Tag: انتقال

  • سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان انتقال کرگئے

    سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان انتقال کرگئے

    لاہور: سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) شہریار خان انتقال کر گئے۔

    خاندانی ذرائع کے مطابق شہریار خان طویل عرصے سے علیل تھے، شہریار خان آج لاہور میں 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر یار خان کی تدفین کیلئے میت آج کراچی لائی جائے گی، واضح رہے کہ شہریار خان 2 مرتبہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہے۔

    شہریار خان سابق سفارتکار اور سیکرٹری خارجہ بھی رہے ہیں۔

  • مقابلے کے فوری بعد ریسلر چل بسا

    مقابلے کے فوری بعد ریسلر چل بسا

    ٹوکیو : جاپان کے ریسلنگ اسٹار یوتاکا یوشی 50 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، رنگ میں مقابلے کے فوری بعد ان کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی۔

    جاپان کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یوٹاکا یوشی جو آج منعقد ہونے والے تاکاساکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے تھے کہ اچانک ان کی طبیعت ناساز ہوگئی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق مقابلہ صرف 12 منٹ سے کم جاری رہا اور یوتاکا یوشی جب مقابلے کے بعد ویٹنگ روم میں جیسے ہی واپس آئے تو ان کی حالت اچانک بگڑ گئی اور انہیں مقامی اسپتال لے جایا گیا۔

    Wrestling

    رپورٹ کے مطابق اسپتال میں دوران علاج وہ جانبر نہ ہوسکے اور 50 سال کی عمر میں چل بسے۔ ڈاکٹروں نے فی الحال ان کی موت کی کوئی وجہ نہیں بتائی ہے۔

    جاپانی ریسلنگ اسٹار یوٹاکا یوشی نے 30سال قبل اپنے کیریئر کا آغاز کیا، وہ جوڈو کراٹے کی مہارت کے ساتھ ریسلنگ کی دنیا میں داخل ہوئے، ابتدائی طور پر دسمبر 1994میں اپنے ڈیبیو سے قبل انہوں نے ریسلنگ کی پیشہ ورانہ تربیت حاصل کی تھی۔

  • پاکستان دوست رکن برطانوی پارلیمنٹ سر ٹونی لائیڈ چل بسے

    پاکستان دوست رکن برطانوی پارلیمنٹ سر ٹونی لائیڈ چل بسے

    مانچسٹر: پاکستان دوست رکن برطانوی پارلیمنٹ سر ٹونی لائیڈ چل بسے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ٹاؤن راچڈیل سے لیبر ایم پی سر ٹونی لائیڈ بدھ کو انتقال کر گئے، ان کی عمر 73 برس تھی، اہل خانہ نے کہا کہ ان کا انتقال گھر میں پرسکون طور پر ہوا، اور وہ موت سے چند دن قبل تک روز مرہ کے کام کرتے رہے۔

    سر ٹونی لائیڈ نے ایک ہفتہ قبل انکشاف کیا تھا کہ انھیں ناقابل علاج لیوکیمیا لاحق ہے، ان کے خون کے کینسر کا علاج بھی کیا گیا اور کیموتھراپی بھی کی گئی۔

    گزشتہ روز اہل خانہ نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آج صبح جب وہ اپنے گھر والوں سے گھرے ہوئے تھے، انھوں نے سکون سے آخری سانسیں لیں، یہی ان کی خواہش رہی تھی۔

    واضح رہے کہ ٹونی لائیڈ کا شمار پاکستان دوست اور کشمیر کی آزادی کے لیے ہمیشہ آواز اُٹھانے والوں میں ہوتا تھا، سر کیئر اسٹارمر نے ملک و قوم کے لیے خدمات پر ٹونی لائیڈ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    ٹونی لائیڈ 1983 میں پہلی بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے، 1997 سے 1999 تک برطانوی وزیر خارجہ کے عہدے پر فائز رہے، ٹونی لائیڈ کو پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ خصوصی لگاؤ تھا، اور وہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے واضح مؤقف رکھتے تھے۔

