Tag: انتقال

  • پرویز مشرف کی میت لینے کے لیے پاکستان سے طیارہ کل صبح دبئی پہنچے گا

    پرویز مشرف کی میت لینے کے لیے پاکستان سے طیارہ کل صبح دبئی پہنچے گا

    اسلام آباد: سابق صدر پاکستان اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کی میت لینے کے لیے پاکستان سے طیارہ کل صبح دبئی پہنچے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مرحوم پرویز مشرف کے اہل خانہ نے میت لے جانے کے سلسلے میں دبئی میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے، کل مرحوم کی میت پاکستان لائی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کل صبح ایک خصوصی طیارہ نور خان ایئر بیس سے دبئی کے المکتوم ایئر پورٹ پہنچے گا، جہاں سے پرویز مشرف کی میت کو پاکستان منتقل کیا جائے گا۔

    سابق صدر پرویز مشرف انتقال کرگئے

    پرویز مشرف کی تدفین اسلام آباد میں کی جائے گی یا کراچی میں، اس حوالے سے فی الوقت کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔

    واضح رہے کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف دبئی کے امریکن اسپتال میں انتقال کر گئے ہیں، وہ کافی عرصے سے علیل اور اسپتال میں زیر  علاج تھے۔ پرویز مشرف نے اہلیہ صہبا مشرف، بیٹی عائلہ مشرف اور بیٹے بلال مشرف کو سوگوار چھوڑا ہے۔

  • سعودی عرب کے پستہ قد سوشل میڈیا اسٹار انتقال کر گئے

    ریاض: مشہور پستہ قد سعودی یوٹیوبر عزیز الاحمد جمعرات کو 27 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

    گلف نیوز کے مطابق پیدائش سے جینیاتی بیماری میں مبتلا سعودی شہری عزیز الاحمد 19 جنوری کو اسپتال میں دوران علاج انتقال کر گئے۔

    عزیز الاحمد 1995 میں ریاض میں پیدا ہوئے تھے، اور معروف یوٹیوبر تھے، وہ عربی میں القضم یعنی ’بونا‘ کی عرفیت سے مشہور تھے، ان کی موت پر مداح نے قلبی دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    عزیز الاحمد کو پیدائشی طور پر جینیاتی بیماری اور ہارمونز کی خرابی کا مسئلہ درپیش تھا، جس کی وجہ سے ان کی نشونما متاثر ہوئی تھی۔

    گزشتہ دنوں اسپتال سے ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ بستر پر لیٹے ہوئے تھے، ایک خاتون ان سے پوچھ رہی تھیں کہ آپ اپنے فینز سے کیا کہنا چاہتے ہیں، عزیز نے جواب دیا ’میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ میں ان سے بہت محبت کرتا ہوں۔‘

    عزیز سے جب پوچھا گیا کہ اب آپ کیسا محسوس کر رہے ہیں تو انھوں نے کہا کہ میں بہتر محسوس کر رہا ہوں، تاہم وہ جاں بر نہ ہو سکے اور اپنے لاکھوں مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر چلے گئے، عزیز شادی شدہ تھے اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔

    عزیز یوٹیوب پر مزاحیہ ویڈیوز اپ لوڈ کرتے تھے اور ان کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں تھی، ٹک ٹاک پر ان کے فالوورز کی تعداد 94 لاکھ جب کہ یوٹیوب پر 8 لاکھ 87 ہزار سبسکرائبرز تھے۔

    مرحوم اسنیپ چیٹ پر بھی بہت مقبول تھے جہاں ان کے پیج کے 2.7 ملین سے زیادہ سبسکرائبرز ہو چکے ہیں۔

  • بھارتی وزیر اعظم مودی کی والدہ چل بسیں

    نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم مودی کی والدہ انتقال کر گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرابین مودی 99 برس کی عمر میں چل بسیں۔ ہیرابین مودی کو بدھ کے روز طبیعت خراب ہونے پر گجرات کے ایک کارڈیالوجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں گزشتہ شپ ان کی طبیعت زیادہ بگڑ گئی تھی۔

