Tag: انجلینا جولی

  • امریکی ہونے پر شرمندہ ہوں: انجلینا جولی

    امریکی ہونے پر شرمندہ ہوں: انجلینا جولی

    نیویارک: اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر اور ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں شکست کے بعد امریکی ہونے پر شرمندگی محسوس کر رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے ٹائم میگزین کے لیے لکھتے ہوئے انجلینا جولی نے کہا کہ ایک امریکی ہونے کے ناطے میں افغانستان کو چھوڑنے کے انداز پر شرمندہ ہوں۔

    انجلینا جولی نے لکھا کہ میں ان تمام افغان بچوں اور  نو عمروں کے لیے فکر مند ہوں ، جو اب مستقبل کے بارے میں خوف میں زندگی گزار رہے ہیں، اور وہ کارکن اور صحافی اور فن کار جو  روپوش ہیں، اپنے سوشل میڈیا پروفائلز کو ڈیلیٹ کر رہے ہیں۔

    مہاجرین کے لیے یو این کی جانب سے خصوصی سفیر جولی نے اپنے مضمون میں امریکا کے افغانستان سے انتظامی امور کے فقدان کے ساتھ انتہائی غیر ذمہ دارانہ انداز میں انخلا کے بعد افغانستان کے لوگوں کے لیے فکرمندی کا اظہار کیا۔

    انھوں نے لکھاکہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کا خیال ترک کرنا، اور اپنے اتحادیوں اور حامیوں کو انتہائی افراتفری کے انداز میں چھوڑ دینا ، اتنے برسوں کی کوششوں اور قربانیوں کے بعد یہ ایک دھوکا اور ناکامی ہے جو میری سمجھ سے بالاتر ہے۔

    انخلا کی ڈیڈ لائن میں توسیع کے لیے افغان طالبان سے رابطے شروع

    انجلینا جولی نے مزید لکھا کہ اتنی خوں ریزی، کوششوں، قربانیوں اور وقت دینے کے بعد لگتا ہے کہ امریکا کے پاس اس انخلا کی منصوبہ بندی کرنے کا کوئی اچھا یا بہتر طریقہ کار نہیں تھا۔

    انھوں نے لکھا کہ انخلا کرنا کبھی بھی آسان عمل نہیں رہا، لیکن انخلا اس سے بہتر، زیادہ مہذب اور محفوظ طریقے سے بھی ہو سکتا تھا۔

    واضح رہے کہ دوحہ مذاکرات کے مطابق افغانستان سے امریکی فوجیوں اور غیر ملکیوں کے انخلا کے لیے 31 اگست کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی تھی، اب جب کہ طالبان کی جانب سے اس ڈیڈ لائن کو حتمی قرار دیا گیا ہے، امریکا، جرمنی اور ترکی کی جانب سے اس میں توسیع کے لیے مذاکرات شروع کر دیے گئے ہیں۔

  • انجلینا جولی اقوام متحدہ کی اگلی جنرل سیکریٹری؟

    انجلینا جولی اقوام متحدہ کی اگلی جنرل سیکریٹری؟

    معروف ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر انجلینا جولی اداکاری اور ہدایت کاری میں نام کمانے کے بعد اب اپنا زیادہ تر وقت سماجی کاموں میں گزار رہی ہیں اور اقوام متحدہ کی جانب سے مختلف جنگ زدہ علاقوں کا دورہ کرتی رہتی ہیں۔

    ان کی فعال سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ بہت جلد وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی بھی امیدوار ہوں گی، اور وہ خود بھی اس بات کی نفی نہیں کرتیں۔

    پیپلز میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’ایسا بعید از قیاس نہیں ہے، کبھی بھی یہ مت سوچیں کہ ایسا نہیں ہوسکتا‘۔

    جولی کا کہنا ہے کہ میں قطعاً مایوس نہیں کہ میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ حاصل نہیں کر سکتی۔ میرا وژن مجھے ایک دن اس عہدے تک پہنچا سکتا ہے مگر فی الحال میں قیادت کے لیے دوسروں کی طرف دیکھ رہی ہوں۔

    انجلینا جولی نے کچھ دن قبل ہی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا جہاں انہوں نے کہا تھا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر افغان امن مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہزاروں افغان خواتین امن مذاکرات میں اپنی عدم شمولیت پر گہری تشویش کا اظہار کرچکی ہیں کہ طالبان سے مذاکرات میں ان کے اور ان کے بچوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن کون ہوگا۔

