Tag: انتونیو گوتریس

  • کراچی میں اسپیشل یونٹ کے افسران یو این سیکریٹری جنرل کے کمرے میں زبردستی گھس گئے

    کراچی میں اسپیشل یونٹ کے افسران یو این سیکریٹری جنرل کے کمرے میں زبردستی گھس گئے

    کراچی: شہر قائد میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے افسران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے کمرے میں زبردستی گھس گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی کراچی آمد کے موقع پر ایک نہایت ناخوش گوار واقعہ پیش آیا، جس پر وزارت خارجہ نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    چیف سیکریٹری سندھ کو وزارت خارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق ایس ایس یو پولیس نے خود نمائی کے لیے سیکیورٹی داؤ پر لگا دی تھی، اور افسران نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی موجودگی کو یونٹ کی تشہیر کا ذریعہ بنانے کی کوشش کی۔

    وزارت خارجہ کے مطابق ایس ایس یو کے افسران زبردستی سیکریٹری جنرل کے لاؤنج میں گھس گئے تھے جہاں ان کی بالکل ضرورت نہیں تھی، افسران نے کمرے میں زبردستی اپنے فوٹوگرافر کو انٹری دلوائی۔

    وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایس ایس یو افسران نے رمادا ہوٹل میں غیر ملکی نشریاتی ادارے کو سیکریٹری جنرل کے انٹرویو کے دوران مداخلت کی کوشش کی ہے، مہمان کے سیکیورٹی اسٹاف نے ایس ایس یو اہل کاروں کو متعدد بار ایسی حرکتوں سے باز رہنے سے روکا تھا، لیکن ایس ایس یو کے 6 افراد انتہائی ڈھٹائی اور کم ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معزز مہمان کے سوئٹ میں غیر قانونی طور پر گھس گئے۔

    وزارت خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے سیکیورٹی اسٹاف کی مزاحمت کے باوجود ایس ایس یو اہل کار کمرے میں داخل ہوئے، افسران نے سیکریٹری جنرل کو بلا اجازت تحائف پیش کیے اور متعدد تصاویر بنوائیں۔

    اسپیشل برانچ کے عملے نے بھی مہمان کی آمد پر انتہائی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا، اسپیشل برانچ کے افسران نے اپنے کمروں میں چیک ان ہونے کے بعد مہمان کے کمرے سے قریب رہنے کی زحمت بھی گوارہ نہیں کی تھی۔

    وزارت خارجہ نے مراسلے میں کہا کہ سرکاری مہمان کی آمد پر سیکیورٹی اہل کاروں کا ایسا رویہ پروٹوکول کی سنگین خلاف ورزی ہے، احتیاط کرنے کی ہدایت دی جائے۔

  • ’پاکستان جیسے ملک سیلاب اور بڑھتے قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہیں، جی 20 خصوصی فنڈ قائم کرے‘

    ’پاکستان جیسے ملک سیلاب اور بڑھتے قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہیں، جی 20 خصوصی فنڈ قائم کرے‘

    نیویارک: سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان جیسے ملک سیلاب اور بڑھتے قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہیں، جی 20 خصوصی فنڈ قائم کرے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے دنیا کو خطرات لاحق ہیں، گرین ہاؤس گیسز کا اخراج موسمیاتی تبدیلی کی بڑی وجہ ہے، اس کی وجہ سے کئی ممالک کو قدرتی آفات کا سامنا ہے۔

    یو این سیکریٹری جنرل نے کہا ہماری دنیا خطرے میں ہے، اور مفلوج ہے، تعاون اور بات چیت ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، کسی بھی بڑے عالمی چیلنج کو ’رضامندی کے اتحاد‘ سے حل نہیں کیا جا سکتا، ہمیں دنیا کے اتحاد کی ضرورت ہے۔

    انھوں نے کہا موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے عالمی سطح پر غیر معمولی بارشیں تباہی پھیلا رہی ہیں، پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی، متاثرہ ممالک عالمی برادری کی جانب سے ٹھوس اقدامات کے منتظر ہیں۔

