Tag: انتونیو گوتیرس

  • اقوام متحدہ کی اقوام عالم کو طالبان سے متعلق اہم ہدایت

    اقوام متحدہ کی اقوام عالم کو طالبان سے متعلق اہم ہدایت

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ طالبان کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیں، دہشت گردی روکنے کے لیے طالبان سے بات چیت ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے ایف پی کو دیے گئے انٹرویو میں انتونیو گوتریس نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ طالبان کے حکومت میں آنے سے افریقی ممالک میں موجود جہادیوں کو تقویت مل سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تمام رکن ممالک کو افغان عوام کے ساتھ یک جہتی کرتے ہوئے طالبان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنی چاہیے، تاکہ انھیں اصولوں سے براہ راست آگاہ کیا جا سکے۔

    سیکریٹری جنرل نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں معاشی بحران پیدا نہ ہونے دیں، انھوں نے عالمی پابندیوں اور افغانستان کے مالی ذخائر کے منجمند ہونے کا ذکر کیے بغیر کہا کہ مالیاتی اقدامات سے افغانستان کی معیشت کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی۔

    امریکی سیکریٹری دفاع افغان طالبان سے پُرامید

    انتونیو گوتریس نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے نتائج سے متعلق کوئی گارنٹی نہیں دی جا سکتی لیکن اگر ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان دہشت گردی کا گڑھ نہ بنے، خواتین اور لڑکیاں وہ تمام حقوق نہ کھوئیں جو انھوں نے گزشتہ عرصے میں حاصل کیے، اور تمام نسلی گروہوں کی برابر نمائندگی ہو، تو بات چیت ضروری ہے۔

    سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اب تک جتنی بھی بات چیت ہوئی ہے اس میں کم از کم طالبان کی جانب سے آمادگی کا اظہار کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ میں افغانستان کے سفیر غلام اسحاق زئی نے تمام رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ طالبان پر پابندیاں عائد کریں۔

  • اقوام متحدہ نے نوجوانوں کے لیے حالیہ اقدامات کو مثبت پیش رفت قرار دے دیا

    اقوام متحدہ نے نوجوانوں کے لیے حالیہ اقدامات کو مثبت پیش رفت قرار دے دیا

    اسلام آباد: اقوام متحدہ نے نوجوانوں کے لیے حالیہ حکومتی اقدامات کو مثبت پیش رفت قرار دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومتی کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا، اقوام متحدہ نے نوجوانوں کے لیے حالیہ اقدامات کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی جس میں سیکریٹری جنرل نے نوجوانوں کے لیے شروع کیے گئے پروگرامز کو سراہا۔

    یو این سیکریٹری جنرل نے نوجوانوں کی تعمیر و ترقی کے لیے پاکستان سے تعاون کی پیش کش کی، انتونیو گوتریس نے ملاقات میں کہا کہ کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کے روزگار کا بہترین منصوبہ ہے، اقوام متحدہ ایسے منصوبوں میں تعاون کا خواہاں ہے، یو این پلیٹ فارم پاکستانی نوجوانوں کی ترقی کے لیے پہلے بھی اشتراک کرتا رہا ہے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے یو این کی جانب سے تعاون کی پیش کش کا خیر مقدم کیا، اور کہا کہ نوجوانوں کے لیے یہ جامع پروگرام وزیر اعظم کی ہدایت پر ترتیب دیا گیا ہے، اس کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو روزگار دے کر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، یہ ہنر اور تربیت کی فراہمی کے لیے سب سے بڑا اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام ہے، اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر نوجوان طبقے کے لیے اہم اقدامات کریں گے۔

  • اقوام متحدہ کے سربراہ کا لیبیا میں جاری لڑائی فوری طور پر روکنے کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کے سربراہ کا لیبیا میں جاری لڑائی فوری طور پر روکنے کا مطالبہ

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے لیبیا میں جاری لڑائی کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے لیبیا میں جاری لڑائی کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ لیبیا کے تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

    انٹونیو گوٹیرش کا کہنا تھا کہ متحارب فریقین کو فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل تلاش کرنا چاہیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گوٹیرش کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا کے تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور متحارب فریقین کو فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل تلاش کرنا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیںـ  باغی دارالحکومت طرابلس کے مضافات میں موجود

    انھوں نے کہا کہ خود ساختہ لیبین نیشنل آرمی کے سربراہ اور جنگی سردار خلیفہ حفتر کی فورسز طرابلس پر قبضے کی کوشش میں ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی طرف سے یہ مطالبہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں گزشتہ روز شدید لڑائی اور شہر کے مرکزی ایئر پورٹ پر حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ طرابلس میں اس وقت صرف یہی ایئر پورٹ کام کر رہا ہے۔

  • اسرائیل فلسطینی بچوں کی زندگیوں سے کھیلنا بند کرے، انتونیو گوتیرس

    اسرائیل فلسطینی بچوں کی زندگیوں سے کھیلنا بند کرے، انتونیو گوتیرس

    نیو یارک : اقوامتحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے اسرائیل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا استعمال بند کردے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں جاری غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ظلم و بربریت اور بچوں پر صیہونی فوج کی فضائی بمباری پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ انتونیو گوٹیرس نے اسرائیل کے جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں فلسطینی بچوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطینی بچوں کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے دہشت گرد غاصب ریاست اسرائیل پر فلسطینی بچوں کے خون سے کھیلنے کا سلسلہ بند کرنے کا زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل بچوں کی زندگیاں خطرے ڈالنا بند کرے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے درندہ صفت فوجیوں کی جانب سے غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    انتونیو گوٹریس کا کہنا تھا کہ صیہونی فوجیوں کی جانب سے فلسطینی بچوں جان بوجھ کر بمباری اور فائرنگ کا نشانہ بنانے کے واقعات انتہائی افسوس ناک اور ناقابل معافی ہیں، غاصب ریاست اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا استعمال بند کردے۔


    مزید پڑھیں : اسرائیلی فوج کی فائرنگ، فلسطینی نوجوان شہید، درجنوں زخمی

    یاد رہے کہ 2 اکتوبر کو اسرائیلی فورسز کی جانب سے ایک فلسطینی نوجوان محمد ابو عبادہ کو فائرنگ کرکے شہید کیا گیا تھا جبکہ درجنوں شہریوں کو زخمی کیا تھا۔


    مزید پڑھیں : غزہ پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری، تین فلسطینی شہید


    اسرائیلی فوج نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں نے اسرائیلی فوج پر فائرنگ کی جبکہ جوابی کارروائی میں ایک فلسطینی مارا گیا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز فلسطین کے مقبوضہ شہر غزہ میں اسرائیلی جنگی طیاروں کی شدید بمباری کے نتیجے میں تین فلسطینی نوجوان شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا فلسطینی نوجوان دو روز دوران علاج دم توڑ گیا تھا، وہ ہفتہ وار احتجاج میں شریک ہوکر قابض اسرائیلی افواج کے خلاف مظاہرہ کررہا تھا۔