    جولی جنگ زدہ علاقوں میں خواتین کے تحفظ کے اقدامات کے حوالے سے کوشاں ہیں اور بارہا اقوام متحدہ میں اس بات کا اظہار کر چکی ہیں کہ دنیا ان کا تحفظ کرنے میں ناکام ہے، جنگ میں خواتین سے زیادتی کو جنگ کے اہم ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔

    اپنے حالیہ انٹرویو میں اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے لیے قائم کردہ ہائی کمیشن کی خدمات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پناہ گزینوں کے تحفظ کے لیے مزید امن فوج کی تعیناتی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پناہ گزینوں کو جنسی تشدد کے حربوں سے بچانے کے لیے عالمی برادری کو مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

  • کینسر کی اہم وجہ کیا ہے؟ جانیں انجلینا جولی کی کینسر سرجن سے

    کینسر کی اہم وجہ کیا ہے؟ جانیں انجلینا جولی کی کینسر سرجن سے

    گوشت کا بہت زیادہ استعمال مختلف بیماریاں پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے تاہم حال ہی ایک معروف سرجن نے اس کے ایک اور خطرنک نقصان کی طرف اشارہ کیا ہے۔

    ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی کے بریسٹ کینسر کا علاج کرنے والی سرجن کرسٹی فنک کا کہنا ہے کہ گوشت اور ڈیری مصنوعات بریسٹ کینسر کے خطرے میں اضافہ کرسکتی ہیں۔

    کرسٹی ایک معروف بریسٹ کینسر سرجن ہیں اور انہوں نے انجیلنا جولی سمیت ہالی ووڈ کے کئی بریسٹ کینسر میں مبتلا فنکاروں کا علاج کیا ہے۔

    کرسٹی کے مطابق پروسیسڈ گوشت کینسر کے خلیات کی نشونما میں اضافہ کرتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مختلف جانوروں کے گوشت کے پروٹین اور چکنائی پر جس طرح ہمارا جسم ردعمل دیتا ہے وہ خطرناک ہوتا ہے۔

    مزید پڑھیں: روز کھائی جانے والی یہ اشیا کینسر کو جنم دے سکتی ہیں

    سرجن کا کہنا ہے کہ ہماری مختلف بیماریوں کی 80 فیصد وجہ ہمارا غیر صحت مند طرز زندگی اور غیر متوازن غذائی عادات ہیں۔ مختلف سبزیوں کا روزانہ استعمال بریسٹ کینسر کے خطرے میں کمی کرتا ہے۔

    انہوں نے تجویز دی کہ کینسر سمیت مختلف بیماریوں سے بچنے کے لیے سبزیوں اور پھلوں کا زیادہ اور گوشت کا کم سے کم استعمال کیا جائے۔

    کرسٹی کا کہنا ہے کہ کھانے میں زیتون کے تیل کا استعمال کینسر کے خطرے میں 68 فیصد کمی کرتا ہے۔ ان کے مطابق ڈیری مصنوعات بھی کینسر کا سبب بن سکتی ہیں لہٰذا انہیں معمولی مقدار میں استعمال کرنا چاہیئے۔

  • انجلینا جولی بننے والی ایرانی لڑکی اصل میں کیسی دکھتی ہے؟ تصویر سامنے آگئی

    انجلینا جولی بننے والی ایرانی لڑکی اصل میں کیسی دکھتی ہے؟ تصویر سامنے آگئی

    تہران: انجلینا جولی کا روپ دھارنے کے چکر میں اپنے چہرے سے دنیا بھر کے لوگوں کی ہمدریاں سمیٹنے والی ایرانی لڑکی سحر تابار نے اپنی نئی تصویر شیئر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق 19 سالہ ایرانی لڑکی کی گزشتہ برس سوشل میڈیا پر خوفناک تصاویر سامنے آئیں تھیں، صارفین کی جانب دعویٰ کیا گیا تھا کہ ’مذکورہ لڑکی انجلینا جولی سے متاثر ہے اور اس نے اداکارہ کی طرح روپ دھارنے کے لیے اپنی شکل پر کچھ تجربات کیے‘۔

    سوشل میڈیا پر افواہیں زیر گردش تھیں کہ سحر تابار نےسامنے آکر خود ہی حقیقت سے پردہ چاک کیا اور لوگوں کو بتایا کہ جو باتیں پھیلائی گئیں اُن کی کوئی حقیقت نہیں، مذکورہ تصاویر میک اپ کے بعد لیں جو میں نے خود کیا تھا۔

