Tag: انجینیئر

  • چوکور پہیوں پر چلنے والی سائیکل نے لوگوں کے دماغ چکرا دیے

    چوکور پہیوں پر چلنے والی سائیکل نے لوگوں کے دماغ چکرا دیے

    دنیا بھر میں تخلیقی صلاحیت رکھنے والے افراد نت نئی چیزیں ایجاد کرتے رہتے ہیں اور ایسی ہی ایک ایجاد نے لوگوں کو حیران کردیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک سائیکل چوکور پہیوں پر چلتی دکھائی دے رہی ہے۔

    ایک روسی انجینیئر نے چوکور پہیوں سے چلنے والی سائیکل بنا لی ہے۔

    یہ انجینیئر اس سے قبل بھی مختلف انوکھی اشیا ایجاد کرچکا ہے تاہم اب ان کی اس حالیہ ایجاد نے لوگوں کے دماغوں کو چکرا دیا ہے۔

    لوگوں نے فزکس کے اصولوں کو نظر انداز کرتی اس شے کو سچ ماننے سے انکار کردیا ہے اور اس حوالے سے مختلف آرا دے رہے ہیں۔

    ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ دراصل چوکور فریم کے اندر کا ڈھانچہ گولائی میں حرکت کر رہا ہے سو تکنیکی طور پر یہ چوکور پہیے نہیں ہیں۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ اگر یہ پہیے کارآمد بھی ہیں تو یہ رگڑ کے لیے زیادہ توانائی استعمال کریں گے۔

    متعدد صارفین نے اس پر مزاحیہ اور طنزیہ تبصرے بھی کیے۔

  • سعودی عرب میں انجینیئرز کی تنخواہ کتنی ہوگی؟

    سعودی عرب میں انجینیئرز کی تنخواہ کتنی ہوگی؟

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ سعودی انجینیئرز کی کم از کم تنخواہ 7 ہزار ریال ہوگی، نجی اداروں میں انجینیئرنگ کی 20 فیصد اسامیاں سعودیوں کے لیے مختص کی گئی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود احمد الراجحی نے کہا ہے کہ نجی اداروں اور کمپنیوں میں سعودی انجینیئر کی کم از کم تنخواہ 7 ہزار ریال ہوگی۔

    وزارت افرادی قوت کا کہنا تھا کہ اگر کسی ادارے میں سعودی انجینئر کو 7 ہزار ریال سے کم تنخواہ دی گئی تو ایسی صورت میں یہ مانا جائے گا کہ اس ادارے نے اپنے یہاں سعودی انجینیئر کا تقرر نہیں کیا ہے۔

    وزیر کے مطابق سعودائزیشن کی شرح پوری کرنے کے لیے سعودی انجینیئر کو کم از کم 7 ہزار ریال ماہانہ تنخواہ دینا ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ نجی اداروں میں انجینیئرنگ کی 20 فیصد اسامیاں سعودیوں کے لیے مختص کی ہیں، یہ فیصلہ سعودی شہریوں کو بڑے پیمانے پر روزگار دلانے کی قومی مہم کے تحت کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ وزارت افرادی قوت سرکاری اداروں اور سعودائزیشن کے نگراں اداروں کے تعاون و اشتراک سے پیشہ وارانہ ڈگریاں رکھنے والے سعودیوں کو مناسب روزگار دلانے کے پروگرام پر عمل کر رہی ہے۔

  • اڑنے والی روبوٹک مکھی

    اڑنے والی روبوٹک مکھی

    پیرس: ڈرون طیاروں اور مختلف روبوٹک جانوروں کے بعد اڑنے والی روبوٹک مکھی بھی تیار کرلی گئی جسے میٹا فلائی کا نام دیا گیا ہے۔

    فرانس کے ایرو ناٹیکل انجینئر ایڈون وان رایومبکے نے اڑنے والی روبوٹک مکھی تیار کی ہے، یہ وہی انجینئر ہیں جنہوں نے کچھ عرصہ قبل اڑنے والا روبوٹک پرندہ بھی تیار کیا تھا۔

    میٹا فلائی نامی اس روبوٹک مکھی کا وزن 10 گرام اور لمبائی ساڑھے 7 انچ ہے۔ اس کے پر مرکزی ڈھانچے میں لگی کورلیس موٹر کے ذریعے حرکت کرتے ہیں۔

    پروں کی حرکت سے پیدا ہونے والی حرارت جذب کرنے کے لیے مکھی میں ایلومینیئم ہیٹ سنک بھی لگایا گیا ہے۔

    یہ روبوٹ زیادہ سے زیادہ 100 میٹر کی بلندی تک پرواز کرسکتا ہے۔ 15 منٹ کے ریچارج پر یہ 8 منٹ تک پرواز کرسکتا ہے۔

    روبوٹک مکھی کا سر، دھڑ اور ٹانگیں کاربن فائبر سے بنائی گئی ہیں اور لچکدار ہیں یہی وجہ ہے کہ کسی چیز سے ٹکرانے پر یہ نہ تو خود ٹوٹتا ہے نہ کسی اور شے کو نقصان پہنچاتا ہے۔

  • بیوی کی تلاش میں ناکامی پر روبوٹ سے شادی

    بیوی کی تلاش میں ناکامی پر روبوٹ سے شادی

    چین میں ایک انجینیئر نے بیوی کی تلاش میں ناکام ہونے کے بعد ایک روبوٹ سے شادی رچا لی۔

    چین کے زی جنگ صوبے سے تعلق رکھنے والا یہ انجینئر زینگ جیا جیا مصنوعی ذہانت پر کام کرتا ہے اور روبوٹس بناتا ہے۔ اس بار اس نے ایک نسوانی روبوٹ بنایا اور کچھ عرصے بعد اس سے شادی کرلی۔

    یہ روبوٹ چینی حرف تہجی اور تصاویر کی شناخت کر سکتا ہے اور چند الفاظ بھی بول سکتا ہے۔

    زینگ کے دوستوں اور اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے سے کسی گرل فرینڈ یا بیوی کی تلاش میں سرگرداں تھا اور اس تلاش میں ناکامی اب اسے فرسٹریشن کا شکار بنا رہی تھی۔

    تاہم اب ایک سادہ سی تقریب میں زینگ نے اس تلاش کو ختم کیا اور اپنے بنائے ہوئے روبوٹ سے شادی کرلی جس میں اس کے دوستوں اور اہل خانہ نے بخوشی شرکت کی۔

    زینگ کا کہنا ہے کہ وہ اس روبوٹ پر مزید کام جاری رکھے گا جس کے بعد اس کی یہ روبوٹک بیوی چل پھر سکے گی اور گھر کے کاموں میں اس کا ہاتھ بھی بٹا سکے گی۔