Tag: انتقال

  • پاکستانی اسنوکر ورلڈ چیمپئن محمد بلال اچانک انتقال کر گئے

    پاکستانی اسنوکر ورلڈ چیمپئن محمد بلال اچانک انتقال کر گئے

    پاکستانی اسنوکر ورلڈ چیمپئن 37 سالہ محمد بلال دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

    ورلڈ اسنوکر چیمپئن محمد بلال کی عمر 37 سال تھی، ان کا انتقال حرکت کلب بند ہوجانے کی وجہ سے ہوا۔

    محمد بلال 6 ریڈ اسنوکر کے ایشین چیمپئن رہے، وہ ورلڈ اسنوکر چیمپئن ٹیم کا حصہ تھے، محمد بلال نے قطر میں ایشین 10 ریڈ چیمپئن شپ 2018 میں جیتی  تھی۔

    محمد بلال آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر 2019 کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے، پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن نے محمد بلال کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

  • سندھ کے نامور تاریخ دان گل حسن کلمتی انتقال کر گئے

    سندھ کے نامور تاریخ دان گل حسن کلمتی انتقال کر گئے

    کراچی: سندھ کے نامور تاریخ دان گل حسن کلمتی انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے معروف محقق، ادیب اور تاریخ دان گل حسن کلمتی جہانِ فانی سے کوچ کر گئے، وہ سندھی، اردو، انگریزی کی کئی کتابوں کے مصنف تھے۔

    گل حسن کلمتی کی نماز جنازہ آج حاجی عرضی گوٹھ گڈاپ ملیر میں 11 بجے ادا کی جائے گی۔

    گل حسن کلمتی جگر کے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے، دسمبر 2022 کے بعد ان کی طبیعت بہت زیادہ ناساز ہو گئی تھی اور وہ بستر پر آ گئے تھے، کراچی کے ایک اسپتال میں ان کا علاج جاری تھا۔

    گل حسن کلمتی کو صوبائی دارالحکومت کراچی کے حوالے سے تحقیقی کام سامنے لانے پر شہرت حاصل ہے، انھیں کراچی کے لافانی کرداروں میں شمار کیا جاتا ہے، انھوں نے متعدد تاریخی کتابیں لکھیں، تاہم ان کی سب سے مشہور کتاب کراچی سندھ جی مارئی ہے، جس میں انھوں نے صوبائی دارالحکومت کی تاریخ کو جدید انداز میں پیش کیا۔

    9 بہن بھائیوں میں سے ایک گل حسن کلمتی 5 جولائی 1957 کو کراچی ڈویژن کے قصبے گڈاپ کے چھوٹے سے گاؤں گولاپ میں پیدا ہوئے، اس وقت حاجی رضی بلوچ گاؤں گولاپ ضلع ٹھٹھہ میں تھا، ایوب کے دور میں 1963 میں گڈاپ کو ضلع ملیر میں شامل کیا گیا، گل حسن کے والد محمد خان ایک مزدور تھے۔

    گل حسن کملتی کی شادی خاندان ہی میں ہوئی، ان کی ایک بیٹی ہے جنھوں نے ایم اے سوشیالوجی کی ڈگری حاصل کی۔ گل حسن نے زمانہ طالب علمی ہی میں ادبی دنیا میں قدم جمائے۔ انھوں نے 1974 میں ایس ایم آرٹ کالج کراچی میں داخلہ لیا اور کالج سے شائع ہونے والے ادبی میگزین میں سندھی ادب پر ​​لکھا اور اس کالج میں سندھی ادبی حلقہ بنایا۔

    گل حسن کلمتی نے 1979 میں کراچی یونیورسٹی میں صحافت میں داخلہ لیا، جہاں سے 1983 میں ماسٹر کی ڈگری مکمل کی۔

  • سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر ظہور حسین کھوسہ انتقال کر گئے

    سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر ظہور حسین کھوسہ انتقال کر گئے

    جعفرآباد: بلوچستان اسمبلی کے سابق اسپیکر میر ظہور حسین کھوسہ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

    خاندانی ذرائع کے مطابق سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی کافی عرصے سے پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے
    میر ظہور حسین کھوسہ کا انتقال کراچی کے نجی اسپتال میں ہوا۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ میر ظہور خان کھوسہ کی میت کراچی سے انکے آبائی علاقے صحبت پور لائی جائے گی مرحوم کی تدفین میر حسن کھوسہ میں ہوگی۔

    بلوچستان اسمبلی کے سابق اسپیکر میر ظہور حسین کھوسہ کے سوگ میں صحبت پور، مانجھی پور، پہنور سنہڑی اورحیر دین مکمل بند ہیں۔

    یاد رہے کہ ظہور حسین سابق صوبائی وزیر رکن صوبائی اسمبلی میر سلیم خان کھوسہ، میر اظہار حسین کھوسہ کے چچا تھے۔

