Tag: انتونیو گوتریس

  • اسرائیل کا اقوام متحدہ کے اسکول حملہ، انتونیو گوتریس کا اہم بیان

    اسرائیل کا اقوام متحدہ کے اسکول حملہ، انتونیو گوتریس کا اہم بیان

    وسطی غزہ میں اقوام متحدہ کے ماتحت ایک اسکول پر اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں ایجنسی کے 6 اہلکاروں کی شہادت پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ غزہ میں اقوام متحدہ کے عملے اور امدادی کارکنوں کی ہلاکتوں پر کوئی احتساب نہ ہونا ناقابل قبول ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غیرملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں 41 ہزار سے زائد جانیں جا چکی ہیں، انہوں نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کو افسوس ناک قرار دیا۔

    انہوں نے کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے وہ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے، غزہ میں بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں اور وہاں کوئی شہری محفوظ نہیں۔

    سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ اسرائیلی حملوں میں تقریباً 300 انسانی امدادی کارکن شہید ہوچکے ہیں جن میں سے دو تہائی سے زیادہ اقوام متحدہ کے ورکر ہیں، ان کی موت کی موثر تحقیقات اور احتساب کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس عدالتیں موجود ہیں مگر ان کے فیصلوں کا احترام نہیں کیا جاتا، ہمیں اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کا کہنا ہے کہ وسطی غزہ میں اقوام متحدہ کے ماتحت ایک اسکول پر اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں ایجنسی کے 6 اہلکار جام شہادت نوش کرگئے ہیں۔

    بیان کے مطابق اسرائیلی فوج کی بمباری سے 6 اہلکاروں کی شہادت غزہ میں اسرائیلی جنگ کے آغاز سے اب تک کسی بھی حملے میں شہید اہلکاروں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

    سول ڈیفنس ایجنسی کے ماتحت النصیرات کیمپ میں اسپتال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے الجونی اسکول پر اسرائیلی حملے میں 14 افراد شہید ہوگئے ہیں، اسکول میں ہزاروں بے گھر فلسطینی پناہ لئے ہوئے تھے۔

    ’اسرائیلی فائرنگ سے امریکی کارکن ایزگی کا قتل ناقابل قبول ہے‘

    انروا کے مطابق یہ گزشتہ 11 ماہ کے دوران پانچواں حملہ ہے جب اسرائیلی افواج نے بے گھر فلسطینیوں کیلئے پناہ گاہ بنے یو این کے اسکول کو نشانہ بنایا ہے۔

  • اقوام متحدہ کی غزہ میں فوری امداد فراہم کرنے کی اپیل

    اقوام متحدہ کی غزہ میں فوری امداد فراہم کرنے کی اپیل

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے انسانیت سوز اور جنگی جرائم پر مبنی مظالم کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، ایسے میں اقوام متحدہ کی جانب سے غزہ میں فوری امداد فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ غزہ میں ہر فرد بھوک کا شکار ہے۔ غزہ میں فوری، بلا رکاوٹ، وسیع اور مستقل امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    انتونیو گوتریس نے کہ غزہ کے 17 لاکھ لوگ گھروں سے دربدر ہوچکے ہیں، جبکہ غزہ میں انسانی ضروریات کا نظام تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔

    دوسری جانب حماس کی جانب سے جنگ بندی کو مسترد کرنے کا امکان نہیں لیکن اسرائیل سے دستبرداری کا مطالبہ کیا جائے گا۔

    مذاکرات کے قریب ایک فلسطینی اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ حماس کی جانب سے اس ہفتے ثالثوں کی جانب سے موصول ہونے والی غزہ جنگ بندی کی تجویز کو مسترد کرنے کا امکان نہیں ہے لیکن وہ اس یقین دہانی کے بغیر اس پر دستخط نہیں کرے گا کہ اسرائیل جنگ کے خاتمے کا عہد کر چکا ہے۔

    اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ حماس اس کاغذ کو مسترد نہیں کرے گی لیکن یہ فیصلہ کن معاہدہ بھی نہیں ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں توقع کرتا ہوں کہ وہ مثبت جواب بھیجیں گے اور اپنے مطالبات کی توثیق کریں گے معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے یہ یقینی بنانا چاہیے کہ اسرائیل غزہ میں جنگ ختم کرنے اور مکمل طور پر انکلیو سے نکلنے کا عہد کرے گا۔