    بھارتی وزیر اعظم نے جمعہ کی صبح ٹوئٹر پر والدہ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے انھیں خراج عقیدت پیش کیا، اور لکھا کہ ماں کے قدموں تلے پوری ایک شان دار صدی بچھی ہوئی ہے۔

    بھارتی وزیر اعظم اکثر اہم مواقع اور تہواروں پر اپنی والدہ سے آشیرواد لینے کے لیے جاتے تھے۔

    پی ایم مودی نے ٹوئٹ میں لکھا کہ آخری ملاقات میں والدہ نے مجھ سے ایک بات کہی، جو ہمیشہ یاد رکھی جانے والی ہے کہ ذہانت سے کام کرو، پاکیزگی کے ساتھ زندگی جیو۔

  • پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری کے شوہر انتقال کرگئے

    پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری کے شوہر انتقال کرگئے

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف  (پی ٹی آئی) کی رہنما شیریں مزاری کے شوہر تابش حاضر انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شیریں مزاری کے اہلخانہ کی جانب سے ان کے شوہر کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے۔

    اہلخانہ نے بتایا کہ ڈاکٹر تابش حاضر کی نماز جنازہ شام 4 بجے ماڈل ٹاؤن ادا کی جائے گی، شیریں مزاری کے شوہر ڈاکٹر تابش حاضر ماہرامراض اطفال تھے۔

  • بیلاروس کے وزیر خارجہ ولادیمیر اچانک انتقال کر گئے

    بیلاروس کے وزیر خارجہ ولادیمیر اچانک انتقال کر گئے

    مِنسک: بیلاروس کے وزیر خارجہ ولادیمیر اچانک انتقال کر گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بیلاروس کے وزیر خارجہ ولادیمیر ماکی 64 برس کی عمر میں اچانک انتقال کر گئے۔

    ولادیمیر ماکی کے انتقال کی خبر کی بیلاروس کی وزارت خارجہ نے تصدیق کر دی ہے تاہم موت کی وجہ نہیں بتائی گئی، صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے وزیر خارجہ کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ولادیمیر 2012 سے وزارت خارجہ کے امور سنبھال رہے تھے۔

    روئٹرز کے مطابق بیلاروس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی بیلٹا نے ہفتے کے روز اطلاع دی کہ طویل عرصے سے وزیر خارجہ رہنے والے ولادیمیر ماکی اپنے روسی ہم منصب سے دو روز بعد ملاقات کرنے والے تھے، لیکن اس سے پہلے ہی اچانک ان کا انتقال ہو گیا۔

    ماکی نے اس ہفتے کے شروع میں یریوان میں کلیکٹیو سیکیورٹی ٹریٹی آرگنائزیشن (اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم) کی ایک کانفرنس میں شرکت کی تھی، یہ تنظیم سوویت یونین کے بعد کی کئی ریاستوں کا ایک فوجی اتحاد ہے، ماکی نے پیر کو روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات کرنی تھی۔

    بیلاروس میں 2020 میں صدارتی انتخابات اور بڑے پیمانے پر حکومت مخالف مظاہروں سے قبل، ولادیمیر ماکی مغرب کے ساتھ بیلاروس کے تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں کا آغاز کرنے والوں میں سے ایک تھے، اور انھوں نے روس پر تنقید بھی کی۔ تاہم، ماکی نے مظاہروں کے آغاز کے بعد اچانک اپنا مؤقف بدل لیا، اور کہا کہ وہ مغرب کے ایجنٹوں سے متاثر ہو گئے تھے۔

    فروری میں یوکرین پر روس کے حملے کے شروع ہونے کے بعد، ماسکو اور مِنسک کے درمیان قریبی تعلقات کے حامی ماکی نے کہا کہ مغرب نے جنگ کو ہوا دی ہے اور یوکرین کے حکام کو روس کی امن کی شرائط سے اتفاق کرنا چاہیے۔

    روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’’ہم جمہوریہ بیلاروس کی وزارت خارجہ کے سربراہ ولادیمیر ماکی کی موت کی خبروں سے صدمے میں ہیں۔‘‘

