Tag: انسانی اسمگلر

  • اقوام متحدہ کا انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کا انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    نیویارک: یو این ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اقوام متحدہ نے انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے یونان میں افسوس ناک کشتی حادثے کے بعد انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

    یو این ہائی کمشنر نے کہا کہ افسوس ناک واقعے کی شفاف تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، انھوں نے کہا حادثے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔

    نیویارک میں نامہ نگاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے یورپی ممالک کو اقدام کرنے چاہئیں۔ انھوں نے کہا اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے پہلے بھی زور دیا تھا کہ ہر وہ شخص جو بہتر زندگی کی تلاش میں ہے، اسے ایک وقار اور حفاظت کی ضرورت ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ یہ ایک اور مثال ہے کہ رکن ممالک کو اکٹھے ہونے اور نقل مکانی پر مجبور لوگوں کے لیے منظم طریقے سے محفوظ راستے بنانے اور سمندر میں جان بچانے اور خطرناک سفر کو کم کرنے کے لیے جامع کارروائی کی ضرورت ہے۔

    یونان کشتی حادثے میں 500 تاحال لاپتا، 12 پاکستانیوں سمیت 104 کو بچا لیا گیا

    منگل کو جاری اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے اندر اور اس سے نقل مکانی کے راستوں پر تقریباً 3,800 افراد ہلاک ہوئے تھے، یہ 2017 کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے، جب 4,255 اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ پہلی سہ ماہی میں وسطی بحیرہ روم میں 441 تارکین وطن ہلاک ہوئے، اور 2014 سے اب تک تمام راستوں پر 26,000 سے زیادہ افراد ہلاک یا لاپتا ہو چکے ہیں۔

  • لاہور : انسانی اسمگلر اور سات جواری رقم سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار، مقدمات درج

    لاہور : انسانی اسمگلر اور سات جواری رقم سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار، مقدمات درج

    لاہور : پولیس نے شہریوں کو لوٹنے والے انسانی اسمگلر اور سات جواریوں کو رقم سمیت رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے لاہور نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کے بہانے پیسے لوٹنے والا انسانی اسمگلر گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ اشتہاری ملزم رب نواز کا تعلق اوکاڑہ سے ہے ملزم معصوم شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے اور وہاں نوکری لگوانے کا جھانسہ دے کر ان سے لاکھوں روپے بٹور چکا ہے۔

    ملزم کے خلاف اس سے پہلے بھی متعدد مقدمات درج ہیں۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، گرفتار ملزم سے مزید انکشافات متوقع ہیں۔

    دوسری جانب لاہورکی وحدت کالونی کے علاقہ میں سی آئی اے پولیس نے چھاپہ مارکر سات جواریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے نقدی برآمد کرلی۔

    سی آئی اے پولیس کے مطابق ملزمان سے ایک لاکھ روپے سے زائد کی نقدی اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان میں عارف عرف کاکا ,ظہیر,عاشق اور دیگر شامل ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق سی آئی اے کے سب انسپکٹر مظہر اقبال کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

  • فیصل آباد سے انسانی اسمگلر گرفتار

    فیصل آباد سے انسانی اسمگلر گرفتار

    فیصل آباد: ایف آئی اے نے تین ماہ سے مفرور انسانی اسمگلر محسن رضا کو گرفتار کر لیا، ملزم نے شہری کو مسقط میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر تین لاکھ ساٹھ ہزار روپے بٹور لئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے فیصل آباد کے نواحی گاؤں لاٹھیاں والا میں کارروائی کرتے ہوئے تین ماہ سے مفرور انسانی اسمگلر محسن رضا کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم محسن رضا اور اس کے ساتھی محمد رمضان کے خلاف جڑاں والا کے رہائشی محبوب علی کی درخواست پر 19 اکتوبر 2016 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا، ملزم نے 2015 میں محبوب علی سے اس کے بیٹے کو عثمان کو مسقط میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر تین لاکھ روپے حاصل کیے تھے۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے عثمان کو نہ بیرون ملک بھجوایا اور نہ ہی رقم واپس کی جبکہ متاثرہ شہری کی طرف سے رقم کا مطالبہ سامنے آنے پر اُسے ایک لاکھ کا جعلی چیک دیا تھا۔ ایف آئی اے نے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ  مقدمے میں نامزد دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