Tag: انتقال

  • کپور فیملی کو گہرا صدمہ، اہم شخصیت انتقال کرگئی

    کپور فیملی کو گہرا صدمہ، اہم شخصیت انتقال کرگئی

    بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار انیل کپور، بونی کپور اور سنجے کپور کی والدہ، اور مشہور فلم پروڈیوسر سریندر کپور کی اہلیہ نرمل کپور انتقال کرگئیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انیل کپور کی والدہ نرمل کپور نے 90 برس کی عمر میں 2 مئی کی شام ممبئی کے کوکیلابین دھیروبھائی امبانی اسپتال میں دم توڑا، کہا جارہا ہے کہ انہیں دن کا دورہ پڑا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق اسپتال کے سی ای او نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ شام 5 بج کر 25 منٹ پر انتقال کرگئیں، نرمل کپور کو نہ صرف کپور خاندان میں بلکہ بالی وڈ کے حلقوں میں بھی بے حد عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق بونی کپور کی والدہ کی آخری رسومات 3 مئی کو ادا کی جائیں گی، جہاں فلمی دنیا کی اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بالی ووڈ کے لیجنڈ فلم پروڈیوسر سلیم اختر بھی 82 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال کرگئے تھے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ فلم پروڈیوسر سلیم اخترممبئی کے کوکیلابین دھیرو بھائی امبانی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    سلیم اختر نے 1997 میں اداکاری رانی مکھرجی کو فلم ’راجا کی آئے گی بارات‘ میں متعارف کروایا تھا۔انہوں نے اداکارہ تمنا بھاٹیا کے ساتھ فلم ’چاند سا روشن چہرہ‘ 2005 میں پروڈیوس کی تھی۔

    ضرورت پڑی تو بارڈر پر پاک آرمی کے ساتھ جنگ لڑوں گا، غلام محی الدین

    انہوں نے متعدد فلمیں پروڈیوس کیں جن میں 1980 اور 90 کی ’پھول اور انگارے‘۔ ’قیامت‘۔ ’لوہا‘۔ اور ’بٹوارہ‘ شامل ہیں۔ سلیم اختر کے پسماندگان میں اہلیہ شمع اختر اور بیٹا صمد اختر شامل ہیں۔

  • معروف پاکستانی شیف ذاکر انتقال کرگئے

    معروف پاکستانی شیف ذاکر انتقال کرگئے

    کراچی کے معروف پاکستانی شیف ذاکر انتقال کرگئے، خاندانی ذرائع کے مطابق شیف ذاکر گردوں کی بیماری میں مبتلا تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اپنے کھانوں اور ان کی ریسپی کی وجہ سے مشہور و معروف شیف ذاکر انتقال کرگئے، گردوں کی بیماری کی وجہ سے امریکہ میں ان کے ڈائلسز ہورہے تھے، ڈاکٹرز نے انھیں جواب دے دیا تھا۔

    ڈاکٹرز کے جواب دینے کے بعد وہ ایک ماہ قبل وطن واپس آئے تھے، مرحوم کی نمازِجنازہ کل بعد نمازعصر جامعہ رشیدیہ ملیر سعودآباد میں ادا کی جائے گی۔

    شیف ذاکر کی تدفین سعودآباد قبرستان میں ہوگی، وہ اپنے اپنے منفرد ذائقے اور کھانا بنانے کے انداز کے باعث دنیا بھر میں مقبول تھے۔

    ان کی عمر 57 برس تھی، شیف ذاکر 16 فروری 1967 کو پیدا ہوئے، وہ مختلف ٹی وی چینلز پر کئی کامیاب پروگرامز کرچکے تھے۔

  • معروف اداکار جاوید کوڈو انتقال کرگئے

    معروف اداکار جاوید کوڈو انتقال کرگئے

    لاہور: پاکستان کے معروف اداکار جاوید کوڈو انتقال کرگئے، ان کے انتقال کی اہلخانہ کی جانب سے تصدیق کردی گئی۔