    دوسری طرف جلاوطن اپوزیشن لیڈر سویٹلانا تسخانوسکایا نے وزیر کی موت پر تبصرہ کرتے ہوئے ماکی کو بیلاروسی عوام کا غدار قرار دیا۔ انھوں نے کہا ’’2020 میں ماکی نے بیلاروسی عوام کے ساتھ غداری کی اور ظلم کا ساتھ دیا۔‘‘

  • معروف کامیڈین طارق ٹیڈی انتقال کر گئے

    معروف کامیڈین طارق ٹیڈی انتقال کر گئے

    لاہور: ملک کے معروف کامیڈین طارق ٹیڈی انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کامیڈین طارق ٹیڈی کا رضائے الہیٰ سے انتقال ہو گیا، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ 20 روز سے لاہور کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    طارق ٹیڈی کے صاحب زادے جنید نے بتایا کہ ان کے والد کو سانس اور جگر کا عارضہ لاحق تھا، پہلے نجی اسپتال میں پھر پی کے ایل آئی میں ان کا علاج جاری تھا۔

    بیٹے نے بتایا کہ 4 روز قبل طارق ٹیڈی کی طبیعت کچھ سنبھل گئی تھی، تاہم گزشتہ رات کو ان کی حالت بہت زیادہ خراب ہو گئی، اور وہ صبح 8 بجے انتقال کر گئے۔

    لاہور : اسٹیج اداکار طارق ٹیڈی کے وارنٹ گرفتاری جاری

    طارق ٹیڈی 12 اگست 1976 کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے تھے۔ طارق ٹیڈی پر ان کی سابقہ بیوی عاصمہ بی بی نے فیملی عدالت میں بچیوں صفا اور مروا کا خرچ دینے کا کیس بھی دائر کر رکھا تھا۔

  • ’ہیری پوٹر‘ فلموں کے مشہور کردار کا انتقال

    ’ہیری پوٹر‘ فلموں کے مشہور کردار کا انتقال

    بچوں کے لیے لکھی جانے والی مشہور زمانہ جادوئی کہانی ’ہیری پوٹر‘ پر بننے والی فلموں میں ہیگرڈ کا کردار ادا کرنے والے ہالی ووڈ اداکار کا انتقال ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ’ہیری پوٹر‘ فلم سیریز میں ہیگرڈ کا کردار نبھانے والے اداکار روبی کولٹرین 72 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، یہ ہیری پوٹر فلموں کا ایک ایسا کردار تھا جس نے پوری دنیا کے بچوں اور بڑوں کو دیوانہ بنائے رکھا۔

    دی ہیگرڈ کا کردار ادا کرنے والے مشہور اداکار روبی کولٹرن کا اصل نام انتھونی رابرٹ میک ملن تھا۔

    روبی کولٹرن نے 1990 کی دہائی میں فلم کریکر سے شہرت حاصل کی تھی، جس میں انھوں نے جاسوس کا کردار ادا کیا تھا، ہیری پوٹر سیریز میں ہیگرڈ کا کردار کرنے پر ان کے چاہنے والوں کی تعداد بہت بڑھ گئی تھی۔

  • میخائل گورباچوف انتقال کر گئے

    میخائل گورباچوف انتقال کر گئے

    ماسکو: سرد جنگ ختم کرنے اور نوبل انعام جیتنے والے آخری سوویت رہنما گورباچوف انتقال کر گئے، وہ طویل عرصے سے بیمار تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ماسکو میں اسپتال کے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ میخائل گورباچوف، جنھوں نے سرد جنگ کو خون بہائے بغیر ختم کیا، لیکن سوویت یونین کے خاتمے کو روکنے میں ناکام رہے، منگل کو 91 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

    میخائل گورباچوف سوویت یونین کے آخری صدر تھے، وہ سوویت یونین میں ریاست اور پارٹی کے اعلیٰ ترین عہدوں پر فائز رہے۔

    گورباچوف نے سیاسی اصلاحات کے ذریعے سوویت ریاستوں کو آزادی دی، ان کی پالیسیوں کے باعث سوویت یونین میں سنسر شپ کا خاتمہ ہوا۔

