Tag: انسانی باقیات

  • ٹائٹن آبدوز کے ملبے سے انسانی باقیات ملی ہیں: امریکی کوسٹ گارڈ

    ٹائٹن آبدوز کے ملبے سے انسانی باقیات ملی ہیں: امریکی کوسٹ گارڈ

    کینیڈا: امریکی کوسٹ گارڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹائٹن آبدوز کے ملبے سے انسانی باقیات ملی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ٹائٹینک کی سیاحت کے دوران حادثے کا شکار ہونے والی بدقسمت آبدوز نما ٹائٹن کا ملبہ نکال کر کینیڈا منتقل کر دیا گیا۔

    ٹائٹن آبدوز کی باقیات کو امریکی کوسٹ گارڈ نے دریافت کیا تھا جس کے بعد اس کو باہر نکالنے کا مشن جاری تھا، رپورٹس کے مطابق آبدوز کے ملبے کو کینیڈا کے سینٹ جانز شہر کی بندرگاہ پر لایا گیا ہے، ملبے میں آبدوز کا لینڈنگ فریم اور پچھلی جانب موجود خول بھی شامل تھا۔

    امریکی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ ٹائٹن آبدوز کے ملبے سے انسانی باقیات بھی ملی ہیں، امریکی طبی ماہرین ملبے سے ملنے والی مبینہ باقیات کا باقاعدہ معائنہ کریں گے، اور ان کا تجزیہ کیا جائے گا۔

    ماہرین کے مطابق آبدوز نما ٹائٹن کو سطح سمندر سے ساڑھے 12 ہزار فٹ نیچے حادثہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں ٹائٹن میں دھماکا ہوا۔ ٹائٹن آبدوز 18 جون کو زیر آب دباؤ کے باعث دھماکے سے تباہ ہو گئی تھی، حادثے میں 2 پاکستانیوں سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

    حادثے کی وجوہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جس کے لیے آبدوز کی باقیات سے بہت مدد ملے گی۔

  • کراچی میں  دوران کھدائی ملنے والی انسانی باقیات کتنی سال پرانی ؟  پولیس کا اہم انکشاف

    کراچی میں دوران کھدائی ملنے والی انسانی باقیات کتنی سال پرانی ؟ پولیس کا اہم انکشاف

    کراچی : خالی پلاٹ میں دوران کھدائی انسانی باقیات ملنے کے معاملے پر پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر انسانی باقیات 6 سے 7سال پرانی معلوم ہوتی ہے، ممکنہ طور پر ایک بچہ اور 2بڑے افراد کی باقیات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ کے خالی پلاٹ میں دوران کھدائی انسانی باقیات ملنے کے واقعے پر پولیس حکام نے کہا ہے کہ علاقے میں فیکٹری انتظامیہ تعمیرات کیلئے کھدائی کرارہی تھی، کھدائی کےدوران انسانی باقیات ملیں جنھیں ڈی این اے کیلئے بھجوادیا گیا ہے۔

    حکام نے بتایا کہ ڈی این اے رپورٹس آنے کے بعد شناخت ممکن ہوسکے گی، بظاہر انسانی باقیات 6سے7سال پرانی معلوم ہوتی ہے، ممکنہ طور پر ایک بچہ اور 2بڑے افراد کی باقیات ہیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ،ایسا بھی ہوسکتا ہے بچہ نہ ہو بلکہ کوئی چھوٹے قد والے بڑی عمر کے آدمی کی باقیات ہو۔

    یاد رہے گذشتہ روز کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں تعمیراتی کام کے دوران زمین میں کھدائی سے انسانی ڈھانچے برآمد ہوئے تھے ، تین افراد کے ڈھانچے برآمد ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے دن کی روشنی میں ایک بار پھر مزید اطراف کی جگہوں کی کھدائی کا عمل شروع کیا جائے گا۔