Tag: انسانی اسمگلنگ

  • انسانی اسمگلنگ کی روک تھام: سعودی عرب اور اقوام متحدہ کے درمیان معاہدہ

    ریاض: سعودی عرب اور اقوام متحدہ کے درمیان انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے معاہدہ طے پا گیا جس کے ذریعے ان جرائم کو قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر روکنے کے لیے کام کیا جائے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی انسانی حقوق کے کمیشن اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم نے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہونے والے معاہدے کے دوسرے مرحلے پر دستخط کردیے ہیں۔

    یہ معاہدہ کمیٹی برائے انسداد انسانی اسمگلنگ کے قومی ایکشن پلان کے مقاصد کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

    سعودی انسانی حقوق کمیشن کی صدر ہلا التویجری کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ گھناؤنے جرائم میں سے ایک ہے جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے اور افراد کو ان کی آزادی اور وقار سے محروم رکھتا ہے۔

    انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب نے قوائد و ضوابط لاگو کر کے اور عالمی معاہدوں کے ذریعے ایک قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک تیار کیا ہے جو بغیر کسی امتیاز کے ہر ایک شخص کی حفاظت کو یقینی بناتا ہے اور متاثرہ افراد کی مدد کرتا ہے۔

    صدر ہلا التویجری نے مزید کہا کہ معاہدوں کی تجدید مملکت کے اسی فریم ورک کا حصہ ہے تاکہ ان جرائم کے انسداد اور ان سے لڑنے کے لیے ہونے والے منصوبوں پر نظر رکھی جائے اور ان جرائم سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر صلاحیتیں پیدا کی جائیں۔

    اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم کے علاقائی نمائندے جج حاتم علی نے مملکت کے ساتھ ہونے والی شراکت داری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس معاہدے کا مقصد موجودہ اشتراک کو آگے بڑھانا ہے اور ان جرائم کو قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر روکنا ہے۔

  • کراچی سے کم عمر لڑکیاں اسمگل کیے جانے کا انکشاف

    کراچی سے کم عمر لڑکیاں اسمگل کیے جانے کا انکشاف

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے کم عمر لڑکیوں کو اسمگل کیے جانے کے انکشاف پر سندھ ہائی کورٹ نے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے کم عمر لڑکیوں کو اسمگل کیے جانے کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ نے محکمہ داخلہ کو تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔

    عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو بھی تحقیقات کا حکم دیا ہے جبکہ ایس ایس پی سٹی اور ایف آئی اے حکام کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا ہے۔

    دوران سماعت جسٹس صلاح الدین پنہور کا کہنا تھا کہ مسکان نامی لڑکی کےچونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں، بظاہر لگتا ہے کہ کم لڑکیوں کی عمان میں اسمگلنگ ہوتی ہے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ شہر سے 14 سالہ لڑکی کو اغوا کیا گیا، لڑکی کے بیان کے مطابق 3 بار اسے فروخت کیا گیا، لڑکی تو ہمت کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی، اس نے بتایا کہ جہاں رکھا گیا تھا وہاں 14، 15 اور لڑکیاں بھی موجود تھیں۔

    عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ یہ ایک سنجیدہ معاملہ اسے ایسے نہیں چھوڑا جاسکتا، پولیس اور ادارے تحقیقات کریں تاکہ مزید بچیوں کی اسمگلنگ روکی جا سکے۔

    ہائیکورٹ نے لڑکی کو شادی کا جھانسہ دینے کے الزام میں گرفتار ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا، عدالت نے 9 جنوری کو مکمل تفصیلات طلب کرلیں۔

  • انسانی اسمگلنگ میں ملوث 2 افراد گرفتار

    انسانی اسمگلنگ میں ملوث 2 افراد گرفتار

    آئر لینڈ سے تعلق رکھنے والے 2 افراد کو 10 تارکین وطن کی اسمگلنگ کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا۔