    دنیا بھر سے ہمدردیاں سمیٹ کر سوشل میڈیا اسٹار بننے والی لڑکی نے اپنی حالیہ تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی لکھا کہ ’میرا اصل چہرہ ایسا ہے، جس پر میں شکر گزار ہوں‘۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس  ایرانی لڑکی نے اپنے آپ کو انجلینا جولی کی سب سے بڑی مداح ثابت کرنے کی عملی طور پر کوشش کی جس کے دوران انہوں نے اپنے چہرے کی 50 سے زائد سرجریاں بھی کروائیں۔

    ہالی ووڈ اداکارہ انجیلینا جولی کی ایک ایرانی مداح کی ایسی تصاویر سامنے آئی تھیں کہ جنہیں دیکھ کر حقیقت میں صارفین خوف زدہ ہوگئے تھے البتہ کچھ لوگوں نے دعویٰ کیا تھاکہ یہ سب فوٹو شاپ کے ذریعے کیا گیا۔

    بعد ازاں سحر نے اپنی تصاویر پر تنقید کرنے والے لوگوں کو سوشل میڈیا پر جواب دیا، اُن کا کہنا تھا کہ ’لوگوں کی جانب سےتصاویر پر تنقید مجھے بالکل پسند نہیں کیونکہ یہ 18ویں صدی نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی کی دنیا ہے جس سے عام طور پر لوگ نابلد ہیں‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • 42 سالہ جولی جواں عمر کیسے نظر آتی ہیں؟ اہم راز سے پردہ اٹھ گیا

    42 سالہ جولی جواں عمر کیسے نظر آتی ہیں؟ اہم راز سے پردہ اٹھ گیا

    کیلی فورنیا: دنیا بھر میں لاکھوں دلوں پر راج کرنے والی انجلینا جولی کے ڈاکٹر نے اداکارہ کے حسن اور خوبصورتی کا راز سب کو بتا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 42 سالہ اداکارہ جب بھی ٹی وی اسکرین یا پردے پر جلوہ گر ہوتی ہیں تو اپنی اداکاری کے ساتھ خوبصورتی اور حسن کا بھی لوہا منواتی ہیں، انجلینا جولی کی جلد عمر رسیدہ ہونے کے باوجود توانا کیسے نظر آتی ہے یہ راز جلدی امراض کے ماہر ڈاکٹر روہندا رند نے سب کو بتادیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اداکارہ نے اپنی جلد کو پرکشش بنانے اور خود کو نوجوان رکھنے کے لیے ماہر امراض جلد (ڈرمیٹولوجسٹ) سے رابطہ کیا اور تجاویز مانگیں۔

    ڈاکٹر روہندا نے ریڈ کارپٹ تقریب میں انجلینا جولی کے حسن اور نوجوان نظر آنے کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’اداکارہ کو تھوڑے بہت علاج کی ضرورت ضرور تھی تاہم انہیں وراثت میں ایسی جلد ملی جو عمر رسیدہ ہونے کے باوجود تروتازہ نظر آتی ہے‘۔

    مزید پڑھیں: کھانا پکانا سیکھنے کے لیے انجلینا جولی فلموں سے دور

    اُن کا کہنا تھا کہ ’جب انجلینا جولی نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تو اُن کی خواہش تھی کہ جلد کی مکمل حفاظت کریں اور اپنے حسن کو برقرار رکھیں‘۔ اس معاملے میں اداکارہ کو زیادہ محنت کی ضرورت اس لیے نہیں پڑی کہ ان کی والدہ خوبصورت تھیں۔

    ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ ’انجلینا جولی اس معاملے میں خوش قسمت ہیں کہ انہیں اپنی جلد کے حوالے سے پریشانی کی ضرورت نہیں کیونکہ ایسی جلد پر سورج کی شعاعیں اور دیگر بیماریاں اثر انداز نہیں ہوتیں‘۔

    روہندا کا یہ بھی کہنا تھا کہ انجلینا جولی جب علاج کے لیے آئیں تو اُن کی جلد بہتر حالت میں تھی، اداکارہ کی خوبصورتی میں اضافے کی وجہ جہاں میری ادویات اور تجاویز ہیں وہیں اُن کی اپنی خوراک بھی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: ہالی وڈ اداکارہ آنجلینا جولی دنیا کی بہترین فیشن آئی کون قرار

