مانگ لی

    لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی انتظامیہ نے ڈیڈ، ڈیفالٹرز اور بجلی چوروں کیخلاف رینجرز کی مدد مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بجلی چوروں کیخلاف رینجرز کی مدد مانگ لی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں اوکاڑہ سرکل میں رینجرز معاونت کرے گی، لیسکو کی جانب سے ٹاپ 100 ڈیفالٹرز کے خلاف آپریشن ہو گا۔

    جارہ کردی نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اوکاڑہ سرکل  کے سرحدی دور دراز گاؤں میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن ہو گا، آپریشن میں لیسکو اسٹاف کے ساتھ رینجرز بھی ہوگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق لیسکو انتظامیہ رینجرز کے ہمراہ اوکاڑہ  کے بعد قصور، شیخوپورہ، ننکانہ سرکل تھری نارنگ منڈی میں بھی آپریشن کرےگی، جس کے لیے لیسکو افسران سے ڈیفالٹرز کی فہرستیں 2 روز میں مانگ لی گئیں ہیں۔

  • کراچی :  مین ہول میں گر کر بچے کی موت، انتظامیہ کو ہوش آگیا

    کراچی : مین ہول میں گر کر بچے کی موت، انتظامیہ کو ہوش آگیا

    کراچی: شاہ فیصل کالونی گٹر میں گر کر بچے کی موت کے بعد انتظامیہ نے ڈھکن لگانے کا کام شروع کر دیا، مختلف مقامات پرکئی سال سے گٹر کےڈھکن نہیں تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں مین ہول میں گر کر بچے کے جاں بحق ہونے کے بعد انتظامیہ کو ہوش آگیا اور ڈھکن لگانے کا کام شروع کر دیا گیا۔

    شاہ فیصل کالونی کے مختلف مقامات پر کئی سال سے گٹر کے ڈھکن نہیں لگے تھے تاہم شاہ فیصل کالونی دو نمبر کے قریب کھلے مین ہولز پر ڈھکن لگانے کا کام جاری ہے۔

    کھلے مین ہول میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے بچے کے والدین غم سے نڈھال ہیں، ان کا ایک مطالبہ ہے ذمہ داران کے قانونی کارروائی کی جائے.

    یاد رہے گزشتہ روز بھی ایک ننھی جان غفلت لاپرواہی کی بھینٹ چڑھ گئی تھی ، شاہ فیصل کالونی میں کھیلتے ہوئےدوبچے کھلےمین ہول میں گرگئے تھے ، جس میں ایک بچے کو علاقہ مکینوں نے بچالیا تھا جبکہ ریسکیو آپریشن کے دوران آٹھ سال کے عباد کی لاش چار گھنٹے بعد کورنگی ندی سے نکالی گئی۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں کھلا مین ہول ایک اور بچے کی جان نگل گیا

    چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن گوہرعلی خٹک نے کہا تھا کہ گٹر کے ڈھکن لگانا ہماری ذمہ داری نہیں۔۔واٹر بورڈ ذمہ دار ہے، دو سال میں گٹر کا ایک ڈھکن نہیں دیا گیا۔

    دوسری جانب میئر کراچی مرتضی وہاب کی جانب سے کئی موقع پر ترقیاتی کاموں کے ساتھ گٹر کے ڈھکن بنانے اور انھیں شفاف طریقے سے یو سی یوسی پہنچانے کے دعوے کیے گئے، ان کا دعوی تھا کہ انھوں نے گٹر کے ڈھکن بنانے کا پلانٹ لگا کر فی ڈھکن آٹھ سو سے نو سو روپے بچائے ہیں۔

    ۔میئر کراچی کا کہنا تھا کہ حفاظت عوام کی ذمہ داری ہے اور چوری سے بچانا پولیس کی ذمہ داری ہے. عوام سے گزارش ہے بچوں کا خیال رکھیں اور آنکھیں کھلی رکھیں کیونکہ انتظامیہ کی آنکھیں بند اور کراچی میں مین ہول کھلے ہیں۔

