Tag: انجن

  • کراچی : جہاز کے انجن سے پرندہ ٹکرا گیا، شعلے بھڑک اٹھے

    کراچی : جہاز کے انجن سے پرندہ ٹکرا گیا، شعلے بھڑک اٹھے

    کراچی سے اسلام آباد جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز سے اچانک پرندہ ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا۔

    پرندہ ٹکرانے کا واقعہ پی اے 208 کے طیارے میں پیش آیا، پرواز حادثے سے بال بال بچی طیارے نے ٹیک آف کیلئے اسپیڈ پکڑی تواڑان سے کچھ سیکنڈ پہلے ہی پرندہ ٹکرا گیا۔

    طیارے نے جیسے ہی اڑان بھری انجن سے پرندہ ٹکرانے سے دھماکا ہوا اور آگ کے شعلے نکلنے لگے۔

    پرندہ

    واقعے کی فوٹیج میں انجن سے شعلے نکلتے اور دھماکے کی آواز سنی جاسکتی ہے پرندہ ٹکراتے ہی کپتان نے ایمرجنسی بریک لگادی جس سے مسافروں کو شدید جھٹکے لگے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں میں اچانک بریک لگانے پرخوف وہراس پھیل گیا، کپتان طیارے کو واپس رن وے پر لے آیا، مسافروں کو اتار کر پرواز منسوخ کردی گئی۔

    ذرائع کے مطابق طیاروں سے پرندہ ٹکرانے کے واقعات سے ایئرلائنز کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔

  • کیا ہوائی جہاز کا انجن پانی سے چل سکتا ہے؟

    کیا ہوائی جہاز کا انجن پانی سے چل سکتا ہے؟

    برطانوی آٹو موبائل کمپنی رولز رائس نے ہائیڈروجن سے چلنے والے جیٹ انجن کا کامیاب تجربہ کیا ہے، اس کا مقصد ہوائی جہازوں کے سفر سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی میں کمی کرنا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے پیشِ نظر کاربن اخراج میں کمی لانے کے لیے رولز رائس کے انجینئروں نے ہائیڈروجن سے چلنے والے جیٹ انجن کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

    آزمائش میں استعمال کیا گیا انجن تبدیل شدہ رولز رائس اے ای 2100 اے تھا جس کو پانی سے حاصل کی گئی ہائیڈروجن اور قابل تجدید توانائی کا استعمال کرتے ہوئے چلایا گیا۔

    لیکن اس ٹیکنالوجی میں ابھی بھی کچھ ایسے سقم موجود ہیں جن کو اس ٹیکنالوجی کے باقاعدہ جہازوں میں استعمال سے قبل دور کیا جانا ہے، تاہم، یہ آزمائش دنیا کے پہلے ہائیڈروجن سے چلنے والے انجن کی آزمائش ہے جس کو فضائی سفر میں ایک نیا سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔

    فضائی سفر کے لیے جہازوں میں عموماً مٹی کا تیل استعمال کیا جاتا ہے اور بوئنگ 737-400 ہر گھنٹے فی مسافر 90 کلو کاربن ڈائی آکسائڈ خارج کرتے ہیں۔

    گلوبل وارمنگ میں فضائی سفر کا 3.5 فیصد حصہ ہے اور متعدد کمپنیاں اس مسئلے کے ماحول دوست حل کی تلاش میں ہیں، اسی حل کی تلاش میں رولز رائس نے ایزی جیٹ کے ساتھ مل کر اپنے تبدیل شدہ جیٹ انجن کی آزمائش کی۔

    اس انجن کو اورکنے جزائر میں قائم یورپی مرین انرجی سینٹر میں بنائی گئی ہائیڈروجن کا استعمال کرتے ہوئے کم رفتار پر چلایا گیا۔

    انرجی سینٹر میں محققین نے پانی کے دو اجزا ہائیڈروجن اور آکسیجن کو لہروں اور ہوا سے بننے والی بجلی کا استعمال کرتے ہوئے علیحدہ کیا۔