    39 سالہ وائن شرلاک اور 48 سالہ آئن ناولن ٹائر لے جانے والے ایک ٹرک میں 10 تارکین وطن کو چھپا کر لے جارہے تھے، اسمگل کیے جانے والے افراد میں 2 بچے بھی شامل تھے۔

    بیلجیئم میں داخل ہوتے وقت پولیس نے مشکوک سمجھ کر ان کے ٹرک کو روکا جس میں سے چھپائے ہوئے افراد برآمد ہونے کے بعد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    نیشنل کرائم ایجنسی کے مطابق دونوں ملزمان پر غیر قانونی ہجرت کی سہولت کاری اور انسانی اسمگلنگ کے الزام عائد کیے گئے ہیں۔ ٹرک کے ڈرائیور کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ ان کے ایک اور ساتھی کو شمالی آئر لینڈ سے حراست میں لیا گیاہے۔

    ایجنسی کے حکام کا کہنا ہے کہ ہم اس اقدام کے لیے بیلجیئن حکام کے شکر گزار ہیں جس کی وجہ سے یہاں آنے والے تارکین وطن کو نہایت خطرناک صورتحال سے دو چار ہونے سے روکا جاسکا۔

    حکام کی جانب سے مزید کہا گیا کہ انسانی اسمگلنگ ایک خطرناک جرم ہے اور حالیہ واقعہ سامنے آنے کے بعد انسانی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، مطلوب ملزم گرفتار

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، مطلوب ملزم گرفتار

    اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی اور ایف آئی اے کو مطلوب خطرناک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق ظفر اقبال پرواز ٹی کے 710 سے استنبول سے اسلام آباد پہنچا تھا، دوران ایمیگریشن ملزم ظفر اقبال کو نام بلیک لسٹ میں ہونے پر گرفتار کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کا نام 2015 میں ریڈ بک میں شامل کیا گیا تھا، صوبہ پنجاب کے شہر گجرات کا رہائشی ظفر اقبال انسانی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہے۔

    انسانی اسمگلنگ میں ملوث دو ایجنٹ سمیت 6 ملزمان اسلام آباد ایئر پورٹ سے گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ایف آئی اے کی ٹیم نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے دو ایجنٹ سمیت 6 افراد کو گرفتار کیا تھا۔

    ایف آئی اے کے مطابق مذکورہ ملزمان نے حریم ٹریولز کے نام سے جعلی دستاویزات بنا رکھی تھیں، ملزمان نے سرفراز، ذیشان، نعمان اور حامد کو اپنا ملازم ظاہر کیا تھا۔

  • پاکستانی شہری انسانی اسمگلنگ کے جرم میں 15 برس قید

    پاکستانی شہری انسانی اسمگلنگ کے جرم میں 15 برس قید

    ابوظبی : اماراتی عدالت نے دوشیزہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے، قحبہ خانہ چلانے اور انسانی اسمگلنگ کے جرم میں پاکستانی شہری کو 15 برس قید جبکہ مذکورہ شخص کی اطلاع دینے والوں کو کم عمر لڑکی کے ساتھ مکروہ فعل انجام دینے کے جرم میں تین برس قید کی سزا سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی عدالت میں جنسی زیادتی کے الزام میں قید کی سزا پانے والے پاکستانی شہری نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ متاثرہ لڑکی کا باپ ہے۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا تھا کہ عدالت نے 49 سالہ پاکستانی پر انسانی اسمگلنگ، جنسی زیادتی اور قحبہ خانہ چلانے پر فرد عائد کی گئی ہیں۔

    عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم نے 13 سالہ متاثرہ لڑکی کا پاسپورٹ بھی اپنے پاس رکھا ہوا تھا تاکہ کسی بھی مشکل صورتحال میں اماراتی حکام کو یہ بتاسکے کہ لڑکی اس کی بیٹی ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ملزم نے اماراتی حکام کے سامنے لڑکی کو اپنی بیٹی ظاہر کرکے لڑکی کے لیے 2 سال کا سیاحتی ویزاہ لیا تھا۔