    اداکار جاوید کوڈو کئی سالوں سے علیل تھے، اسٹیج کامیڈی کا بڑا نام جاوید کوڈو کچھ سالوں قبل ٹریفک حادثے میں شدید زخمی بھی ہوگئے تھے، ان کی کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی جس کو جوڑنے کے لیے ان کا آپریشن بھی کیا گیا تھا۔

    جاوید کوڈو کے اہلخانہ کا ان کی نماز جنازہ کے حوالے سے کہنا ہے کہ اداکار کی نمازہ جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائےگا۔

    جاوید کوڈو نے اپنے کیریئر کا آغاز 1981 میں ڈرامہ سودے باز سے کیا، انھوں نے 150 پنجابی اور اردو فلم میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کا ڈرامہ ’آشیانہ‘ آج بھی لوگوں کو یاد ہے۔

    یاد رہے کہ 2016 میں کامیڈین و اداکار جاوید کوڈو کی طبعیت اچانک خراب ہونے پر انھیں فوری طور پر گنگا رام اسپتال لاہور منتقل کیا گیا تھا، ڈاکٹرز نے بتایا تھا کہ انکی دماغ کی شریان کو معمولی نقصان پہنچا تھا تاہم پھر وہ ریکیور کرگئے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/veteran-stage-actor-javed-kodu-injured-in-lahore-accident/

  • پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر انتقال کر گئے

    پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر انتقال کر گئے

    پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر تاج حیدر انتقال کر گئے ہیں وہ مقامی نجی اسپتال میں زیر علاج تھے تدفین کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر تاج حیدر کراچی کے اسپتال میں انتقال کر گئے ہیں اور اس کی تصدیق ان کے اہل خانہ نے کر دی ہے۔

    ان کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رہنماؤں میں کیا جاتا تھا اور وہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے جنرل سیکریٹری، پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی تھے۔ اس کے علاوہ وہ پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری بھی رہے۔

    اہل خانہ کے مطابق تاج حیدر کچھ عرصہ سے علیل اور مقامی نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ناہید وصی کے مطابق تاج حیدر کی نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

    تاج حیدر سیاست کے ساتھ فلاحی سرگرمیوں میں بھی پیش پیش رہے۔ وہ شاہراہ فیصل پر خصوصی بچوں کو تعلیم بھی دیتے تھے۔ انہیں 2013 میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

    صدر مملکت آصف علی زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری سمیت دیگر سیاستدانوں نے بھی تاج حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

  • سندھ میں 2 ماہ کے دوران خسرے سے17 بچے انتقال کرگئے

    سندھ میں 2 ماہ کے دوران خسرے سے17 بچے انتقال کرگئے

    کراچی: محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ میں 2 ماہ کے دوران خسرے سے 17 بچے انتقال کر گئے۔

    محکمہ صحت سندھ کی جانب سے بتایا گیا کہ سندھ میں یکم جنوری سے 8 مارچ تک خسرے سے 1100 سے زائد بچے متاثر ہوئے جن میں سے 17 بچے اپنی زندگی کی بازی ہار گئے۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں رواں برس کے 2 ماہ کے دوران 550 بچے خسرہ کا شکار ہوئے جبکہ خیرپور میں 10، ضلع شرقی میں 5، سکھر اور جیکب آباد میں ایک ایک بچہ انتقال کرگیا۔

    محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ خسرہ کے پھیلاؤ  کی بڑی وجہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے نہ لگوانا ہے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ خسرہ وائرل بیماری ہے جو زیادہ تر بچوں پر حملہ آور ہوتی ہے، حفاظتی ٹیکے نہ لگوانے والے بچے خسرہ کا شکار ہوتے ہیں، خسرہ کی ابتدائی علامات نزلہ، زکام، کھانسی اور خارش ہیں۔