    روس اور یوکرین جنگی قیدیوں کے تبادلے پر رضامند

    حماس کے عہدیدار اسامہ حمدان کا کہنا ہے کہ فلسطینی گروپ نے پیرس اجلاس کے بعد مجوزہ معاہدے کے بارے میں ابھی تک کوئی حتمی ردعمل نہیں دیا ہے۔

  • یہ سچائی کا لمحہ ہے، تاریخ ہم سب کا فیصلہ کرے گی، یو این سیکریٹری جنرل

    یہ سچائی کا لمحہ ہے، تاریخ ہم سب کا فیصلہ کرے گی، یو این سیکریٹری جنرل

    غزہ میں لاکھوں انسانوں کی تباہی پر افسردگی کے عالم میں اپنے سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ تاریخ ہم سب کا فیصلہ کرے گی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ یہ سچائی کا لمحہ ہے، تاریخ ہم سب کا فیصلہ کرے گی، سب اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، غزہ میں 20 لاکھ انسانوں کو تباہی کا سامنا ہے، شہریوں کیلئے ناقابل تصور تباہی ہے۔

    انتونیو گوتریس نے مشرق وسطیٰ میں فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں زندگی بچانے والے سامان کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔

    دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر غزہ پر زمینی اور فضائی حملے شروع کردیئے ہیں، جس کے باعث بڑے پیمانے پر شہادتوں اور تباہی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، شدید بمباری کے باعث مواصلاتی نظام تباہ ہوچکا ہے، جس کے باعث غزہ کا دنیا بھر سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوچکا ہے۔

    اسرائیلی فورسز نے غزہ میں بھرپور طاقت کے ساتھ آپریشن اور وحشیانہ بمباری کا آغاز کیاہے، جس کے باعث غزہ کی پٹی میں مواصلاتی نظام مکمل تباہ ہوگیا ہے۔

    عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ غزہ میں 100 سے زائد فضائی طیاروں کی جانب سے بمباری کی جارہی ہے، جبکہ ٹینکس اور توپوں کے ذریعے بھی بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔

    الجزیزہ کے مطابق فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی جوال کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے آخری بچنے والی انٹرنیشنل کیبل بھی تباہ ہوگئی ہے، جس کے باعث غزہ کا رابطہ دنیا سے کٹ گیا ہے۔

  • یو این سیکریٹری جنرل نے فلسطینیوں کے انخلا کا الٹی میٹم تشویشناک قرار دیدیا

    یو این سیکریٹری جنرل نے فلسطینیوں کے انخلا کا الٹی میٹم تشویشناک قرار دیدیا

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ غزہ میں محاصرہ جاری ہے، 10 لاکھ لوگوں کوایسی جگہ منتقل کرنا جہاں خوراک، پانی یا رہائش نہیں انتہائی خطرناک ہے۔

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ خالی کرنے کے الٹی میٹم پرنظر ثانی کرے، عالمی انسانی قانون کے قوانین کا احترام کرناچاہیے، ہر جنگ کے اصول ہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ متاثرہ فلسطینی علاقے ایندھن، بجلی، پانی اور خوراک سے بھی محروم ہیں، انخلا کا حکم کم ازکم 11 لاکھ فلسطینیوں پر لاگو ہوگا، متاثرہ علاقے پہلے ہی اسرائیلی محاصرے اور بمباری کی زد میں ہیں۔

    یو این سیکرٹری جنرل نے کہا کہ متاثرہ فلسطینی علاقے پہلے ہی اسرائیلی بمباری سے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ انخلا کے اسرائیلی حکم کا نفاذ ہزاروں بچوں پر بھی ہوگا، غزہ کی تقریبا آدھی آبادی 18 سال سے کم عمر افراد پرمشتمل ہے اور غزہ کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد مقامات میں ہوتا ہے۔

    یو این سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں 2 لاکھ سے زائد لوگ اقوام متحدہ کے تحت پناہ گاہوں میں زندگی گزار رہے ہیں، لوگوں کو اسکولوں، ہیلتھ سینٹرز اور کلینکس میں بھی رکھا گیا ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب کے بعد اب ایک یورپی یونین کے رکن ملک ناروے نے بھی اسرائیل کی طرف سے غزہ کے محاصرے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

    ناروے کی وزیر خارجہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ اسرائیل کو اپنے دفاع کاحق حاصل ہے مگر اسے یہ حق نہیں کہ اپنے دفاع کے نام پر جو چاہے کرے۔

