Tag: انسانی اسمگلرز

  • عمان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں کے لیے بری خبر

    عمان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں کے لیے بری خبر

    مسقط: 300 سے زائد اسمگلر اور درانداز غیر قانونی طور پر عمان میں داخل ہوتے ہوئے پکڑے گئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق 2020 کی تیسری سہ ماہی کے دوران کوسٹ گارڈ پولیس نے مختلف کارروائیوں میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 322 اسمگلرز اور غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں کو گرفتار کیا۔

    عمانی پولیس کا کہنا تھا کہ دراندازی کرنے والوں کو عمانی سمندری حدود میں پکڑا گیا ہے۔

    جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کوسٹ گارڈ نے دیگر پولیس اداروں کے ساتھ مل کر سمندری راستے سے ہونے والی منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب آپریشن کیے۔

    کوسٹ گارڈ پولیس کمانڈ کے ڈائریکٹر آپریشنز لیفٹیننٹ کرنل عبد العزیز الجبری کا کہنا تھا کہ کوسٹ گارڈ اہل کاروں کو عمانی سمندری حدود میں ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے مستقل طور پر تربیت دی جاتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کوسٹ گارڈ اہل کار مستقل طور پر اسمگلرز اور غیر قانونی تارکین وطن کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانیں بھی خطرے میں ڈالے رکھتے ہیں، بالخصوص رات کے مشکل ترین وقت میں جو خطرات اور چیلنجز سے بھرپور ہوتا ہے۔

    الجبری کا کہنا تھا کہ یہ کوسٹ گارڈ عملے کے تجربات ہیں جن کی وجہ سے وہ اسمگلنگ کرنے والی کشتیوں سے بخوبی نمٹ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ کرونا وبا کے دوران اسمگلرز سے نمٹنا اور بھی مشکل ہو گیا ہے، کیوں کہ غیر قانونی طور پر عمان میں داخل ہونے والوں کو وبا کے سلسلے میں حفاظتی اقدامات کی آگاہی نہیں ہوتی، تاہم پولیس کی کشتیوں کا عملہ ان کے ساتھ بالکل درست طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے نمٹتا ہے تاکہ وائرس کی منتقلی نہ ہو سکے۔

    کرنل عبدالعزیز الجبری نے کہا کہ وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں کوسٹ گارڈ پولیس کا وزارت صحت کے حکام سے بھی رابطہ رہتا ہے، تاکہ دراندازی کرنے والوں جب کرونا کی طبی جانچ کے لیے متعلقہ مراکز لایا جائے تو خصوصی طبی عملہ بھی ساتھ ہو۔

    انھوں نے رائل عمان پولیس کی جانب سے ان شہریوں کا شکریہ بھی ادا کیا جو سمندری حدود میں کسی مشتبہ شخص یا کشتی کے داخلے پر پولیس کو بروقت مطلع کر دیتے ہیں۔

  • ایف آئی اے نے 2 انسانی اسمگلرز گرفتار کرلیے

    ایف آئی اے نے 2 انسانی اسمگلرز گرفتار کرلیے

    اسلام آباد: ایف آئی اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے 2 ایجنٹ سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران انسانی اسمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان 4 افراد کو نجی ایئرلائنز سے کمبوڈیا براستہ قطر لے جا رہے تھے۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان نے حریم ٹریول کے نام سے جعلی دستاویزات بنا رکھی تھیں، ملزمان نے سرفراز، ذیشان، نعمان اور حامد کو اپنا ملازم ظاہر کیا تھا۔

    ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزمان نے کمبوڈیا جانے کے لیے فی کس 4 لاکھ 20 ہزار روپے وصول کر رکھے تھے، ملزمان نے کمبوڈیا کے ویزے جعلی دستاویزات پر ویتنام سے حاصل کیے تھے۔ ملزم طلحہ شہزاد کا ایک بھائی کمبوڈیا میں انسانی اسمگلنگ میں شامل ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ فیصل آباد میں ایف آئی اے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے گجرات اور منڈی بہاؤالدین سے غیرقانونی طریقے سے ترکی اور یونان جانے والے 45 شہری گرفتار کرلیے تھے اس کے علاوہ 9 انسانی اسمگلرز اور پراپرٹی ایجنٹس کو گرفتار کرکے ان کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے تھے۔