  • ویڈیو: ہالی ووڈ اداکار کرسچن اولیور طیارے کے المناک حادثے میں بیٹیوں سمیت ہلاک

    ویڈیو: ہالی ووڈ اداکار کرسچن اولیور طیارے کے المناک حادثے میں بیٹیوں سمیت ہلاک

    ہالی ووڈ اداکار کرسچن اولیور طیارے کے المناک حادثے میں اپنی 2 معصوم بیٹیوں سمیت ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن اداکار کرسچن اولیور اور ان کی دو بیٹیاں کیریبین میں ایک طیارے کے حادثے میں ہلاک ہو گئے، اولیور ہالی ووڈ فلموں انڈیانا جونز، اسپیڈ ریسر اور والکیری میں اپنے کردار کے لیے مشہور تھے۔

    51 سالہ کرسچن اولیور جمعرات کو اپنی بیٹیوں کے ہمراہ ایک چھوٹے طیارے میں کیریبین ملک سینٹ ونسنٹ سے سینٹ لوشیا جا رہے تھے، کہ طیارہ کیریبین جزیرے کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔

    طیارے کے مالک اور پائلٹ رابرٹ ساکس بھی حادثے میں ہلاک ہو گئے، طیارے کے مسافروں میں صرف اولیور، جن کا اصل نام کرسچن کلیپسر ہے، اور ان کی بیٹیاں 10 سالہ مدیٹا اور 12 سالہ اینِک شامل تھے۔

    مقامی حکام کے مطابق پرواز نے جے ایف مچل بیکیا ایئرپورٹ سے اڑان بھری تھی، ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد طیارے کو اڑان بھرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو بتایا کہ وہ واپس مڑ رہا ہے لیکن اس کے بعد رابطہ منقطع ہو گیا۔

    مقامی غوطہ خوروں، ماہی گیروں اور کوسٹ گارڈ نے مل کر چاروں لاشیں پانی سے نکال لی ہیں، جب کہ حادثے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ متاثرین کے اہل خانہ کو تمام مناسب قونصلر رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔

  • بزرگ کشمیری حریت رہنما پروفیسر نذیر شال انتقال کر گئے

    بزرگ کشمیری حریت رہنما پروفیسر نذیر شال انتقال کر گئے

    لندن: بزرگ کشمیری حریت رہنما پروفیسر نذیر شال لندن میں انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بزرگ کشمیری حریت رہنما پروفیسر نذیر شال لندن میں انتقال کر گئے، پاکستان ہائی کمیشن لندن نے ان کے انتقال پر گہرے غم و رنج کا اظہار کیا ہے۔

    نذیر شال کی عمر 77 برس تھی، مرحوم کئی دہائیوں سے لندن میں مقیم تھے، مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے پروفیسر نذیر شال نے اپنی تمام زندگی کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں گزاری۔

    وہ کشمیر سینٹر لندن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تھے، پاکستان ہائی کمیشن لندن نے پروفیسر نذیر احمد شال کی وفات پر گہرے غم و رنج کا اظہارکیا، ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ پروفیسر نذیر احمد شال کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدو جہد کے حقیقی رہنما تھے، اور پاکستان ہائی کمیشن ان کے خاندان کے ساتھ سوگ میں برابر کا شریک ہے۔

  • کراچی کے ایک شہری میں بھی کانگو وائرس کی تصدیق

    کراچی کے ایک شہری میں بھی کانگو وائرس کی تصدیق

    کراچی: بلوچستان کے بعد کراچی میں بھی 1 شخص میں کانگو واٸرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج شہری میں کانگو  وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ضلع شرقی کا رہائشی متاثرہ شخص اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    نجی اسپتال کی انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    دوسری جانب کراچی میں زیر علاج کانگو وائرس سے آج ایک اور مریض انتقال کرگیا جس کے بعد کانگو وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2 ہو گئی۔

