Tag: انتقال

  • قومی کرکٹرآصف علی کی کمسن بیٹی انتقال کرگئیں

    قومی کرکٹرآصف علی کی کمسن بیٹی انتقال کرگئیں

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آصف علی کی کمسن بیٹی نور فاطمہ امریکا میں انتقال کرگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز آصف علی کی کمسن بیٹی انتقال کرگئیں۔

    قومی ٹیم کے میڈیا منیجر کے مطابق آصف علی کی کمسن بیٹی کئی ماہ سے بیمار تھی جسے علاج کے لیے امریکا منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ انتقال کر گئیں۔

    میڈیا منیجر نے بتایا کہ آصف علی بیٹی کی بیماری کے باوجود بھی پاکستان ٹیم کے لیے دستیاب رہے، دکھ کی اس گھڑی میں ٹیم کے تمام ممبران ان کے ساتھ ہیں۔

    آصف علی کی بیٹی کے انتقال پر اے آر وائی کے صدراور سی ای او سلمان اقبال نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں آصف علی اورن کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کرکٹر آصف علی کی بیٹی کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے آصف علی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔


    قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ آصف بھائی کی بیٹی کو جنت نصیب فرمائے اور ان کے خاندان کو صبر دے۔

    نوجوان کرکٹر نے کہا کہ آصف علی جیسا صابر انسان نہیں دیکھا، اس مشکل وقت میں ہم آصف علی کے ساتھ ہیں۔

  • سعودی عرب میں‌ معاون پائلٹ کا دوران پرواز انتقال

    سعودی عرب میں‌ معاون پائلٹ کا دوران پرواز انتقال

    ریاض : سعودی عرب میں ایک ہوائی جہاز کی پروازکے دوران طیارے میں موجود معاون کپتان حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ سعودیہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقومی ہوائی اڈے کے قریب پیش آیا جب ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے سے آنے والی ایک پرواز میں موجود معاون پائلٹ کو فضاء میں دل کی تکلیف ہوئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دوران پرواز عارضہ قلب کا شکار ہونےوالے معاون ہواباز کا تعلق سوڈان سے تھا اور اس کی شناخت مصعب سلیمان کے نام سے کی گئی ہے۔

    فضائی کمپنی فلائی ادیل کے چیف ایگزیکٹو کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ معاون ہواباز کو طیارے کے فضاءمیں بلند ہونے کے بعد دل میں تکلیف محسوس ہوئی۔ مدینہ منورہ میں طیارے کی لینڈنگ کے بعد معاون ہواباز کو اسپتال منتقل کیاگیا مگر وہ جاں بر نہ ہو سکا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کے خاندان کو سعودی عرب لانے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ کمپنی نے اپنے ایک اہم ملازم کی پرواز کے دوران اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

  • نامور مصور جمیل نقش لندن میں انتقال کر گئے

    نامور مصور جمیل نقش لندن میں انتقال کر گئے

    لندن: نامور مصور جمیل نقش لندن میں انتقال کر گئے، جمیل نقش کی نماز جنازہ اور تدفین لندن میں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معاصر آرٹسٹ جمیل نقش آج 16 مئی کو برطانیہ کے سینٹ میری اسپتال میں 80 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

    جمیل نقش کو نمونیا کا مرض لاحق ہو گیا تھا، اسپتال میں ان کا علاج جاری تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے، ان کی نماز جنازہ اور کفن دفن کے معاملات لندن ہی میں ادا کیے جائیں گے۔

    جمیل نقش 1939 میں بھارت کے شہر کیرالہ میں پیدا ہوئے تھے، انھیں فن مصوری میں خدمات پر مختلف ایوارڈز دیےجا چکے ہیں۔

    جمیل نقش کو 1989 میں صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا، 2009 میں حکومت پاکستان نے انھیں ستارۂ امتیاز سے بھی نوازا۔