  • سفاری پارک میں ’سونو‘ نامی ہتھنی مرگئی

    سفاری پارک میں ’سونو‘ نامی ہتھنی مرگئی

    کراچی: سفاری پارک میں موجود سونیا عرف ’سونو‘ نامی ہتھنی مرگئی۔

    پارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہتھنی سونو بالا صحت مند تھی،کھانا پینا بھی جاری تھا لیکن جب عملہ صبح سفاری پارک پہنچا تو ہتھنی کو مرا ہوا دیکھا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی ہتھنی کی موت کی وجوہات کا تعین ہوسکے گا، 2 دن بعد جانوروں کی عالمی تنظیم فورپاز سفاری پارک کا دورہ کرے گی۔

    دوسری جانب سفاری پارک کے عملے نے ڈاکٹرز کی ٹیم کو طلب کرلیا ہے جس نے ہتھنی سونو کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے تاہم اب انکلوژر کو سیل کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی چڑیا گھر کی علیل ہتھنی ’نور جہاں‘ 17 سال کی عمر میں 3 سال قبل مرگئی تھی، نورجہاں عرصہ دراز سے علیل تھیں تاہم 13 اپریل کو چڑیا گھر کے تالاب میں گِرنے کے بعد سے وہ اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہو سکیں تھیں۔

    یاد رہے کہ نورجہاں اور مدھوبالا دونوں کو دو دیگر سفاری ہاتھیوں کے ساتھ 2010 میں تنزانیہ میں بہت چھوٹی عمر میں پکڑ کر ان کی ماؤں سے الگ کر دیا گیا تھا اور ایک متنازع معاہدے کے تحت کراچی لایا گیا تھا۔

    پاکستان کے چڑیا گھروں پر اکثر جانوروں کی فلاح و بہبود کو نظر انداز کرنے کا الزام لگتا رہا ہے اور 2020 میں ایک عدالت نے دارالحکومت اسلام آباد میں موجود واحد چڑیا گھر کو خستہ حالی اور جانوروں کی مناسب دیکھ بھال نہ کرنے کے سبب بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • میاں صاحب انتظامیہ پر گڑبڑ کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں: بلاول بھٹو

    میاں صاحب انتظامیہ پر گڑبڑ کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں: بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اطلاع ملی ہے میاں صاحب کچھ گڑ بر کرنے کیلئے انتظامیہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ میاں صاحب انتظامیہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں اور میں خبر دار کررہاں ہوں کہ ایسا کچھ ہونا نہیں چاہیے۔

     بلاول بھٹو نے کہا کہ امید ہے نگراں حکومت اور انتظامیہ اس طرح کا کوئی قدم نہیں اٹھائے گی، میں تو سیاسی استحکام اور ملک کو آگے لے کر جانا چاہتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ راجاریاض ن لیگ کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہے ہیں، اس لیے نگراں سیٹ اپ پر شک و شبہات ہیں، امید ہے کہ ن لیگ کی کوشش ناکام رہے گی۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ جتنا ممکن ہو شفاف انتخابات کرائیں اور لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جائے، میرے لیے بہت مشکل ہے کہ ن لیگ کے ساتھ اتحاد میں جاؤں، یہ ووٹ کو عزت دلانے والی مسلم لیگ نہیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ آئی جے آئی اور امیر المومنین بننے کا خواب دیکھنے والی مسلم لیگ ہے، ن لیگ کے ساتھ ہمارا چلنا مشکل ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ نوازشریف ون، ٹو اور تھری کا ایک جمہوری انداز تھا جو اب ختم ہوچکا، جو میاں صاحب ہمارے سامنے ہیں وہ ایک مختلف میاں صاحب ہیں۔

  • ایس 400 کی خریداری کے بعد ٹرمپ انتظامیہ ترکی کے خلاف پابندیوں پر متفق

    ایس 400 کی خریداری کے بعد ٹرمپ انتظامیہ ترکی کے خلاف پابندیوں پر متفق

    واشنگٹن : ترکی پرپابندیوں کا منصوبہ امریکی وزارت خارجہ، دفاع ، قومی سلامتی کونسل کے مشیروں نے کئی روز تک معاملہ زیر بحث آنے کے بعد وضع کیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ترکی کی سرزنش کے لیے پابندیوں کے پیکج پر متفق ہو گئی ہے،یہ اقدام روس سے ایس 400 دفاعی میزائل سسٹم کے حصے وصول کرنے کے جواب میں کیا جا رہا ہے، پابندیوں کے منصوبے کا اعلان آئندہ دنوں میں کر دیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ٹرمپ انتظامیہ نے امریکا کے دشمنوں کے انسداد سے متعلق ایکٹ کے تحت اقدامات کے تین مجموعوں میں سے ایک مجموعے کا انتخاب کر لیا ہے تاہم اختیار کیے گئے مجموعے کی نشان دہی نہیں کی گئی ہے۔

