Tag: انتقال کرگئے

  • سابق گورنر سندھ کمال اظفر خالق حقیقی سے جا ملے

    سابق گورنر سندھ کمال اظفر خالق حقیقی سے جا ملے

    کراچی : سابق گورنر سندھ کمال اظفر کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے، ان کی عمر 88 برس تھی۔ صدرمملکت اور وزیر اعظم نے اپنے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سابق گورنر سندھ کمال اظفر مقامی ہسپتال میں انتقال کرگئے، 88سالہ کمال اظفر کافی عرصے سے علیل تھے، نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    کمال اظفر طویل عرصےسے علیل تھے، صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے سابق گورنرسندھ کمال اظفر کےانتقال پرافسوس اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

    اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ کمال اظفرکی وفات سے پاکستان ایک مدبر اور بڑے سیاستدان سے محروم ہوگیا، صدر آصف علی زرداری نے مرحوم کی سیاسی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا۔

    صدرمملکت نے کہا کہ کمال الدین اظفرجیسے سیاست دان پیپلز پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، مرحوم نے سندھ اور پیپلز پارٹی کیلئے گرانقدرخدمات انجام دیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر کامران ٹیسوری، بلاول بھٹو اور دیگر نے بھی کمال اظفر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

  • آسٹریلیا کے سابق کرکٹر انتقال کرگئے

    آسٹریلیا کے سابق کرکٹر انتقال کرگئے

    آسٹریلیا کے سابق کرکٹر کیتھ اسٹیک پول 84 سال کی عمر میں فانی دنیا کو خیر باد کہہ گئے۔

    آسٹریلیا کے دائیں ہاتھ کے اوپنر کیتھ اسٹیک پول نے 1966ء سے 1974ء کے دوران 43 ٹیسٹ میچز میں ملک کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 37.42 کی اوسط سے2807 رنز بنائے، جن میں اُنہوں نے 7سنچریاں بھی اسکور کی تھیں۔

    میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کیتھ اسٹیک نے 1971ء میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے تاریخ کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں بھی حصہ لیا تھا۔

    انہوں نے لیگ اسپن بولنگ کے ذریعے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد اُنہوں نے ریڈیو اور ٹی وی کمنٹری بھی کی جسے بے حد پسند کیا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر جنید ظفر خان بھی ایڈیلیڈ میں ایک میچ کے دوران انتہائی سخت گرمی کے دوران انتقال کر گئے تھے۔

    آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق اولڈ کنکورڈیا کرکٹ کلب کے کھلاڑی جنید خان نے 40 اوورز کے لیے فیلڈنگ کی تھی اور تقریباً سات اوورز تک بیٹنگ کرتے رہے کہ وہ اچانک میدان میں گر گئے۔

    یہ میچ سخت حالات میں کھیلا گیا،جس میں درجہ حرارت 41.7 ° C (107 ° F) تک پہنچ گیا۔

    ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر بلایا گیا، اور پیرامیڈیکس نے گراؤنڈ میں سی پی آر کی کوشش کی لیکن ان کی بہترین کوششوں کے باوجود کھلاڑی جانبر نہ ہوسکے۔

    پاکستان سپر لیگ کو ابھی مزید بہتر کرنا ہے، شعیب ملک

    ان کے کلب نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیرامیڈکس نے اپنی پوری کوشش کی، لیکن بدقسمتی سے کرکٹر زندہ نہ بچ سکے، کھلاڑی اپنے ساتھی کرکٹر کی موت پر انتہائی غمزدہ ہیں۔

  • پی پی رہنما نواب یوسف تالپور انتقال کرگئے

    پی پی رہنما نواب یوسف تالپور انتقال کرگئے

    کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور انتقال کرگئے۔

    نواب یوسف تالپوراین اے 213 سے پاکستان پیپلزپارٹی کے ایم این اے تھے، مرحوم متعدد بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے وہ شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی کابینہ میں وفاقی وزیر بھی رہے۔

    نواب یوسف تالپور 2024 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 ضلع عمرکوٹ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

    مرحوم کے اہل خانہ نے انتقال کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی نماز جنازہ کل دوپہر 2 بجے عمرکوٹ میں آبائی علاقے کنری میں ادا کی جائے گی۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سینئر سیاستدان نواب یوسف تالپور کے انتقال پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواب یوسف تالپور پارٹی کا اثاثہ تھے، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

    وزیر اعلیٰ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

  • اداکارہ مومنہ اقبال کے والد انتقال کرگئے

    اداکارہ مومنہ اقبال کے والد انتقال کرگئے

    پاکستان کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کے والد انتقال کر گئے۔

