Tag: انتقال کر گئے

  • وفاقی وزیر داخلہ  کے بھائی پیر طارق شاہ انتقال کر گئے

    وفاقی وزیر داخلہ کے بھائی پیر طارق شاہ انتقال کر گئے

    ننکانہ صاحب: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کے ایک اور بھائی پیر طارق شاہ کورونا کے باعث انتقال کر گئے، ان کی نماز جنازہ 11 بجے نبی پور پیراں میں اداکی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ کےبھائی پیر طارق شاہ انتقال کر گئے، خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر طارق شاہ کورونا وائرس سے متاثرتھے اور لاہور کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    مرحوم پیر طارق شاہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کےصدر تھے ، ان کی نماز جنازہ 11 بجے نبی پور پیراں میں اداکی جائے گی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیرداخلہ اعجازشاہ کے بھائی پیر طارق شاہ کے انتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ وزیرداخلہ کے بھائی کے انتقال پر دلی رنج ہوا۔

    اس سے قبل گذ شتہ ماہ وزیر داخلہ کے بھائی پیر حسن احمد شاہ بھی وفات پا چکے ہیں، پیر حسن کورونا کاشکار ہوئے تھے تاہم علاج کے بعد ان کا کورونا ٹیسٹ نیگیٹو آیا تھا۔

  • اصغر خان عملدرآمد کیس کے اہم کردار یونس حبیب انتقال کر گئے

    اصغر خان عملدرآمد کیس کے اہم کردار یونس حبیب انتقال کر گئے

    اسلام آباد : اصغر خان عملدرآمد کیس کے اہم کردار یونس حبیب انتقال کر گئے، وہ کافی عرصے سے علیل تھے،یونس حبیب نےمارچ2012میں سیاستدانوں کوپیسےدینےکااعتراف کیاتھا۔

    تفصیلات کے مطابق اصغر خان عملدرآمد کیس کے اہم کردار یونس حبیب کراچی میں انتقال کر گئے، یونس حبیب لمبے عرصے سے علیل تھے، ان کی نماز جنازہ بعد نماز عشا ڈیفنس فیز ٹو کی جامع مسجد میں ادا کی جائے گی۔یونس حبیب مہران بینک کے سربراہ اور نیشنل بینک کے صدر رہے ہیں۔

    یونس حبیب مہران بینک کے سربراہ اور نیشنل بینک کے صدر رہے  اور اصغرخان کیس کے اہم کرادارتھے ، انھوں نے سیاست دانوں میں پیسے تقسیم کئے تھے، جن میں نواز شریف سیمت دیگر اہم لوگ شامل تھے۔

    مارچ دوہزار بارہ میں یونس حبیب نے ایک ایفی ڈیوٹ کے زریعہ سیاست دانوں میں پیسے تقسیم کرنےکااعتراف کیاتھا، اس وقت کےآرمی چیف مرزا اسلم بیگ بھی اس سب میں ملوث تھے۔

    اکتوبر دوہزار بارہ میں سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : سپریم کورٹ نے اصغرخان کیس میں وزارت دفاع کی رپورٹ مستردکردی

    یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے اصغر خان عملدرآمدکیس بند کرنے کیلئے ایف آئی اے کی استدعا مسترد کردی تھی اور عدالت نے ایف آئی اے ودیگر اداروں کی پیش رپورٹس بھی مسترد کیں ،عدالت نے ایف آئی اے کو تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

    اعلی عدالت نےایف آئی سےچار ہفتےمیں نئی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا تھا ہمارا فیصلہ ہے،عمل درآمدضرور کرائیں گے، ایک فریق رقم لینے سے انکار کررہا ہے تو کیا کیس ختم کردیں؟ انکوائری میں کیا یہ سوال کیا گیا کہ رقم کس کےذریعے دی گئی۔

    واضح رہے اصغر خان کیس سیاسی رہنماؤں میں کروڑوں روپے تقسیم کرنے کے معاملے سے متعلق ہے ، کہا جاتا ہے کہ نوے کی دہائی میں پیپلز پارٹی کو شکست دینے کے سیاست دانوں کو خطیررقم رشوت میں دی گئی تھی۔

  • لاہور: سرگودھا یونیورسٹی کے پروفیسر جاوید اقبال کیمپ جیل میں انتقال کر گئے

    لاہور: سرگودھا یونیورسٹی کے پروفیسر جاوید اقبال کیمپ جیل میں انتقال کر گئے

    لاہور : ‏سرگودھا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے ڈائریکٹر پروفیسر جاوید اقبال کیمپ جیل میں انتقال کر گئے، جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا یونیورسٹی کرپشن کیس میں نیب کے زیر حراست پروفیسر جاوید حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کرگئے۔

