Tag: انتہائی سرد موسم

  • انتہائی سرد موسم کی ایمرجنسی نافذ

    انتہائی سرد موسم کی ایمرجنسی نافذ

    پشاور: خیبر پختون خوا میں ایکسٹریم کولڈ ویدر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلیف نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ صوبے میں انتہائی سرد موسم کی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، جس میں بے گھر افراد کو شیلٹر اور کھانا فراہم کیا جائے گا۔

    اعلامیے میں ڈپٹی کمشنرز کو بےگھر افراد کے لیے شیلٹر اور کھانے کے فوری بندوبست کی ہدایت کی گئی ہے، اعلامیے کے مطابق ناشتے کے لیے 100 روپے اور دوپہر اور شام کے کھانے کے لیے 2،2 سو روپے فی کس مختص کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی تا کشمیر جاڑا پورے جوبن پر ہے، شمالی بلوچستان شدید سردی کی لہر کی لپیٹ میں ہے، کوئٹہ میں پارہ نقطہ انجماد سے پانچ ڈگری نیچے آ گیا، سڑکوں اور پائپ لائنوں میں پانی جم گیا ہے، زیارت میں درجہ حرارت منفی 8 اور قلات میں منفی 7 ریکارڈ کیا گیا۔

    شہر میں سردی کی نئی لہر داخل ہوگی، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

    خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں ہر سو سفیدی چھا گئی ہے، ضلع اورکزئی میں برف باری نے موسم شدید سرد کر دیا۔

    گلگت بلتستان کے پہاڑ برف سے ڈھک چکے ہیں، بابو سرٹاپ اور چلاس میں برف باری کے ساتھ خون جماتی سردی نے ڈیرے ڈال دیے، گوپس میں پارہ منفی 8 اور اسکردو میں منفی 7 ریکارڈ کیا گیا۔

    کراچی میں بھی سرد ہوائیں چل پڑی ہیں، شہر کا درجہ حرارت 11 ڈگری تک گر گیا، محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت میں اضافے سے 7 سال کا ریکارڈ ٹوٹنے کی پیش گوئی کی ہے.

  • امریکا:سرد ترین موسم، زندگی منجمد ریل، فضائی، روڈ ٹریفک معطل

    امریکا:سرد ترین موسم، زندگی منجمد ریل، فضائی، روڈ ٹریفک معطل

    امریکا میں انتہائی سرد موسم نے معمول کی زندگی کو مفلوج کردیا، برفانی ہواؤں اور برفباری لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

    امریکا کی نصف آبادی ان دنوں برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہے، رگوں میں خون جما دینے والی سردی نے لوگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل کردیا ہے، الاباما، جارجیا، مشی گن، نیویارک اور اوہایو سمیت پچاس ریاستوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے گرگیا۔

    مختلف یاستوں میں تعلیمی ادارے اور دفاتربند کردئیے گئے ہیں، ایمرجنسی نافذ کرکے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، طوفانی ہواؤں اور برفباری سے چار ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں، ریلوے ٹریک پر بھی برف جمنے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت میں آئندہ ہفتے سے کمی آنا شروع ہوگی، کینیڈا کے مختلف شہروں میں بھی منفی درجہ حرارت نے لوگوں کے لئے معمولات زندگی جاری رکھنا مشکل بنا دیا، انٹاریو میں درجہ حرارت منفی تیس تک ریکارڈ کیا گیا۔