Tag: انتقال

  • سابق ٹیسٹ کرکٹرامتیازاحمد انتقال کرگئے

    سابق ٹیسٹ کرکٹرامتیازاحمد انتقال کرگئے

    لاہور:سابق ٹیسٹ کرکٹر امتیاز احمد طویل علالت کے بعد 88 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کےمطابق پاکستان کے پہلے وکٹ کیپر اور اوپنر بلے باز امتیازاحمدطویل علالت کے بعد لاہور میں88سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

    امتیازاحمد 5 جنوری 1928 کو لاہور میں پیدا ہوئے،انہوں نے پاکستان کی جانب سے 1952 میں ہندوستانی ٹیم کے خلاف پہلا میچ کھیلا تھا۔

    انہوں نے 41 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی،جبکہ 3 سنچریوں کی مدد سے کیریئر میں 2079 رنز بنائے۔ سابق کرکٹر مرحوم امتیازاحمد نے سوگواران میں ایک بیٹا اور 3 بیٹیاں چھوڑے ہیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان کی پہلی کرکٹ ٹیم کے دو دیگر کھلاڑیوں لٹل ماسٹر حنیف محمد اور اسرار علی کا انتقال بھی رواں برس ہوا۔

    واضح رہے کہ آزادی کے بعد پاکستان کو ٹیسٹ اسٹیٹس ملتے ہی پہلی دفعہ ہندوستان کا دورہ کرنے والی ٹیم کی قیادت عبدالحفیظ کاردار کررہے تھے،اس سیریز میں پانچ ٹیسٹ کھیلے گئے۔

  • پشتوکی معروف گلوکارہ معشوق سلطانہ انتقال کرگئیں

    پشتوکی معروف گلوکارہ معشوق سلطانہ انتقال کرگئیں

    پشاور: پشتوکی معروف گلوکارہ معشوق سلطانہ 64سال کی عمر میں انتقال کر گئیں،انہیں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کا رکر دگی سے بھی نوازا گیا تھا۔

    تفصیلات کےمطابق سریلی آواز کی بدولت لاکھوں مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والی پشتو کی نامور گلوکارہ معشوق سلطانہ انتقال کر گئیں۔

    نامور لوک فنکارمعشوق سلطانہ 1952میں خیبرپختونخواہ کےشہرسوات میں پیداہوئی،انہوں نے1962 میں ریڈیو پاکستان پشاور سے فنی سفر کا آغاز کیا۔

    خوبصورت آواز کی ملکہ معشوق سلطانہ نے پشتو زبان میں بننے والی چند فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔

    معشوق سلطان نے40 سال تک پشتو موسیقی پرحکمرانی کی اور کئی قومی اوربین الاقوامی ایوارڈزحاصل کیے۔

    واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے ان کی فنی خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں 14 اگست 1996ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔

  • جنیدجمشید کےانتقال کا شدیددکھ ہے،عمران خان

    جنیدجمشید کےانتقال کا شدیددکھ ہے،عمران خان

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہناہے کہ جنید جمشید کےانتقال کا شدید دکھ ہے انہوں نے شوکت خانم اسپتال کے لیے فنڈ ریزنگ میں مدد کی تھی۔

    تفصیلات کےمطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں جنید جمشید کے انتقال پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنید جمشید نے شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ میں ان کی بہت مدد کی تھی۔

    دوسری جانب عمران خان نے ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ڈی سی چترال اسامہ وڑائچ اچھے افسر تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے پیچھے بے لوث خدمت کی مثال چھوڑ گئے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز پی آئی اے طیارہ حادثے پردکھ کا اظہار کرتے ہوئےکہا تھا کہ اللہ تعالیٰ طیارہ حادثے کےمتاثرین کو صبر جمیل عطافرمائے۔

    مزید پڑھیں:پی آئی اے طیارے کو حادثہ، 48 افراد شہید

    واضح رہے کہ گذشتہ روزپی آئی کا طیارہ حویلیاں کے قریب گرکرتباہ ہوگیا تھاجس میں جنیدجمشیدسمیت اڑتالیس افراد شہید ہوگئے تھے۔

  • عالمی شہریت یافتہ کوہ پیما حسن سد پارہ انتقال کر گئے

    عالمی شہریت یافتہ کوہ پیما حسن سد پارہ انتقال کر گئے

    راولپنڈی: دنیا کی بلند ترین اور قاتل برفانی چوٹیوں کو اپنے عزم و ہمت سے شکست دینے والے عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما حسن سد پارہ موت سے شکست کھا گئے، خون کے سرطان میں مبتلا رہنے کے بعد آج سہ پہر وہ چل بسے، عمران خان اور دیگر شخصیات نے ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    حسن سد پارہ کا منفرد اعزاز دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو بغیر مصنوعی آکسیجن کے سر کرنا تھا، وہ اسکردو میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے اپنی کوہ پیمائی کا باقاعدہ آغاز سنہ 1999 میں نانگا پربت کو سر کر کے کیا تھا۔

    hassan-1

    hussain-post-1

    سنہ 2004 میں انہوں نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کی۔

    حسن سد پارہ پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے 8 ہزار میٹر سے بلند 6 چوٹیوں کو سر کیا ہے جن میں ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو سمیت براڈ پیک، گشابرم ون، ٹو اور نانگا پربت شامل ہیں۔

    hussain-post-2

    hussain-post-3

    حسن سد پارہ گزشتہ کچھ عرصے سے خون کے سرطان میں مبتلا تھے اور راولپنڈی کے سی ایم ایچ میں زیرعلاج تھے، ان کے اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔

    ان کے انتقال پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کوہ پیما حسن سدپارہ کا انتقال ایک ناقابل تلافی قومی نقصان ہے، مرحوم نے صحیح معنوں میں دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، مرحوم ایک پر عزم اور نڈر کوہ پیما تھے جنہوں نے خود کومنوایا،نوجوان ان کی زندگی سے سبق سیکھیں۔

    انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ اور لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔

  • مصباح الحق سسر کےانتقال پرٹیسٹ سیریز چھوڑ کر وطن روانہ

    مصباح الحق سسر کےانتقال پرٹیسٹ سیریز چھوڑ کر وطن روانہ

    لاہور:قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے سسر انتقال کرگئے جس کہ وجہ سےوہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

    تفصیلات کےمطابق بی سی بی کا کہناہے کپتان مصباح الحق اپنے سسر کے انتقال کی وجہ سے پاکستان واپس آرہے ہیں لہٰذا وہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ مصباح الحق کی غیر موجودگی میں پاکستان ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے۔

    خیال رہے کہ یہ ٹیسٹ میچ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے لیے بھی یادگار تھا اور یہ بطور کپتان ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا 50 واں ٹیسٹ میچ تھا اوروہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے 16 ویں کپتان ہیں۔

    مزید پڑھیں:نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نےپاکستان کو8 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 25 سے 29 نومبر تک ہیملٹن میں کھیلا جائے گا جبکہ میزبان ٹیم کو سیریز میں 0-1 کی برتر ی حاصل ہے۔

  • اے این پی کے مرکزی رہنما حاجی محمد عدیل انتقال کرگئے

    اے این پی کے مرکزی رہنما حاجی محمد عدیل انتقال کرگئے

    پشاور : عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما حاجی محمد عدیل انتقال کرگئے ان کی عمر 72سال تھی۔

    تفصیلات کےمطابق عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سینئر نائب صدرحاجی محمد عدیل طویل عرصے سے گردوں کے عارضےمیں مبتلا تھے۔ان کا انتقال رات 3 بجے سی ایم ایچ پشاور میں ہوا۔

    اے این پی کےمرکزی رہنما اور سینیئر نائب صدر حاجی محمد عدیل کی نماز جنازہ آج شام 4 بجے جناح پارک میں اداکی جائے گی۔ان کی تدفین جنید بابا مزار سے ملحق قبرستان میں کی جائے گی۔

    حاجی محمد عدیل 25اکتوبر 1944 کو پیدا ہوئے پچپن پشاور کی گلیوں میں گزرا۔ انہوں نے بی اے تک تعلیم حاصل کی اور جوانی سے بڑھاپے تک جمہوریت کی بحالی وبقا کے لیے جدوجہد کی۔

    عوامی نیشنل پارٹی کےمرکزی رہنما حاجی محمد عدیل 1990 سے لے کر 1999تک تین مرتبہ پشاور سے رکن صوبائی اسسمبلی منتخب ہوئے۔انہوں نے 1993 میں صوبائی وزیرخزانہ کا منصب سنبھالا۔

    اے این پی کے رہنما حاجی محمد عدیل 1997سے لے کر1999 تک خیبرپختونخواہ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر بھی رہے اور 2009 سے 2015 تک انہوں نے بطور سینیٹر خدمات انجام دیں۔

    حاجی محمد عدیل سینیٹ میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر کے علاوہ اے این پی کے الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور مرکزی و صوبائی ایگزیکٹو کمیٹیوں کے رکن بھی رہے۔

    مزید پڑھیں:پیپلز پارٹی کے رہنما جہانگیر بدر انتقال کرگئے

    واضح رہے کہ چار روز قبل ییپلز پارٹی کےرہنما جہانگیر بدر72سال کی عمرمیں لاہور کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئےتھے۔

  • پیپلز پارٹی کے رہنما جہانگیر بدر انتقال کرگئے

    پیپلز پارٹی کے رہنما جہانگیر بدر انتقال کرگئے

    لاہور: ییپلز پارٹی کےرہنما جہانگیر بدر لاہور کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے ۔ان کی عمر 72 برس تھی۔

    تفصیلات کےمطابق خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر بد ر کو دو روز پہلے دل کے دورے کے باعث لاہورکے مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا تھاوہ گردوں کے عارضے میں بھی مبتلا تھے۔جہانگیربدرکی نمازجنازہ آج شام چار بجے جامعہ پنجاب لاہور میں پڑھائی جائےگی۔