    طبی ماہرین کے مطابق خسرہ قوت مدافعت کو بری طرح متاثر کرتا ہے جب کہ خسرہ شدت اختیار کرنے پر جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

  • سعودی شہزادی انتقال کر گئیں

    سعودی شہزادی انتقال کر گئیں

    سعودی عرب کی شہزادی نورہ بنت بندر قضائے الہٰی سے انتقال کر گئیں ان کی نماز جنازہ مسجد الحرام میں ادا کی گئی۔

    سعودی ایوان شاہی کے جاری بیان کے مطابق شہزادی نورہ بنت بند بن محمد آل عبدالرحمان آل سعودی مختصر علالت کے بعد جمعرات کے روز خالق حقیقی سے جا ملیں۔

    ان کی نماز جنازہ مسجد الحرام میں ادا کی گئی اور مکہ مکرمہ کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ اور تدفین میں شاہی خاندان سمیت اعلیٰ حکام اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔

    شاہی محل سے جاری بیان میں متوفیہ کے لیے رحمت، مغفرت اور بلندی درجات کے علاوہ لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی درخواست کی گئی ہے۔

  • سعودی شہزادہ انتقال کر گئے

    سعودی شہزادہ انتقال کر گئے

    ریاض: سعودی شہزادہ عبد العزیز بن مشعل انتقال کر گئے۔

    سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ایوان شاہی نے کہا ہے کہ شہزادہ عبد العزیز بن مشعل بن عبد العزیز آل سعود انتقال کر گئے ہیں۔

    ایوان شاہی سے جاری بیان کے مطابق متوفی کی نماز جنازہ منگل کو ریاض میں جامع امام ترکی بن عبد اللہ میں عصر کی نماز کے بعد ادا کی گئی۔

    ایوان شاہی نے متوفی شہزادے کے لیے رحمت و مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں سعودی عرب کے شہزادے سلطان بن محمد بن عبدالعزیز آل سعود بھی دار فانی سے کوچ کر گئے تھے، جب کہ اس سے قبل اپریل میں سعودی شہزادہ منصور بن بدر بن سعود بن عبدالعزیز دار فانی سے کوچ کر گئے تھے۔

    فروری 2024 میں شہزادہ ممدوح بن سعود بن عبدالعزیز آل سعود کا بھی انتقال ہوا تھا۔

  • قومی کرکٹر سدرہ امین کو شادی کے چند دن بعد گہرا صدمہ، والد انتقال کر گئے

    قومی کرکٹر سدرہ امین کو شادی کے چند دن بعد گہرا صدمہ، والد انتقال کر گئے

    پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی سدرہ امین کو شادی کے چند دن بعد ہی گہرا صدمہ پہنچا ہے اور ان کے والد انتقال کر گئے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ ویمنز ٹیم کی اوپننگ بیٹر سدرہ امین کو شادی کے چند دن بعد گہرا صدمہ پہنچا ہے اور ان کے والد مختصر علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے ہیں۔

    مرحوم ایک ہفتہ سے شدید بیمار اور لاہور کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ آج رضائے الہٰی سے انتقال کر گئے۔

    سدرہ امین کے والد کے انتقال پر ویمن کرکٹ ٹیم کی ساتھی کھلاڑیوں اور منیجمنٹ نے ان سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

    قومی اوپنر کی والد کے ہمراہ تصویر شیئر کر کے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ سدرہ امین حال ہی میں 29 دسمبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔

  • سال 2024 میں وہ نامور فنکار جو اپنے مداحوں کو سوگوار کرگئے

    سال 2024 میں وہ نامور فنکار جو اپنے مداحوں کو سوگوار کرگئے

    سال 2024 کا سورج اپنے سفر کے اختتام تک آچکا ہے ہر سال کی طرح اس سال بھی بہت سے اہم واقعات رونما ہوئے، ان میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی وہ معروف فنکار بھی ہیں جن کا انتقال ہوا اور ہمیں داغ مفارقت دے گئیں۔