    ان کا کہنا تھا موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، ترقی یافتہ ممالک آگے بڑھیں، ہمیں توانائی کے روایتی ذرائع سے ہٹ کر قابل تجدید ذرائع کی جانب جانا ہوگا، پائیدار ترقی کے لیے غریب اور ترقی یافتہ ممالک کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔

    انتونیو گوتریس نے کہا جی 20 جیسے ترتی یافتہ ممالک کو ترقی پذیر ممالک کی مدد کے لیے آگے آنا ہوگا، ترقی پذیر ممالک پر قرضوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے، اور ایک مؤثر حکمت عملی درکار ہے۔

    انھوں نے کہا ترقی پذیر ممالک کی خصوصی مدد کے لیے جی 20 ممالک کو خصوصی فنڈز قائم کرنا چاہیے، پاکستان جیسے ملک سیلاب کے ساتھ بڑھتے قرضوں کے بوجھ سے نبرد آزما ہیں۔

    یو این سیکریٹری جنرل نے کہا ہمیں عام آدمی کے مسائل حل کرنے کے لیے خصوصی توجہ دینا ہوگی، ترقی پذیر ملکوں پر قرضوں کا بوجھ کم کر کے عوام کے لیے ترقی کے مواقع پیدا کرنا ہوں گے۔

  • زمین کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، پاکستان میں سیلاب سے اتنی تباہی پہلے کبھی نہیں‌ دیکھی: انتونیو گوتریس

    زمین کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، پاکستان میں سیلاب سے اتنی تباہی پہلے کبھی نہیں‌ دیکھی: انتونیو گوتریس

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ زمین کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، پاکستان میں سیلاب سے اتنی تباہی پہلے کبھی نہیں‌ دیکھی۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل نے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں کے تفصیلی دورے کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے جتنی تباہی پاکستان میں ہوئی ہے، اس پیمانے پر انھوں نے تباہی نہیں دیکھی۔

    انتونیو گوتریس نے لکھا زمین کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، وہ ممالک نقصانات اٹھا رہے ہیں جو ارضی درجہ حرارت میں اضافے سے نہیں نمٹ سکتے۔

    یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے مشکور ہیں: وزیر اعظم پاکستان

    ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک عالمی بحران ہے اور پاکستان میں ہونے والی تباہی عالمی رد عمل چاہتی ہے۔

    ایک اور ٹویٹ میں انتونیو گوتریس نے لکھا کہ پاکستان میں متاثرہ لوگوں کے انسانی مصائب سے ہٹ کر میں نے بہادری کی اعلیٰ مثالوں کو بھی دیکھا، میں سول سوسائٹی، انسانی بنیادوں پر کام کرنے والی تنظیموں اور اقوام متحدہ کی ٹیموں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے ہنگامی طور پر وہاں پہنچ کر ان تھک محنت کے ساتھ کام کیا۔

    یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کے ساتھ یک جہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

  • یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے مشکور ہیں: وزیر اعظم پاکستان

    یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے مشکور ہیں: وزیر اعظم پاکستان

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں انتونیو گوتریس کے قائدانہ کردار نے متاثر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ہم سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے سیلاب متاثرین کی بے مثال معاونت پر مشکور ہیں، ان کا دورہ سیلاب سے جنم لینے والے انسانی المیے سے متعلق آگاہی کے لیے اہم ہے۔

    انھوں نے کہا سیکریٹری جنرل یو این کے ہمدردانہ اور قائدانہ کردار نے مجھے بے حد متاثر کیا، پاکستان کو اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے۔

    شہباز شریف نے لکھا کہ سیکریٹری جنرل یو این سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی سے دلی طور پر رنجیدہ ہوئے، انتونیو گوتریس متاثرین سیلاب کی آواز بن کر ابھرے ہیں۔

    انھوں ںے مزید لکھا کہ متاثرہ علاقوں اور کیمپوں کے دورے کے دوران انتونیو گوتریس تباہی دیکھ کر شدید حیران اور پریشان ہوئے، موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کے بارے میں انتونیو گوتریس نے جو کہا اس پر دنیا کو توجہ دینی چاہیے۔

  • اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے

    اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے ہیں، حنا ربانی کھر نے ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 2 روزہ دورے پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے پہنچے ہیں، وہ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور حکومت کے دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

    انتونیو گوتریس نے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بڑے پیمانے پر امداد کی جائے، انھوں ںے کہا میں تباہ کن سیلاب سے متاثر افراد سے اظہار یک جہتی کے لیے پاکستان پہنچا ہوں، پاکستان موسمیاتی تباہی سے نبرد آزما ہے۔

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی پاکستان سے محبت نئی نہیں ہے، انتونیو گوتریس اس سے قبل بھی متعدد بار پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کر چکے ہیں۔

    انتونیو گوتریس اس سے قبل 10 سال تک مہاجرین کے ہائی کمشنر بھی رہ چکے ہیں، یو این سیکرٹری جنرل نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی خدمات کو سراہا۔

    یواین قیادت نےعالمی سطح پر پاکستان کی پُرامن فوج کی کارکردگی کو بڑے پیمانے پر تسلیم کیا، اور امن مشنز میں پاکستانی خواتین کے نہایت متاثر کُن کردار کو ہمیشہ سراہا۔

    خیال رہے کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جس نے امن مشنر میں خواتین کی نمائندگی اور درجہ بندی پر خصوصی توجہ دی۔

  • ہم خود اپنی قبریں کھود رہے ہیں: یو این سیکریٹری جنرل

    ہم خود اپنی قبریں کھود رہے ہیں: یو این سیکریٹری جنرل

    گلاسگو: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ ہم اپنی قبریں خود کھود رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں ناکامی دنیا کی آبادی کو تباہ کر دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں اس وقت دنیا بھر سے حکومتی نمائندگان موجود ہیں، اور یہ یہاں کانفرنس آف پارٹیز (کوپ) 26 نامی کانفرنس میں شرکت کے لیے آئے ہیں۔

    ماحولیات پر سربراہی کانفرنس کے دوسرے دن یو این چیف نے حیاتیاتی ایندھن کی انسانی لت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم خود اپنی قبریں کھود رہے ہیں، یہ لت غیر پائیدار عالمی حرارت کے ذریعے نہ صرف انسانیت بلکہ خود سیارے کو بھی تباہی کے دہانے کی طرف دھکیل رہی ہے۔

    انھوں نے کہا پیرس کلائمٹ ایگریمنٹ کے بعد کے یہ 6 سال ریکارڈ پر 6 گرم ترین سال رہے ہیں، فوصل فیول کی ہماری لت انسانیت کو تباہی کے دہانے کی طرف دھکیل رہی ہے۔

    انتونیو گوتریس نے کہا کہ ہم حیاتیاتی تنوع کا وحشیانہ استعمال کر رہے ہیں، کاربن سے خود کو مار رہے ہیں، اور فطرت کے ساتھ ہمارا برتاؤ بیت الخلا جیسا ہے، ہم جلا رہے ہیں، ڈرلنگ کر رہے ہیں اور کھدائیاں جاری ہیں، ہم دراصل اپنی قبریں کھود رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا ہمارا سیارہ ہماری آنکھوں کے سامنے تبدیل ہو رہا ہے، گلیشیئرز کے پگھلنے سے لے کر شدید موسمی واقعات تک، سطح سمندر میں اضافہ 30 سال پہلے کی شرح سے دوگنا ہے، سمندر پہلے سے کہیں زیادہ گرم ہیں، اور ایمازون رین فورسٹ کے حصے اب کاربن جذب کرنے سے زیادہ اسے خارج کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں ناکامی زمین کی آبادی کو تباہ کر دے گی، اس سلسلے میں جی 20 کی بڑی ذمہ داری بنتی ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں انسانیت کو بچانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔

    واضح رہے کہ کوپ 26 کا مقصد دنیا کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز کا سدِباب کرنا ہے، کانفرنس کے صدر آلوک شرما نے کہا ہے کہ کوپ 26 دنیا کے درجہ حرارت میں اضافے کو ڈیڑھ ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود کرنے کی ‘آخری بہترین اُمید’ ہے۔