    متاثرہ لڑکی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے ہمارے گھر کی خراب مالی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مجھے دبئی چلنے کے لیے راضی کیا اور پھر اہلخانہ کو بھی اس بات پر راضی کرلیا کہ میں دبئی میں اچھی رقم کماسکوں گی۔

    لڑکی نے عدالت کو بتایا کہ دبئی کے لیے پرواز سے قبل ملزم نے میرا ریپ کیا اور اپنے قحبہ خانے میں ایک ساتھ دس افراد کے ساتھ زبردستی مکروہ فعل انجام دینے کےلیے مجبور کیا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ متاثرہ لڑکی جو اب پندرہ برس کی ہوچکی ہے کے سماعت کے دوران دئیے گئے بیان کے مطابق 49 سالہ شخص مکروہ کی انجام دہی سے انکار پر اسے تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔

    مقدمے کی سماعت کے دوران فریق اول نے بتایا کہ اسے قحبہ خانے میں کام کرنے والی لڑکی سے محبت تھی اور جب اس نے پتا چلا کہ ملزم لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنارہا ہے تو وہ اسے بچانے قحبہ خانے پہنچا ،جہاں اس کی ملزم سے لڑائی ہوئی، اور اس کے بعد اس نے دبئی پولیس کو اس حوالے سے خبردار کیا۔

    فریق اوّل کی شکایت پر پولیس نے مذکورہ جگہ پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ لڑکی کو ریسکیو کیا اور فریق اوّل اور ملزم کو گرفتار کرکے دونوں کے خلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کیا تھا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عدالت نے پولیس کو مطلع کرنے والے شخص کو متحدہ عرب امارات کے قانون کے مطابق ریپ کے الزام میں تین برس قید کی سزا سنائی ہے۔

    واضح رہے کہ اماراتی قانون کے مطابق اٹھارہ سال سے کم عمر افراد کے ساتھ ناجائز جنسی تعلق قائم کرنا جنسی زیادتی کے زمرے میں شمار ہوتا ہے۔

    عدالتی احکامات کے مطابق دونوں ملزمان کو قید کی سزا مکمل کرنے کے بعد ملک بدر کردیا جائے گا جبکہ 49 سالہ پاکستانی شخص پر 15 برس قید کے ساتھ ساتھ 1 لاکھ درہم جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

  • اسپیشل برانچ کے اہلکاروں سے مل کر انسانی اسمگلنگ کرنے والا ملزم گرفتار

    اسپیشل برانچ کے اہلکاروں سے مل کر انسانی اسمگلنگ کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی : ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث مفرور ملزم گرفتار کرلیا، ملزم اسپیشل برانچ کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے لوگوں کوبنگلادیش بھجواتاتھا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی انسانی اسمگلنگ میں ملوث نکلے، ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن سرکل نے کامیاب کارروائی کرکے ایک مفرور ملزم سلیمان کو گرفتار کیا ہے۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم سلیمان اسپیشل برانچ اہلکاروں کے ذریعے انسانی اسمگلنگ کا کام کرتا تھا، ملزم اسپیشل برانچ کے اہلکاروں کے ذریعے جعل سازی کرکے لوگوں کو بنگلادیش بھجواتا تھا۔

    اس حوالے سے ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم سلیمان کو ایئرپورٹ پرتعینات اسپیشل برانچ کے افسران واہلکاروں کا مکمل تعاون حاصل تھا اور اسپیشل برانچ اہلکار انسانی اسمگلنگ میں سہولت کار کا کردار ادا کرتے تھے۔

    اس سے قبل گزشتہ سال 18 ستمبر کو کوئٹہ میں ایف آئی اے نے انسانی اسمگلرز کے خلاف اہم کارروائی کی تھی، جس کے باعث غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے 19 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ مئی 2016 میں بھی لاہور میں پولیس نے انسانی اسمگلنگ کرنے والے گروہ کے سرغنہ مجاہد حسین اور اس کے ساتھی محمد امین کو گرفتار کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: فیصل آباد میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائی، 19 افراد گرفتار