    اداکارہ مومنہ اقبال نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام اسٹوری پر اپنے والد کے انتقال کی خبر اور نمازِ جنازہ کی تفصیلات شیئر کی ہے۔

    اداکارہ نے انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’میرے والد گزشتہ روز انتقال کر گئے ہیں، اداکارہ نے لکھا کہ ’ انا الله وان اليه راجعون، ہم یقیناً اللہ ہی کے ہیں، اور ہمیں یقیناً اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے‘۔

    اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنے والد کے نمازِ جنازہ کی تفصیلات بھی شیئر کیں ہیں۔

  • گھوٹکی :  قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے صحافی نصراللہ گڈانی  چل بسے

    گھوٹکی : قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے صحافی نصراللہ گڈانی چل بسے

    گھوٹکی : قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے صحافی نصراللہ گڈانی انتقال کرگئے، 4 روز قبل موٹرسائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے انھیں ٹارگٹ کر کے نشانہ بنایا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق میرپورماتھیلو میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے صحافی نصراللہ گڈانی کراچی کی نجی اسپتال میں زخموں کی تاب لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے

    نصراللہ کو چار روز قبل میرپورماتھیلو میں جراوار روڈ پر موٹرسائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے ٹارگٹ کر کے نشانہ بنایا تھا، جس سے تین گولیاں لگنے سے ان کا جگر ، مثانہ اور پھپھڑے متاثر ہوئے تھے۔

    انھیں پہلے شیخ زید اسپتال رحیم یار خان منتقل کیا گیا تھا، بعد ازاں گزشتہ روز ایئر ایمبولینس سے کراچی کےنجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔

    صحافی نصراللہ کی موت پر گھوٹکی یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، صحافیوں تنظیموں کا کہنا تھا کہ 4 دن گزرنے کے باوجود پولیس حملہ آوارں کا سراغ لگانے میں ناکام ہے، قاتلوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔

    گھوٹکی یونین آف جرنلسٹ نےضلع میں 3روزہ سوگ کااعلان کردیا ہے ،صدر گھوٹکی یوجےاسلم ملک کا کہنا ہے کہ صحافی کے قاتلوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں.

    دوسری جانب ایس ایس پی گھوٹکی سمیر نور چنہ نے بتایا کہ نصراللہ گڈانی پر حملےکی تحقیقات جاری ہیں ، حملہ آوروں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دے دی ہے، حملے کی ہر پہلو سے تفتیش کر رہے ہیں تاہم واقعہ کا مقدمہ تا حال درج نہیں کیا جا سکا ہے

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ صحافی کی تدفین گھوٹکی کے علاقے میرپورماتھیلو کے گاوں قبول گڈانی ادا کی جائے۔

  • سابق سینئر بیوروکریٹ روئیداد خان انتقال کرگئے

    سابق سینئر بیوروکریٹ روئیداد خان انتقال کرگئے

    اسلام آباد: سابق سینئربیورو کریٹ روئیداد خان اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق روئیداد خان گزشتہ ایک سال سے علیل تھے، روئیداد خان کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ادا کی جائے گی اور تدفین ایچ الیون قبرستان میں ہوگی۔

    روئیداد خان  مختلف اہم سرکاری  عہدوں پر تعینات رہے، انہوں نے بطور چیف سیکرٹری سندھ اور خیبر پختونخوا خدمات انجام دیں۔

    روئیداد خان ایم ڈی پی ٹی وی، سیکرٹری سیاحت اور سیکرٹری وزارت لیبر بھی رہے اس کے علاوہ وہ سیکرٹری داخلہ، وفاقی وزیر احتساب اور وزیراعظم و صدر کے مشیر بھی رہے۔

  • قائداعظم محمدعلی جناح کے نواسے محمد اسلم جناح  انتقال کرگئے

    قائداعظم محمدعلی جناح کے نواسے محمد اسلم جناح انتقال کرگئے

    کراچی:قائداعظم محمدعلی جناح کے نواسے محمداسلم جناح 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، مرحوم اسلم جناح کی تدفین محمد شاہ قبرستان میں کی جائے گی۔

    ‌تفصیلات کے مطابق قائداعظم محمدعلی جناح کےنواسے محمداسلم جناح انتقال کرگئے ، ان کی عمر 70 برس تھی اور وہ کئی روز سےعلیل تھے ، اسلم جناح کی نمازجنازہ مسجدحبیبہ انڈہ موڑنارتھ کراچی میں اداکی گئی‌ ہے۔