    آخری سوویت صدر، گورباچوف نے امریکا کے ساتھ ہتھیاروں میں کمی کے معاہدے اور مغربی طاقتوں کے ساتھ شراکت داری کی تاکہ اس آہنی پردے کو ہٹایا جا سکے جس نے دوسری جنگ عظیم کے بعد سے یورپ کو تقسیم کر رکھا تھا، یوں جرمنی دوبارہ متحد ہوا۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق گورباچوف کی داخلی اصلاحات نے سوویت یونین کو اس حد تک کمزور کرنے میں مدد کی کہ وہ ٹوٹ گیا، یہ ایک ایسا لمحہ تھا جسے صدر ولادیمیر پیوٹن نے بیسویں صدی کی ’’سب سے بڑی جغرافیائی سیاسی تباہی‘‘ قرار دیا ہے۔

    کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف کے مطابق روسی صدر پیوٹن نے گورباچوف کے انتقال پر تہہ دل سے اظہار تعزیت کیا ہے، صدر پیوٹن ان کے خاندان اور دوستوں کو تعزیت کا ایک ٹیلیگرام بھی بھیجیں گے۔

  • بلبل پاکستان نیّرہ نور انتقال کر گئیں

    بلبل پاکستان نیّرہ نور انتقال کر گئیں

    لاہور: موسیقی کا ایک عہد تمام ہوا، بلبل پاکستان نیّرہ نور انتقال کر گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی عظیم گلوکارہ نیّرہ نور انتقال کر گئیں، ان کی عمر 72 برس تھی، اور وہ کافی عرصے سے علیل تھیں۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحومہ کی نماز جنازہ آج سہ پہر کراچی میں ادا کی جائے گی۔

    نیّرہ نور کو فنی خدمات کے اعتراف میں ان کے فنی سفر کے دوران پرائڈ آف پرفارمنس، نگار اور دیگر متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔ 2005 میں انھیں حکومت پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا۔

    ملی نغموں میں بھی نیّرہ نور نے سامعین کے دلوں کو گرمایا اور پلے بیک سنگنگ میں بھی اپنی گائیکی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

    نیّرہ نور نے برسوں پہلے گلوکاری چھوڑ دی تھی لیکن ان کے گائے گیت اور غزلیں ہر دور میں مقبول و معروف رہیں، انھوں ںے اپنا فنی سفر 70 کی دہائی سے شروع کیا تھا، اور فلموں اور ڈراموں کے لیے بھی پلے بیک سنگنگ کی۔

    نیّرہ کے معروف گانوں، ملی نغموں اور غزلوں میں: تیرا سایہ جہاں بھی ہو سجنا، روٹھے ہو تم تم کو کیسے مناؤں پیا، آج بازار میں پا بجولاں چلو، کہاں ہو تم چلے آؤ، اے عشق ہمیں برباد نہ کر اور وطن کی مٹی گواہ رہنا سمیت دیگر بہت سے شامل ہیں۔

    نیّرہ نور کے ایک انٹرویو کے مطابق انھوں نے اپنا بچپن آسام میں گزارا، تقسیم کے بعد ان کا گھرانہ پاکستان منتقل ہوا۔

  • فاروق ستار کی والدہ انتقال کر گئیں

    فاروق ستار کی والدہ انتقال کر گئیں

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار کی والدہ انتقال کر گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ تنظیم بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار کی والدہ کا انتقال ہوگیا، ان کی عمر 94 برس تھی۔

    فاروق ستار کی والدہ کچھ عرصے سے شدید علیل اور مقامی اسپتال میں زیر علاج تھیں، ان کی نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کی والدہ کے انتقال پر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے اظہار تعزیت کیا ہے، کنوینئر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عامر خان اور وسیم اختر نے فاروق ستار سے والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

    سابق صدر آصف زرداری کی والدہ انتقال کرگئیں

    سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان، چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد، انیس ایڈووکیٹ اور حیدر عباس رضوی نے بھی فاروق ستار کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