    امریکی ٹی وی کو امریکی انتظامیہ کے ایک ذریعے نے بتایاکہ ٹرمپ انتظامیہ آئندہ ہفتے کے اواخر میں پابندیوں کے اعلان پر متفق ہو گئی ہے، انتظامیہ چاہتی ہے کہ یہ اعلان پیر 15 جولائی کے بعد کیا جائے کیوں کہ اس روز ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن کے خلاف 2016 میں انقلاب کی ناکام کوشش کے تین سال پورے ہو رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا ایسی مزید قیاس آرائیوں سے گریز چاہتا ہے کہ انقلاب کی کوشش کا ذمے دار امریکاہے، ایردوآن کے حامی یہ ہی دعوی کرتے ہیں، پابندیوں کا منصوبہ امریکی وزارت خارجہ، وزارت دفاع اور قومی سلامتی کونسل کے ذمے داران کے درمیان کئی روز تک زیر بحث آنے کے بعد وضع کیا گیا ۔

    امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اُن پابندیوں پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا جو صدر ٹرمپ اور ان کے بڑے مشیروں کے دستخط کے منتظر ہیں۔

  • وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے ہواوے پر پابندی میں تاخیر کی درخواست کردی

    وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے ہواوے پر پابندی میں تاخیر کی درخواست کردی

    واشنگٹن : وائٹ ہاؤس کے ملازمین نے چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے پر پابندی سے قبل دو برس وقت دینے کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اگست 2018 کو قومی دفاعی ایکٹ پر دستخط کیے جانے کے بعد سے سرکاری سطح پر ہواوے کی مصنوعات کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم ایک سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کہ وفاقی کنٹریکٹرز چینی کمپنی کو چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔

    وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے مینیجمنٹ اور بجٹ کے دفتر کے نگراں ڈائریکٹر رسل ٹی وو نے ہواوے پر مکمل پابندی عائد کیے جانے سے قبل کمپنی کو 2 سال کا وقت دینے کی درخواست کی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق انہوں نے 4 جون کو نائب صدر مائیک پینس اور کانگریس کے 9 اراکین کو خط لکھا تھا اور کہا تھا کہ پابندی سے حکومت کو اشیا فراہم کرنے والی کمپنیوں میں بھی کمی سامنے آئے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں ہواوے کی ٹیکنالوجی استعمال کرنے والی کمپنیاں جنہیں وفاق گرانٹ اور لونز فراہم کرتا ہے، پر بھی اثر پڑے گا۔

    دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کی یہ درخواست ہواوے کو امریکا میں کاروبار کرنے کی اجازت نہ دینے کی پالیسی کے خلاف نہیں جائے گی۔

    یاد رہے کہ امریکا چینی کمپنی ہواوے کو بلیک لسٹ کرچکا ہے، بعد ازاں ہواوے نے امریکی انتظامیہ کی جانب سے کمپنی کو بلیک لسٹ کیے جانے کے فیصلے کو امریکی عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے قانونی جنگ کو تیز کردیا ہے۔

    امریکا نے چین کے ساتھ ٹریڈ وار ختم کرنے کا اشارہ دے دیا

    ہواوے کی جانب سے ٹیکساس کی ڈسٹرکٹ عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے اور کمپنی نے اس میں زور دیا ہے کہ نیشنل ڈیفنس اتھارائزیشن ایکٹ امریکی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    واضح رہے ہواوے اس وقت دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکشنز نیٹ ورکنگ آلات سپلائی کرنے والی جبکہ دنیا کی دوسری بڑی اسمارٹ فون کمپنی ہے جو کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ میں اہم ترین بن گئی ہے۔