    مرحوم اسلم جناح کی تدفین محمد شاہ قبرستان میں کی جائےگی، مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔

    خیال رہے قائداعظم محمدعلی جناح ایک ممتاز وکیل ، سیاست دان اور مدبر تھے، ان کی قیادت میں برِّصغیر کے مسلمانوں نے نہ صرف برطانیہ سے آزادی حاصل کی، بلکہ تقسیمِ ہند کے ذریعے پاکستان کا قیام عمل میں آیا اور آپ پاکستان کے پہلے گورنر جنرل بنے۔

    قائد اعظم نے 11ستمبر ، 1948 کو زیارت بلوچستان میں وفات پائی اور کراچی میں دفنایا گیا۔

  • قاتلانہ حملے میں زخمی  ڈپٹی کسٹم کلکٹر ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ  انتقال کرگئے

    قاتلانہ حملے میں زخمی ڈپٹی کسٹم کلکٹر ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ انتقال کرگئے

    کراچی : کوئٹہ میں نامعلوم افراد کے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے والے ڈپٹی کسٹم کلکٹر ڈاکٹر عبد القدوس شیخ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، ان کو ائیرایمبولنس کےذریعے کراچی لایا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے پاکستان کسٹمز کے ڈپٹی کسٹم کلکٹر ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ کراچی میں انتقال کرگئے، کوئٹہ میں گزشتہ دو نامعلوم مسلح افراد نے ڈپٹی کسٹمز کلکٹر ڈاکٹرعبدالقدوس پر شدید تشدد کیا تھا۔

    جس کے بعد ان کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیاگیا، وہاں سے ان کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے کراچی لایاگیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

    ڈپٹی کسٹم کلکٹر کی ہلاکت پر محکمہ کےافسران واہلکار کا کہنا ہے اسمگلروں کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکیاں معمول ہیں جبکہ کسٹم حکام کے مطابق پتا لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ حملہ کس نے اور کیوں کیا‘عبدالقدوس شیخ کا دو ماہ قبل کوئٹہ تبادلہ ہوا تھا۔

    خیال رہے کوئٹہ میں 2جولائی کی رات کارروائی سے واپسی پر انھیں نشانہ بنایا گیا، محکمہ انکے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔

    دورسری جانب اولڈ کسٹم ہاؤس کراچی میں ڈپٹی کلکٹر کسٹم عبدالقدوس کیلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیاگیا ۔ تقریب میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ان کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا مانگی گئی ۔

    ممبر کسٹم جواد آغانے تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہاں موجود کسٹم کا ہر اسٹاف ڈاکٹرعبدالقدوس کی کارکردگی کی گواہی دیتا ہے۔ڈاکٹروقدوس نے محکمہ کسٹم میں اہم ذمہداریاں نبھائی اور جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ملزمان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کراسمگلنگ کو ناکام بنایا، ہم سب کو ان کی خدمات کا اعتراف ہے اور انکی طرح کام کرنے کی ضرورت ہے۔ہمیں اپنی قابلیت کو ظاہر کرنا ہوگا اور ملک کے مختلف حصوں میں اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہیں اورکوئٹہ میں بڑی اسمگلنگ کی کارروائیاں ناکام کی۔

    ان کاکہنا تھا کہ پورٹ قاسم میں اپریزمنٹ میں بھی ڈاکٹر عبدالقدوس نے ذمہ داریاں نبھائی،کوئٹہ کلکٹریٹ میں بھی ذمہ داریاں نبھائی،ہمیں اسٹاف کی کمی ، وسائل کی کمی کے باوجود انھوں نے ثابت کیا کہ وہ دشمن کے خلاف تھے۔

    جواد آغا نے کہا کہ ہم ہر اس کارروائی کو کریں گے کہ ملزمان جلد گرفتار کیے جائیں،عبدالقدوس کی قربانی رائیگاں نہیں جائیں گی،ہم ان کے مشن کو آگے اور موثر انداز میں آگے بڑھائیں گے۔

  • مقبول ترین ملی نغمے ”دل دل پاکستان“ کے شاعر نثار ناسک انتقال کرگئے

    مقبول ترین ملی نغمے ”دل دل پاکستان“ کے شاعر نثار ناسک انتقال کرگئے

    راولپنڈی : مشہورملی نغمےدل دل پاکستان کےشاعر نثارناسک انتقال کرگئے ، مرحوم کو آج راولپنڈی میں نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبول ترین ملی نغمے ”دل دل پاکستان“ کے شاعر نثار ناسک انتقال کرگئے، نثار ناسک گزشتہ چند برسوں سے شدید بیمار تھے، انہوں نے آخری ایام غربت کے باعث نہایت کسمپرسی میں گزارے۔