    سبز ایندھن تصور کی جانے والی ہائیڈروجن گیس جب جلتی ہے تو روایتی ایندھن کے برعکس صرف پانی خارج کرتی ہے۔

    رولز رائس کی چیف ٹیکنالوجی آفیسر گریزیا وِٹاڈینی کے مطابق ہائیڈروجن کی یہ کامیاب آزمائش ایک دلچسپ سنگ میل ہے، ہم لوگ ہائیڈروجن کی مدد سے صفر کاربن کے ممکنات کو دریافت کرنے کے لیے اپنی حدود کو آگے دھکیل رہے ہیں جو مستقبل کے فضائی سفر کو نئی شکل دینے میں مدد گار ثابت ہوسکتی ہے۔

  • کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کے انجن میں خرابی

    کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کے انجن میں خرابی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے اسلام آباد جانے والی سرین ایئر کی پرواز کے انجن میں خرابی پیدا ہوگئی، ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل اسی طیارے کے دوسرے انجن میں بھی خرابی پیدا ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی سرین ایئر کی پرواز ای آر 502 میں خرابی پیدا ہوگئی، طیارے کے کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرنے کے بعد طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کروائی۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔

    ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا تھا کہ فنی خرابی کے باعث پرواز کو کراچی اتارا گیا جس کے بعد مسافروں کو لاؤنج منتقل کردیا گیا۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے انجن میں خرابی پیدا ہوئی تھی، انجینیئر طیارے کی خرابی دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے اسلام آباد روانہ کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل اسی طیارے کے دوسرے انجن میں بھی خرابی پیدا ہوئی تھی۔

  • کراچی: حادثے کا شکار طیارے کا انجن اور پر تباہ حال گھروں سے اتار لیے گئے

    کراچی: حادثے کا شکار طیارے کا انجن اور پر تباہ حال گھروں سے اتار لیے گئے

    کراچی: پی آئی اے کے حادثے کا شکار طیارے کا انجن اور پر ماڈل کالونی کے گھروں سے اتار لیے گئے، پی آئی اے کی مدد کے لیے فوج، میکا نائزڈ انجینیئرز اور پاک فضائیہ کے دستے بھی موجود رہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے حادثے کا شکار طیارے کے وزنی ترین حصے اٹھا لیے گئے، جہاز کے ملبے کے یہ ٹکڑے جناح گارڈن کے تباہ شدہ گھروں سے اٹھائے گئے ہیں۔

    مذکورہ گھروں کے درمیان سے جہاز کا پر اور انجن تکنیکی ماہرین کی موجودگی میں وزنی کرین کی مدد سے نکالا گیا، حادثے کے بعد کئی ٹن وزنی انجن سہ منزلہ عمارت کی چھت پر پڑا تھا۔

    جہاز کا 17 میٹر لمبا اور 5 میٹر چوڑا پر گھر کے اندر دھنسا ہوا تھا، پر کو نکالنے سے گھر کے منہدم ہونے کا خدشہ تھا لہٰذا اسے ٹکڑوں کی صورت میں نکالا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انجن اور پر اٹھانے کے لیے وزنی اور اونچی کرین کی ضرورت پڑی مگر راستہ تنگ، گنجان آباد ہونے اور بجلی کی تاروں کی وجہ سے دشواری کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد عملے نے کے پی ٹی اور نیول ڈاکیارڈ سے وزنی کرنیں اور دیگر مشینری منگوائی۔

    کام کے دوران پی آئی اے کی مدد کے لیے فوج، میکا نائزڈ انجینیئرز اور پاک فضائیہ کے دستے بھی موجود رہے، سندھ رینجرز 42 ونگ نے پورے علاقے کو سیل کر کے ملبے کی منتقلی کے عمل کو محفوظ بنایا۔