    انہوں نے کہا کہ میں غزہ کے غیر انسانی محاصرے کی مذمت کرتی ہوں، غزہ کے لوگوں کو خوراک اور ادویات تک کی فراہمی ناممکن ہوگئی ہے۔ سکنڈے نیوین ملک نے حماس کے اسرائیل پر حملوں کی بھی مذمت کی ہے۔

  • عالمی ادارے پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرے: یو این سیکریٹری جنرل

    عالمی ادارے پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرے: یو این سیکریٹری جنرل

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ عالمی اداروں کو سیلاب کے بعد پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل نے ایک ٹوئٹ میں ایک بار پھر عالمی اداروں کو سیلاب متاثرہ پاکستان کی طرف متوجہ کیا ہے، انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے، تباہ کن سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں بدترین معاشی بحران پیدا ہوا۔

    انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ گزشتہ سال موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا تھا، میں ایسی تباہی کو کبھی نہیں بھول سکتا، نقصانات کے ازالے کے لیے عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے۔

    سیکریٹری جنرل نے کہا بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ جلد از جلد بحالی کی کوششوں کے لیے فنڈز کے وعدوں کو پورا کریں۔ انھوں نے کہا کہ عالمی اداروں کو سیلاب کے بعد پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں، عالمی مالیاتی ادارے ترقی پذیر ممالک کی ہر ممکن مدد کریں، ماحولیاتی انصاف کے لیے پاکستان ’’لٹمس ٹیسٹ‘‘ کی حیثیت رکھتا ہے۔

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان سے کیے گئے امداد کے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ واضح رہے کہ عالمی برادری نے پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے 16.4 ارب ڈالر کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • ہماری تمام آزادی کا انحصار پریس کی آزادی پر ہے، انتونیو گوتریس

    ہماری تمام آزادی کا انحصار پریس کی آزادی پر ہے، انتونیو گوتریس

    نیویارک: اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ ہماری تمام آزادی کا انحصار پریس کی آزادی پر ہے۔

    نیویارک میں آزادی صحافت کے عالمی دن پر اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خطاب میں کہا کہ صحافیوں کو نشانہ بنانے اور غلط معلومات پھیلانے کی مذمت کرتے ہیں۔

    اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ دنیا کے ہر کونے میں آزادی صحافت حملے کی زد میں ہے، ہماری تمام آزادی کا انحصار پریس کی آزادی پر ہے۔

    اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ آزادی صحافت جمہوریت اور انصاف کی بنیاد اور انسانی حقوق کی جان ہے۔

    انہوں نے مزید کہا دنیا میں آج سچ کو جھوٹ اور نفرت انگیزی سے خطرہ ہے،  عالمی صحافت کی آزادی کے دن، دنیا کو صحافیوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے کیونکہ وہ سچ کے لیے کھڑے ہیں۔

  • مسلمانوں کے خلاف نفرت کا زہر ختم کرنا ہوگا: اقوام متحدہ

    مسلمانوں کے خلاف نفرت کا زہر ختم کرنا ہوگا: اقوام متحدہ

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے دن منانے کا مقصد مسلم مخالف نفرت کے زہر کے خاتمے کا مطالبہ ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے پہلی بار عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

    انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ اس دن کا مقصد مسلم مخالف نفرت کے زہر کے خاتمے کا مطالبہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امتیازی سلوک ہم سب کو مٹا سکتا ہے، ہمیں اس کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔

    سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ آج اور ہر دن ہمیں مشترکہ انسانیت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، تقسیم کرنے والی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

  • سیلابی صورت حال میں پاکستان کی مدد قرضوں کی ادائیگی میں تعاون سے بھی ہو سکتی ہے، انتونیو گوتریس

    جنیوا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ سیلابی صورت حال میں پاکستان کی مدد قرضوں کی ادائیگی میں تعاون سے بھی ہو سکتی ہے۔

    سیلاب متاثرین علاقوں کی تعمیر اور بحالی کیلئے عالمی ڈونرز کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے تباہی کے مناظر دیکھ کر دل ٹوٹ گیا ہے۔

    جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام سے یکجہتی کرنیوالے ممالک کاشکریہ اداکرتاہوں، پاکستان میں سیلاب کی تباہی کے باعث پاکستان میں  80 لاکھ لوگ بےگھر ہوئے ہیں۔