    مرحوم کو آج راولپنڈی کے علاقہ رتہ ڈھوک  میں نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کیا جائے گا۔

    روزیراعلیٰ پنجاب  عثمان بزدار نے نثار ناسک کےانتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اہلخانہ سے تعزیت کی۔  

    سن 1943 میں راولپنڈی میں پیدا ہونے والے شاعر نثار ناسک نے”دل دل پاکستان“ کی شاعری لکھی تھی، ان کی دو کتابیں ”چھوٹی سمت کا مسافر“ اور ”دل دل پاکستان“ شائع ہوئیں۔

    نثار ناسک کو اردو لٹریچر میں بہترین خدمات انجام دینے کے لیے پی ٹی وی کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیاتھا۔

    خیال رہے 1987 میں مشہور پاپ بینڈ وائٹل سائنس کی جانب سے پیش کیا جانے والا ملی نغمہ ”دل دل پاکستان“ پاکستان کا مشہور ترین ملی نغمہ ہے، جسے جنید جمشید نے اپنی خوبصورت آواز میں گایا۔ اس ملی نغمے نے جنید جمشید کوراتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا۔

    ”دل دل پاکستان“ کی شہرت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اسے پاکستان کا دوسرا قومی ترانہ بھی کہا جاتا ہے، دہائیاں گزرنے کے باوجود آج بھی یہ ملی نغمہ بچے بچے کی زبان پر ہے۔

  • وفاقی وزیر سردارعلی محمدمہر حرکت قلب بند ہونے پر انتقال کرگئے

    وفاقی وزیر سردارعلی محمدمہر حرکت قلب بند ہونے پر انتقال کرگئے

    گھوٹکی: وفاقی وزیرسردارعلی محمدمہرحرکت قلب بندہونے سے انتقال کرگئے، ان کی عمر باون سال تھی ، سردارعلی محمد مہر عمران خان کابینہ میں اینٹی نارکوٹکس کے وزیر تھے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اینٹی نارکوٹکس سردار علی محمد مہر گھوٹکی میں انتقال کرگئے، سردارعلی محمدمہرکی آج صبح اچانک طبیعت خراب ہوئی تھی ، خاندانی ذرائع کاکہنا علی محمد مہر کا انتقال حرکت قلب بند ہونے سے ہوا، ان کی عمر باون سال تھی۔

    گھوٹکی میونسپل چیئرمین اور قریبی دوست سید اصغرگیلانی کی جانب سے تصدیق کردی ہے۔

    سردارعلی محمدمہر نے 1995 میں سیاسی میدان میں قدم رکھا تھا، وہ این اے دو سو پانچ گھوٹکی سے ایم این اے منتخب ہوئے تھے، اور بعد ازاں تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

    سردار علی محمد مہر مشروف دور میں دو ہزار دو سے دو ہزار چار تک وزیراعلیٰ سندھ کے عہدہ پر بھی فائض رہے۔

    سردارعلی محمدمہرعمران خان کابینہ میں اینٹی نارکوٹکس کے وزیر تھے جبکہ وہ سیاست کیساتھ سماجی خدمات میں بھی نمایاں رہتے تھے۔

    وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کا سردارعلی محمدمہر کے انتقال پر افسوس کا اظہار


    وزیراعظم عمران خان نے سردارعلی محمدمہر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کااظہار کیا، اور مرحوم کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کی دعا کی۔

    وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا سردار علی محمد مہر کے انتقال کی اطلاع ملی ، سردار علی محمدمہر کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس ہے، علی محمد مہر ایک منجھے ہوئے سیاستدان اور انتہائی خلیق شخصیت تھے۔

    وزیرخارجہ نے مرحوم کی مغفرت اوربلندی درجات کے لئے دعا کی اور وفاقی وزیرسردارعلی محمد مہر کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی۔

    گورنرسندھ عمران اسماعیل نے بھی وفاقی وزیرسردار علی محمد مہر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا دکھ میں سردار محمد علی مہر کے خاندان کے ساتھ برابر کےشریک ہیں۔

    سابق صدرآصف زرداری نے سردارعلی محمدمہر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے خاندان سےاظہار ہمددری کیا جبکہ رہنما ن لیگ شہبازشریف نے بھی سردارعلی محمد مہر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