    واضح رہے کہ انجلینا جولی نے رواں برس مارچ میں ایک سوال کے جواب میں اپنے خوبصورت اور جواں نظر آنے کا سہرا ڈاکٹر روہندا کو دیتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی تجاویز اور آراء کے بعد ہی میرا قدرتی حسن برقرار ہے۔

    خیال رہے کہ انجلینا اور بریڈ پٹ کے درمیان 2005 میں بننے والی فلم ’’مسٹر اینڈ مسز اسمتھ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ذہنی ہم آہنگی کافی بڑھ گئی تھی جس کے بعد بریڈ نے اپنی پہلی بیوی جینیفر کو چھوڑ کر 2014 میں جولی سے دوسری شادی کرلی تھی جس کا خاتمہ گزشتہ سال ہوچکا۔

    اسے بھی پڑھیں: انجلینا جولی چوتھی شادی کی خواہش مند

    برینجلینا کہلائے جانے والے اس جوڑے کی تحویل میں 6 عدد بچے ہیں جن میں سے 2 ان کے اپنے جبکہ 4 گود لیے گئے ہیں۔ دونوں اداکاروں کے درمیان طلاق کے بعد اب تمام بچے اداکارہ کے پاس موجود ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کھانا پکانا سیکھنے کے لیے انجلینا جولی فلموں سے دور

    کھانا پکانا سیکھنے کے لیے انجلینا جولی فلموں سے دور

    ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی نے کھانا پکانے کی کلاسز لینے اور بچوں کے لیے بہتر ماں ثابت ہونے کے لیے فلموں سے دوری اختیار کرلی۔

    حال ہی میں دیے جانے والے ایک انٹرویو میں جولی کا کہنا تھا کہ سابق شوہر بریڈ پٹ سے علیحدگی کے بعد وہ اپنی اور اپنے بچوں کی صحت کے معاملات پر توجہ دے رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا، ’میری پہلی ترجیح میرا خاندان ہے، اپنی زندگی اور اپنی صحت کی میں خود ذمہ دار ہوں۔ یہی وہ چیز ہے جو ایک عورت کو مکمل بناتی ہے‘۔

    فی الحال جولی بطور ہدایت کارہ اپنی فلم ’فرسٹ دے کلڈ مائی فادر‘ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔

    جولی کا کہنا ہے کہ اس فلم کی پروموشن کے علاوہ وہ اور کسی فلم میں حصہ نہیں لے رہیں۔ انٹرویو میں انہوں نے کہا، ’میں چاہتی ہوں کہ میں اپنے بچوں کو خود ناشتہ بنا کر دوں اور گھر کی دیکھ بھال کروں‘۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ کوکنگ کی کلاسیں بھی لے ہی ہیں۔

    انجلینا جولی نے انکشاف کیا کہ بریڈ پٹ سے علیحدگی کے بعد وہ ہائپر ٹینشن کا شکار ہوگئی تھیں جبکہ انہیں بیلز پالسی نامی مرض بھی لاحق ہوگیا تھا جس میں چہرے کے عضلات کمزور ہوجاتے ہیں اور چہرہ ایک طرف سے ڈھلکنے لگتا ہے، تاہم ایکوپنکچر طریقہ علاج کے بعد اب وہ اس بیماری پر خاصی حد تک قابو پاچکی ہیں۔

    مزید پڑھیں: انجلینا جولی کا بریڈ یٹ سے علیحدگی کا فیصلہ

    یاد رہے کہ انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کے درمیان ایک عرصے سے تعلق قائم تھا۔ دونوں سنہ 2014 میں رشتہ ازدواج میں بھی منسلک ہوئے تاہم گزشتہ برس ستمبر میں یہ تعلق ٹوٹ گیا۔

    برینجلینا کہلائے جانے والے اس جوڑے کی تحویل میں 6 عدد بچے ہیں جن میں سے 2 ان کے اپنے جبکہ 4 گود لیے گئے ہیں۔ دونوں اداکاروں کے درمیان طلاق کے بعد اب تمام بچے جولی کے پاس ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سوڈانی اہرام پر فلم بنانے پر مصر ناراض

    سوڈانی اہرام پر فلم بنانے پر مصر ناراض

    ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر انجیلنا جولی شمالی افریقی ملک سوڈان کی تاریخ اور وہاں موجود اہرام پر فلم میں جلوہ گر ہونے جارہی ہیں۔