    یاد رہے کہ ملزمان گزشتہ کئی سالوں سے انسانی اسمگلنگ کا کاروبار کر رہے تھے، دونوں ملزمان ایف آئی اے کو مطلوب تھے ملزمان کے قبضہ سے ملکی وغیر ملکی پاسپورٹس دولاکھ سے زائد نقدی ویزا کارڈز اور شناختی کارڈز برآمد ہوئے تھے۔

  • 15 بچےغیرقانونی طریقے سے برطانیہ میں داخل ہوتے ہوئے پکڑے گئے

    15 بچےغیرقانونی طریقے سے برطانیہ میں داخل ہوتے ہوئے پکڑے گئے

    نیو ہیون:ٹریلر لاری میں چھپے 21 افراد غیر قانونی طریقے سے برطانیہ میں داخل ہوتے ہوئے پکڑے گئے ہیں ، ان میں زیادہ تر بچے ہیں سب سے کم عمر بچہ 12 سال کا ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افراد منجمد اشیاء کی لاری میں چھپے ہوئے تھے اور اس گروپ کا تعلق ویت نام سے بتایا جارہا ہے۔ ان افراد کو گزشتہ جمعرات کو سوسیکس کاؤنٹی کے علاقے نیوہیون کے پورٹ پر پکڑا گیا تھا۔

    برطانوی میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ بارڈر فورس کی جانب سے کیے گئے اس آپریشن کی تفصیلات کچھ خاص ظاہر نہیں کی گئی ہیں، تاہم ان افراد کے اس غیر قانونی عمل کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ رومانیہ سے تعلق رکھنے والا ایک شخص، جو کہ اس لاری کا ڈرائیور تھا، اس پر برطانیہ میں غیر قانونی داخلے کے لیے مدد فراہم کرنےکا الزام عاید کیا گیا ہے۔

    بتایا جارہا ہے کہ یہ لاری فرانس کے علاقے ڈائی پے سے برطانیہ آئی ہے اور تلاشی لینے پر اس میں سے چھ بالغ افراد اور 15 بچے برآمد ہوئے جن کا تعلق ویت نام سے ہے ۔ تمام بچے تندرست ہیں اور انہیں میڈیکل ٹریٹمنٹ کی ضرورت نہیں لہذا انہوں سوشل کیئر سروسز کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    اس لاری میں سے پکڑے جانے والے افراد میں ایک اٹھارہ سال کا جوان اور 27 سالہ خاتون بھی شامل ہیں جنہیں پہلے برطانیہ سے باہر نکالا گیا تھا۔ دیگر چار بالغ افراد کو امیگریشن کے قیدی مراکز میں رکھا گیا ہے اور ان پر مقدمات کیے جارہےہیں۔

    یاد رہے کہ ایسی ہی صورتحال حال کے حامل اینڈروٹ ڈوما جن کی عمر 29 سال ہے ، امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کے سلسلے میں انہیں اتوار کے دن مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں سے ان کا ریمانڈ دے کر سماعت 26 نومبر تک موخر کردی گئی۔

  • ایف آئی اے انسانی اسمگلنگ روکنے میں ناکام،5سال میں تین ملزمان گرفتار

    ایف آئی اے انسانی اسمگلنگ روکنے میں ناکام،5سال میں تین ملزمان گرفتار

    اسلام آباد : ایف آئی اے انسانی اسمگلنگ کا کوئی بڑا نیٹ ورک نہ توڑ سکی دو ہزار تیرہ سے اٹھارہ تک صرف تین انسانی اسمگلر گرفتار کیے جاسکے۔

    تفصیلات کے مطابق انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایف آئی اے خاطرخواہ اقدامات کرنے میں ناکام ہوگئی، پانچ سالہ کارکردگی رپورٹ میں اہم انکشافات سامنے آگئے، گندا دھندہ زورشور سے جاری ہے لیکن دو ہزار تیرہ سے اٹھارہ تک صرف تین انسانی اسمگلر گرفتار کیے جا سکے ہیں۔