    ذرائع کے مطابق تمام پرزوں کو کراچی ایئر پورٹ پر ایک محفوظ جگہ منتقل کردیا گیا ہے جہاں تحقیقاتی ٹیمیں ان کا جائزہ لیں گی، علاقہ مکینوں نے محفوظ طریقے سے ملبہ ہٹانے کے لیے پی آئی اے، کے پی ٹی اور افواج پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے کرینوں اور وزنی مشینری کو متاثرہ مکانوں کی چھتوں کو نکالنے کے لیے بھی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیمیں تکنیکی طور پر تجربہ کار ہیں اور اس کام کو عام مزدوروں کے مقابلے میں احسن اور محفوظ طریقے سے انجام دے سکتی ہیں۔

    خیال رہے کہ 22 مئی کی دوپہر کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ المناک حادثے کا شکار ہوگیا تھا جب لینڈنگ سے چند لمحے قبل طیارہ رہائشی علاقے میں گھروں پر گر گیا۔

    عید سے 2 روز قبل پیش آنے والے المناک حادثے میں 97 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے۔ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔

  • مسافروں سے بھرے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی

    مسافروں سے بھرے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی

    ممبئی: بھارتی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ پر ٹیک آف کے دوران ایک طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی، تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے۔

    مذکورہ واقعہ احمد آباد ایئرپورٹ پر گو ایئر کے اے 320 ایئر کرافٹ میں پیش آیا، فلائٹ نمبر جی ایٹ 802 احمد آباد سے بنگلور جارہی تھی جب ٹیک آف کی تیاری کرتے ہوئے طیارے کے ایک انجن میں آگ بھڑک اٹھی۔

    طیارہ کمپنی کے ترجمان کے مطابق ٹیک آف کے وقت طیارے کو بیرونی طور پر کسی شے سے نقصان پہنچا جو حادثے کی وجہ بنا۔

    ان کے مطابق آگ معمولی نوعیت کی تھی جس پر فوری قابو پا لیا گیا، طیارے میں موجود تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہا اور ان کے ہنگامی اخراج کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کو ٹو کر کے رن وے سے اتارا جارہا ہے جس کے بعد تمام مسافروں کو جہاز سے اتار لیا جائے گا۔ متبادل طیارے کا انتظام بھی کرلیا گیا ہے جو کچھ ہی دیر میں مسافروں کو لے کر منزل کی جانب روانہ ہوجائے گا۔

  • طیارے کا انجن دوران پرواز فیل، پائلٹ کی مہارت سے مسافر محفوظ

    طیارے کا انجن دوران پرواز فیل، پائلٹ کی مہارت سے مسافر محفوظ

    واشنگٹن : امریکی حکام نے طیارہ حادثے سے متعلق بتایا کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور پائلٹ نے فلائٹ بحفاظت شمالی کیرولینا میں اتار لی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی فضائی کمپنی کے طیارے کا ایک انجن دوران پرواز خراب ہوگیا جس کے باعث جہاز میں سوار مسافر شدید خوفزدہ ہو گئے تاہم پائلٹ نے ماہرانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کی محفوظ لینڈنگ کی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکی شہر اٹلانٹا سے بالٹیمور جانے والی امریکی ایئر لائن کی فلائٹ1425 اپنی منزل کی جانب گامزن تھی کہ دوران پرواز اچانک جہاز کے ایک انجن کی نوز کون ہلتی جلتی دکھائی دی جس کے باعث مسافروں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

    رپورٹ کے مطابق خوش قسمتی سے کوئی نقصان نہیں ہوا اور پائلٹ نے فلائٹ بحفاظت شمالی کیرولینا میں اتار لی۔

    طیارے میں سوار مسافر کے موبائل سے بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوہے کی نوز کون دوران پرواز ٹوٹ کر وانجن میں گھوم رہی تھی۔

    واقعے کے عینی شاہد کا کہنا تھا کہ حادثے کے تقریباً ایک گھنتے بعد پائلٹ نے اعلان کیا کہ ہم پرواز کی ایمرجنسی لینڈنگ کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

    مسافر کا کہنا تھا کہ میں یہ جانتے ہوئے بھی جہاز میں سگنل نہیں آتےموبائل اٹھایا اور اپنی والدہ کو محبت کا پیغام(آئی لو مام) بھیجا۔