    اس حوالے سے جیل حکام کا کہنا ہے کہ پروفیسر جاوید  اقبال کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر سروسز اسپتال لے جایا گیا تھا ان ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے روانہ کردیا گیا تھا ، وہ  اسپتال سے جیل پہنچے جہاں وہ دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوئے۔

    بعد ازاں ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیاہے، یاد رہے کہ پروفیسر جاوید سرگودھا یونیورسٹی کے غیرقانونی کیمپسز کھولنے کے الزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں تھے۔

    میڈیا میں چلنے والی خبروں پر قومی احتساب بیورو نے اپنے ردعمل میں اس تاثر کی سختی سے تردید کی ہے کہ مرحوم جاوید اقبال کا انتقال نیب کی حراست میں نہیں ہوا۔

    احتساب عدالت نے جاوید احمد کو اکتوبر2018 میں ہی جوڈیشل کردیا تھا اور کیمپ جیل لاہور حکام نے ملزم کی کسٹڈی لیتے وقت مرحوم کی صحت کے حوالے سے باقاعدہ تصدیق بھی دی گئی تھی، ترجمان نیب کی جانب سے مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پروفیسر میاں محمد جاوید سمیت دیگر افراد کو نیب نے اکتوبر میں گرفتار کیا تھا۔

    واضح رہے کہ کچھ روز قبل نیب کی جانب سے ریٹائرڈ اساتذہ کو ہتھکڑیوں میں جکڑ کر عدالت میں پیش کیا گیا تھا جس پر پورے ملک میں طوفان برپا ہوگیا تھا۔

    چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے بھی اس واقعے کا نوٹس لیا گیا تھا جس پر ڈی جی نیب لاہور نے روتے ہوئے معافی مانگی تھی۔

  • سابق چیف جسٹس پاکستان سید سجاد علی شاہ انتقال کر گئے

    سابق چیف جسٹس پاکستان سید سجاد علی شاہ انتقال کر گئے

    کراچی : سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ریٹائرڈ) سید سجاد علی شاہ مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ریٹائرڈ) سجاد علی شاہ نجی اسپتال میں مختصر علالت کے بعد جہان فانی سے کوچ کر گئے ہیں اُن کے صاحبزادے محمد علی شاہ نے اپنے والد کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔

    چیف جسٹس سجاد علی شاہ نے نوے کی دہائی میں 5 جون 1994 کو بہ طور چیف جسٹس آف پاکستان اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کیا اور – 2 دسمبر 1997 تک اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے جس کے دوران کئی اہم تاریخی نوعیت کے فیصلے دیے۔

    تاہم اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف سے اختلافات کے باعث انہیں عہدے سے سبکدوش ہونا پڑا تھا اور اس کشیدگی کے باعث عدلیہ پر حملے کا واقعہ بھی رونما ہوا تھا۔

    سندھ سے تعلق رکھنے والے سجاد علی شاہ ایک علمی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے وہ ایک شریف النفس اور نرم دل رکھنے والے جج تھے جنہوں نے اپنے پورے کیریئر میں عزت اور شہرت کمائی۔

    سید سجاد علی شاہ 17 فروری 1933ء کو کراچی, سندھ، پاکستان میں پیدا ہوئے۔ وہ پاکستان کے تیرہویں چیف جسٹس آف پاکستان تھے اس سے قبل 13 دسمبرانیس سو نواسی1989 سے 4 نومبر 1990 تک وہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پر بھی کام کرتے رہے۔

  • معروف اداکار فاروق ضمیرانتقال کرگئے

    معروف اداکار فاروق ضمیرانتقال کرگئے

    لاہور : پاکستانی ڈراموں کے معروف اداکار فاروق ضمیر انتقال کر گئے انہیں سانس لینے میں دشواری محسوس ہونے پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معروف ٹی وی اداکار فاروق ضمیر کا انتقال ہو گیا ہے انہیں آج سانس لینے میں دشواری کے باعث اسپتال لایا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق معروف اداکار کو اس سے قبل بھی اسپتال میں داخل ہو چکے ہیں وہ کافی عرصے سے سانس کے عارضہ میں مبتلا تھے اور ان کا علاج جاری تھا تاہم آج طبعیت بگڑنے پر انہیں دوبارہ اسپتال داخل کیا گیا تھا۔