     ذرائع کا بتانا ہے کہ جاں بحق ہونے والا 30 سالہ میرویز کوئٹہ کا رہائشی، نجی اسپتال میں داخل تھا، بلوچستان سے کانگو وائرس سے متاثر مزید دو افراد کو کراچی پہنچا دیا گیا، بلوچستان سے اب تک 16 متاثرین کو کراچی منتقل کیا گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق 2 مریض کو صحتیاب ہونے پر اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ 12 افراد زیر علاج ہیں اور ڈاکٹر شکراللہ سمیت دو متاثرین انتقال کرچکے ہیں۔

  • سعودی شہزادی انتقال کرگئیں

    سعودی شہزادی انتقال کرگئیں

    ریاض : سعودی شہزادی عبطا بنت سعود بن عبدالعزیز آل سعود گزشتہ روز خالق حقیقی سے جاملیں، مرحومہ کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ایوان شاہی سے جاری بیان میں شہزادی عبطا بنت سعود بن عبدالعزیز آل سعود کے انتقال کی اطلاع دی گئی تھی۔

    شاہی بیان کے مطابق مرحومہ کی نماز جنازہ آج بروز پیر 02 اکتوبر کو بعد نماز عصر ریاض کی جامع مسجد امام ترکی بن عبداللہ میں ادا کی جائے گی

    نماز جنازہ و تدفین میں شاہی عہدیداران سمیت مرحومہ کے عزیز و اقارب اور دیگر معززین شرکت کریں گے۔

  • ڈیانا کے ساتھ کار حادثے میں جاں بحق ہونے والے دودی الفائد کے والد انتقال کر گئے

    ڈیانا کے ساتھ کار حادثے میں جاں بحق ہونے والے دودی الفائد کے والد انتقال کر گئے

    لندن: مصری نژاد برطانوی تاجر محمد الفائد 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر میں پیدا ہونے والے ارب پتی تاجر محمد الفائد انتقال کر گئے، ان کے اہل خانہ نے تصدیق کر دی ہے۔ محمد الفائد کے بیٹے دودی الفائد برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کے ساتھ کار حادثے میں جاں بحق ہوئے تھے۔

    محمد الفائد لندن میں واقع معروف اسٹور ہیرڈز اور فٹبال کلب فلہام کے مالک بھی رہ چکے تھے، 1997 میں ڈیانا کے ساتھ پیرس میں کار حادثے میں بیٹے کی ناگہانی ہلاکت نے انھیں نڈھال کر دیا تھا۔

    انھوں نے بیٹے کی موت پر برسوں تک سوگ منایا، اور برطانوی اسٹیبلشمنٹ کو اپنے بیٹے کی موت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف برسوں تک لڑتے رہے۔

    محمد الفائد کی موت کی خبر جمعہ کو فلہام فٹبال کلب کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری کیا گیا، جس میں ان کے اہل خانہ نے موت کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ بدھ 30 اگست کو انتقال کر گئے۔

    واضح رہے کہ محمد الفائد کو اس بات کا یقین تھا کہ دودی اور ڈیانا کو ملکہ الزبتھ دوم کے شوہر شہزادہ فلپ نے سازش کے تحت قتل کیا تھا۔

  • پی سی بی کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ انتقال کرگئے

    پی سی بی کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ انتقال کرگئے

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور سابق چیئرمین پی سی بی اعجاز  بٹ انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اعجاز بٹ کی عمر 85 سال تھی، اعجاز بٹ طویل عرصے سے بیمار تھے۔

    مرحوم اعجاز بٹ نے8 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی، وہ 2008 سے 2011 3 سال تک پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہے۔

    ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی سی بی نے اعجازبٹ کے انتقال پرافسوس کا اظہارکیا ہے، اس کے علاوہ پی سی بی کی جانب سے مرحوم کے اہلخانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

  • سعودی شہزادہ انتقال کر گئے

    سعودی شہزادہ انتقال کر گئے

    ریاض: سعودی شہزادہ سعود بن عبداللہ بن عبدالرحمٰن انتقال کر گئے۔

    عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ایوان شاہی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن عبدالرحمٰن بن فیصل آل سعود انتقال کر گئے ہیں۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ شہزادہ سعود کی نماز جنازہ جمعرات کو بعد نمازعصر ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی جائے گی۔