    تاہم جولی کے اس اقدام سے مصر سخت ناراض ہوگیا ہے جس کا کہنا ہے کہ مصر میں موجود اہرام زیادہ تاریخی حیثیت کے حامل ہیں۔

    سوڈان اور مصر میں موجود اہرام عرصہ دراز سے دونوں ممالک میں وجہ تنازعہ ہیں جو دیگر کئی سیاسی تنازعوں کی طرح طویل عرصے سے جاری ہیں۔

    مصر میں سوڈان میں موجود اہرام کو ’پنیر کے تکون‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ سوڈان میں موجود اہرام کی تعداد 230 جبکہ اہرام مصر 118 سے 138 کے درمیان ہیں۔

    مصر کے اہرام

    تاہم اہرام مصر بلند قامت، عالیشان اور زیادہ خوبصورت دکھائی دیتے ہیں۔

    علاوہ ازیں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ سوڈان کے اہرام، اہرام مصر سے 2 ہزار سال قدیم ہیں تاہم اس بارے میں ماہرین آثار قدیمہ میں اختلاف پایا جاتا ہے۔

    سوڈان کے اہرام

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سوڈان کی قدیم تاریخ پر یہ فلم قطر کی ایک پروڈکشن کمپنی بنانے جارہی ہے جس میں مرکزی کردار انجلینا جولی اور لیونارڈو ڈی کیپریو ادا کریں گے۔

    اس فلم کا مقصد انسانی تاریخ و تمدن کی ترقی میں سوڈانی ثقافت، جسے نیوبین ثقافت بھی کہا جاتا ہے، کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔

    یہ فلم سوڈان کے سیاحتی شعبے میں اضافے کا باعث بھی بنے گی۔

    رپورٹس کے مطابق انجلینا جولی مئی میں سوڈان کے اہرام کا دورہ بھی کریں گی جس کے بعد فلم کی مزید تفصیلات طے کی جائیں گی۔

    قطری شہزادی کا دورہ سوڈان

    اہرام سے متعلق ان دونوں ممالک کے تنازعے کو اس وقت مزید ہوا ملی جب رواں برس مارچ میں ایک قطری شہزادی شیخا معظہ بنت نصیر نے اقوام متحدہ کی سفیر کی حیثیت سے سوڈان کے اہرام کا دورہ کیا۔

    مصر میں اس دورے کو نہایت ناپسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا گیا اور کہا گیا کہ قطر، مصر کے مقابلے میں سوڈان کی سیاحت و معیشت کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

    قطری شہزادی کے دورے کے بعد ہی اہرام سوڈان کے بارے میں فلم کی افواہیں سامنے آئیں جن کی تاحال تصدیق یا تردید نہیں ہوسکی۔

    فی الحال مصر اور سوڈان کے سوشل میڈیا پر یہ بحث چل رہی ہے کہ انجلینا جولی نیوبیا تہذیب کی شہزادی کے روپ میں کیسی دکھائی دیں گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • معروف فنکاروں کے انوکھے شوق

    معروف فنکاروں کے انوکھے شوق

    ہر انسان کا کوئی نہ مشغلہ اور شوق ہوتا ہے جو وہ فارغ وقت میں اپناتا ہے۔ کچھ افراد کے شوق ان پر اس قدر حاوی ہوجاتے ہیں جس کے بعد وہ زندگی میں کچھ اور کرنے کے قابل نہیں رہتے۔

    مشہور شخصیات اور فلمی ستارے بھی اس سے مبرا نہیں۔ ویسے تو فلمی صنعت میں تمام افراد کا پہلا شوق اداکاری ہوتا ہے جس کے لیے وہ جان توڑ محنت کرتے ہیں تب ہی کامیاب ہوپاتے ہیں، لیکن ان کے علاوہ بھی ان کے کچھ ایسے شوق اور مشغلے ہوتے ہیں جن کا علم لوگوں کو کم ہی ہوتا ہے۔

    آج ہم آپ کو دنیا بھر میں مقبول فلمی شخصیات کے ایسے ہی کچھ شوق بتا رہے ہیں جنہیں جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔

    2

    معروف گلوکار علی ظفر کھانے کے بے حد شوقین ہیں۔ وہ اکثر و بیشتر مختلف کھانے کھاتے ہوئے اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔

    1

    ڈراموں کی معروف اداکارہ سائرہ شہروز کو کتے پالنے کا بے حد شوق ہے۔

    3

    بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو مختلف گیجٹس جمع کرنے کا بے حد شوق ہے۔ ان کے گھر کی ایک منزل صرف مختلف اقسام کے گیجٹس اور ویڈیو گیمز رکھنے کے لیے مختص ہے۔

    4

    ودیا بالن کو شاعری کا شوق ہے۔ وہ اپنے دوستوں اور قریبی عزیزوں کو اکثر و بیشتر اپنے اشعار سناتی رہتی ہیں۔
    11

    سلمان خان کو پینٹنگ کا بے حد شوق ہے۔

    6

    کنگنا رناوٹ کو کھانے پکانے کا بے حد شوق ہے۔ وہ مختلف کھانے پکا کر اپنے قریبی دوستوں کو کھلاتی ہیں۔

    5

    دپیکا پڈوکون کو بیڈ منٹن کھیلنے کا بہت شوق ہے۔ وہ اپنے زمانہ طالب علمی میں ایک بہترین کھلاڑی رہ چکی ہیں۔ انہیں یہ شوق اپنے والد سے ورثے میں ملا ہے جو بھارت کے ایوارڈ یافتہ مشہور بیڈ منٹن کھلاڑی ہیں۔

    10

    رنبیر کپور کو فوٹوگرافی کا شوق ہے۔

    7

    سونم کپور شاپنگ کی بے حد شوقین ہیں۔

    15

    ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی کو خنجر جمع کرنے کا شوق ہے۔ بقول ان کے، انہیں ان کی والدہ نے بچپن میں خنجروں اور بلیڈوں سے متعارف کروایا۔ ان کی والدہ انہیں کوئی خنجر دینے سے پہلے اس کی نوک کند کردیا کرتی تھیں تاکہ وہ اپنے آپ کو کوئی نقصان نہ پہنچا سکیں۔

    9

    مشہور اداکار جونی ڈیپ کو باربی ڈولز جمع کرنے کا بے حد شوق ہے۔

    12

    ہالی ووڈ کی متمول گلوکارہ اور ماڈل پیرس ہلٹن کو مینڈکوں کے پیچھے بھاگنے کا بے حد شوق ہے۔ وہ انہیں پکڑ کر ایک بالٹی میں جمع کرتی ہیں۔

    13

    مشہور اینی میٹڈ فلم ’ٹوائے اسٹوری‘ میں شیرف ووڈی کے کردار کے لیے اپنی آواز دینے والے ٹام ہینکس کو پرانے ٹائپ رائٹر جمع کرنے کا شوق ہے۔

    14
    فلم ’دا فالٹ ان اور اسٹارز‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی شیلائن ووڈلے اپنی ذاتی استعمال کی اکثر اشیا گھر میں تیار کرتی ہیں کیونکہ یہ ان کا شوق ہے۔ وہ ٹوتھ پیسٹ اور چہرے پر استعمال کی جانے والی مختلف کریمیں خود ہی تیار کرتی ہیں۔

  • انجلینا جولی کا بریڈیٹ سے علیحدگی کا فیصلہ، عدالت پہنچ گئیں

    انجلینا جولی کا بریڈیٹ سے علیحدگی کا فیصلہ، عدالت پہنچ گئیں

    لاس اینجلس: دنیا کے خوبصورت ترین جوڑے ’’انجلینا جولی اور بریڈیٹ‘‘ میں علیحدگی کا فیصلہ ہونے کے بعد اداکارہ نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ انجلینا جولی نے اپنے خاوند بریڈٰٹ سے علیحدگی کا فیصلہ کرنے کے بعد عدالت میں طلاق کے لیے درخواست دائر کردی ہے۔

    JOLIE4

    اس ضمن میں اداکارہ کے وکیل نے طلاق کی درخواست کے حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’انجلینا جولی نے طلاق اور علیحدگی کے لیے درخواست اپنی فیملی سے مشاورت کے بعد دی۔

    JOLIE2

    ادکارہ کے وکیل کا کہنا ہےکہ ’’انجلینا جولی نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے کیونکہ یہ اُن کا نجی معاملہ ہے اور وہ اس معاملے کو راز رکھنا چاہتی ہیں تاہم یہ فیصلہ دونوں خاندانوں کی رضامندی اور آئندہ بہتر تعلقات کے لیے کیا گیا ہے‘‘۔