    یواین سیکریٹری جنرل نے کہا کہ برے حالات میں بھی پاکستانی عوام کی فیاضی اورجذبہ دیکھ کر حیران ہوا، پاکستانی عوام نے سیلاب زدگان کی متاثرین کیلئے فراخدلی کامظاہرہ کیاہے انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچے انکی مدد کی اور محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

    انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے ذریعے کیش، ٹرانسفر اور دیگر طریقہ کار سے پاکستام کو امداد دی جاسکتی ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پاکستان کو فوری طور پر 16 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونیوالی سیلاب سے تباہی کا خود جاکر مشاہدہ کیا، میں نے دیکھا ہے پاکستانی خواتین نے بھی آگے بڑھ کر سیلاب زدہ علاقوں میں خود کام کیا۔

    انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کاسامنا اور قرضوں کی ادائیگی بھی کرنی ہے، سیلابی صورتحال میں پاکستان کی مدد قرضوں کی ادائیگی میں تعاون سے بھی ہوسکتی ہے

    یو این جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سامنے آئے ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرنیوالے ممالک کو فوری مدد کی ضرور ہے اور آج کی کانفرنس پر سیلاب متاثرین کی بحالی اور دوبارہ تعمیر نو کیلئے پہلا قدم ہے۔

    یو این سیکریٹری جنرل انتونیوو گوتریس نے کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان قدرتی آفات کیساتھ اخلاقی طور پرکرپٹ بین الاقوامی معاشی سسٹم کاشکار ہے۔

  • سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے امداد کے منتظر ہیں، وزیراعظم

    سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے امداد کے منتظر ہیں، وزیراعظم

    شرم الشیخ: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کی چھت اور خوراک کی ضرورت پوری کرنے کے لیے امداد کے منتظر ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور یو این سیکریٹری جنرل نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی، وزیراعظم نے کہا کہ یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سیلاب کے بعد پاکستان کا دورہ کیا ان کے شکر گزار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ موحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان دوسرے ملکوں کی نسبت زیادہ متاثرہ ہوا ہے، متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھیل رہے ہیں جبکہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر سڑکیں تباہ ہوگئیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے 30 ارب ڈالر کے نقصانات کا تخمینہ لگایا گیا ہے، پی آئی ایس پی کے تحت سیلاب متاثرین کو امداد دی گئی ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کے لیے مزید اقدامات کیے جارہے ہیں، دستیاب وسائل میں متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے انصاف سب کی ضرورت ہے۔

    عالمی برادری کی ذمہ داری ہے پاکستان کی بھرپورمدد کرے، انتونیو گوتریس

    دوسری جانب یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستانی عوام کی افغان مہاجرین کی میزبانی ناقابل فراموش ہے،  سیلاب سے لوگوں کے روزگار سمیت سب کچھ تباہ ہوگیا لوگوں کو ایک دوسرے کی مدد کرتے دیکھا، عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی بھرپور مدد کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کاپ سمٹ میں دنیا کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے محفوظ بنانے کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

  • موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، شرم الشیخ کاپ27 سے انتونیو گوتریس کا خطاب

    موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، شرم الشیخ کاپ27 سے انتونیو گوتریس کا خطاب

    شرم الشیخ: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مصر میں شروع ہونے والے شرم الشیخ کاپ27 سے خطاب میں کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مصر میں شرم الشیخ کاپ27 کلائمٹ امپلیمینٹیشن سمٹ شروع ہو گیا، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سمٹ سے خطاب میں کہا اقوام عالم کو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

    انتونیو گوتریس نے کہا دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا سامنا ہے، بڑھتے درجہ حرارت سے ماحولیات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، بڑی معیشتوں کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ ماحول دوست توانائی کے حصول کے لیے کام کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کلائمٹ امپلیمینٹیشن سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، اس سمٹ میں مختلف ممالک کے سربراہان مملکت بھی شریک ہیں۔

    اس دوران شہباز شریف اور یو اے ای کے صدر محمد بن زاید آل نہیان کی ملاقات ہوئی، جس میں مشترکہ مقاصد کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کیا گیا، وزیر اعظم کی عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل اور یورپی یونین کمشنر سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات سے بچاؤ کے لیے بھرپور تعاون پر اتفاق کیا گیا۔