Tag: انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر

  • ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر سمیت 3 ملزمان گرفتار

    ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر سمیت 3 ملزمان گرفتار

    لاہور: ایف آئی اے نے ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں محمد اکبر، محمد ظہیر اور آمنہ ہاشمی شامل ہیں۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ریڈ بک کے انتہائی مطلوب ملزم محمد اکبر کیخلاف 7 سے زائد مقدمات درج تھے، ملزم نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے لیے تھے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اشتہاری ملزم محمد ظہیر نے پرتگال بھجوانے کے نام 88 لاکھ روپے ہتھیائے، اشتہاری ملزمہ  نے شہری کو یو اے ای ملازمت کی غرض سے بھجوانے کیلئے 2 لاکھ روپے لیے۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان متاثرین سے رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔

    ریڈ بک کیا ہے اور اس میں کون لوگ شامل کیے جاتے ہیں؟

    ریڈ بک ایک سرکاری دستاویز ہے جس میں ان خواتین و حضرات کے نام شامل کیے جاتے ہیں جو پولیس، سی ٹی ڈی یا دیگر ایجنسیز کو انتہائی مطلوب ہوں۔

    رپورٹ کے مطابق ریڈ بک میں کسی شدت پسند کا نام شامل کرنے کا مقصد پولیس، مختلف ایجنسیز اور عوام الناس کو آگاہی فراہم کرنا ہوتا ہے کہ یہ لوگ کتنے خطرناک ہیں اور ریڈ بک میں شامل ہونے کے بعد ان کی گرفتاری میں آسانی ہوتی ہے۔