  • انڈونیشیا اور ایران اور سینکڑوں جعلی فیس بُک اکاؤنٹس اور پیجز بند

    انڈونیشیا اور ایران اور سینکڑوں جعلی فیس بُک اکاؤنٹس اور پیجز بند

    واشنگٹن : سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ فیس بُک نے ایران اورانڈونیشیا سے منسلک 900 جعلی اکاؤنٹس، گروپس اور پیجز بند کردئیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فیس بُک انتظامیہ نے یہ اقدام مذکورہ گروپس، جعلی اکاؤنٹس اور پیجز پر شائع کی جانے والی مذہبی، سیاسی انتشار پھیلانے کا باعث بن رہے تھے۔

    فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایرانیوں کی جانب سے جعلی اکاؤنٹ سازی ایک منظم غیر مسلمہ رویہ ہے۔

    فیس بُک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن اکاؤنٹس کو بند کیا گیا ہے کہ وہ ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے سے منسلک تھے اورمشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیاء کے عوام کو نشانہ بنارہے تھے۔

    انتظامیہ نے بتایا کہ 262 پیجز، 356 جعلی اکاؤنٹس اور 3 گروپس فیس بک سے ڈیلیٹ کیے گئے ہیں جبکہ 162 انسٹاگرام اکاؤنٹس بند کیے گئے ہیں۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک پیجز کی فلوورز کی تعداد 20 لاکھ تھی، ایک گروپ پر 1600 صارفین کے اکاؤنٹس تھے جبکہ ایک انسٹاگرام اکاؤنٹ کے فلوورز کی تعداد 2 لاکھ 56 ہزار تھی۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فیس بُک انتظامیہ کی جانب سے انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے 207 پیجز، 800 فیس بُک اکاؤنٹس، 546 فیس بک گروپ اور 208 انسٹاگرام اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ کی جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ منجمد کیے جانے والے جعلی اکاؤٹنس اور پیجز کی تحقیقات میں ٹویٹر انتظامیہ نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فیس بُک انتظامیہ کی جانب سے حالیہ کچھ مہینوں کے دوران سینکڑوں اکاؤنٹس اور پیجز بند کیے گئے ہیں، منجمد کیے گئے اکاؤنٹس اور گروپس، پیجز میں اکثر کا تعلق افغانستان، جرمنی، بھارت، سعودی عرب اور امریکا سے ہے۔

    فیس بک انتظامیہ کی جانب سے اس سے قبل میانمار، بنگلادیش اور روسی اکاؤنٹس بھی بند کیے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : فیس بُک نے سیکڑوں روسی اکاؤنٹس اور پیجز بند کردئیے

    سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ فیس بُک نے روس سے تعلق رکھنے سیکڑوں اکاؤنٹس اور پیجز بند کردئیے، کمپنی کا کہنا ہے کہ دو روسی نیٹ ورک نیٹو اور امریکا مخالف کارروائیوں میں ملوث تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک نیٹ ورک 364 اکاؤنٹس اور پیجز پر مشتمل تھا اور روس کی انگریزی زبان کی سرکاری ویب سائٹ ’اسپٹنک‘ کے ملازمین سے منسلک تھا، جو وسطی ایشیاء، وسطی اور مشرقی یورپ کی ریاستوں میں سرگرام تھا۔

  • کسان اتحاد کے انتظامیہ سے مذاکرات ناکام، کسانوں نے سڑک ہی پر بستر بچھالیے

    کسان اتحاد کے انتظامیہ سے مذاکرات ناکام، کسانوں نے سڑک ہی پر بستر بچھالیے

    لاہور : ملتان روڈ پر دھرنا دینے والے کسانوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گنے کی کرشنگ فی الفور شروع کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کسان اتحاد کے تحت گنے کی کرشنگ لاہور کے علاقے ملتان روڈ پر سیکڑوں کسانوں کااحتجاجی دھرنا رات گئے بھی جاری ہے، مظاہرین نے مذاکرات میں ناکامی کے بعد سڑک پر ہی بستر بچھالیے ہیں۔