    جہانگیر بدر 25 اکتوبر 1944 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔انہوں نے زمانہ طالب علمی سےسیاست شروع کی اور طلبہ یونین کے صدر بھی رہے۔وہ 1988 میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر ایم این اے منتخب ہوئے۔بینظیربھٹوکے پہلےدورحکومت میں وفاقی وزیر بھی رہے۔

    پیپلزپارٹی کے رہنماکوبےنظیر بھٹو کی حکومت میں وفاقی وزیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھانے کا موقع بھی ملا،جبکہ وہ 1994 اور 2009 میں سینیٹر بھی منتخب ہوئے۔

    جہانگیر بدر کے انتقال پر سابق صدر آصف علی زرداری،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو سمیت ملک بھر کے سیاسی رہنماؤں نےجہانگیر بدرکےانتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہارکیا ہے۔

  • سربراہ جماعت اہلسنت پاکستان شاہ تراب الحق قادری انتقال کرگئے

    سربراہ جماعت اہلسنت پاکستان شاہ تراب الحق قادری انتقال کرگئے

    کراچی : سربراہ جماعت اہلسنت پاکستان کے سربراہ علامہ سید شاہ تراب الحق قادری طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کےمطابق جماعت اہلسنت پاکستان کے سربراہ علامہ سید شاہ تراب الحق قادری کراچی میں اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جوآج طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

    علامہ سید شاہ تراب الحق قادری گزشتہ دو سال سے علیل تھے اور نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔مرحوم کی نماز جنا زہ ایم اے جناح روڈ پر ادا کی جا ئے گی۔

    مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ شاہ تراب الحق کے انتقال کی خبرسن کر افسوس ہوا ان کی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا قومی اسمبلی میں ان کی بہت وسیع خدمات تھیں۔

    رویت ہلال کمیٹی کےسربراہ مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ علامہ شاہ تراب الحق دارالعلوم امجدیہ کے ٹرسٹی بھی تھے اور انہوں نے دینی ادارہ بھی قائم کیا ہوا تھا۔

    مزید پڑھیں: فاروق ستار کی شاہ تراب الحق سے عیادت

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں متحدہ کے وفد کی جماعت اہلسنت کے سربراہ علامہ شاہ تراب الحق کی مقامی اسپتال جاکر عیادت کی تھی اور جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

  • ملتان: انٹر میں پہلی پوزیشن لینےوالا طالبعلم دنیا میں نہ رہا

    ملتان: انٹر میں پہلی پوزیشن لینےوالا طالبعلم دنیا میں نہ رہا

    ملتان: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ ملتان جنرل گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والا طالب علم وقاص رؤف اب اس دنیا میں نہیں رہا۔

    تفصیلات کے مطابق وقاص نے انٹر آرٹس کے امتحانات میں 1013 نمبر حاصل کرکے لڑکوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی،تاہم جب بورڈ حکام نے ان کے گھر پر رابطہ کیا تو ان کے والد نے افسوس ناک خبر سنائی کہ ان کا ہونہار بیٹا انتقال کرچکا ہے۔

    وقاص کے والد عبدالرؤف کے مطابق رواں برس 11 جولائی کو ان کے بیٹے کو برین ہیمرج ہوا اور دماغ کی شریان پھٹنے کے باعث وہ دنیا سے کوچ کر گیا۔

    وہاڑی سے تعلق رکھنے والے طالب علم وقاص کے والد بیٹے کی پوزیشن کا سن کر آبدیدہ ہوگئے اور انہوں نے اس کا انعام وصول کیا۔

    اس موقع پر وقاص کے والدکا کہنا تھا کہ وہ اللہ کی رضا پر راضی ہیں اور انھیں اپنے بیٹے پر فخر ہے۔

  • لٹل ماسٹر حنیف محمد کا انتقال، وزیراعظم، صدر اور دیگر کا افسوس کا اظہار

    لٹل ماسٹر حنیف محمد کا انتقال، وزیراعظم، صدر اور دیگر کا افسوس کا اظہار

    کراچی: لیجنڈ کرکٹر حنیف محمد کے انتقال پر صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف، سابق ٹیسٹ کرکٹرز، اہل خانہ اور دیگر نامور شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    وزیراعظم نوازشریف نے حنیف محمد کے انتقال پر شعیب محمد کو ٹیلیفون کرکے تعزیت کی، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لیجنڈ حنیف محمد پاکستان نہیں پوری دنیا کے ہیرو تھے۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی۔

    صدر مملکت ممنون حسین نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد بھی بھائی کے انتقال پر افسردہ ہیں۔

    چئیرمین پی سی بی شہریار خان، نجم سیٹھی اور انتظامیہ نے بھی اظہار افسوس کیا ہے، شہریار خان کا کہنا ہےکہ دنیائے کرکٹ حنیف محمد کی وفات پر غمزدہ ہے، ٹیسٹ کرکٹرز نے حنیف محمد کو پاکستان کا ہیرو قرار دیا، اولمپیئن عمران بٹ کا کہنا ہے حنیف محمد صرف کرکٹ کے نہیں تمام کھیلوں کے لیجنڈ تھے۔

    سوشل میڈیا پر بھی چاہنے والے بڑی تعداد میں اپنے اپنے انداز میں لیجنڈری کرکٹر کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