    ایف آئی اے نے گزشتہ پانچ سال میں صرف تین انسانی اسمگلروں کو حراست میں لیا اور ان کے نوے سہولت کار پکڑے گئے۔ اس عرصے کے دوران ایف آئی اے کا سارا زور بیرون ممالک سے بےدخل پاکستانیوں کی گرفتاریوں پر رہا۔

    رپورٹ کے مطابق5سال میں89ہزار251 بے دخل پاکستانی حراست میں لیے گئے، انسداد انسانی اسمگلنگ کے لیے انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کی کارکردگی رپورٹ بھی تسلی بخش نہیں ہے۔

    گزشتہ5سال میں بارڈرکراس کرتے ہوئے22ہزار5ملزمان پکڑے۔2017 سے اب تک صرف 1727 ملزمان پکڑے گئے، پانچ سال میں غیرقانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی کوشش پر15ہزار 755 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

  • جعلی کاغذات پر لوگوں‌ کو یورپ بھجوانے والے 3 ملزمان گرفتار

    جعلی کاغذات پر لوگوں‌ کو یورپ بھجوانے والے 3 ملزمان گرفتار

    اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 3 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کرلیا، ملزمان جعلی کاغذات کے عوض لوگوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں انسانی اسمگلروں کی جانب سے جعلی کاغذات کے ذریعے لوگوں کو باہر بھیجنے یا اس مد میں رقم وصول کرکے فراڈ کرنے والے کئی گروہ سرگرم ہیں۔

    ایف آئی اے نے اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے تین مبینہ انسانی اسمگلروں خرم سجاد، محمد فیاض اور محمد ارشد کو گرفتار کرلیا۔

    فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی( ایف آئی اے) کے مطابق ملزمان جعلی کاغذات پر لوگوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث تھے، ان ملزمان کو ترک سفارت خانے کی شکایت پر گرفتار کیا گیا۔


    یہ پڑھیں: ن لیگ ایم این اے کا انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف


    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ محمد ارشد ترکی بھجوانے کے لیے جعلی ویزوں کا کام کرتا تھا۔

  • تنازعات کا خاتمہ کیے بغیرانسانی اسمگلنگ ختم نہیں ہوسکتی: ملیحہ لودھی

    تنازعات کا خاتمہ کیے بغیرانسانی اسمگلنگ ختم نہیں ہوسکتی: ملیحہ لودھی

    نیویارک: امریکہ میں مقیم پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ تنازعات کو ختم کیے بغیرانسانی اسمگلنگ کوختم نہیں کیا جاسکتا ہے، پاکستان 4 دہائیوں سےافغان بھائیوں کی مہمان نوازی کررہا ہے.

    تفصیلات کے مطابق سلامتی کونسل میں انسانی اسمگلنگ کی روک تھام سےمتعلق مباحثہ کا انعقاد کیا گیا، پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کا مباحثے میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ تنازعات کو ختم کیے بغیرانسانی اسمگلنگ کوختم نہیں کیا جاسکتا ہے، انہوں پاک افغان تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان 4 دہائیوں سےافغان بھائیوں کی مہمان نوازی کررہا ہے.

    پاکستانی مندوب کا کہنا ہے کہ پاکستان نے انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے متعدد اقدامات کیے، مباحثہ میں پاکستانی مندوب نے بچوں اورخواتین کے تحفظ کی ضرورت پرزور دیا۔

    شام کی خواتین خطرے میں

    یاد رہے کہ گذشتہ سال انسانی اسمگلنگ کے خلاف تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق شام میں جاری جنگ کے باعث شامی خواتین کو بے شمار خطرات کا سامنا ہے جن میں سرفہرست ان کی اسمگلنگ اور جنسی مقاصد کے لیے استعمال ہے۔

    واضح رہے کہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی اقوام متحدہ میں پاکستان کی پہلی خاتون مستقل مندوب ہیں، انہوں نے امریکہ میں پاکستان کی سفیر کی حیثیت سے 1993 سے 1996 اور 1999 سے 2002 تک خدمات انجام دی ہیں جبکہ وہ 2003 سے 2008 برطانیہ میں پاکستان کی ہائی کمشنر رہی ہیں۔