  • کراچی:‌ انجن میں آتشزدگی، اسسٹنٹ ڈرائیور جھلس کر جاں بحق

    کراچی:‌ انجن میں آتشزدگی، اسسٹنٹ ڈرائیور جھلس کر جاں بحق

    کراچی: شہر قائد میں واقع سٹی ریلوے اسٹیشن پر انجن میں آگ لگنے کے باعث اسسٹنٹ ڈرائیور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سٹی اسیٹشن پر انجن میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس کی وجہ سے ریلوے کے دو ملازمین متاثر ہوئے، جھلسنے والوں میں اسسٹنٹ ڈرائیور ارشد رحمان اور ڈپٹی ڈرائیور نعیم شامل تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق ٹرین کے انجن میں آگ لگنے کا واقعہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پیش آیا، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ انتظامیہ نے دونوں زخمیوں کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کیا۔ ڈاکٹر کے مطابق اسسٹنٹ ڈرائیور راشد کا جسم 100 فیصد جھلس چکا تھا۔

    ڈاکٹر نے دونوں مریضوں کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھ کر طبی امداد فراہم کیں البتہ اسٹنٹ ڈرائیور جانبر نہ ہوسکا جبکہ ڈپٹی ڈرائیور محمد نعیم کی حالت اب خطرے سے باہر قرار دی گئی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق نعیم کا جسم 17 فیصد متاثر ہوا تھا البتہ راشد کا مکمل جسم جھلس چکا تھا۔

    ریلوے حکام نے پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو تحقیقات کا حکم دے دیا، ذرائع کے مطابق غفلت برتنے والے ملازم کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • امریکا: انجن میں خرابی کے باعث طیارے کی ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ

    امریکا: انجن میں خرابی کے باعث طیارے کی ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ

    واشنگٹن : امریکا میں زیرتربیت پائلٹ نے انجن میں خرابی کے باعث طیارے کو الاباما کے مصروف ہائی وے پر اتار دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست الاباما میں دوران پرواز سنگل انجن والے طیارے کے انجن میں خرابی پیدا ہوئی،  ایئرپورٹ دور ہونے کے باعث پائلٹ نے طیارے کو سڑک پر اتارنے کا فیصلہ کیا۔

    سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک چھوٹا طیارے میں دو افراد سوار تھے جو ہنگامی لینڈنگ میں محفوظ رہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کہنا تھا کہ ہائی وے پر سفر کرنے والے مسافر یہ منظر دیکھ کر حیران رہ گئے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ کی لینڈنگ کے دوران قریب میں گاڑیاں موجود ہیں جبکہ طیارے کا پائلٹ محفوظ رہا۔

    عینی شاہد کا کہنا ہے کہ مجھے یقین نہیں ہورہا ہے کہ پائلٹ نے یہ کیسے کر لیا، یہ منظر براہ راست دیکھنے کے بعد بھی یقین نہیں آرہا ہے کہ پائلٹ نے طیارے کی سڑک پر لینڈنگ کروائی۔

    سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو ہائی وے پر سفر کرنے والے ایک مسافر نے بنائی تھی۔

    پولیس کے مطابق پائلٹ نے بتایا کہ طیارے کے انجن میں خرابی ہوئی ایئرپورٹ دور تھا اس لئے سڑک پر طیارے کو اتارنا مجبوری تھی۔

    ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ پائلٹ نے کمال مہارت سے طیارے کو لینڈ کیا اور ٹریفک رواں دواں ہونے کے باوجود کسی گاڑی اور کسی شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

    مزید پڑھیں : لاس اینجلس: انجن کی خرابی، خاتون پائلٹ نے طیارہ ہائی وے پر اتار دیا

    یاد رہے کہ رواں جون میں امریکی شہر لاس اینجلس میں زیر تربیت خاتون پائلٹ نے انجن میں خرابی کے سبب نجی طیارے کو مصروف ہائی وے پر اتار دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : شکاگو: انجن میں خرابی، پائلٹ نے طیارہ ہائی وے پر اتار دیا