    JOLIE1

    یاد رہے انجلینا جولی اور بریڈٹ 2004 سے ساتھ تھے تاہم دونوں اگست 2014 میں ازدواجی بندھن میں بن گئے تھے۔ جس کے بعد دو بچوں کی پیدائش ہوئی تاہم دیگر گود لیے بچوں کو ملا کر اس وقت ان کے 6 بچے تھے۔

  • ’خدارا شام کے مسئلہ کا کوئی حل نکالیں‘

    ’خدارا شام کے مسئلہ کا کوئی حل نکالیں‘

    عمان: ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے اردن کی سرحد پر قائم شامی پناہ گزینوں کے کیمپ کا دورہ کیا اور عالمی برادری کو ان کے مسائل حل کرنے پر زور دیا۔

    انجلینا جولی نے اردن کے دارالحکومت عمان سے 100 کلومیٹر دور قائم ازراق مہاجر کیمپ کا دورہ کیا۔ یہ کیمپ تقریباً ایک صحرائی علاقہ میں قائم ہے۔

    میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جولی نے کہا کہ 75 ہزار سے زائد شامی اس سنسان و بے آباد جگہ پر موجود ہیں۔ ان میں بچے، حاملہ خواتین، بزرگ اور شدید بیمار افراد شامل ہیں۔

    jolie-4

    انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین کے مطابق ان افراد کو جو سہولیات دی جانی چاہئیں، ان میں سے ایک بھی انہیں میسر نہیں۔

    جولی نے کہا، ’یہ صرف اردن کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ پوری دنیا ان مہاجرین سے واقف ہے لیکن کوئی ان کی مدد کو آگے نہیں بڑھ رہا‘۔

    انجلینا جولی اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے برائے مہاجرین یو این ایچ سی آر کی خصوصی ایلچی ہیں۔

    جولی نے بتایا کہ 5 برس قبل شامی خانہ جنگی کا آغاز ہونے کے بعد متاثرین کی مدد کرنے کے بڑے بڑے دعوے تو کیے گئے، تاہم یو این ایچ سی آر کو عالمی ڈونرز کی جانب سے فقط آدھی امداد ہی مل سکی۔

    واضح رہے کہ رواں برس جون میں اردن کی سرحد پر داعش کے ایک حملہ کے بعد اردن نے شامی مہاجرین تک امداد پہنچانے والے 21 راستے بند کردیے تھے۔ اس حملہ میں سرحد پر تعینات 7 اردنی فوجی مارے گئے تھے۔

    jolie-3

    اس کے بعد سے صحرا میں مقیم ان پناہ گزینوں کے لیے صرف ایک بار اگست میں امداد آ سکی۔

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہے اور جولی کا کہنا ہے کہ اس موقع پر وہ عالمی رہنماؤں سے صرف ایک سوال کا جواب چاہتی ہیں کہ آخر شام کے اس تنازعہ کا بنیادی سبب کیا ہے، اور اسے ختم کرنے کے لیے کیا درکار ہے؟ ’خدارا اس مسئلہ کو اپنے فیصلوں اور بحثوں کا مرکزی حصہ بنائیں‘۔

    جولی کا کہنا تھا کہ پناہ گزین اپنے گھروں کو واپس لوٹنا چاہتے ہیں۔ وہ ساری زندگی امداد پر زندہ رہنا نہیں چاہتے۔ وہ اس تنازعہ کا ایک مستقل سیاسی حل چاہتے ہیں۔

    jolie-2

    شام میں جاری خانہ جنگی کے باعث اب تک اڑتالیس لاکھ افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر دربدر پھرنے پر مجبور ہیں۔ مہاجرین کی ایک بڑی تعدا مصر، اردن، ترکی، لبنان اور عراق میں پناہ گزین کیمپوں میں ایک اذیت ناک زندگی گزار رہی ہے۔

    ان میں سے اردن 6 لاکھ پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے۔

    مزید پڑھیں: پناہ گزینوں کی تعداد میں اضافہ سے دنیا ناخوش

    اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطاق اس وقت دنیا بھر میں 6 کروڑ افراد جنگوں، تنازعات اور خانہ جنگیوں کے باعث اپنے گھروں سے زبردستی بے دخل کردیے گئے ہیں اور ان کا شمار پناہ گزینوں میں ہوتا ہے۔

    یہ جنگ عظیم دوئم کے بعد پناہ گزینوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