  • چند امیر ممالک کرونا ویکسین ذخیرہ کرنے لگے، اقوام متحدہ کا ردِ عمل

    چند امیر ممالک کرونا ویکسین ذخیرہ کرنے لگے، اقوام متحدہ کا ردِ عمل

    نیویارک: دنیا کے چند امیر ممالک کرونا وائرس کی ویکسین بھی ذخیرہ کرنے لگے ہیں، جس پر اقوام متحدہ نے کڑی تنقید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ چند امیر ممالک کی جانب سے کرونا ویکسین ذخیرہ کرنے کی کوئی منطق نہیں ہے۔

    انھوں نے گزشتہ روز ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا مجھے دنیا میں کرونا ویکسین کی غیر منصفانہ تقسیم پر شدید تحفظات ہیں، ہر ایک کا فائدہ اسی میں ہے کہ ہر جگہ ہر کسی کو ویکسین لگے، وبا کے خاتمے کا انحصار ہی اسی پر ہے کہ پوری دنیا کی آبادی تک جلد یہ ویکسین پہنچے۔

    ان کا کہنا تھا امیر ممالک ’اپنے فائدے‘ کے لیے ویکسین کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہیں، میں کہتا ہوں ویکسین کو ذخیرہ مت کریں، اس کی کوئی منطق نہیں۔

    انتونیو گوتریس نے ویکسین ذخیرہ کرنے والے ترقی یافتہ ممالک سے اپیل کی کہ انھوں نے جو ویکسینز خریدی ہیں، وہ دیگر ممالک کو بھی فراہم کر دیں، کیوں کہ یہ ان کی ضرورت سے زیادہ ہے۔

    افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل نے کہا ویکسینز کی غریب ممالک تک فراہمی کے کوویکس پروگرام کو مشکلات کا سامنا ہے کیوں کہ بہت زیادہ ذخیرہ اندوزی کی جا رہی ہے۔

  • اقوام متحدہ نے کرونا ویکسین کے حوالے سے خبردار کر دیا

    اقوام متحدہ نے کرونا ویکسین کے حوالے سے خبردار کر دیا

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کر دیا ہے کہ فی الوقت کرونا وائرس کی کوئی ویکسین نہیں ہے، ہمیں اس دوران ایک اہم سبق لینے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ فی الوقت کرونا وائرس کی کوئی ویکسین نہیں ہے تاہم ویکسین کی تیاری کی کوششیں جاری ہیں، ہمیں ویکسین کی تیاری کے دوران ایک سبق سمجھنے کی ضرورت ہے۔

    انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ صرف ویکسین کی تیاری بذات خود کرونا کے خلاف کافی نہیں ہے، ویکسین کی تیاری کے عمل کے دوران ہمیں عالمی یک جہتی کی بھی ضرورت ہے، عالمی یک جہتی ہی سے یہ یقینی ہو سکے گا کہ ہر فرد اور جگہ تک ویکسین کی رسائی ہے۔

    کروناوائرس: اقوام متحدہ نے ایک اور بڑے خطرے کا امکان ظاہر کردیا

    اس سے قبل یو این سیکریٹری جنرل نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ بھی بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وبا سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر قیادت کا فقدان نظر آیا، ہر ملک کی الگ پالیسی کرونا کے پھیلاؤ کی وجہ بنی۔ انھوں نے کہا کہ وبا سے نمٹنے کے لیے جو اقدامات مل کر کرنے چاہیے تھے وہ نہیں کیے جا سکے۔

    دوسری طرف اقوام متحدہ نے وبا سے جڑے کئی اور خطروں سے بھی آگاہ کر دیا ہے، گزشتہ ماہ اقوام متحدہ نے تمام ممالک کے حکمرانوں کو خبردار کیا تھا کہ کرونا وائرس سے مستقبل میں مزید سنگین نتائج کے امکانات ہیں، کئی مقامات پر قحط بھی پڑ سکتا ہے، اس لیے مؤثر اقدامات نہ ہوئے تو مختلف علاقوں میں بھوک اور افلاس پھیل سکتی ہے۔

