Tag: انجینئرز

  • ناروے کے انجینئرز ناکام، پی آئی اے انجینئرز نے طیارہ 3 گھنٹے میں صحیح کردیا

    ناروے کے انجینئرز ناکام، پی آئی اے انجینئرز نے طیارہ 3 گھنٹے میں صحیح کردیا

    اوسلو/کراچی : ناروے کےانیجینئرز کے انکار کے بعد قومی ایئرلائن کے انجینئرز نے یورپ میں سخت سردی کے باوجود مسافر طیارے کی مرمت کرکے اڑان کے قابل بنادیا۔

    تفصیلات کے مطابق ناروے میں اوسلو سے لاہور آنے والی پاکستان کی قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 752 کے طیارے بوئنگ 777 کے انجن میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے عملے نے ناروے کے مقامی انجینئرز سے انجن کی مرمت کی درخواست کی تاہم انہوں نے سخت سردی کے باعث مرمتی کام انجام دینے سے انکار کردیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی انجینئرز کے انکار کے بعد حکام نے پی آئی اے پرواز کے ذریعے قومی ایئرلائن کے انجینئرز کو اوسلو روانہ کیا تھا تاکہ طیارے کی مرمت کرکے اسے اڑان کے قابل بنایا جاسکے، اس دوران مسافروں کو وقتی  طور پر ہوٹل منتقل کردیا گیا۔

    پاکستانی انجینئرز نے اوسلو پہنچ کر غیر موافق موسم میں سخت سردی کے باوجود تین گھنٹے لگاتار محنت کرکے طیارے کے خراب انجن کی فنی خرابی دور کی اور اس کے بعد پرواز پی کے 752 کو لاہور روانہ کردیا۔

    پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے انجینئرز کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ سخت سردی اور برفباری میں انجینئرز نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر پی آئی اے کے طیارے کو اڑان کے قابل بنا کر پاکستانیوں کو واپس پہنچایا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے انجینئرز کا کارنامہ، اے-320 جہازکا پہلا چیک اے مکمل

    خیال رہے کہ پی آئی اے کے انجینئرز اس سے قبل بھی کئی کارنامے انجام دے چکے ہیں، گزشتہ برس مارچ میں قومی ایئرلائن کے انجینئرز سے نے اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے اے-320 جہاز کا پہلا چیک اے مکمل کیا تھا۔

    پی آئی اے

    پی آئی اے انجینئر کو داد دیتے ہوئے سابق مشیر ہوا بازی سردار مہتاب  کہا تھا کہ پی آئی اے کے انجینئیرز ہمارا اثاثہ ہیں، پی آئی اے کے انجینئرز نے  ہمیشہ کم وقت میں زبردست نتائج دئیے ہیں۔

  • پی آئی اے کے انجینئرزباصلاحیت ہیں، سردارمہتاب خان

    پی آئی اے کے انجینئرزباصلاحیت ہیں، سردارمہتاب خان

    کراچی : وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے نے بوئنگ 777 طیاروں کے پاور یونٹ کی اوورہالنگ اپنی انجینئرنگ صلاحیتیوں اور وسائل کو استعمال کرتے ہوئے مکمل کرلی جو کہ اس شعبے میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے انجینئرنگ کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے پی آئی اے کو لاکھوں ڈالر کی بچت ہوگی جو کہ اس پہلے ان پاور یونٹس کو بیرون ملک بجھوا کر ان کی مرمت پر خرچ کئے جاتے تھے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کی کارکردگی میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور اس کی تنظیم نو اور بحالی ایک حقیقت کا روپ دھار رہی ہے، انہوں نے خاص طور پر پی آئی اے انجینئرنگ کی سہولیات میں بتدریج اضافے پر اپنے اطمینان کا ا ظہار کیا۔

    سردار مہتاب نے کہا کہ پچھلے چھ ماہ میں پی آئی اے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اس کا سہرا ائرلائن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان اور ان کی ٹیم کے سرجاتا ہے۔

    سردار مہتاب نے پی آئی اے انجینئر نگ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لینڈنگ گیئر اووہال کی سہولت کے بعد یہ دوسری سہولت ہے جو کہ پی آئی اے کے اپنے ماہرین اپنے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے کر رہے ہیں۔

    یہ سہولت پی آئی اے کے اپنے طیاروں کے علاوہ دوسری ایئر لائنوں کے لئے بھی ہے جس سے خاطر خواہ ریونیو حاصل کیا جاسکتا ہے۔

    اس سے قبل انہوں نے تقریب میں مذکورہ پروجیکٹ سے منسلک انجینئرز اور ٹیکنیشنز میں اعلیٰ کارکردگی کے سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔

    اس موقع پرپی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ انجینئرنگ کی قابل قدر خدمات کو سراہا۔

    انہوں نے کہا کہ قومی ایئر لائن کی موجودہ مشکل صورتحال کے باوجود پُرامید ہیں کہ ہم ان حالات سے بہت جلد باہر نکل آئیں گے، تقریب سے چیف ٹیکنیکل آفیسر عامر علی اور چیف انجینئر انجن اوورہال اسحاق رضوی نے بھی خطاب کیا۔