    اگر ان افسوسناک واقعات کا جائزہ لیا جائے تو پاکستانی شوبز انڈسٹری کے کئی نامور فنکار اس دار فانی سے کوچ کرگئے، یہ تمام فنکار پاکستان کے روشن ستارے تھے، جن کے خلاء کو پُر نہیں کیا جاسکتا۔

    اداکار خالد بٹ

    خالد بٹ

    سال 2024 پہلے ماہ جنوری میں شوبز انڈسٹری کے سینئر فنکار خالد بٹ اپنے مداحوں کو روتا چھوڑ کر خالق حقیقی سے جاملے، خالد بٹ نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز پی ٹی وی سے کیا اور اپنی لازوال اداکاری سے بہت جلد خود کو منوالیا، انہوں نے مختلف ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ جن میں سرفہرست لنڈا بازار، دلی گیٹ، اندھیرا اجالا سمیت کئی ڈرامے شامل ہیں۔

    اپنی زندگی کے آخری ایام میں وہ دل اور پھیپھڑوں کی بیماریوں سے سبب اسپتال میں زیر علاج تھے اور دوران علاج گیارہ جنوری کو اس دنیا کو خیرباد کہ دیا اور انتقال کرگئے۔

    اداکار طلعت حسین

     Talat Hussain

    اپنے منفرد انداز اور بے مثال ٹیلنٹ کے سبب مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے ستارہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ اداکار طلعت حسین طویل علالت کے بعد 26مئی کو اس دنیا سے رخصت ہوئے۔

    انتہائی باوقار اداکاری کے فن میں کمال رکھنے والے طلعت حسین نے 70کی دہائی میں اپنے فن کا آغاز پاکستان ٹیلی ویژن سے کیا انہیں اپنی منفرد انداز اداکاری سے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھرپور پذیرائی ملی۔

    معروف کامیڈین سردار کمال

    Sardar Kamal

    اسٹیج اور ٹی وی کے معروف مزاحیہ اداکار سردار کمال کا اچانک انتقال ان کے مداحوں کو سوگوار کرگیا۔

    اپنے فنی کیرئیر کے دوران انہوں نے 30 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں ، اس کے علاوہ وہ ہندوستانی پنجابی فلموں کا بھی حصہ رہے۔ سردار کمال ماہ جولائی میں 52 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔

    اداکار مظہر علی

    Passed Away

    عروسہ، افشاں اور دیمک جیسے کئی مشہور ڈراموں کا حصہ رہنے والے پی ٹی وی کے نامور اداکار مظہر علی مختصر علالت کے بعد کراچی کے مقامی اسپتال میں انتقال کرگئے وہ اپنی زندگی کے آخری ایام میں امریکہ سے وطن واپس آگئے تھے۔

    انہوں نے لاتعداد ڈراموں میں اپنی اداکاری کے انمٹ نقوش چھوڑے، اداکار مظہر علی اکتوبر 2024میں پھیپھڑوں اور دل کی بیماری کے باعث دوران علاج خالق حقیقی سے جاملے۔

    اداکار عابد کشمیری

    Abid Kashmiri

    پاکستانی سینما اور ٹی وی کے معروف اداکار عابد کشمیری کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں، عابد کشمیری بھی ماہ اکتوبر میں طویل علالت کے بعد 74 برس کی عمر میں اس دنیا کو چھوڑ کر چلے گئے۔ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ امریکا منتقل ہوگئے تھے لیکن حال ہی میں پاکستان واپس آگئے تھے۔

    استاد طافو

    King Tafu

    فن موسیقی کا بڑا نام استاد طافو بھی اسی سال 26 اکتوبر کو اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ کئی لازوال فلموں کی موسیقی دینے والے استاد طافو کو فن موسیقی میں نمایاں مقام حاصل تھا۔

    استاد طافو خان گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھے ان کو گردوں کا مرض لاحق تھا، ان کا ترتیب دیا ہوا پنجابی گانا جو میڈم نورجہاں نے گایا، سن وے بلوری اکھ والیاں، بہت مشہور ہوا۔