    معروف اداکار فاروق ضمیر کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ مرحوم کی آخری رسومات لاہور ہی میں ادا کی جا ئے گی جس کے لیے وقت اور جگہ کا تعین مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

    واضح رہے فاروق ضمیر پاکستان ٹی وی کے اولین دور کے اداکار تھے اور انہوں نے کئی کامیاب ڈرامہ سیریز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ جلد ہی وہ اپنی سنجیدہ اداکاری اور منفرد لب و لہجے کے باعث ہر خاص و عام میں مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

  • پیرعلاء الدین صدیقی نقشبندی رحلت فرما گئے

    پیرعلاء الدین صدیقی نقشبندی رحلت فرما گئے

    لندن : روحانی بزرگ اورعالم دین پیر علاء الدین صدیقی نقشبندی لندن میں رحلت فرما گئے، وہ لندن کے اسپتال میں زیر علاج تھے، اے آر وائی کیو ٹی پر مثنوی روم آپ کا مقبول ترین سلسلہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف بزرگ عالم دین اور مشہور روحانی سلسلہ خانقاہ نیریاں شریف آزاد کشمیر کے سجادہ نشین علامہ پیر علاء الدین صدیقی لندن میں انتقال کر گئے، وہ گذشتہ کچھ عرصہ سے لندن کے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

    پیرعلاء الدین صدیقی یکم جنوری 1936  میں پیدا ہوئے، آپ عربی، فارسی، انگریزی اور اردو زبان پر دسترس رکھتے تھے،کئی ملکوں کے تبلیغی دورے کیے مساجد تعمیر کیں اور وعظ ونصیحت سے لوگوں کونیکی اور دین داری کی طرف راغب کیا۔

    اے آر وائی کیو ٹی پر مثنوی روم آپ کا مقبول ترین سلسلہ تھا، علامہ پیرعلاء الدین صدیقی نے تعلیمی میدان میں بھی گرانقدر خدمات سرانجام دیں اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں کئی تعلیمی ادارے قائم کیے جہاں دینی وعصری تعلیم کا خصوصی طور پر جدید انتظام کیا۔ برطانیہ میں بھی انہوں نے کئی اسلامک ادارے بنائے۔

    محی الدین اسلامک یونیورسٹی اور میر پور آزاد کشمیر میں محی الدین میڈیکل کالج آپ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

  • سابق ایرانی صدر اکبر ہاشمی رفسنجانی انتقال کر گئے

    سابق ایرانی صدر اکبر ہاشمی رفسنجانی انتقال کر گئے

    تہران : ایران کے سابق صدر اکبر ہاشمی رفسنجانی 82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق 1989تا 1997 تک ایران کے صدر رہنے والے اکبر ہاشمی رفسنجانی 82 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے ملے، انہیں دل میں تکلیف کی شکایت ہونے پر تہران کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق سابق صدر اکبر ہاشمی رفسنجانی حرکتِ قلب بند ہوجانے کے باعث جہان فانی سے کوچ کر گئے، ان کے انتقال کی خبر سے پورے ملک غم کی فضاء چھا گئی ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد اسپتال کے باہر جمع ہو گئی ہے۔

    دو بار ایران کے صدر منتخب ہونے والے اکبر ہاشمی رفسنجانی ایران کی معروف سیاسی شخصیت تھے وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خالق آیت اللہ خمینی کی جدوجہد میں بھی شریک رہے اس کے علاوہ وہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور مصالحتی کونسل کے سربراہ بھی رہے۔

    اکبر ہاشمی رفسنجانی نے اعلیٰ سیاسی اور انتظامی عہدوں کے علاوہ 1988 میں ایران عراق جنگ کے آخری برس ایرانی افواج کے کمانڈر کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھائیں اور اس عہدے کے دوران انہوں نے جنگ کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کی قرارداد بھی قبول کی تھی۔

  • استاد فتح علی خان انتقال کر گئے

    استاد فتح علی خان انتقال کر گئے

    اسلام آباد : برصغیر کے معروف کلاسیکل گائیک استاد فتح علی خاں رضائے الہی سے انتقال کر گئے ہیں، مرحوم طویل عرصہ سے پھپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔

    تفصیلات کے مطابق بر صغیر کے معروف غزل گائیک اور کلاسیکل موسیقی کے استاد سمجھے جانے والے فتح علی خان خالقِ حقیقی سے جا ملے، وہ طویل عرصے سے پھپڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور مقامی اسپتال میں ان کا علاج جاری تھا۔