  • لندن: پولیس کی کارروائی، 8 انسانی اسمگلرز گرفتار

    لندن: پولیس کی کارروائی، 8 انسانی اسمگلرز گرفتار

    لندن: برطانیہ میں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث آٹھ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن پولیس نے خواتین سمیت 8 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کیا ہے، ملزمان کا تعلق رومانیہ سے ہے جو ایک منظم انسانی اسمگلنگ گروہ کے لیے کام کرتے ہیں۔

    برطانوی میڈٰیا کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں پانچ مرد اور تین خواتین شامل ہیں، ملزمان سے مزید تفتیش کی جاری ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ جلد حقائق سامنے آئیں گے۔

    لندن میں ہونے والی اس گرفتاری کے بعد رومانیہ میں بھی پولیس کی کارروائی سامنے آئی جس کے باعث خاتون سمیت تین مردوں کی گرفتاری ہوئی۔

    رومانیہ پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف چھاپوں میں چار مختلف مقامات سے انسانی اسمگلنگ سے متاثرہ تینتیس افراد کو تحویل میں لے کر ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    برطانیہ میں انسانی اسمگلنگ اورجدید غلامی کےشکار افراد کی تعداد میں اضافہ

    خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں نیشنل کرائم ایجنسی کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران برطانیہ میں انسانی اسمگلنگ اور جدید غلامی کے شکار افراد کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جن میں زیادہ تر بچے شامل ہیں۔

    نیشنل کرائم ایجنسی کے اعداد وشمار کے مطابق انسانی اسمگلنگ اورجدید غلامی کے شکار افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران انسانی اسمگلنگ اورغلامی سے متاثر ہونے والے 5145 افراد کو مدد کے لیے ریفرکیا گیا۔

    یاد رہے کہ سال 2015 میں برطانوی حکومت نے انسانی اسمگلنگ اور انسانی غلامی کے لیے سخت قوانین متعارف کرائے تھے جن کے تحت انسانی اسمگلروں کو عمرقید کی سزا ہوسکتی ہے۔

  • ترکی، پولیس نے زنجیر میں جکڑے 57 پاکستانی بازیاب کروالیے

    ترکی، پولیس نے زنجیر میں جکڑے 57 پاکستانی بازیاب کروالیے

    استنبول: ترک پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے زنجیروں میں جکڑے ہوئے 57 پاکستانیوں کو بازیاب کرالیے جو غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش میں انسانی اسمگلروں کی بربریت کا سامنا کر رہے تھے.

    اچھے مستقبل کے خواب آنکھوں میں سجائے یورپ جانے کے خواہش مند 57 پاکستانی نوجوانوں کو انسانی اسمگلروں نے ترکی میں قید کر رکھا تھا جہاں انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا کہ ترک پولیس نے بروقت کارروائی کر کے مغویوں کو بازیاب کروالیا.

    ترک میڈیا کے مطابق 57 پاکستانیوں کو بازیاب کرانے کے لیے مقامی پولیس نے پیر کو استنبول میں ایک خفیہ اطلاع پر ایک عمارت کے تہہ خانے میں چھاپہ مار کارروائی کی اور اغواکاروں سے مقابلے کے بعد انہیں قید سے رہائی دلائی جب کہ تین انسانی اسمگلروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا.

     


    اسی سے متعلق : استنبول، 6 مغوی پاکستانی بازیاب،4 انسانی اسمگلرز گرفتار 


    پولیس حکام کے مطابق حراست میں لیے گئے تینوں انسانی اسمگلروں کا تعلق پاکستان سے ہے جنہوں نے اپنے ہی 57 ہم وطنوں کو 10 ہزار ڈالرز کے عوض براستہ ترکی، یورپ پہنچانے کا جھانسہ دے رکھا تھا جو پولیس کو اس سے قبل بھی کئی مقدمات میں مطلوب تھے جس میں تارکین وطن کو گمراہ کرنے کا الزام بھی شامل ہے.

    پولیس کے مطابق انسانی اسمگلروں نے تارکین وطن کو سبز باغ دکھاتے ہوئے یورپ جانے کے لیے رقم منزل مقصود پر پہنچ کر ادا کرنے کا دلاسہ دیتے ہیں اور یوں لوگوں کا اعتماد حاصل کر لیتے ہیں بعد ازاں انہیں تہہ خانوں میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بناتے ہیں اور اہل خانہ سے رقم کا تقاضہ کرتے ہیں.