    گلوکارہ اور گٹارسٹ ہانیہ اسلم

    Haniya Aslam

    سال 2009ء میں کوک اسٹوڈیو سے شہرت حاصل کرنے والے میوزک بینڈ ’زیب اینڈ حنیا‘سے وابستہ 39 سالہ معروف پاکستانی گلوکارہ اور گٹارسٹ ہانیہ اسلم دل کا دورہ پڑنے سے 11 اگست کو انتقال کر گئی تھیں۔

    شیف ناہید انصاری

    Naheed Ansari

    پاکستان کی معروف شیف ناہید انصاری المعروف ناہید آپا گزشتہ 35 برس سے پکوان اور گھر کی سجاوٹ کے شعبے سے منسلک تھیں۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کے دوران مختلف چینلز کے لیے کئی کوکنگ شوز بھی کئے، ناہید انصاری کینسر سے جنگ لڑتے ہوئے آخرکار 06 جولائی کو زندگی کی بازی ہار گئیں۔

    یہ سال شوبز کی دنیا کے لئے ایک بہت بڑا صدمہ ثابت ہوا، جہاں ان عظیم شخصیات کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔

  • بھارت کی مشہور گلوکارہ چل بسیں

    بھارت کی مشہور گلوکارہ چل بسیں

    نئی دہلی : بھارت کی مشہور گلوکارہ شاردا سنہا چل بسیں وہ گزشتہ کئی روز سے کینسر میں مبتلا ہوکر مقامی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی صوبہ بہار کی مشہور گلوکارہ شاردا سنہا کا 72 سال کی عمر میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب دہلی میں انتقال ہوگیا۔ ملک بھر میں ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کی جارہی تھیں لیکن وہ زندگی کی بازی ہار گئیں۔

    شاردا سنہا

    سال 2017میں انہیں "ملٹی پل مائیلوما” نامی بون میرو کینسر کی تشخیص ہوئی تھی معروف گلوکار کو دہلی کے ایمس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور وہ 25 اکتوبر سے اسپتال کے آنکولوجی ڈیپارٹمنٹ میں زیر علاج اور آخری دن وینٹی لیٹر پر تھیں۔

    فوک موسیقی کیلئے مشہور شاردا سنہا کو پیر کی رات وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ ان کی آکسیجن کی سطح مسلسل گر رہی تھی۔ یہ بات لوک گلوکارہ کے بیٹے انشومن سنہا نے گزشتہ روز اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بتائی تھی۔

    ان کے صاحبزادے کا کہنا تھا کہ والدہ متعدد اندرونی جسمانی اعضاء کی خرابی کے باعث کئی امراض کا شکار تھیں اب کافی مشکل ہے آپ سب دعا کیجئے کہ وہ زندگی کی بازی جیت سکیں۔

    Sharda Sinha

    وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عظیم عقیدت کے تہوار چھٹھ کے ساتھ وابستہ ان کے سریلے گانوں کی گونج ہمیشہ برقرار رہے گی۔”

    واضح رہے کہ شاردا سنہا بھارت کی معروف گلوکاروں میں سے ایک تھیں۔  شاردا سنہا کو 1991 میں پدم شری اور 2018 میں پدم بھوشن سے بھی نوازا گیا تھا، انہوں نے میتھلی، بھوجپوری، اور مگہی زبانوں میں بے شمار گیت گائے۔ خاص طور پر چھٹھ تہوار کے ان کے گیت بے حد مقبول ہیں۔

    اس کے علاوہ ان کی کی آواز ہندی فلموں "میں نے پیار کیا” اور "ہم آپ کے ہیں کون” کے گانوں میں بھی شامل ہے، انوراگ کشیپ کی مشہور فلم "گینگز آف واسع پور” میں ان کا گانا "تار بجلی” بھی بہت مشہور ہوا۔