    استاد فتح علی خان کا تعلق پٹیالہ کے موسیقی کے معروف گھرانے سے تھا ان کا شمار روایتی کلاسیکل گلوکاروں میں ہوتا تھا، وہ ساری زندگی سُر اور لے کی گھتیاں سلجھاتے رہے اور اس دوران جب بدلتے وقت نے موسیقی کو بھی جدت کے نام پرگزند پہنچانے کی کوشش کی تو استاد فتح علی خان روایتوں کے امین ثابت ہوئے۔

    1935ءمیں بھارت کے قصبے پٹیالہ میں آنکھ کھولنے والے استاد فتح علی خاں عرف بڑے خاں نے چودہ سال کی عمر میں کولکتہ میں ہونیوالی آل بنگال میوزک کانفرنس میں اپنے بھائی استاد امانت علی خاں کے ہمراہ پرفارم کر کے دنیائے کلاسیکی موسیقی میں تہلکہ مچا دیا تھا۔

    استاد فتح علی خاں کو تان کے اعتبار سے کلاسیکی موسیقی میں انفرادیت حاصل تھی وہ ایک جیسی تان کے ماہر گوئیے تھے ان کے پسندیدہ راگوں میں ماروہ، پٹھہار، کلاوتی اور گن کلی شامل تھے، مرحوم نے اپنے بھائی استاد امانت علی کے بعدطویل عرصہ بھتیجے اسدامانت علی کے ساتھ بھی جوڑی کے انداز میں گائیکی کا مظاہرہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ استاد فتح علی خان، استاد امانت علی اور حامد علی کے چھوٹے بھائی تھے اور آج بھی ان کے بھتیجے اسد امانت علی خان اپنے خاندان کی روایتوں کو سنبھالے ہوئے ہیں۔

    اس گھرانے نے پاکستان کی موسیقی کی دنیا میں بڑی خدمات انجام دی ہیں، غزل گوئی اور قوالی کو اسی خاندان نے دوام بخشا اور مشرقی موسیقی کو دنیا کے طول و عرض میں پہنچایا۔

  • ماضی کے اداکاررتن کمارامریکا میں انتقال کرگئے

    ماضی کے اداکاررتن کمارامریکا میں انتقال کرگئے

    کراچی : ماضی کے معروف اداکار نذیرعلی عرف رتن کمار امریکا میں انتقال کر گئے، مرحوم نے پاکستان کی کئی مشہور فلموں میں اپنی اداکاری کے جو ہر دکھائے۔

    تفصیلات کے مطابق ماضی کے مشہور چائلڈ اسٹار نذیرعلی عرف رتن کمار نے کئی مشہور فلموں میں اپنانام بنایا، ساٹھ کی دہائی کے اوائل میں رتن کمار نے بالی وُوڈ فلموں میں چائلڈ اسٹار کے طور پر کام کیا۔

    انہوں راج ساہنی، راج کمار اور دیگر مشہور اداکاروں کے ساتھ کام کیا، سال انیس سو ستاون میں وہ پاکستان آگئے اور اپنی پہلی ہی لالی وُوڈ کی فلم معصوم میں خوبصورت اداکاری سے فلم بینوں کے دل میں گھر کر گئے۔

    خوبرو اداکاررتن کمار نے ہیرو کی حیثیت سے خلیل قیصر کی سپرہٹ فلم ’’ناگن‘‘ میں بھی کام کیا، ماضی کا یہ مشہور ستارہ آج ہم میں نہ رہا۔

    نذیرعلی امریکی ریاست مشی گن میں انتقال کر گئے۔ انہوں نے بیوہ دو بیٹے اور بیٹی سوگوار چھوڑے ہیں۔

  • ہالی ووڈ اداکار عمر شریف تراسی برس کی عمر میں چل بسے

    ہالی ووڈ اداکار عمر شریف تراسی برس کی عمر میں چل بسے

    کیریو: ہالی ووڈ کے مشہور اداکار عمر شریف تراسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ مرحوم اداکاری میں اپنی مثال آپ تھے۔

    ان کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے، عمر شریف نے کئی ایواڈز بھی اپنے نام کئے۔

    ساٹھ کی دہائی میں ہالی ووڈ کی فلموں سے شہرت پانے والے مصری نژاد اداکار عمر شریف تراسی برس کی عمر میں چل بسے۔

    عمر شریف نے مشہور فلم لارنس آف عربیہ سمیت کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور عالمی سطح پر شہرت پائی۔

    عمر شریف نے گولڈن گلوب سمیت کئی ایوارڈز اپنے نام کئے، انھیں آسکر ایوارڈ کے لئے بھی نامزد کیا گیا تھا۔