  • کراچی میں کرونا سے ایک شخص انتقال کر گیا

    کراچی میں کرونا سے ایک شخص انتقال کر گیا

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، گزشتہ روز کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 67 رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 654 ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے شخص کا تعلق کراچی سے تھا۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 67 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 80 ہزار 394 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 47 ہزار 909 ہوچکی ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 5 ہزار 487 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 16 لاکھ 29 ہزار 925 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 1.22 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 15 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

  • مشہور ہالی ووڈ فلم ’جان وِک‘ کے اہم اداکار کا انتقال

    مشہور ہالی ووڈ فلم ’جان وِک‘ کے اہم اداکار کا انتقال

    مشہور ہالی ووڈ فلم ’جان وِک‘ کے اہم اداکار لانس ریڈک انتقال کر گئے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ایچ بی او سیریز The Wire کے اداکار لانس ریڈک 60 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

    ہالی ووڈ کی مشہور ایکشن تھرلر مووی جان وک میں لانس ریڈک نے شارون کا کردار ادا کیا تھا، جس پر انھیں بہت پذیرائی ملی تھی، سیکریٹری کے بیان کے مطابق جمعہ کے روز وہ لاس اینجلس میں واقع گھر میں تھے، جب اچانک انتقال کر گئے۔

    لانس ریڈک جان وِک فلموں کی چوتھی فلم کی تشہیری مہم پر تھے، یہ فلم 24 مارچ کو ریلیز ہونے والی ہے، لیکن بدقسمتی سے وہ چند دن قبل ہی زندگی کی بازی ہار گئے۔

    بالٹیمور کے رہنے والے ریڈک اپنے 25 سالہ اداکاری کے کیریئر کے دوران ایک درجن سے زیادہ فلموں اور شوز میں نظر آئے۔ جان وک فلموں کی سیریز کی تینوں فلموں میں انھوں نے اداکاری کے جوہر دکھائے اور اب چوتھی فلم میں بھی جلوہ گر ہو رہے ہیں۔

    ریڈک نے نیو یارک کی یونیورسٹی آف روچسٹر کے میوزک اسکول سے کلاسیکی موسیقی کی تعلیم بھی حاصل کی۔ ان کے پس ماندگان میں ان کی اہلیہ سٹیفنی کے علاوہ ایک بیٹی یوون نکول ریڈک اور ایک بیٹا کرسٹوفر ریڈک شامل ہیں۔

  • سینیئر بالی ووڈ اداکار ستیش کوشک کا انتقال

    سینیئر بالی ووڈ اداکار ستیش کوشک کا انتقال

    نئی دہلی: بالی ووڈ کے سینیئر اداکار اور ہدایت کار ستیش کوشک کا انتقال ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کے بہترین اداکار ستیش کوشک 66 برس کی عمر میں بدھ کو جہان فانی سے گزر گئے، دو دن قبل ہی انھوں نے ہولی کی خوشی منائی تھی۔

    ستیش کوشک کی اچانک موت کی خبر نے ہندی فلم انڈسٹری کو صدمے میں ڈال دیا ہے، بڑی تعداد میں لوگ ان کے انتقال پر تعزیت کر رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ستیش دہلی میں تھے جب انھیں کار میں سفر کے دوران دل کا دورہ پڑا، ان کی میت جمعرات کو ممبئی لائی جائے گی۔ ستیش کوشک نے آخری ٹویٹ ہولی پارٹی کے حوالے سے کی تھی، جس میں انھوں نے جاوید اختر کے ساتھ اپنی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کی تھیں۔

    ستیش کوشک کی موت کی خبر بالی وڈ اداکار اور ستیش کے قریبی دوست انوپم کھیر نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے دی۔ انھوں نے لکھا: ’’میں جانتا ہوں موت اس دنیا کی آخری سچائی ہے، لیکن میں نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں اپنی زندگی میں بہترین دوست ستیش کوشک کے بارے میں یہ بات لکھوں گا۔‘‘

    انوپم کھیر کا کہنا تھا کہ 45 سال کی دوستی پر اچانک اس طرح کا فل سٹاپ لگ گیا، ’’آپ کے بغیر زندگی کبھی ویسی نہیں رہے گی ستیش!‘‘

    واضح رہے کہ ستیش کوشک نے اپنے کیریئر کا آغاز تھیٹر سے کیا تھا اور پھر ہندی سنیما میں اداکاری کے جوہر دکھانے لگے، انھوں نے متعدد فلموں کی ہدایت کاری بھی کی۔

    جاوید اختر نے اداکار اور فلم ساز ستیش کی اچانک موت پر تعزیت کرتے ہوئے ان کے ساتھ اپنی ہولی پارٹی کی تصاویر شیئر کیں۔ انھوں نے لکھا کہ ’’ستیش ایک گرم جوش، محبت اور مزاح سے بھرا آدمی تھا اور تقریباً چالیس سال سے میرے لیے بھائی جیسا تھا، وہ مجھ سے بارہ سال چھوٹا تھا۔ ستیش جی، یہ آپ کی باری نہیں تھی۔‘‘