    معروف مصور کے انتقال پر فن کار برادری نے افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا فن کیوبزم کے عمدہ نمونوں کا عکاس رہا۔ انھوں نے عورت اور کبوتر کو اپنی مصوری کا اہم موضوع بنایا اور دونوں کو ایک ساتھ اس طرح پیش کیا کہ اس امتزاج سے عورت ذات کے مختلف پہلو نمایاں ہوئے۔

    آرٹ کی معروف نقاد مارجری حسین نے جمیل نقش کے بارے میں لکھا کہ انھوں نے فن کے لیے زندگی گزاری، اپنی مسرت کے لیے پینٹنگز بنائیں، وہ ٹیکسچر، روشنی اور اسپیس کے ماسٹر تھے، یہی ان کی منفرد پینٹنگز کا موضوعاتی پس منظر رہا۔

    جمیل نقش کے بے مثال کام کی نمایش پاکستان، بھارت، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں ہوئی، 1960 سے 1968 کے درمیان وہ مشہور ادبی جریدے سیپ کے شریک مدیر بھی رہے۔

    جمیل نقش نے 1970 سے 73 تک پاکستان پینٹرز گلڈ کی صدارت کا منصب بھی سنبھالا۔

    نامور مصور جمیل نقش کی پینٹنگ موہٹہ پیلس میوزیم میں بھی رکھی گئی جو ایک زندہ آرٹسٹ کے لیے انوکھا اعزاز تھا۔

  • جامعہ کراچی کے وائس چانسلرڈاکٹر محمد اجمل خان انتقال کرگئے

    جامعہ کراچی کے وائس چانسلرڈاکٹر محمد اجمل خان انتقال کرگئے

    کراچی: جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد اجمل خان انتقال کرگئے، وہ عارضہ قلب میں متبلا تھے۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اجمل خاں انتقال کر گئے، ڈاکٹر اجمل کو طبیعت خراب ہونے پر رات گئے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    ترجمان جامعہ کراچی نے بتایا کہ ڈاکٹرمحمد اجمل خان کا انتقال کراچی کے نجی اسپتال میں ہوا۔ ڈاکٹر اجمل عارضہ قلب میں متبلا تھے۔

    جامعہ کراچی کے مرحوم شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد اجمل خان خود بھی جامعہ کراچی کے طالب علم تھے۔ انہوں نے جامعہ کراچی سے انیس سو تہتر میں نباتیات میں بی ایس آنرز اور اگلے برس پلانٹ فزیالوجی میں ایم ایس سی کیا۔

    انہوں نے انیس سو پچاسی میں امریکا کی اوہایو یونیورسٹی سے فزیالوجیکل ایکولاجی میں پی ایچ ڈی کرنے کے بعد کراچی یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی۔

    ڈاکٹراجمل خان کو ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی، ستارہ امتیاز، نمایاں قومی پروفیسر اور سنہ دوہزارآٹھ میں نمایاں سائنسدان کےاعزازات سے نوازا گیا۔

    اس کےعلاوہ ڈاکٹر اجمل خان متعدد ممالک کے اہم طبی اداروں کے اعزازی سربراہ اور وزیٹنگ پروفیسرکی حیثیت سے بھی اپنی سرگرمیاں انجام دیتے رہے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کے والد فتح محمد بزدار انتقال کرگئے

    وزیراعلیٰ پنجاب کے والد فتح محمد بزدار انتقال کرگئے

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے والد سردار فتح محمد بزدار انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے والد فتح محمد بزدار انتقال کرگئے، وہ کچھ عرصہ سے علیل تھے۔

    سردارعثمان بزدار کے والد علاج کے لیے دو روز قبل لاہور بھی آئے لیکن چیک اپ کے بعد تونسہ شریف روانہ ہوگئے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب اب سے کچھ دیر بعد تونسہ شریف کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ اپنے والد کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔

    سردارعثمان بزدار کے والد کی نمازجنازہ شام 4 بجے ادا کی جائے گی اور آبائی علاقے بارتھی میں تدفین کی جائے گی۔

    سردارفتح محمد بزدار مرحوم 3 بار رکن پنجاب اسمبلی بھی رہ چکے ہیں، مرحوم بلوچ قبیلے بزدار کے سربراہ بھی تھے۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے والد کے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ سردار فتح محمد اچھے انسان تھے۔

    چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ بطور رکن پنجاب اسمبلی فتح محمد بزدار کے ساتھ کام کیا، انہوں نے کہا کہ مشکل گھڑی میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ ہیں۔

    گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے والد کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔

  • فواد چوہدری کا معروف گلوکارہ شہنازبیگم کے انتقال پر اظہارتعزیت

    فواد چوہدری کا معروف گلوکارہ شہنازبیگم کے انتقال پر اظہارتعزیت

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہناز بیگم کے گائے نغمے نوجوان نسل میں بھی یکساں مقبول ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے معروف گلوکارہ شہنازبیگم کے انتقال پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گائے نغمے قوم کی آواز بن چکے ہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ شہناز بیگم کے گائے نغمے نوجوان نسل میں بھی یکساں مقبول ہیں، ان کی آواز نغموں اورفن کی صورت میں ان کی یاد دلاتی رہے گی۔

    واضح رہے کہ ’’سوہنی دھرتی اللہ رکھے‘‘ اور ’’جیوے جیوے پاکستان‘‘ جیسے مقبول گیت گانے والے نامور گلوکارہ شہناز بیگم 67 برس کی عمر میں جل بسیں۔

    معروف گلوکارہ شہناز بیگم انتقال کرگئیں

    شہناز بیگم کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر ڈھاکہ میں ادا کی جائے گی۔ مرحومہ نے سوگواران میں شوہر، ایک بیٹا اورایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔

    معروف گلوکارہ شہنازبیگم 2 جنوری 1952 کو ڈھاکہ میں پیدا ہوئیں، انہوں نے کچھ عرصہ پہلے عمرہ کی ادائیگی کے بعد گلوکاری کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

  • فاسٹ باؤلر محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ ادا

    فاسٹ باؤلر محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ ادا

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر اور کراچی کنگز کے کھلاڑی محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹر اور کراچی کنگز کے کھلاڑی محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ گجرخان جنگہ بھنگیال میں ادا کردی گئی۔

    محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سربراہ اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ اے آروائی نیٹ ورک محمدعامراور خاندان کے دکھ میں شریک ہے۔

    محمد عامر کی والدہ انتقال کرگئیں

    فاسٹ باؤلر محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پریہ خبر دی کہ ان کی والدہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں اور خالق حقیقی سے جا ملیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور دیگرشخصیات نے محمد عامر سے دکھ کا اظہار کیا اور ان کے لیے صبرکی دعا کی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صبرعطا فرمائے اور آپ کی امی کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز محمد عامر نے اپنے مداحوں سے والدہ کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی تھی۔

  • معروف اداکارہ روحی بانو انتقال کر گئیں

    معروف اداکارہ روحی بانو انتقال کر گئیں

    لاہور: 70 اور 80 کی دہائی کی مشہور ٹی وی اداکارہ روحی بانو انتقال کر گئیں، وہ گزشتہ 2 ماہ سے شدید علیل تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق ماضی کی مشہور اداکارہ روحی بانو 2 ماہ کی علالت کے باعث گزشتہ 10 دن سے وینٹی لیٹر پر تھیں جہاں وہ آج انتقال کرگئیں۔

    روحی بانو کی بہن یاسمین کا کہنا ہے کہ روحی بانو کو 3 دسمبر کو استنبول کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

    روحی بانو 10 اگست 1951 کو کراچی میں پیدا ہوئیں تھی۔ وہ نامور طبلہ نواز اللہ رکھا خان کی بیٹی تھیں۔ روحی بانو نے کرن کہانی، زرد گلاب، دروازہ اور دیگر بے شمار سپر ہٹ ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے ہیں۔

    سنہ 1981 میں انہیں حکومت پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا۔ اس کے علاوہ بھی وہ متعدد ایوارڈز حاصل کرچکی ہیں۔