    ملتان روڈ پر دھرنا دینے والے مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ گنے کی کرشنگ فی الفور شروع کی جائے اور کسانوں کی سابقہ ادائیگیاں بھی کی جائیں۔

    کسان اتحاد کے تحت احتجاجی دھرنا دینے والے کسانوں کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

    نمائندہ اے آر وائی کا کہنا ہے کہ کسانوں نے شہر سے باہر جانےوالی سڑک کو ٹریفک کےلیے کھول دیا تھا تاہم شہر میں داخل ہونے والی سڑک تاحال بند ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی کے مطابق مظاہرین اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے جس کے بعد کسانوں نے خون جما دینے والی سردی میں سڑک پر ہی بستر بچھالیےہیں۔

    کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مالی تعاون کیلئے اقدامات کرینگے، وزیراعظم عمران خان

    خیال رہے کہ ایک ماہ قبل وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لئے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی اور ان مالی معاونت کیلئے اقدامات کریں گے۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے میں تحقیق کو یکسر نظرانداز کیا گیا، زرعی شعبے کی ترقی پی ٹی آئی حکومت کا اہم ترین ایجنڈہ ہے، زرعی شعبے کے زوال کو قلیل مدتی اقدامات سے بہتری میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

  • دودھ کی قیمتوں میں اضافے کی کوشش ناکام، مذاکراتی دور بے نتیجہ رہے

    دودھ کی قیمتوں میں اضافے کی کوشش ناکام، مذاکراتی دور بے نتیجہ رہے

    کراچی:کراچی میں دودھ مافیا کی جانب سے دودھ کا بحران پیدا کرنے کی کوششیں کا میاب نہ ہوسکیں، دودھ کی قیمیتوں میں اضافے کے حوالے سے ہونے والے متعدد مذاکراتی دور بے نتیجہ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق دودھ مافیا دودھ کی قیمتیں بڑھا کر عوام پر مذید مہنگائی کا بوجھ ڈالنا چاہتے ہیں، جس کے تحت نئی قیمت کے تعین کے لیے اب تک کئی بار کمشنر کراچی سے مذاکرات ہوئے لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ دودھ کی قیمت میں 5 سے 10 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کے لیے تیار ہے تاہم ڈیری فارمرز دودھ کی قیمت میں 15 سے 20 روپے فی لیٹر کا ہوشربا اضافہ کرنا چاہتے ہیں، جس کے تحت کمشنر کراچی اور ڈیری فارمز کے نمائندوں کے مابین اب تک 5 مذاکراتی دور ہوئے لیکن ناکام رہے۔

    کراچی : دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کرنیوالے ڈیری فارمرز کیخلاف کارروائی

    شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں کہیں بھی دکانوں پر خالص دودھ دستیاب نہیں، پانی ملا دودھ 85 سے 90 روپے فی لیٹر فروخت کیا جارہا ہے، حکومت ہرگز دودھ مافیا کے آگے گھٹنے نہ ٹیکے۔

    خیال رہے سپریم کورٹ نے گذشتہ دنوں انسانی صحت کے لیے مضر صحت بھینسوں کو زیادہ پیداوار کے لیے لگائے جانے والے ہارمونز کے انجیکشن پر پابندی لگادی تھی جس کے بعد ڈیری فارمرز بھینسوں کی تعداد بڑھا کر دودھ کی پیداوار بڑھانے کے بجائے مسلسل دودھ کی قمیت بڑھانے کے لیے انتظامیہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔

    عدالت نے 4 نجی کمپنیوں کے دودھ کی فروخت پر پابندی لگا دی

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں کراچی میں ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کا غیر قانونی اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں ڈیری فارمرز نے ازخود دودھ کی فی لیٹر قیمت میں پانچ روپے کا اضافہ کرتے ہوئے90روپے فی لیٹر مقرر کردیا تھا۔

    بعد ازاں اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر نے ڈیری فارمرز کے اجلاس پر چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران دودھ کےاضافی نرخ کا اعلان کرنیوالے ڈیری فارمرز فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم اجلاس کے بعض شرکاء کو سکھن تھانے کی پولیس نے گرفتار کر کے لاک اپ کردیا۔