  • 2 دن سے ماں ناراض ہے: بچہ مردہ ماں کو سویا ہوا سمجھتا رہا

    2 دن سے ماں ناراض ہے: بچہ مردہ ماں کو سویا ہوا سمجھتا رہا

    نئی دہلی: بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک خاتون کی موت پر اس کا 11 سالہ بچہ دو روز تک اسے سویا ہوا سمجھتا رہا، ماں سوتے میں چل بسی تھی جسے بچہ اس کی ناراضگی سمجھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلورو کے علاقے آر ٹی نگر میں 45 سالہ انما اپنے 11 سال کے بچے کے ساتھ رہتی تھی، خاتون کا شوہر ایک سال پہلے انتقال کر چکا تھا، جس کے بعد انما گھروں میں کام کر کے زندگی کی گاڑی چلا رہی تھی۔

    چند روز سے انما کی طبیعت خراب تھی، 28 فروری کی صبح بچہ اٹھا تو اس نے دیکھا کہ اس کی ماں سو رہی ہے، وہ اسکول چلا گیا۔ درحقیقت اس کی ماں رات کو سوتے میں ہی کسی وقت چل بسی تھی۔

    بچہ اپنی ماں کی موت کو نیند سمجھ کر اسکول سے گھر آیا تو دیکھا ماں بسدتور ویسے ہی سورہی ہے، اس نے اپنے دوست کے گھر کھانا کھایا اور شام کو کھیل کود کر گھر لوٹا۔ پھر وہ بستر پر چلا گیا اور اگلے دو دنوں تک یہ معمول جاری رکھا۔

    2 روز تک انما کو نہ دیکھ کر پڑوسیوں کو تشویش ہوئی، انہوں نے بچے سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ اس کی ماں اس سے ناراض ہے، اس لیے اس نے اس سے دو دن بات ہی نہیں کی۔

    پڑوسیوں کی تشویش بڑھی تو وہ اس کے گھر میں گئے جہاں انہوں نے انما کو مردہ حالت میں پایا، انما کی لاش اسپتال پہنچائی گئی تو معلوم ہوا کہ اس کی موت خون میں شوگر کی مقدار کی کمی اور ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے ہوئی۔

  • عمرے کے لیے موٹر سائیکل پر نکلنے والے شخص کا مکہ پہنچتے ہی انتقال

    عمرے کے لیے موٹر سائیکل پر نکلنے والے شخص کا مکہ پہنچتے ہی انتقال

    مکہ مکرمہ: جرمنی سے موٹر سائیکل پر مکہ پہنچنے والا شامی نژاد شہری اپنے رب کے حضور پیش ہونے کے بعد مسجد الحرام میں انتقال کر گئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق جرمنی سے عمرہ ادائیگی کے لیے موٹرسائیکل پر 73 دنوں میں مکہ پہنچنے والا شامی شخص غازی جاسم اپنا سفر مکمل کرتے ہی انتقال کرگیا۔

    رپورٹ کے مطابق غازی جاسم نے جرمنی سے موٹرسائیکل پر مسجد الحرام تک کا سفر 73 دن میں مکمل کیا، اس سفر کے دوران وہ سوشل میڈیا پر لوگوں کو آگاہی بھی دیتے رہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق غازی جاسم کا مسجد الحرام پہنچ کر انتقال ہوا جس کے بعد ان کی نمازِ جنازہ بھی یہیں ادا کی گئی جبکہ انہیں مکہ میں ہی سپردِ خاک کردیا گیا۔

    سوشل میڈیا پر غازی جاسم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے تاہم ساتھ ہی ان کے سفر کی بھی لوگ تعریف کر رہے ہیں۔

  • ملک میں کرونا سے 2 افراد انتقال کرگئے

    ملک میں کرونا سے 2 افراد انتقال کرگئے

    اسلام آباد: نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ( این آئی ایچ) کے مطابق ملک میں کرونا سے مزید 2 افراد انتقال کر گئے۔

    ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز بدستور ریکارڈ کیے جارہے ہیں، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 2 ہلاکت ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار  643 ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 5 ہزار 19 ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد 42 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.84  فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 15 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

  • معروف بلوچ لوک گلوکار واسو گاجانی انتقال کر گئے

    معروف بلوچ لوک گلوکار واسو گاجانی انتقال کر گئے

    جعفرآباد: بلوچستان کے معروف بلوچ لوک گلوکار واسو گاجانی انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لوگ گلوکار واسو خان گاجانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ واسو گاجانی عرصہ دراز سے علیل تھے۔

    گلوکار واسو گاجانی نے پہلی بار معروف سنگر شہزاد رائے کے ساتھ گائیکی سے شہرت پائی تھی، انھوں نے شہزاد رائے کے ساتھ پروگرام واسو اور میں، میں پرفارم کیا تھا۔

    لوک گلوکار واسو گاجانی کا اصل نام محمد وارث تھا، ان کا تعلق بلوچستان کے پس ماندہ علاقے صحبت پور کے گاؤں گوراناڑی سے تھا۔