    سنہ 2005 میں ان کے 20 سالہ اکلوتے بیٹے کو گولی مار کر قتل کردیا تھا جس کے بعد وہ اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھیں۔

    کچھ عرصہ قبل روحی بانو کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ وہ اپنے بھائی کے گھر پر صحیح سلامت موجود ہیں۔

    وزیر اطلاعات کا اظہار افسوس

    وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے روحی بانو کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روحی بانو پاکستان کی انتہائی مقبول اور باکمال فنکارہ تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ روحی بانو نے عوام کو فنکارانہ صلاحیتوں سے بے حد متاثر کیا، روحی بانو پرستاروں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

  • فواد چوہدری کا اداکارگلاب چانڈیو کے انتقال پردکھ اورافسوس کااظہار

    فواد چوہدری کا اداکارگلاب چانڈیو کے انتقال پردکھ اورافسوس کااظہار

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فن کی دنیا میں گلاب چانڈیوکی کمی محسوس کی جاتی رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے اداکارگلاب چانڈیو کے انتقال پردکھ اورافسوس کا اظہار کیا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ گلاب چانڈیو کے شاندارمکالمات مداحوں کے ذہنوں میں نقش ہیں، وہ اعلیٰ پائے کے فنکارتھے، فن کی دنیا میں گلاب چانڈیوکی کمی محسوس کی جاتی رہے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ناموراداکارگلاب چانڈیو طویل عرصےعلالت کے بعد 60 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔

    سندھی اداکارگلاب چانڈٰیو نے ساٹھ کی دہائی میں کیرئیرکا آغاز کیا اور سندھی، اردو فلموں سمیت سیکڑوں ڈراموں میں کام کیا، ان کے مشہور ڈراموں میں زہربند، نوری جام تماچی، سنس لے اے زندگی ماروی ، غلام گردش اور ساگر کے موتی بھی شامل ہیں۔

    ناموراداکارگلاب چانڈیوطویل عرصےعلالت کے بعدانتقال کرگئے

    گلاب چانڈیوکو ولن کے روپ میں زیادہ شہرت ملی، وراسٹائل اداکار نے تین سو سے زائد اردو سندھی ڈراموں اور چھ فلموں میں اداکاری کی، دوہزار پانچ میں ان کی آخری فلم شاہ تھی۔

    ناموراداکارسیاست میں بھی دلچسپی رکھتے تھے، وہ پاکستان تحریک انصاف سے منسلک تھے۔

    حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 14 اگست 2015ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا تھا۔

  • معروف بھارتی اداکار قادرخان انتقال کرگئے

    معروف بھارتی اداکار قادرخان انتقال کرگئے

    ممبئی: چار دہائیوں تک اپنی اداکاری سے لوگوں کے چہروں پرمسکراہٹ بکھیرنے والے معروف بھارتی اداکار81 برس کی عمرمیں انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ورسٹائل اداکار قادر طویل علالت کے بعد کینیڈا کے اسپتال میں 81 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز سانس لینے میں دشواری کے باعث ڈاکٹرز نے قادرخان کو وینٹی لیٹرپرمنتقل کیا تھا۔

    معروف اداکار گزشتہ چند سالوں سے بیمار تھے اور انہوں نے اپنی مصروفیات بھی قدرے کم کررکھی تھیں۔

    تقسیم ہند سے قبل 1927 میں افغانستان میں پیدا ہونے والے قادر خان نے بھارتی فلم انڈسٹری میں 1971 سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور 47 سالون میں 300 سے زائد فلموں میں اداکاری کی۔

    قادر خان نے اپنی شاندار اداکاری کے باعث درجنوں ایوارڈز اپنے نام کیے اور250 فلموں کے ڈائلاگس بھی لکھے۔

    یاد رہے کہ چار روز قبل قادر خان کو اسپتال میں داخل کرائے جانے کے حوالے سے امیتابھ بچن نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ان میں نمونیا ہونے کی علامات پائی گئیں۔

    امیتابھ بچن نے ورسٹائل اداکار قادر خان کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے ان کی صحت کے لیے دعا کی اپیل بھی کی تھی۔