  • سیاہ فام کی ہلاکت، اقوام متحدہ میدان میں آگیا

    سیاہ فام کی ہلاکت، اقوام متحدہ میدان میں آگیا

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹرل جنرل انتونیو گوتریس نے امریکا میں پرتشدد مظاہروں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کو تحمل سے کام لینا چاہیے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انتونیو گوتریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے میزبان ملک اور شہر نیویارک میں سڑکوں پر تشدد دیکھ کر میرا دل دکھ رہا ہے۔

    انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ اور احتجاج کرنے والوں سے اپیل کی کہ مظاہروں کے ردعمل میں حکومت صبر وتحمل سے کام لے اور مظاہرین بھی پرامن رہیں، نسل پرستی ایک نفرت ہے جسے ہم سب کو مسترد کرنا چاہیے۔

    خیال رہے کہ امریکا بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری جاری ہے۔ کئی شہروں میں مظاہرین نے کرفیو توڑ دیا اور سڑکوں پرنکل آئے۔ واشنگٹن ڈی سی، نیویارک، ہیوسٹن، شکاگو اور لاس اینجلس کی سڑکوں پر مظاہرے ہورہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے باہر بھی گزشتہ روز پولیس تشدد کے بعد آج پھر شہری جمع ہوگئے۔

    میں نے سیاہ فاموں کی فلاح کے لیے مثالی اقدامات کیے‘ ڈونلڈ ٹرمپ

    پولیس نے کرفیو پر عمل درآمد کی اپیل کی جبکہ مظاہرین نے ٹرمپ کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مقتول جارج فلوئیڈ سے اظہاریکجتہی اور قاتلوں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ سیاہ فام جارج فلوئیڈ کو پولیس اہلکاروں نے 25مئی کو دوران حراست قتل کیا تھا۔ برطانیہ، آسٹریلیا سمیت کئی ملکوں میں احتجاج کا دائرہ پھیل گیا ہے۔

  • انتونیو گوتریس کا طیارہ حادثے پر شاہ محمود سے اظہار افسوس

    انتونیو گوتریس کا طیارہ حادثے پر شاہ محمود سے اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو ٹیلی فون کر کے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر گفتگو کی، سیکریٹری جنرل نے طیارہ حادثے پر اظہار افسوس بھی کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود نے یو این سیکریٹری جنرل کو فون کیا ہے، ٹیلی فونک گفتگو میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر گفتگو کی گئی، انتونیو گوتریس نے اس موقع پر پی آئی اے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔

    وزیر خارجہ نے یو این سیکریٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا، اور کہا کہ ڈومیسائل پر بھارتی قانون اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے۔

    شاہ محمود نے کہا بھارت نے لاک ڈاؤن کے ساتھ جعلی مقابلوں کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے، دوسری طرف بھارت ایک اور فالس فلیگ آپریشن کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رہا ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان دنیا کو خبردار کر رہا ہے، اگر بھارت نے کوئی حرکت کی تو پاکستان منہ توڑ جواب دے گا۔

    بھارت کے حوالے سے امریکی کمیشن مذہبی آزادی کی رپورٹ پر بڑی پیش رفت

    وزیر خارجہ نے انتونیو گوتریس کو باور کرایا کہ بھارت کے بیانات سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ دریں اثنا، یو این سیکریٹری جنرل نے صورت حال سے آگاہ کرنے پر شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

    واضح رہے کہ بھارت کے حوالے سے امریکی کمیشن مذہبی آزادی کی رپورٹ پر بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، اس سلسلے میں بھارت کو بلیک لسٹ قرار دینے کی تجویز پر امریکی کانگریس میں بریفنگ دی گئی۔ امریکی کمیشن اور دیگر مندوبین نے امریکی کمیشن کی سفارشات پر فوری عمل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تشدد میں ملوث بھارتی ایجنسیوں اور اہل کاروں پر پابندی عائد کی جائے۔