    خیال رہے کہ  شکاگوں میں دورانِ پرواز  چھوٹے طیارے کے انجن میں خرابی کے باعث پائلٹ نے طیارے کو شکاگو کے مصروف ترین لیک شور ڈرائیو نامی ہائی وے پر اتار تھا اور خوش قسمتی سے اس حادثے میں بھی پائلٹ محفوظ رہے تھے۔

  • مہرایکسپریس کا انجن گنےکی ٹرالی سےٹکرا گیا‘ 2 افراد زخمی

    مہرایکسپریس کا انجن گنےکی ٹرالی سےٹکرا گیا‘ 2 افراد زخمی

    بھکر: صوبہ پنجاب کے علاقے شاہ عالم میں مہرایکسپریس کا انجن گنے کی ٹرالی سے ٹکرا کر پٹڑی سے اترگیا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے نواحی علاقے شاہ عالم کے قریب روالپنڈی سے ملتان جانے والی مہرایکسپریس کا انجن گنے کی ٹرالی سے ٹکرا گئی۔

    حادثے میں مہرایکسپریس کا انجن پٹڑی سے اتر گیا جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیوراوراسسٹنٹ ڈرائیورزخمی ہوگئے۔

    ریلوے حکام کے مطابق ایمرجنسی بریک لگانے سے ٹرین بڑے حادثے سے بچ گئی تاہم ٹرین کا انجن پٹڑی سے اتر گیا جس سے ٹریک کو نقصان پہنچا۔

    حادثے کے بعد کندیاں، کوٹ ادو سیکشن کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی اس کے علاوہ روالپنڈی، ملتان اور کراچی ٹریک پرٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔

    ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے بعد دیگر ٹرینوں کو قریبی ریلوے اسٹیشنز پرروک دیا گیا جبکہ ٹریک کی مرمت کا کام جاری ہے جسے مکمل ہونے میں 8 سے 10 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔


    کالاشاہ کاکوکےقریب ٹرین کی تین بوگیاں پٹڑی سےاترگئیں


    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے شیخوپورہ کے علاقے کالاشاہ کاکو کے قریب مسافرٹرین کی تین بوگیاں پٹڑی سے اترگئی تھیں، تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی سے پشاورجانےوالی ٹرین کا انجن پٹری سےاترگیا

    کراچی سے پشاورجانےوالی ٹرین کا انجن پٹری سےاترگیا

    کراچی : کراچی سے پشاور جانے والی ٹرین خوشحال خان خٹک ایکسپریس کا انجن پٹری سے اترگیا تاہم ٹرین بڑے حادثے سے بچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے پشاور جانے والی ٹرین خوشحال خان خٹک ایکسپریس کا انجن پٹری سے اترگیا تاہم ڈرائیور کی حاضری دماغی کے باعث ٹرین کو بروقت روک لیا گیا۔

    ریلوے انتظامیہ کے مطابق حادثہ انجن کا شاک ٹوٹنے کے باعث پیش آیا تاہم ٹرین میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے۔

    خوشحال خان خٹک ایکسپریس کا انجن پٹری سےاترنے کےباعث دیگر ٹرینوں کی آمد اور روانگی تاخیر کا شکار ہوگئی۔

    ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ انجن کو پٹری پرواپس لانے کے لیے ہیوی مشینری طلب کرلی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ رواں برس 23 اگست کوپولیس لائنز کا رہائشی 17 سالہ نوجوان ساحل عمرسرگودھا کے قریب ٹرین کے نیچے آکر جان کی بازی ہار گیا تھا۔


    لودھراں حادثہ: جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی، 6 بچوں‌ کی تدفین


    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں لودھراں میں اسکول کے بچوں سے بھرے دو چنگ چی رکشا کو ہزارہ ایکسپریس نے روند ڈالا تھا جس کے نتیجے میں 7 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